جموں//ضلع انتظامیہ اورمقامی ایم ایل اے کے باربارکئے جانے والے وعدے پورے نہ ہونے کے بعد جموں کی تحصیل آرایس پورہ کے کھلیس کلیاں کے لوگوں نے اپنی مددآپ کے تحت اپنے وسائل کے بل بوتے پر ایک سڑک کی مرمت کاکام کیا۔مقامی لوگوں کاکہناہے کہ کچھ سال پہلے محکمہ پی ڈبلیوڈی (آراینڈبی ) نے سمبل۔کلیاں سڑک کی تعمیراوراس پرتارکول بچھانے کاکام ہاتھ میں لیاتھا لیکن وارڈنمبر چارکلیاں میں روڈکی میکڈیمائز کاکام کرنے کے بعد محکمہ نے گائوں سے پانچ سومیٹردوری پرکام بندکرکے بیچ راستے میں چھوڑدیااوراس پربلیک ٹاپ (تارکول ) نہیں بچھایا۔گائوں کے سابق سرپنچ بہادرسنگھ نے کہاکہ ہرسال برسات کے موسم میں کچی سڑک پرپانی جمع ہوجاتاہے جس سے سکول جانے والے بچوں اوربزرگوں کوسڑک سے گذرنے میں سخت پریشانیوں کاسامناکرناپڑتاہے۔بہادرسنگھ نے کہاکہ چارسال گذرنے اوربارباریقین دہانیوں کے باوجودانتظامیہ نے سڑک پر تارکول نہیں بچھایا،اتناہی نہیں لوگوں کی باربارگذارشات پر مقامی ایم ایل اے اورپی ڈبلیوڈی ڈیپارٹمنٹ نے آنکھیں موندی رکھیں جس کے بعدلوگوں نے خودہی سڑک کاکام ہاتھ میں لیا۔بہادرنے کہاکہ کھلیس کلیاں گائوں کے بیشترمزدوروں نے پیسے جمعہ کرکے خودتعمیراتی میٹریل خریدااور رضاکارانہ طورپر سڑک کی مرمت کاکام کیا۔انہوں نے کہاکہ ہمارے پاس محدود رقومات تھیں جس سے ہم نے کچی سڑک پر گریول کاکام کیا ۔انہوں نے کہاکہ اگر اس سڑک پرتارکول نہیں بچھایاگیاتو بارش کی وجہ سے یہ سڑک دوبارہ سے خستہ حال ہوجائے گی ۔مقامی لوگوں نے ریاستی گورنرسے پرزورمطالبہ کیاہے کہ سڑک پرتارکول بچھانے کیلئے متعلقہ محکمہ کے عہدیداران کوہدایات دی جائیں تاکہ لوگوں کی پریشانیوں کاازالہ ہوسکے۔