نیپیڈا/میانمار کی فوج نے کہا ہے کہ وہ ایمرجنسی کے دوران خارجہ پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کرے گی اور تمام ممالک سے دوستانہ تعلقات برقرار رکھے گی۔دفاعی خدمات کے کمانڈر ان چیف جنرل من آنگ ہلینگ نے ایک ٹیلیویژن خطاب میں کہا کہ ایک سال کی مدت کے لئے نافذ ایمرجنسی میں خارجہ، ایگزیکٹو اور معاشی پالیسیوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی اور میانماراپنی موجودہ سیاسی راہ پر چلتا رہے گا۔انہوں نے غیرملکی سرمایہ کاری کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کرورنا سے اقتصادی شعبے پر جو اثرپڑا ہے اسے دور کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جارہے ہیں۔ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب سویلین حکومت کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے لوگ سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں۔