بانہال // حلقہ انتخاب بانہال کے علاقہ منگت میں کانگریس کے ورکروں کی ایک میٹنگ کا انعقاد ہوا جس کی صدرات سابقہ پنچ اور کانگریس ورکر فاروق احمد شیخ نے کی۔ اس موقع مہو منگت علاقے میں اہم معاملات اور مسائل زیر غور لائے گئے ، جس میں بواہ۔ منگت رابطہ سڑک کی جلد از جلد تعمیر۔ بانہال منگت سڑک کو منگت کے پرائمری ہیلتھ سینٹر تک پہنچانے کیلئے فوری اپرول اور علاقے میں بجلی اور پینے کے پانی کی فراہمی میں ملازمین کی کوتاہی کے مسائل شامل تھے۔ اس موقعہ پر مقررین نے کانگریس پارٹی کو ہر سطح پر مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علاقہ مہو منگت نے موجود ممبر اسمبلی وقار رسول کے دور میں جو تعمیروترقی کی ہے وہ پچھلے ساٹھ سالوں میں کبھی نہیں ہوئی ہے اور زمینی رابطے سے چھ دہائییوں تک منقطع رہنے کے بعد مہو اور منگت دو سڑک رابطوں سے جوڑ ے گئے ہیں اور علاقے کی تعمیر وترقی کا یہ سلسلہ جاری ہے اور عوام کو راحت ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانہال سے منگت تک تعمیر کی گئی رابطہ سڑک کو مزید پانچ سو میٹر بڑھا کر پرائمری ہیلتھ سینٹر تک پہنچانے کیلئے علاقہ منگت کا ایک وفد نے ممبر اسمبلی وقار رسول کی قیادت میں جموں میں گورنز کے مشیر اور پی ایم جی ایس وائی کے چیف انجینئر جموں سے ملے اور انہوں نے اس اضافی حصے کی تعمیر کو مکمل کرنے کے احکامات صادر کئے۔ انہوں نے کہا کہ بعد میں پی ایم جی ایس وائی کے افسروں نے علاقے کا دورہ کرکے اس اضافی سڑک کی سروے کی اور کاغذی لوازمات تیار کی ہیں۔ انہوں نے گورنر انتظامیہ اور چیف انجینئر سے اپیل کی ہے کہ وہ پانچ سو میٹر کی اضافی سڑک کا اپرول جلد از جلد جاری کریں تاکہ کام کو جلد از جلد شروع کیا جا سکے۔