یواین آئی
ملبورن/ٹینس کی دنیا کے سب سے بڑے معرکے ، ‘آسٹریلین اوپن’ نے اس سال نہ صرف کھیل کے معیار بلکہ دولت کی فراوانی میں بھی تاریخ رقم کر دی ہے ۔ ملبورن کے کورٹ پر اترنے والے کھلاڑیوں کے لیے اس بار خوشخبری صرف جیت کی نہیں بلکہ اس ‘خزانے ‘ کی بھی ہے جو ٹورنامنٹ انتظامیہ نے ان کے لیے کھول دیا ہے ۔رواں برس آسٹریلین اوپن میں مجموعی طور پر 11 کروڑ 15 لاکھ آسٹریلین ڈالرز (5 کروڑ 50 لاکھ پاؤنڈز) کی ریکارڈ انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔ یہ خطیر رقم گزشتہ سال کے مقابلے میں 16 فیصد زائد ہے ، جس نے ٹینس کی تاریخ کے پچھلے تمام ریکارڈز کو گرد کر دیا ہے ۔وہ خوش نصیب کھلاڑی جو مرد اور خواتین کے سنگلز مقابلوں میں ‘تاجِ فتح’ سر پر سجائیں گے ، ان کے حصے میں 41 لاکھ 50 ہزار آسٹریلین ڈالرز کی خطیر رقم آئے گی۔ فاتحین کی رقم میں پچھلے سال کے مقابلے میں 19 فیصد کا بڑا اضافہ کیا گیا ہے ۔ سنگلز اور ڈبلز کے ہر راؤنڈ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں کی جیبیں اب پہلے سے 10 فیصد زیادہ بھریں گی۔ٹینس آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو کریگ ٹائلی نے اس تاریخی اضافے کو کھلاڑیوں کے روشن مستقبل کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ اضافہ محض اعداد و شمار نہیں بلکہ کھلاڑیوں کی محنت کا اعتراف ہے ۔