عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)نے مغربی بنگال میں نئی بی جے پی حکومت کے حلف برداری کی تقریب کے موقع پر جواہر نگر سرینگر میں جشن منایا۔ تقریب کی قیادت پارٹی کے جنرل سیکریٹری (آرگنائزیشن)اشوک کول نے کی۔اس موقع پر پارٹی کارکنوں اور رہنمائوں نے مٹھائیاں تقسیم کیں اور بی جے پی قیادت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئی حکومت مغربی بنگال میں ترقی، امن، استحکام اور خوشحالی کا نیا دور شروع کرے گی۔تقریب میں جے کے بی جے پی کے سیکریٹری عارف راجہ، پارٹی ترجمانالطاف ٹھاکر، ساحل بشیراور دانش بشیرسمیت کئی سینئر رہنما موجود تھے۔اشوک کول نے اپنے خطاب میں کہا کہ مغربی بنگال میں بی جے پی حکومت کا قیام جمہوریت، قوم پرستی اور عوامی امنگوں کی فتح ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے کرپشن، سیاسی تشدد، خوشامدی سیاست اور بدانتظامی کو مسترد کرتے ہوئے ترقی اور بہتر حکمرانی کے حق میں فیصلہ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت بلا تفریق تمام طبقات کی خدمت کرے گی اور ریاست میں امن، شفافیت، روزگار، خواتین کو بااختیار بنانے اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو یقینی بنایا جائے گا۔اشوک کول نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں بی جے پی کی پالیسی عوامی فلاح، غریبوں، نوجوانوں، کسانوں، خواتین اور پسماندہ طبقات کی ترقی پر مرکوز ہے۔ انہوں نے مغربی بنگال کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ مینڈیٹ بی جے پی کی قیادت اور پالیسیوں پر عوام کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا مظہر ہے۔