جموں//مسلم فیڈریشن جموں کاایک تعزیتی اجلاس عبدالمجیدکی صدارت میں منعقدہواجس میں جموں کے نامورمسلم لیڈرچوہدری اخترحسین کھٹانہ کے اچانک انتقال پر گہرے رنج ودُکھ کااظہارکیااورلواحقین کے ساتھ گہری ہمدردی ظاہرکی۔اس موقعہ پر عبدالمجیدنے چوہدری اخترحسین کھٹانہ کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مرحوم کی حیات اورخدمات پرروشنی ڈالی۔انہوں نے کہاکہ مرحوم اخترحسین نے اپنی زندگی جموں کے مسلمانوں کیلئے وقف کررکھی تھی اورنہ صرف وقتاً فوقتاً ریاستی حکومتوں سے بلککہ اپنی بے باک تحریروں سے بھی جموں کے مسلمانوں کی حالت زار،ناانصافی اورحکومتوں کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے مسلم طبقہ کے تئیں بے توجہی کیلئے ہمیشہ آوازبلندکرتے رہتے تھے۔ مقررین نے کہاکہ پچھلے چارسال سے ملک اورریاست میں بی جے پی کے اقتدارمیں آنے کے بعدجس طرح سے خوف ودہشت کاماحول پیداہوااورمسلمانوں کوجس طرح سے زدوکوب کیاجارہاہے اس پرچوہدری اخترحسین بے انتہافکرمندرہتے اورزوردیتے رہے کہ مسلمان یکجہتی کامظاہرہ کریں۔ آپسی اختلاف بھلاکرمسلمان متحدہوجائیں تاکہ فرقہ پرستوں کے منصوبوں کاقلع قمع کیاجائے۔انہوں نے بتایاکہ چوہدری اخترحسین مسلم فیڈریشن کے ساتھ دلی طورپروابستہ رہے اورمسلم فیڈریشن کے طرزعمل سے کافی حدتک متاثررہتے اورگاہے بگاہے نامساعدحالات میں بھی مسلم فیڈریشن سے مشورہ حاصل کرتے ۔فیڈریشن کے صدرعبدالمجیدنے کہاکہ ہم اس ناقابل تلافی نقصان پرکافی رنجیدہ ہیں اوراپنے ایک دیرینہ ساتھی کے بچھڑجانے پرفیڈریشن رنج وغم کااظہارکرتی ہے۔اجلاس کے اختتام پرچوہدری اخترحسین کے حق میں دعائے مغفرت کی گئی اوران کے اہل خانہ اورلواحقین سے یکجہتی اور اظہارہمدردی کی گئی۔اجلاس میں عبدالمجید، ماسٹراکرام ،چوہدری جماعت علی،پرویزملک،مولاناعبدالحق ،محمداشرف، چوہدری محمدمعین ،شیخ مسعوداحمد،شیخ تنویراحمد،نذیراحمد، شوکت منہاس،رفیق احمدخان،رفیق احمدچوہدری اورمحمداسلم خان شامل تھے۔