منجا کوٹ //تحصیل ہیڈ کوارٹر منجا کوٹ سے سروالہ جانے والی سڑک انتہائی خراب ہونے کی وجہ سے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے سرحدی علاقہ کیلئے 5کلو میٹر سڑک تعمیر کرنے کا عمل شروع کیا گیا تھا لیکن کئی عرصہ سے سڑک کو مکمل کرنے میں کوئی دلچسپی ظاہر ہی نہیں کی جارہی ہے جس کی وجہ سے کئی سرحدی دیہا ت کی عوام کو مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سڑک کی تعمیر کا عمل 9برس قبل شروع کیا گیا تھا لیکن محکمہ پی ڈبلیو ڈی کی نا اہلی کی وجہ سے تعمیر اتی عمل ابھی تک مکمل ہی نہیں کیا جاسکا ۔مقامی معززین نے بتایا کہ 2ماہ قبل سڑک کی تعمیر کو مکمل کرنے کیلئے ٹینڈرنگ کی گئی تھی لیکن متعلقہ ٹھیکیدار نے مشینیں لا کر کھڑی کر دی ہیں لیکن ابھی تک تعمیر اتی عمل شروع ہی نہیں کیا گیا ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ سڑک کے ذریعہ ایک وسیع سرحدی علاقہ کی عوام کو فائدہ پہنچ سکتا تھا لیکن متعلقہ محکمہ کی لاپرواہی کی وجہ سے اس جدید وقت میں بھی لوگوں کو پیدل سفرکرنا پڑرہا ہے ۔مقامی معززین نے بتایا کہ اس جدید وقت میں بھی وہ مریضوں او ر احاملہ خواتین کو ہسپتالوں میں کندھوں پر اٹھا کر پہنچاتے ہیں ۔انہوں نے ضلع انتظامیہ راجوری سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سڑک کی تعمیر کو جلدازجلد مکمل کیا جائے تاکہ ان کی دقتیں کم ہو سکیں ۔