چندی مڑھ اور ہیرپورہ سے ٹریفک محدود، عوام کو دن کے وقت سفر کی ہدایت
سمت بھارگو
راجوری//مغل روڈ پر منگل کے روز دوسرے مسلسل دن بھی گاڑیوں کی معمول کے مطابق آمدورفت جاری رہی، اور تمام قسم کی ٹریفک کے لئے سڑک کھلی رہی تاہم، جموں و کشمیر ٹریفک پولیس کی جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق دوپہر 2:30بجے کے بعد دونوں طرف سے کٹ آف پوائنٹس سے گاڑیوں کی آمدورفت بند کر دی گئی۔سرکاری حکام کے مطابق منگل کی صبح10بجے بجے گاڑیوں کو مغل روڈ کی طرف روانہ ہونے کی اجازت دی گئی تھی۔ یہ کٹ آف پوائنٹس چندی مڑھ، پونچھ اور ہیرپورہ، شوپیاں شامل ہیں۔ سینکڑوںگاڑیاں سڑک پر بلا رکاوٹ روانہ ہوئیں اور سفر کو معمول کے مطابق جاری رہا۔عہدیداروں نے بتایا کہ دوپہر 2:30بجے کے بعد کٹ آف پوائنٹس سے سڑک کی طرف آنے والی ٹریفک روک دی گئی اور سڑک پر بیریئر لگا دئیے گئے تاکہ حفاظتی انتظامات یقینی بنائے جا سکیں۔ٹریفک پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مغل روڈ پر صرف دن کے وقت سفر کریں کیونکہ رات کے اوقات میں برف اور فراسٹ کی وجہ سے سڑک پر پھسلن کے خطرات زیادہ ہوتے ہیں۔ عوام سے گزارش ہے کہ وہ اپنی منصوبہ بندی اسی کے مطابق کریں اور محفوظ سفر کو یقینی بنائیں۔