سرینگر// لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے سری نگر میں گرڈ سٹیشن سولنہ ، پاور گرڈ بمنہ اور گرڈ سب سٹیشن راولپورہ سمیت مختلف پاور گرڈ سٹیشنوں کا اچانک دورہ کیا۔اِن گرڈ سٹیشنوں کے کام کا معائینہ کرتے ہوئے مشیر موصوف نے بجلی کی فراہمی کے مؤثر باضابطہ اور نظام کو مزید بہتربنانے کے لئے محکمہ پاور ڈیولپمنٹ کے اَفسران کو ہدایات جاری کیں۔دورے کے دوران اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ پہلے سے اعلان شدہ شیڈول کی سختی سے پابندی کریں اور بجلی کی غیر متوقع کٹوتی نہ ہو۔مشیرموصوف نے صارفین شکایتی ازالہ سیل کو مزید مؤثر اورتیزتر بنانے پر زور دیا۔ اُنہوں نے اُنہیں ہدایت دی کہ کسٹمر کیئر سروسز سے متعلق موزوں اور آسان تفصیلات کو دستیاب رکھیں جن میں موصولہ شکایات کی تعداد ، شکایت کی نوعیت اور ان کے تدارک کے ساتھ وقت کی مدت بھی شامل ہے۔اُنہوں نے سٹیشن کے ذریعہ تیار کردہ صارفین ، گھرانوں اور علاقوں کی تعداد کے بارے میں مناسب ریکارڈ ، یومیہ بنیاد پر صارفین کی شکایات کی ڈائری ، وسائل کی انوینٹری کا تفصیلی چارٹ اور مختلف افسران کے تحت معائینہ کرنے کی تفصیلات کے بارے میں بھی ہدایت دی۔ اُنہوں نے متعلقہ ایگزیکٹیو انجینئروںکوہدایت دی کہ متعلقہ گرڈ سٹیشن کا وقت پر معائینہ کریں تاکہ عملے کی موجودگی اور سٹیشن کی نگرانی کو برقرار رکھا جاسکے۔محکمہ کے کام کاج میں نظم و ضبط کو برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے مشیر موصوف نے حکام کو ڈیوٹی روسٹروں پر سختی سے عمل پیرا رہنے کی ہدایت دی۔ اُنہوں نے کہا کہ عوام کو بجلی کی باضابطہ فراہمی کے حوالے سے کسی بھی ملازم کی طرف سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔مشیر موصوف نے اَفسران کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ خراب ٹرانسفارمروں کی مرمت کو مقررہ مدت کے اندریقینی بنائیں۔اُنہوں نے انہیں ہدایت دی کہ وہ خود سے متعلق ڈیٹا شیٹ برقرار رکھیں جس پر ہر تفصیل موجود ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ٹرانسفارمروں کا بفر سٹاک ذخیرہ رکھنا چاہئے تاکہ خراب شدہ ٹرانسفارمروں کو فوری طور پر تبدیل کیا جاسکے۔بصیر خان نے کہا کہ پی ڈی ڈی حکومت کا ترجیحی شعبہ ہے اور اس نے جموں و کشمیر میں بجلی شعبے کو بہتر بنانے کے لئے متعدد فعال اِقدامات اُٹھائے ہیں۔ اُنہوں نے تمام اَفسران کو لوگوں کو بجلی سے متعلق شکایات کے ازالہ کے لئے مربوط انداز میں مزید جوش اور لگن کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی۔مشیر موصوف کے ہمراہ منیجنگ ڈائریکٹرکشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمٹیڈ ( کے پی ڈی سی ایل ) ڈاکٹر بشارت قیوم ، چیف انجینئر جے کے پی ٹی سی ایل قاضی حشمت اور پی ڈی ڈی کیے دیگر اَفسران بھی تھے۔