منجا کوٹ //تحصیل ہیڈ کوارٹر منجا کوٹ سے سرالہ جارہی پانچ کلو میٹر سڑک کی خراب حالت کی وجہ سے ٹرانسپورٹروں کیساتھ ساتھ مسافروں کو بھی پریشانی کا سامناکرناپڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ سڑک کی تعمیر کا عمل 2012میں شروع کیا گیا تھالیکن زمینی کٹائی کے بعد متعلقہ محکمہ کی جانب سے اس کو مکمل کرنے میں کوئی دلچسپی ہی نہیں لی جارہی ہے جس کی وجہ سے پروجیکٹ گزشتہ 9برسوں سے التوا کا شکار ہو ا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ سڑک کو مکمل کرنے کے سلسلہ میں 5ماہ قبل ٹینڈرنگ کی گئی تھی لیکن محکمہ پی ڈبلیو ڈی کی انتہائی غیر سنجیدگی کی وجہ سے ٹھیکیدار لاپرواہی کا مظاہرہ کررہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ٹھیکیدار کی جانب سے مشینیں لا کر کھڑی کی گئی ہیں لیکن کئی ماہ سے سڑک کی مرمتی کا عمل شروع ہی نہیں کیا جارہا ہے ۔غور طلب ہے کہ اس رابطہ سڑک کی مدد سے سرحدی علاقوں کی ایک بڑی آبادی مشکل وقت میں سفر کرکے تحصیل ہیڈ کوارٹر پہنچتی ہے لیکن محکمہ تعمیرات عامہ کی لاپرواہی کی وجہ سے کچی سڑک اب کھڈوں میں تبدیل ہو چکی ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سڑک کو جلدازجلد مکمل کرنے کیلئے محکمہ و ٹھیکیدار کو متحرک کیا جائے ۔