اشرف چراغ
کپوارہ// کپوارہ کے کرالہ پورہ ،دردسن، گزریال، وارسن، ریشی گنڈ علاقہ میں بجلی کی معقول سپلائی کی عدم دستیابی کے خلاف لوگو ں میں ناراضگی طول پکڑ رہی ہے۔اتوار کوروز غازی بابا ویلفیئر کمیٹی نے اپنی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران دردسن ،گزریال،ریشی گنڈ اور وارسن کشمیری ،گجراں میں بجلی سپلائی کا سخت بحران در پیش ہے جس کی وجہ سے صارفین کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اتوار کے روز ان علاقوں کے سماجی کارکنان نے رسیونگ سٹیشن کرالہ پورہ کے باہر خاموش دھرنا دیا اورمطالبہ کیا کہ انہیں معقول بجلی سپلائی فراہم کی جائے۔ان کا کہنا ہے کہ کرالہ پورہ رسیونگ سٹیشن گزشتہ ایک ماہ سے اوور لو ڈ ہو تا ہے جس کی سزا علاقہ گزریال کے متعدد دیہات کو بھگتنا پڑتی ہے۔صارفین کا کہنا ہے کہ وہ باقاعدگی سے بجلی بل ادا کرتے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی انہیں شیڈول کے مطابق بجلی فراہم نہیں کی جاتی ہے۔علاقہ کے لوگو ں نے سرکار سے مطالبہ کیا کہ یا تو علاقہ گزریا ل دردسن کو ایک الگ رسیونگ سٹیشن فراہم کرے یا رسیونگ سٹیشن کرالہ پورہ کی صلا حیت کو بڑھایا جائے تاکہ یہ بار بار اوور لو ڈ نہ ہو۔