محتشم احتشام
پونچھ//نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور کھیلوں کے فروغ کے لیے ایک اہم اور قابلِ ستائش اقدام کے تحت رکن اسمبلی پونچھ حویلی اعجاز احمد جان نے تحصیل منڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سینکڑوں نوجوانوں، بالخصوص مختلف کھیلوں سے وابستہ کھلاڑیوں میں اپنے ذاتی فنڈ سے اسپورٹس کٹس تقسیم کیں۔اس موقع پر نوجوانوں اور مقامی عوام کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے علاقے میں کھیلوں کے فروغ کی جانب ایک تاریخی قدم قرار دیا۔ اسپورٹس کٹس کی تقسیم کے دوران اعجاز احمد جان نے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیل نہ صرف جسمانی صحت کے لیے ضروری ہیں بلکہ نوجوان نسل کو منفی رجحانات اور سماجی برائیوں سے دور رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے نوجوانوں کو کھیل، تعلیم اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ایم ایل اے نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی نوجوانوں کی فلاح و بہبود، کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پونچھ کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے حامل ہیں اور مناسب سہولیات اور سرپرستی فراہم کر کے انہیں ریاستی اور قومی سطح پر نمایاں مقام دلایا جا سکتا ہے۔مقامی کھیل تنظیموں، سماجی کارکنوں اور نوجوانوں نے اعجاز احمد جان کے اس اقدام کو دور اندیشی پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نوجوانوں میں کھیلوں کے تئیں نیا جوش و جذبہ پیدا ہوگا۔ مقررین نے امید ظاہر کی کہ عوامی نمائندے اور سماجی ادارے بھی اسی طرز پر نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں مثبت سمت فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں گے۔علاقے کے عوام کا کہنا ہے کہ اسپورٹس کٹس کی فراہمی نہ صرف کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کا ذریعہ بنے گی بلکہ تحصیل منڈی میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوان نسل کی تعمیری رہنمائی میں بھی سنگِ میل ثابت ہوگی۔