عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کشمیر بیکرز وکنفیکشنرز ایسوسی ایشن کی جانب سے ضرورت مند خاندانوں میں عید بیکری کٹ تقسیم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں ایسوسی ایشن نے تین مرحلوں میں سینکڑوں خاندانوں تک امداد پہنچا کر ایک سماجی خدمت انجام دی ہے۔ایسوسی ایشن کے صدر شاہد حسین میر نے دیگر عہدیداران کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر بیکرز ایسوسی ایشن ہمیشہ سے سماجی خدمات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنظیم کے آئین میں بھی اس بات کی اجازت اور حوصلہ افزائی موجود ہے کہ مشکل حالات، قدرتی آفات یا کسی بھی بڑے موقع پر ضرورت مند افراد کی مدد کی جائے۔انہوں نے بتایا کہ اس سال رمضان المبارک کے دوران ایسوسی ایشن نے عید بیکری کٹس تقسیم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہے اور گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال تقریبا 15 فیصد اضافہ بھی کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق اب تک تین مرحلوں میں بیکری کٹس تقسیم کی گئی ہیں، جن میں پہلے مرحلے میں 255 کٹ، دوسرے مرحلے میں 155 کٹ اور تیسرے مرحلے میں 150کٹ شامل ہیں۔