عشرت حسین بٹ
منڈی// ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی میں جمعہ کے روز ایک خوشگوار اور انسانیت نواز واقعہ پیش آیا، جب ایک حاملہ خاتون نے چلتی ہوئی 108 ایمبولینس میں ہی ایک صحت مند بچے کو جنم دیا۔ بروقت طبی امداد اور تربیت یافتہ عملے کی موجودگی کے باعث ماں اور بچے دونوں محفوظ رہے۔تعظیم اختر زوجہ محمد اخلاق، جو لورن بٹکوٹ علاقے کی رہائشی ہیں، کو اچانک دردِ زہ شروع ہوا۔ اہل خانہ نے فوری طور پر 108 ایمبولینس سروس سے رابطہ کیا، جو بی وی جی (BVG) کمپنی کے زیر انتظام جموں و کشمیر بھر میں ایمرجنسی طبی سہولیات فراہم کرتی ہے۔ اطلاع ملتے ہی ایمبولینس معہ ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن (EMT) موقع پر پہنچی اور خاتون کو سب ضلع ہسپتال منڈی منتقل کرنے کے لئے روانہ کیا گیا۔راستے میں خاتون کی تکلیف میں شدت آگئی۔ ایمبولینس میں تعینات ای ایم ٹی فرزانہ چوہدری نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طبی اقدامات کئے۔ انہوں نے بتایا کہ جب وہ مریضہ کو لے کر ہسپتال جا رہی تھیں تو اچانک دردِ زہ میں اضافہ ہوا، جس پر انہوں نے ایمبولینس کے اندر ہی محفوظ طریقے سے ڈلیوری کروائی۔ کچھ ہی دیر بعد ایک صحت مند بچے کی پیدائش ہوئی۔ڈلیوری کے بعد ماں اور نومولود کو مزید طبی نگرانی کے لئے سب ضلع ہسپتال منڈی منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے دونوں کی حالت تسلی بخش قرار دی۔اس واقعے کے بعد مقامی لوگوں نے 108 ایمبولینس سروس اور اس میں تعینات طبی عملے کی بروقت کارروائی کو سراہا۔ عوام کا کہنا تھا کہ دور دراز علاقوں میں اس طرح کی ایمرجنسی سہولیات کسی نعمت سے کم نہیں، خاص طور پر جب تربیت یافتہ عملہ بھی ساتھ موجود ہو۔قابل ذکر ہے کہ بی وی جی کمپنی کی 108 ایمبولینس سروس گزشتہ کئی برسوں سے جموں و کشمیر میں عوام کو ہنگامی طبی خدمات فراہم کر رہی ہے۔ اس واقعے نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ بروقت طبی سہولیات اور تربیت یافتہ عملہ قیمتی جانیں بچانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