عظمیٰ نیوز سروس
ممبئی// ممبئی میٹروپولیٹن ریجن (ایم ایم آر)کے رہائشیوں کو مہنگائی کی وجہ سے ایک اور بڑا دھچکا لگا ہے۔ مہانگر گیس لمیٹڈ (ایم جی ایل)نے ہفتہ کو کمپریسڈ نیچرل گیس (سی این جی)کی قیمت میں 2 روپے فی کلو گرام کا اضافہ کیا۔ اس اضافے کے ساتھ، ممبئی اور آس پاس کے علاقوں میں سی این جی کی خوردہ قیمت اب بڑھ کر 86 روپے فی کلوگرام ہو گئی ہے۔ایم جی ایل نے گھروں میں استعمال ہونے والی پائپڈ کوکنگ گیس (پی این جی) کی قیمت میں بھی 50 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا ہے۔ یہ عام عوام کے لیے دوہرا دھچکا ہے، کیونکہ مئی کے مہینے میں یہ دوسرا بڑا اضافہ ہے۔
اس سے قبل 14 مئی کو سی این جی کی قیمتوں میں 2 روپے کا اضافہ کیا گیا تھا۔ممبئی میں ایم جی ایل نے سی این جی کی قیمت میں 2 روپے اور پی این جی میں 50 پیسے کا اضافہ کیا۔ عالمی بحران کے درمیان بڑھتی ہوئی قیمتوں سے نقل و حمل اور باورچی خانے کے بجٹ پر دبا پڑے گا۔بین الاقوامی توانائی کی منڈیوں میں مسلسل اتار چڑھا اور مغربی ایشیا میں بڑھتے ہوئے فوجی تنازعے نے سپلائی چین کو متاثر کر دیا ہے۔ نتیجتا تیل کمپنیاں مہنگی درآمدی گیس کا سہارا لینے پر مجبور ہیں۔ اس کا براہ راست اثر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں پر پڑ رہا ہے۔ فی الحال، ممبئی میں پٹرول کی قیمت 111.21 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 97.83 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔ صورتحال پر قابو پانے کے لیے مرکزی حکومت نے سرکاری تیل کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایل پی جی کا کم از کم 30 دن تک بفر اسٹاک رکھیں تاکہ ملک میں کھانا پکانے والی گیس کی قلت کو روکا جا سکے۔پٹرولیم اور قدرتی گیس کی وزارت کے مطابق، سرکاری تیل کی کمپنیاں ہندوستانی صارفین کو عالمی بحران سے بچانے کے لیے نقصان اٹھا رہی ہیں۔ پبلک سیکٹر کی یہ کمپنیاں روزانہ تقریبا 550 کروڑ کا بھاری نقصان اٹھا رہی ہیں۔ حکومت نے اس سے قبل 27 مارچ 2026 کو پٹرول اور ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی میں 10 روپے فی لیٹر کی کمی کی تھی۔ اس کے نتیجے میں جب کہ پڑوسی ممالک میں ایندھن کی قیمتوں میں 20 سے 67 فیصد اضافہ ہوا ہے، وہیں بھارت میں یہ اضافہ صرف 8 سے 9 فیصد تک محدود رہا۔ وزارت نے واضح کیا ہے کہ ملک میں ایندھن کی کوئی قلت نہیں ہے۔ممبئی میں 1.2ملین سے زیادہ گاڑیاں سی این جی پر چلتی ہیں۔ اس نئے اضافے سے آپریٹنگ آٹوز، ٹیکسیوں اور بسوں کی لاگت بڑھ جائے گی۔ ممبئی میں آٹو رکشہ اور ٹیکسی یونینس نے پہلے ہی ریاستی حکومت سے کم از کم کرایہ میں 2 سے 3 روپے کے اضافے کا مطالبہ تیز کر دیا ہے۔ مزید برآں، پائپ گیس کی قیمت نے 3.1ملین سے زائد خاندانوں کے باورچی خانے کے اخراجات کو بڑھا دیا ہے۔