عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//سپیکر قانون ساز کونسل اسمبلی عبدالرحیم راتھر نے علاقائی بنیادی ڈھانچے میں ایک اہم سنگ میل قائم کرتے ہوئے کل چاڈورہ کے نالہ اپزاری پر چوہدری گنڈ میں 11.70 میٹر چوڑائی کے ایک نئے تعمیر شدہ ڈبل لین 25 میٹر پل کا باضابطہ افتتاح کیا۔یہ پُل 474.65 لاکھ کی تخمینہ لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے جو مقامی رابطے کو بہتر بنانے، آمد و رفت کو آسان بنانے اور خطے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ موصوف نے اِفتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مضبوط کنکٹویٹی نیٹ ورک کا قیام دیرپا ترقی کی بنیاد ہے۔
اُنہوں نے علاقائی منظرنامے کو سٹریٹجک بنیادی ڈھانچہ منصوبوں کے ذریعے علاقائی منظر نامے کو تبدیل کرنے کے لئے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔اُنہوں نے کہا،’’ہمارے خطے کی ہمہ جہت ترقی کے لئے کنکٹویٹی اِنتہائی ضروری ہے۔ایک پُل زمین کے دو ٹکڑوں کو جوڑنے سے زیادہ کام کرتا ہے اوریہ لوگوں کومنڈیوں، صحت سہولیات، تعلیم اور بہتر مواقع سے جوڑتاہے۔ ہماری حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لئے پُرعزم ہے کہ ہر علاقے اور ہر طبقے کی مساوی ترقی ہو اور کوئی بھی خطہ یا کمیونٹی پیچھے نہ رہے۔‘‘اِفتتاحی تقریب میں ایس ای آر اینڈ بی ایریم لون، آر اینڈ بی اور پی ایم جی ایس وائی کے سینئر افسران، مقامی معززین اور عوامی نمائندوں نے شرکت کی جنہوں نے اس ترقیاتی اَقدام کو علاقے کے لئے ایک بڑا قدم قرار دیا۔