ماسکو// امریکا کا جوہری ہتھیاروں سے متعلق معاہدہ ختم کرنے پر روس نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سخت جوابی کارروائی کی جائے گی۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق روس نے امریکا کی جانب سے ایٹمی ہتھیاروں سے متعلق معاہدے کو ختم کرنے کے اعلان کو ’نہایت خطرناک قدم‘ قرار دیتے ہوئے امریکی اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ امریکا کی معاہدے سے دستبرداری چند رعایتوں کے حصول کے لیے بلیک میلنگ کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔ اگرامریکا اسی طرح عالمی معاہدوں سے نکلتا رہا تو جوابی کارروائی کے لیے بشمول عسکری ٹیکنالوجی کے کوئی اور آپشن نہیں رہے گا۔ روس کے نائب وزیر خارجہ نے عالمی قوتوں سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں اسٹریٹیجک استحکام کے لیے اس معاہدے کا برقرار رہنا بہت ضروری تھا۔