پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میںمسلسل اضافہ | جموںمیں کانگریس کے کارکنوں اور لیڈران کا احتجاجی مارچ
جموں//جموں میں کانگریس کارکنوںنے مودی سرکار کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف سخت احتجاجی مظاہرے کئے ۔جموں میں کانگریس کارکنوں نے مودی سرکار کے خلاف سخت احتجاجی مظاہرے کئے ۔ کانگریس پارٹی کے لیڈروں نے بدھ کے روز یہاں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ہو رہے اضافے کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا۔احتجاجی مظاہرین ہوش میں آئو ، ہوش میں آئو مودی سرکار ہوش میں آئو کے نعرے لگارہے تھے ۔ احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ مودی سرکار اپنی ناکامیوں کو چھپانے اور اقتصادی حالت میں سدھار کیلئے غریب عوام کا خون چوس رہی ہے ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات میں اگر اضافہ کرنے سے اشیاء ضروریہ کی تمام چیزوں میں اب اضافہ ہوگا کیوں کہ ٹرانسپورٹیج کا چارج سبھی چیزوں پر عائد ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ اسے غریب اور زیادہ غریب اور امیر اور زیادہ امیر ہوتے جارہے ہیں۔ اس موقع پر پارٹی کے سینئر لیڈر رمن بھلہ نے میڈیا کو بتایا کہ پٹرول، ڈیزل اور گیس کی قیمتوں میں کافی اضافہ ہورہا ہے۔انہوںنے کہا کہ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کرنے سے اس کا اثر سیدھے غریب عوام پر پڑرہا ہے ۔
بدھل میں سوشل ویلفیئر آگاہی کیمپ کا انعقاد
محمد بشارت
راجوری//بدھ کے روز راجوری کے بدھل علاقہ میں میں معاشرتی طور غریب اور پسماندہ طبقات کے لئے حکومت کی معاشرتی بہبود کی سکیموں کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے اور سرکاری خدمات پیش کرنے کے مقصد سے ایک سماجی بہبود آگاہی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ بدھل اور اس سے ملحقہ دیہات کے مقامی لوگ بڑی تعداد میں باہر آئے اور غریبوں کے لئے سرکاری اسکیموں سے فائدہ اٹھایا۔ معاشرے کے کمزور طبقوں کے تحفظ کے لئے سرکاری اسکیموں کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے ساتھ ، اس کیمپ نے کامیابی کے ساتھ یہ بھی یقینی بنایا کہ بیوہ خواتین ، بڑھاپے اور خاص طور پر اہل افراد کے لئے پنشن کے فوائد مقامی لوگوں کو فراہم کیے جائیں۔ مرکزی سرپرستی میں چلنے والی اسکیموں اور قومی سماجی امداد کے پروگراموں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بدھل کے عوام نے مقامی رہنما اور بی جے پی کے نمائندے منظور احمد نائک کو مبارکباد پیش کی کہ وہ لوگوں کے خدشات کو متعلقہ محکمہ کے ساتھ اٹھانے اور ان کی سماجی معاشی پریشانیوں کو دور کرنے میں مطلوبہ کوششیں کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ بی جے پی کے نوجوان رہنما منظور احمد نائک نے متعلقہ محکمہ سوشل ویلفیئر اور خاص طور پر ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر وکیل احمد بٹ ، تحصیل سوشل ویلفیئر آفیسر بودھل خوشیڈ ملک اور ان کی ٹیم کیمپ کوکامیاب بنانے میں تعاون اور وابستگی پر بھی ان کی تعریف اور اظہار تشکر کیا۔ نائک نے مقامی لوگوں کو یقین دلایا کہ آنے والے دنوں میں ایسے کئی کیمپوں کا اہتمام غریبوں اور پسماندہ افراد کو فائدہ پہنچانے کے لئے کیا جائے گا۔
