پونچھ//ممبر اسمبلی لنگیٹ اور عوام اتحاد پارٹی کے سربراہ انجینئر رشید نے سنیچر کو پونچھ کا دورہ کیا جس دوران انہوں نے وکلاء،تاجروں، طلبہ اور دیگر لوگوں کے ساتھ ملاقات کی اور ایک تقریب خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہند وپاک کو آئے روز ہونے والی اموات سے سبق سیکھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ موت چاہے اس طرف ہو یا سرحد کے اس پار ہو، نقصان انسانیت کا ہی ہورہا ہے ۔انہوںنے کہا کہ جموں و کشمیر کے تنازعہ کا مستقل حل ہی اس خونریزی کو ختم کر سکتا ہے اور اسی حل سے دونوں طرف کی عوام کو راحت نصیب ہو سکتی ہے۔اس موقعہ پر لوگوں کی طرف سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے انجینئر رشید نے کہا کہ دونوں ممالک کو چاہئے کہ عوام کے جزبات کی قدر کریں ۔ انہوں نے سوپور میں ہوئے سرنگ دھماکے کی بھی مذمت کی اورمارے گئے اہلکاروں کے خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