سمت بھارگو+حسین محتشم+عشرت بٹ
راجوری +پونچھ// بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ہونے والی تازہ برف باری کے بعد حکام نے تاریخی مغل شاہراہ کو احتیاطی طور پر گاڑیوں کی آمد و رفت کے لئے بند کر دیا ہے۔ مغل روڈ، جو راجوری اور پونچھ اضلاع کو وادی کشمیر سے جوڑتا ہے، برف جمع ہونے کے باعث اس وقت سفر کے لئے غیر محفوظ قرار دیا گیا ہے۔حکام کے مطابق بدھ اور جمعرات کی رات سے ہی مغل شاہراہ کے بالائی علاقوں، بالخصوص پیر کی گلی کے آرپار، شدید برف باری ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں سڑک پر دو فٹ سے زائد برف جمع ہو گئی۔ اس صورتحال کے پیش نظر سڑک پر گاڑیوں کا چلنا انتہائی دشوار اور خطرناک ہو گیا تھا، جس کے بعد ٹریفک حکام نے فوری طور پر شاہراہ کو بند کرنے کا فیصلہ کیا۔ٹریفک پولیس حکام نے بتایا کہ برف کی موٹی تہہ اور پھسلن کے باعث حادثات کا خدشہ بڑھ گیا تھا، اسی لئے عوام کی جان و مال کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے مغل روڈ پر ٹریفک معطل کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک برف ہٹانے کا عمل مکمل نہیں ہو جاتا اور سڑک کو مکمل طور پر محفوظ قرار نہیں دیا جاتا، اس وقت تک کسی بھی قسم کی گاڑی کو مغل شہراہ پر سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔مغل روڈ کی بندش کے باعث پیر پنجال خطے اور وادی کشمیر کے درمیان گاڑیوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی ہے، جس سے مسافروں اور تجارتی نقل و حمل کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے تاہم حکام نے واضح کیا ہے کہ موسم بہتر ہوتے ہی اور برف صاف کرنے کا کام مکمل ہونے کے بعد سڑک کو مرحلہ وار ٹریفک کے لئے بحال کیا جائے گا۔ٹریفک پولیس نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ مغل شاہراہ کی جانب سفر کرنے سے گریز کریں اور کسی بھی سفر سے قبل موسمی صورتحال اور محکمہ ٹریفک کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری پر ضرور نظر رکھیں۔ عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے حکام نے کہا کہ احتیاط اور صبر ہی اس مشکل موسم میں بہترین حفاظتی تدبیر ہے۔