جنگی بنیادوں پر عوامی مسائل حل کئے جائیں :کانگریس | جموں وکشمیر کی سیاسی اور سماجی صورتحال کا جائزہ لیا گیا
جموں//سینئر کانگریس لیڈران نے جاری ایک بیان میں یو ٹی انتظامیہ کے روئے کی وجہ سے سردی کے ان ایام میں بنیادی سہولیات کے فقدان کے پیش نظر عوام مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوںنے کہ کاہ مرکزی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے کسان سڑکوں پر ہیں اور عوام مشکلات کا سامنا کر رہی ہے ۔یہاں منعقدہ ایک اجلاس میں پارٹی لیڈران نے جموں وکشمیر کی موجودہ سیاسی اور سماجی صورتحال کا جائزہ لیا اور سینئر کانگریس لیڈران نے کہاکہ برف باری کے اس موسم میں پہاڑی علاقہ جات کی عوام اپنی مشکلات کو لیکر انتظامیہ سے گوہار لگا رہی ہے جبکہ میدانی علاقہ جات میں بھی عوامی مسائل کا یہی حال ہے اور ایل جی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ مرکز میں بھاجپا حکومت عوامی مسائل کو دوہرے روئے سے دیکھ رہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ زمینی سطح کی صورتحال پر لیفٹیننٹ گورنر کی خصوصی توجہ کی ضرورت ہے ۔کانگریس لیڈران نے اس موقع پر احتجاج کر رہے کسانوں کی حمائت کرتے ہوئے کہا کہ کسان اپنے حقوق کیلئے جد و جہد کر رہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ کسان مخالف قوانین کو واپس لیا جائے کیونکہ یہ کسانوں کے خلاف ہیں ۔انہوںنے کہاکہ یو ٹی کے دور دراز علاقہ جات میں فوری طور پر پانی اور بجلی کی بحالی کی جائے ۔کانگریس لیڈران نے ڈیزل ،پٹرول اور رسوئی گیس کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہاکہ ان سے ٹیکسوں کو ہٹایا جائے ۔ اس موقع پر سابق پی سی سی صدر پیرزادہ محمد سعید نے اجلاس کی صدارت کی جبکہ سابق نائب وزیر اعلیٰ تارا چند، جی ایم سروڑی، جگل کشور شرما، ڈاکٹر منوہر لال شرما، وقار رسول وانی، اے ایس مکی، اکرم چوہدری، محمد امین بٹ، نریش کمار گپتا، سبھاش گپتا اور شام لال بھگت موجود تھے ۔
پرائمری سکول کلہ کرماڑی کی2014سے عمارت نہیں | 40سے زیادہ نونہال کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور
جاوید اقبال
مینڈھر//سب ڈویژن مینڈھر کے تعلیمی زون بالاکوٹ کی پنچائت چنڈیال سنگھیوٹ میں گورنمنٹ پرائمری سکول کلہ کرماڑی کے بچے کھلے عام تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔ تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ پرائمری سکول کہ کرماڑی زون بالاکوٹ کی پنچائت چنڈیال سنگھیوٹ کے سکول میں بچوں کی خستہ حالت ہے اور سکول بغیر عمارت کے ہے۔ اس سلسلہ میں علاقہ سے تعلق رکھنے والے محمد جبار نے بات کرتے ہوئے کہا کہ 2005میں پرائمری سکول بنا تھا جس کے بعد 2014میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کی زد میں سکول بہہ گیا جس کے بعد محکمہ تعلیم کے اعلی آفیسران نے سکول کا پتہ تک ہی نہیں کیا کہ بچے کہاں تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ چالیس سے زائد بچے کھلے عام آسمان تلے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں جنکے لئے سرکار نے دو اساتذہ بھی تعینات کئے ہوئے ہیں ۔علاقہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ اس سکول کے نزدیک بھی دوسرا کوئی سکول نہیں ہے اور دوسرے سکول میں جانے کیلئے بچوں کو تین سے چار کلومیٹر سفر طے کرنا پڑتاہے۔ انکا کہنا تھا کہ آج تک محکمہ تعلیم کے اعلی آفیسران نے سکول کو چلانے کیلئے کوئی عمارت بھی کرایے پر نہیں لی تاکہ چھوٹے چھوٹے بچے اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں کیوں کہ صاف موسم میں بچے باہر بیٹھ کر تعلیم حاصل کرتے ہیں لیکن بارشوں کے دنوں میں چھٹی ہو جاتی ہے جس سے بچوں کی پڑھائی متاثر ہورہی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ سکول کے نزدیک ایک آدمی نے ایک کمرہ سامان رکھنے کیلئے دیا ہواہے لیکن بچوں کے بیٹھنے کی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے محکمہ تعلیم کے اعلی آفیسران اور لیفٹنٹ گورنرر انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ سکول کی عمارت کو جلد از جلد بنایا جائے تاکہ بچے اپنی تعلیم حاصل کرسکیں اور بچوں کی زندگی کے ساتھ کھلواڑ نہ کیا جائے۔ اس سلسلہ میں جب ڈپٹی سی او مینڈھر سے بات ہوئی تو انکا کہنا تھا کہ میں کل ہی ہائی سکول سنگیوٹ کے ہیڈ ماسٹر کو موقعہ پر بھیج کر حالات کا جائزہ لینے کے بعد بچوں کو کو ئی مکان کرایے پر لیکر دیں گے ۔
بند سکولوں کے معاملہ پر منکوٹ تعلیمی زون کے حکام جاگ اٹھے | روزانہ پرائمری و مڈل سکولوں کامعائنہ کرکے رپورٹ بھیجنے کی ہدایت
جاوید اقبال
مینڈھر//تعلیمی زون منکوٹ میں منگلوار کے روز کئی سکول بند پانے کے بعد زیڈ ای او نکوٹ نے بدھو ار کو کئی ہائی سکولوں کے ہیڈ ماسٹر صاحبان کو حکم دیاکہ تمام نزدیکی پرائمری اور مڈل سکولوں کو ہرروز چیک کرکے رپورٹ کریں تاکہ بچوں کی پڑھائی متاثرنہ ہو۔حکام نامہ کے مطابق جو اساتذہ سکول جانے میں لاپرواہی کرتے ہیں، انکے خلاف تاکہ کاروائی عمل میں لائی جائے کیوں کہ گذشتہ 11مہینوں سے کویڈ 19کے دوران بچوں کی پڑھائی متاثر ہوئی ہے اور بچوں کے امتحانات بھی سر پر ہیں اور اساتذہ کے ساتھ ساتھ بچوں کی کلاسیں بھی چیک کی جائیں تاکہ بچے پڑھائی کے ساتھ ساتھ امتحانا ت میں حصہ لیں سکیں ۔انکا کہنا تھا کہ سختی سے تمام سکولوں کو چیک کیا جائے اور لاپرواہی برتنے والے اساتہ کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے ۔
اساتذہ کی اٹیچ منٹ منسوخ نہ ہوئی | لوگ برہم،ڈپٹی سی او نے کارروائی کا یقین دلایا
جاوید اقبال
مینڈھر//تعلیمی زون بالاکوٹ کے زیڈ ای او دفتر سے اساتذہ کی اٹیچ منٹ منسوخ کرنے میں زیڈ ای او بالاکوٹ بری طرح ناکام ثابت ہواہے۔ علاقہ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ زیڈ ای او دفتر کے اندر دواساتذہ 11سال سے کام کررہے ہیں جبکہ زیڈ ای او دفتر کے لئے جو عمارت کرایہ پر لی ہے اس میں سامان رکھا ہواہے اور دفتر ہائیر سکینڈری سکول کے اندر کھولا ہواہے۔ لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ زیڈ ای او بالاکوٹ نے ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کے اس حکمنانے کی دھجیاں اڑائی ہیں جو جولائی 2020میں ہوا تھا کہ اساتذہ کی اٹیچ منٹس منسوخ کرکے اپنے اپنے سکولوں میں اساتذہ بھیجی جائیں تاکہ بچوں کی پرھائی متاثر نہ ہو لیکن کئی ماہ گزرجانے کے بعد زیڈ ای او بالاکوٹ نے اس وقت تک نہ اپنا دفر شفٹ کیا اور نہ ہی اساتذہ کی اٹیچ منٹ منسوخ کی۔ لوگوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اگر اساتذہ کی اٹیچ منٹ منسوخ نہ کی گئی تو ہم بچوں کو سڑک پر اتار کر احتجاج کریں گے۔اس سلسلہ میں جب ڈپٹی سی او مینڈھر سے بات ہوئی تو انکا کہنا تھا کہ میں نے زیڈ ای او کو کہہ دیا ہے کہ فوری طور اٹیچ منٹسں منسوخ کرے ہمیں اس کی کاپی بھیجی جائے ۔
تھنہ منڈی سڑک حادثہ میں 1 زخمی
طارق شال
تھنہ منڈی // تھنہ منڈی سے درہ کو جانے والی رابطہ سڑک پر ایکو وین حادثے کا شکار ہوئی ہے جس میں ایک فرد زخمی ہوا جسکو مزید طبی جانچ کے لئے ضلع شفا خانہ راجوری منتقل کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گاون درہ کو جانے والی رابطہ سڑک پرایکو زیر نمبری JK11C/1348 اس وقت حادثہ کا شکار ہوئی جب اسکا ڈرائیور گاڑی کو موڑنے لگا۔ گاڑی سلپ ہو کر نیچے 150 فٹ نالے میں جا گری۔حادثے ہونے کے بعد مقامی لوگ موقعہ پر پہنچے جنہوں نے ڈرائیور کو زخمی حالت میں سڑک تک پہنچایا جسکی شناخت امتیاز احمد ( 22) ولد محمد شبیر سکنہ درہ کے طور پر ہوئی ہے۔ مقامی لوگوں نے زخمی ڈرائیور کو درہ گاوں سے کمیونٹی ہیلتھ سنٹر تھنہ منڈی پہچایا جہاں پر ڈاکٹر و دیگر عملہ صحت نے مضروب کو میڈیکل کالج راجوری سے منسلک ضلع شفا خانہ راجوری ریفر کیا ہے تاکہ مضروب کا مزید طبی معائنہ کیا جا سکے۔
ڈی سی راجوری کی ممتاز شہریوں سے تعارفی ملاقات
راجوری//ڈپٹی کمشنر راجوری راجیش کے شاون نے بدھ کے روز سول سوسائٹی کے ممبروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ممتاز شہریوں کے ساتھ تعارفی اجلاس طلب کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر راجوری شیر سنگھ اور تحصیلدار راجوری ، محمد رفیق بھی اس میٹنگ میں موجود تھے۔دیگر کے ساتھ ، بی ڈی سی چیئرپرسن ، ممبران ، صدر ایم سی راجوری ، نائب صدر ایم سی راجوری نو منتخب ڈی ڈی سی ممبران، مشیر،میڈیا نامہ نگار،سرپنچ، ریٹائرڈ سرکاری ملازمین،مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندے اس اجلاس میں مذہبی تنظیمیں اور سماجی کارکن موجود تھے۔سول سوسائٹی کے اراکین نے پانی اور بجلی کی فراہمی کو بڑھانا ، اسکولوں اور صحت کے اداروں میں عملے کی کمی ، ٹھوس فضلہ کے انتظام کے منصوبے کے قیام کے لئے موزوں اراضی کی نشاندہی ، اپ گریڈیشن سمیت جن بنیادی مسائل اور عام لوگوں کو درپیش مشکلات پیش کیں ،ان میںپرانا بس اسٹینڈ راجوری کا ، میونسپل کونسل راجوری کی حدود میں سڑکوں کی مناسب بحالی ، راجوری سے شاہ پور جانے والی سڑک کا کام مکمل ہونا ، ڈی پی ایس سے اپر پھلیانہ جانے والی سڑک ، ضلع میں منی سیکریٹریٹ کی عمارت کی تعمیر کا کام راجوری میں خواتین جی ڈی سی پر کام ، قصبے میں ایک پارکنگ سائٹ کی ترقی ، پانی کی فراہمی کی کمی کو پورا کرنے کے لئے دو اضافی بوروں کی منظوری ، خراب پانی کے پائپوں کی تبدیلی ، مبالغہ آمیز بجلی کے بلوں کی مرمت اور پرانے ہینڈ پمپوں کی مرمت شامل ہیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اس بات کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے کہ عام لوگوں کو ان کی دہلیز پر تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ انہیں کسی قسم کی تکلیف محسوس نہ ہو۔