عظمیٰ نیوز سروس
لندن//آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشیز سیریز کا دوسرا میچ، یعنی ’پنک بال ٹیسٹ‘ جمعرات (4 دسمبر) سے گابا میں شروع ہو گیا۔ اس مقابلہ میں آسٹریلیا کے مایہ ناز تیز گیند باز مشیل اسٹارک نے تاریخ رقم کر دی ہے۔ پہلی اننگ میں اسٹارک نے 6 وکٹ حاصل کیے ہیں، پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک انگلینڈ نے 9 وکٹ کے نقصان پر 352 رن بنا لیے تھے۔ برسبین ٹیسٹ میں انگلینڈ کا ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ شروع میں مشیل اسٹارک نے غلط ثابت کر دیا، کیونکہ پنک بال سے کھیلے جا رہے ڈے-نائٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے ہی اوور میں اسٹارک نے انگلینڈ کے سلامی بلے باز بین ڈکیٹ اور اپنے دوسرے اوور میں نائب کپتان اولی پوپ کو بھی صفر کے اسکور پر کلین بولڈ کر پویلین بھیج دیا تھا۔ میچ کے پہلے 3 اوور میں انگلینڈ کا اسکور 5/2 رہا، اس کے بعد جو روٹ کی شاندار ناٹ آؤٹ سنچری (135 رن) اور سلامی بلے باز جیک کراؤلی کی نصف سنچری (76 رن) کی بدولت ٹیم بحران سے نکلنے میں کامیاب رہی۔ مشیل اسٹارک نے پنک بال ٹیسٹ میں سب سے زیادہ 83 وکٹ حاصل کر لیے ہیں۔ انگلینڈ کے شروعاتی 2 وکٹ حاصل کرنے کے ساتھ ہی اسٹارک نے ایک بڑا کارنامہ کر دیا اور پنک بال سے کسی ٹیم کے خلاف 20 وکٹ لینے والے دنیا کے پہلے گیند باز بن گئے۔ پنک بال سے کسی ٹیم کے خلاف سب سے زیادہ وکٹ لینے والے سر فہرست گیند باز مندرجہ ذیل ہیں: مشیل اسٹارک بمقابلہ انگلینڈ (6 اننگ 20 وکٹ) مشیل اسٹارک بمقابلہ ویسٹ انڈیز (6 اننگ 17 وکٹ) شمار جوسیف بمقابلہ آسٹریلیا (4 اننگ 16 وکٹ) الزاری جوسیف بمقابلہ آسٹریلیا (6 اننگ 16 وکٹ)۔