راجوری //راجوری میں پولیس نے مشکوک نقل و حرکت پاتے ہوئے متعدد گائوں میں تلاشی کارروائی شروع کی ہے ۔ ذرائع کاکہناہے کہ پچھلے کچھ دنوںسے مشکوک نقل و حرکت پائی جارہی ہے جس پر پولیس نے تلاشی شروع کی ہے ۔ ذرائع نے کشمیرعظمیٰ کو بتایاکہ پولیس اور دیگر ایجنسیوں کو اس بات کی اطلاعات ملی تھیں کہ کچھ علاقوں میں مشکوک نقل و حرکت ہورہی ہے جس پر تلاشی کارروائی شروع کردی گئی ۔ ذرائع نے بتایاکہ راجوری قصبہ سے کچھ کلو میٹر دوری پر واقع متعدد گائوں چھاوا، موچی محلہ ، کرشر موڑ ، ٹنڈوال ، ٹھنڈی کسی ، ایرن کھنیتر ، گھمبیر اور ککورہ میں پولیس کی ٹیموں نے پانچ گھنٹوںسے بھی زائد عرصہ تک تلاشی کارروائی کی گئی ۔ان ٹیموں کی سربراہی ایڈیشنل ایس پی راجوری محمد یوسف اور ڈی وائی ایس پی آپریشن راجوری سکھدیو سنگھ کررہے تھے ۔ذرائع نے بتایاکہ ٹھنڈی کسی سے لیکر ککورہ تک کا جموں پونچھ شاہراہ کا حصہ کڑی نگرانی میں رکھاگیا ۔ذرائع کاکہناہے کہ یہ تلاشی کارروائیاں ان اطلاعات کے بعد شروع کی گئی ہیں جن میں یہ بتایاگیاتھاکہ کچھ دنوںسے مشکوک نقل و حرکت دیکھی جارہی ہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ چونکہ یہ علاقے حد متارکہ کے قریب ہیں اور سرحدی کشیدگی بھی جاری ہے جس وجہ سے یہاں جنگجوئوں کی نقل وحرکت کے امکانات کو بھی رد نہیں کیاجاسکتا۔ذرائع کاکہناہے کہ جن علاقوں میں تلاشی کی گئی وہ حد متارکہ سے آٹھ سے دس کلو میٹر دوری پر واقع ہیں ۔دریں اثناء پولیس وفوج نے مشترکہ طور پر درہال علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کیاہے جو آخری اطلاعات ملنے تک جاری تھا۔ذرائع کاکہناہے کہ یہ تلاشی کارروائی کھوڑی والی میں شرو ع کی گئی ہے اور کچھ علاقے کو محاصرے میں بھی لیاگیاہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ اس علاقے سے یہ اطلاعات ملی تھیں کہ بالائی علاقے میں مشکوک نقل و حرکت دیکھی گئی ۔ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس نے کشمیرعظمیٰ کو بتایاکہ راجوری قصبہ کے قریب گائوں میں مشکوک نقل و حرکت کے بعد تلاشی کارروائی شروع کی گئی ہے اور علاقے پر کڑی نگاہ رکھی جارہی ہے ۔انہوںنے بتایاکہ اسی طرح کی اطلاعات درہال کے بالائی علاقوں سے بھی ملی تھیں جہاں بھی تلاشی شروع کی گئی ہے ۔