مسلسل ترقی نے عوام کونیااعتماد دیا:لیفٹیننٹ گورنر

لکھنو//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہاہے کہ اگست2019سے مسلسل ترقی کے سفر نے جموں کشمیر کے عوام کو ایک نیااعتماد دیاہے اورلوگ اپنے بہترمستقبل کے عمومی نظریے کوپانے کیلئے برسرجہد ہیں۔لکھنو میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منوج سنہا نے کہا کہ ہماری توجہ ڈھانچے کی ترقی،دیہی منظر نامے کی تبدیلی،بہترین صحت سہولیات ، انتظامیہ کو ،شفاف اور سہل رساں اور جوابدہ بنانااورزراعت ،صنعت اور خدمات کے شعبے کی پائیدار ترقی کیلئے بحالی پرمرکوزہے۔ جموں کشمیرحکومت کی مختلف شعبوں میں کارکردگی اور حصولیابیوں کو اُجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا انتظامیہ نے سماجی برابری کویقینی بنانے کیلئے کئی اقدام کئے ہیں تاکہ ہرشہری کو برابراقتصادی مواقع میسرہوں اورانہیں قوم کی تعمیر میں بااختیاربنایا جائے۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزیدکہا کہ آج جموں کشمیر کاہرشہری مرکزی زیرانتظام علاقہ کی ترقی کے سفر میں اپنا کرداراداکررہاہے ۔سات دہائیوں میں پہلی بارسماج کے تمام طبقے ،کسان،نوجوان،خواتین،قبائلی بااختیارمحسوس کررہے ہیں۔گزشتہ تین برسوں کی جموں کشمیرکے تاریخی سفر کاذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی نگرانی میں جموں شہر تعلیمی اداروں کا مرکزبناہے۔سیاحتی شعبہ نئی بلندیوں کوچھورہاہے ۔جموں کشمیرمیں فلموں کی عکس بندی کاسنہرازمانہ واپس آیاہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ مدن موہن مالویہ کے نظریہ پرچلتے ہوئے ہماری کوشش ہے کہ اقتصادی ترقی کودیہی علاقوں میں بڑھایاجائے اورخودانحصار بھارت کے عزم کو پایاجائے۔