سرینگر//سرینگرکے مضافات ملورہ میںسوموار کو جنگجووں اور فورسز کے مابین جھڑپ میں ایک افسر سمیت3اہلکار زخمی ہوئے جبکہ تصادم آرائی جاری تھی۔ پولیس ذرائع نے بتایاکہ کچھ جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق مصدقہ اطلاع ملتے ہی پولیس اورایس ائوجی اہلکاروںنے فوج وفورسزکے اشتراک سے سری نگربانڈی پورہ شاہراہ پر واقع ملورہ علاقہ کو محاصرے میں لیا۔ کشمیرپولیس زون کی جانب سے ایک ٹویٹ میں بتایاگیاکہ پولیس نے دیگر فورسزکیساتھ ملکر ملورہ علاقے کو محاصرے میں لیکر یہاں چھپے ہوئے جنگجوئوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی ۔معلوم ہوا ہے کہ تلاشی کارروائی کے دوران 3 بجکر 10منٹ کے قریب جونہی فورسز کی ایک پارٹی ایک رہائشی مکان کے نزدیک پہنچ گئے تو وہاں چھپے بیٹھے جنگجوئوں نے ان پر فائرنگ شروع کردی، جس کے بعد طرفین میں گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔ سیکورٹی ذرائع نے کہاکہ تلاشی کارروائی کے دوران محاصرے میں پھنسے جنگجوئوں نے فرارہونے کی کوشش کے تحت فورسز نے اہلکاروں پرفائرنگ شروع کردی ۔ جھڑ پ شروع ہو تے ہی فورسز کی مزید کمک کے ساتھ ساتھ درجنوں بکتر بند گاڑیاں، سائرن بجاتی ہوئی جپسیاں اور موبائیل بنکرکے علاوہ کئی بم ڈسپوزل اسکارڈ طلب کئے گئے اور پورے علاقے کے ارد گرد ریزر وائر بچھائی گئی اور تمام راستے سیل کردیئے گئے۔ابتدائی فائرئنگ میں ایک سی آر پی ایف کے ایک سب انسپکٹر شیو کمار کے بازو پر گولی پیوست ہوئی،جسے فوری طور پر مقام جھڑپ سے بادامی باغ میں بیس اسپتال پہنچایا گیا جبکہ بعد میں طرفین کے درمیان فائرنگ میں ایک اور اہلکار وسیم بھی زخمی ہوا۔ عینی شاہدین کے مطابق اگرچہ کچھ وقفے کیلئے طرفین کے درمیان فائرئنگ کا تبادلہ رک گیا تاہم جنگجوئوں نے اچانک فائرنگ کی،جس کے بعد پورا علاقہ پھر گولیوں کی آواز سے گونج اٹھا۔ جھڑپ میں بعد میں ایک اسسٹنٹ کمانڈر ستیندر کمار بھی زخمی ہوا۔ اس دوران علاقہ کے گلی کوچوںمیں سی آرپی ایف کی بھا ری تعینا ت کی گئی جبکہ جنگجو ئوں کے فرار ہو نے کی ہر ممکنہ کوشش کو نا کا م بنانے کے لئے مکان کے اردگرد اور گلی کو چوں میں جنریٹر چالو کئے گئے تاکہ جنگجوئوںکیخلاف فیصلہ کن آپریشن شرو ع کیا جاسکے۔ فورسز نے اس مکان کے ارد گرد سخت مورچہ بند ی کی جس میں مسلح جنگجو محصور تھے جبکہ علاقے کی ناکہ بندی کرکے چہارجانب سے اُسے سیل کردیا گیا تھا جس دوران طرفین میں گو لیوں کا تبادلہ جا ری رہا ۔آخری اطلاع ملنے تک رْک رْک کر گولیاں چلنے کی آوازیں سنی جارہی تھیں۔ بتایا جاتا ہے کہ جھڑ پ میں ایک جنگجو ہلاک ہو گیا تاہم اسکی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
لشکر کااعلیٰ کمانڈر ابرار ندیم ساتھی سمیت گرفتار
نیوز ڈیسک
سرینگر//لشکر طیبہ کے اعلیٰ کمانڈر ندیم ابرارجو حفاظتی فورسزپرمتعدد حملوں اور شہری ہلاکتوں میں مبینہ طور ملوث تھا،کوسوموار کو گرفتار کیاگیا۔اس بات کااظہارحکام نے کیا۔کشمیر زون کے انسپکٹر جنرل پولیس ،وجے کمار نے ایک ٹوئٹ میں کہا،’’لشکر طیبہ کااعلیٰ کمانڈر گرفتارکیاگیا۔وہ کئی ہلاکتوں میں ملوث تھا۔ہمارے لئے یہ بڑی کامیابی ہے‘‘۔آئی جی پی نے اگر چہ مزیدتفصیلات نہیں بتائی تاہم ذرائع کے مطابق اُسے اوراُس کے ساتھی کو سیکورٹی فورسز نے شہر کے مضافات پارمپورہ میں گرفتار کیا۔ حفاظتی فورسز نے دونوں کے قبضے سے ایک پستول اور ہتھ گولہ برآمد کیاہے۔پولیس کے مطابق ابرار لاوے پورہ میں تین سی آر پی ایف اہلکاروں کی ہلاکت میں ملوث تھا۔