مغل شاہراہ کی بحالی ،صفائی آپریشن مکمل ہونے کے قریب محکمہ میکینکل نے 42کلو میٹر علاقہ سے برف ہٹالی ،کام جاری

بختیار کاظمی
سرنکوٹ// تاریخی مغل شاہراہ کی بحالی کیلئے محکمہ میکینکل کی جانب سے آپریشن کو مسلسل جاری رکھاگیا ہے جبکہ ابھی تک 42کلو میٹر علاقہ سے بر ف ہٹا لی گئی ہے جبکہ اطلاعات کے مطابق محض کچھ کلو میٹر علاقہ سے بر ف ہٹانا باقی رہ گیا ہے ۔محکمہ میکینکل انجینئرنگ کے مطابق ان کی مشینری پوری مستعدی کیساتھ کام جاری رکھا گیا جبکہ ابھی تک 42کلو میٹر کے علاقہ سے بر ف ہٹانے کا عمل مکمل کیاجاچکا ہے جبکہ ڈیڑھ کلو میٹر علاقہ سے بر ف ہٹانے کا عمل باقی رہ گیا ہے ۔دوسری جانب خطہ میں گزشتہ دو دنوں سے میدانی علاقہ میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری کا عمل بھی جاری ہے جس سے کام میں خلل آنے کا خدشہ بھی ظاہر کیاجارہا ہے ۔اگر چہ موسم ساز گار رہتا ہے تو اپریل کے پہلے ہفتے میں شاہرا ہ پر گاڑیوں کی آمد ورفت بحا ل ہونے کی امید بھی لگائی جارہی ہے ۔دوسری جانب خطہ پیر پنچال کی عوام نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ جلدازجلد شاہراہ کی بحالی کے عمل کو مکمل کیا جائے تاکہ وادی میں جانے والوں کیلئے آسانیاں پیدا ہو سکیں ۔محکمہ میکینکل کے ایگز یکٹو انجینئر مغل روڈ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شاہراہ پر کام مسلسل جاری ہے تاہم مانسر مورڈ سے پیر گلی تک شاہراہ پر بھاری برف موجود ہے ۔انہوں نے بتایا کہ زیادہ تر برف ملحقہ علاقوں و پہاڑیوں سے گر کر شاہراہ پر آئی ہوئے ہے ۔انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ اپریل کے پہلے ہفتے تک مغل شاہراہ بحال کی جاسکتی ہے ۔