عظمیٰ نیوز سروس
راجوری // جموں۔پونچھ قومی شاہراہ کا منجاکوٹ سے بھاٹہ دھوڑیاں تک کا حصہ انتہائی خستہ حالی کا شکار ہو چکا ہے جس کے باعث روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں مسافروں، طلبہ، مریضوں اور ٹرانسپورٹروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی عوام نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑک کی فوری مرمت اور از سر نو تعمیر کو یقینی بنایا جائے تاکہ لوگوں کو راحت مل سکے۔مقامی لوگوں کے مطابق شاہراہ کے اس حصے پر جگہ جگہ بڑے بڑے گڑھے پڑ چکے ہیں جبکہ کئی مقامات پر سڑک کی سطح مکمل طور پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی ہے۔
بارش کے دوران یہ گڑھے پانی سے بھر جاتے ہیں جس کے باعث حادثات کا خطرہ مزید بڑھ جاتا ہے، جبکہ خشک موسم میں اڑنے والا گرد و غبار مسافروں اور قریبی آبادی کے لیے پریشانی کا سبب بن رہا ہے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ یہ شاہراہ جموں اور پونچھ کو جوڑنے والی ایک اہم سڑک ہے جس پر روزانہ سینکڑوں گاڑیاں چلتی ہیں، لیکن خستہ حالت کی وجہ سے سفر کا دورانیہ بڑھ گیا ہے اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔ ٹرانسپورٹرز نے بتایا کہ خراب سڑک کے باعث گاڑیوں کی مرمت پر اضافی اخراجات برداشت کرنے پڑ رہے ہیں۔مقامی ڈرائیوروں اور مسافروں نے شکایت کی کہ کئی مرتبہ متعلقہ محکمہ کو سڑک کی حالت سے آگاہ کیا گیا، مگر اب تک مستقل بنیادوں پر کوئی مؤثر اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ صرف عارضی مرمت سے مسئلہ حل نہیں ہوگا بلکہ پوری سڑک کی معیاری تعمیر ضروری ہے۔عوام نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر بروقت مرمت نہ کی گئی تو آنے والے برسات کے موسم میں صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے اور حادثات میں اضافہ ہونے کا اندیشہ ہے۔ مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ، محکمہ نیشنل ہائی وے اور حکومت سے اپیل کی کہ وہ اس اہم شاہراہ کی حالت بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کریں۔