سمت بھارگو
راجوری//تاریخی مغل روڈ پر برف ہٹانے کے عمل میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں سنگل لین کی صفائی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ اب دو طرفہ ٹریفک کی بحالی کیلئے سڑک کو مزید کشادہ کرنے کا مرحلہ جاری ہے۔ حکام کے مطابق موسم سازگار رہنے کی صورت میں آئندہ چند دنوں میں سڑک کو گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے بحال کیا جا سکتا ہے۔تفصیلات کے مطابق بارڈر روڈز آرگنائزیشن کی ٹیمیں گزشتہ کئی دنوں سے دونوں اطراف سے برف ہٹانے کے وسیع آپریشن میں مصروف تھیں۔ کشمیر کی جانب سے ہیرپورہ سے پیر کی گلی تک جبکہ جموں صوبے کی طرف سے بفلیاز سے پیر کی گلی تک برف صاف کی گئی۔ پیر کے روز دونوں اطراف کی ٹیموں کے آپس میں ملنے کے بعد سنگل لین بحالی کا مرحلہ مکمل ہو گیا۔حکام نے بتایا کہ اس کامیابی کے بعد اب آپریشن کے دوسرے مرحلے کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے تحت سڑک کو دو لین ٹریفک کیلئے قابلِ استعمال بنانے پر کام جاری ہے۔
دونوں جانب سے مشینری اور عملہ مسلسل مصروف ہے تاکہ گاڑیوں کی محفوظ اور ہموار آمدورفت یقینی بنائی جا سکے۔ذرائع کے مطابق موجودہ مرحلے میں سڑک کے تنگ حصوں کو چوڑا کرنے، برف کے بڑے ذخائر ہٹانے اور خطرناک مقامات کو محفوظ بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اگر موسمی حالات سازگار رہے تو آئندہ 36 گھنٹوں کے اندر دو لین کلیئرنس مکمل ہونے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔حکام نے مزید بتایا کہ صفائی اور کشادگی کا کام مکمل ہونے کے بعد ضلعی انتظامیہ کو باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائے گا، جس کے بعد سڑک کو عوامی ٹریفک کیلئے دوبارہ کھولنے کا حتمی فیصلہ لیا جائے گا۔واضح رہے کہ راجوری اور پونچھ اضلاع کو جنوبی کشمیر سے جوڑنے والی یہ اہم شاہراہ 20 جنوری کو بالائی علاقوں میں شدید برفباری کے باعث بند کر دی گئی تھی، جس کی بحالی کا عوام کو بے صبری سے انتظار ہے۔