پولیس کی آپریشنل حکمت عملی تبدیل:ڈی جی پی
سرینگر// یہ انکشاف کرتے ہوئے کہ جموں و کشمیر پولیس نے ملی ٹینسی کا مقابلہ کرنے کے لیے حکمت عملی تبدیل کی ہے، پولیس کے ڈائریکٹر جنرل نلین پربھات نے منگل کو کہا کہ فورس اب علاقے میں سرگرم ملی ٹینٹوں کو بے اثر کرنے کے لیے گھنے جنگلات اور پہاڑی علاقوں میں آپریشن کر رہی ہے۔ایس ٹی سی تلوارہ میں کانسٹیبلوں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے، ڈی جی پی نے کہا، “گزشتہ دو سالوں میں جموں و کشمیر پولیس نے اپنی آپریشنل حکمت عملی کو تبدیل کیا اور دور دراز کے جنگلوں اور پہاڑوں میں کارروائی کو تیز کیا جہاں ملی ٹینٹوں نے دوبارہ منظم ہونے کی کوشش کی ہے۔”انہوں نے کہا، “جنگ جنگلوں اور بالائی علاقوں میں منتقل ہو گئی ہے۔ ہم ان (ملی ٹینٹوں) کو پکڑنے اور ان کے ٹھکانوں کو تباہ کرنے کے لیے ان علاقوں کی طرف بڑھ رہے ہیں۔”ڈی جی پی پربھات نے کہا کہ پولیس اب ادھم پور اور کٹھوعہ اضلاع کے جنگلات میںملی ٹینٹوں کو سرگرمی سے تلاش کر رہی ہے۔
ڈی جی پی نے کہا، “ہماری کارروائیوں کا مقصدان کا مقابلہ کرنا ہے جنہیں ہمارے پڑوسی نے بھیجا ہے۔ ہم انہیں ان کے مذموم منصوبوں میں کامیاب نہیں ہونے دے رہے ہیں۔گزشتہ سال کے “آپریشن مہادیو” کو یاد کرتے ہوئے ڈی جی پی نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران تین پاکستانی ملی ٹینٹوں کو ہلاک کیااور جو بیسران (پہلگام) کے علاقے میں 26 شہریوں کے قتل کے ذمہ دار تھے۔ پولیس نے انہیں بے اثر کرنے سے پہلے جنگل کے اندر تک ان کا تعاقب کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے معاشرے کے ساتھ قریبی روابط برقرار رکھے ہیں اور عوام کے ساتھ بات چیت کو مضبوط بنانے اور مقامی خدشات کو دور کرنے کے لیے گزشتہ ایک سال میں تقریباً 5300 “تھانہ دیوس” پروگرام منعقد کیے ہیں۔ڈی جی پی نے منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف پولیس مہم کا ذکر کرتے ہوئے کہا، “گزشتہ سال تقریباً 2,276 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکو ٹراپک سبسٹنس (این ڈی پی ایس) ایکٹ کے تحت 226 مقدمات درج کیے گئے۔ پولیس نے غیر قانونی سرگرمیوں سے منسلک 54 جائیدادوں کو بھی ضبط کیا۔”ڈی جی پی نے کہا کہ جموں و کشمیر این ڈی پی ایس قوانین کے تحت کارروائی میں ملک کی سرفہرست ریاستوں میں شامل ہے۔پربھات نے کہا کہ پولس مرکز کے زیر انتظام علاقے میں نوجوانوں کی توانائیوں کو استعمال کرنے کے لیے کھیلوں اور نوجوانوں کی مشغولیت کے پروگرام منعقد کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی شرکت کی حوصلہ افزائی اور پولیس کے ساتھ ان کا تعلق مضبوط کرنے کے لیے اضلاع میں نو بڑے ایونٹس اور 228 کھیلوں کی سرگرمیاں منعقد کی گئیں۔