ڈپٹی کمشنر نے ضلع کو ترقی کی نئی بلندیوں پر لے جانے میں عوام سے تعاون کی خواہش کی اور ان پر زور دیا کہ وہ ضلعی انتظامیہ کے نوٹس لائیں جن امور سے ترقی کی راہ میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے تاکہ ان کا جلد سے جلد از جلد ازالہ کیا جاسکے۔ڈپٹی کمشنر نے یہ بھی کہا کہ ضلع کے مختلف علاقوں میں عوام کے ترقیاتی مطالبات اور مسائل حل کرنے کے لئے خصوصی عوامی درباروں کا انعقاد کیا جائے گا اور یقین دہانی کرائی ہے کہ مقررہ وقت کو یقینی بنانے کے لئے تمام حقیقی شکایات سے نمٹنے کے لئے ہر محاذ پر کوششیں کی جائیں گی۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع کے 120 ہینڈپمپوں کی مرمت کا کام جاری ہے اور جلد سے جلد کام شروع کردیا جائے گا۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پروجیکٹ کے قیام سے متعلق کاغذی کام بھی ہر لحاظ سے مکمل ہے اور اس مطالبے کی تکمیل کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ڈی ڈی سی نے یہ بھی آگاہ کیا کہ میونسپل کونسل راجوری کی حدود میں سڑکوں کے خستہ حال حالات کو بہتر بنانے کے لئے ، اس سلسلے میں متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات بھیج دی گئی ہیں۔سول سوسائٹی کے ممبران نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عام عوام کی فلاح و بہبود کے لئے اب تک اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اور ضلع کو ترقیاتی محاذ میں آگے بڑھانے میں انتظامیہ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
محکمہ جل شکتی کے دو ملازمین کیخلاف کارروائی شروع
راجوری// محکمہ جل شکتی کے ملازمین کی جانب سے فرائض عدم شناسی کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر راجوری راجیش کے شون نے ایک انچارج ورک سپروائزر اور سی پی ورکر کے خلاف کارروائی کا آغاز کیایہ امر قابل ذکر ہے کہ عوام کے ایک وفدنے کچھ دن قبل ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کی تھی اور بتایا تھا کہ منجاکوٹ میں محکمہ جل شکتی کے ورک سپروائزر اپنے فرائض سرانجام نہیں دے رہے ہیں اور عوام کے خلاف ناہموار سلوک برقرار رکھے ہوئے ہے ۔ڈی سی نے انھیں کام میں شرکت کے لئے کہا تھالیکن محمد زمان المسلم انچارج ورک سپروائزر کے رویہ اور کام کی کارکردگی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی تے ہوئے منجانکوٹ سے درہال سیکشن میں تبدیل کردیا گیا ہے اور اس کی جگہ محمد فاروق کو تعینات کردیا گیا ہے۔اسی طرح پنچایت دھنگری سے خواتین وفد نے شکایت کی کہ محمد اقبال ، سی پی ورکر نے غیر قانونی طور پر کمیونٹی ہینڈپمپ سے موٹراورپائپوں کو اپنے گھر کی طرف موڈدیاہے جس سے مقامی باشندوں کو پانی کی مناسب فراہمی سے محروم کردیا گیاہے۔شکایت کے بارے میں جاننے پر ایگزیکٹیو انجینئر جل شکتی کوموقعہ پر بھیج دیا گیا جس نے شکایت کو حقیقی پایا اور موٹر کو گرا دیا اور دیوی ناکا واٹر سپلائی سکیم دھنگری میں کمیونٹی کو سپلائی بحال کردی۔سی پی ورکر محمد اقبال کو ڈپٹی کمشنر نے معطلی کے تحت رکھا ہے اور اسے ایگزیکٹیو انجینئر جل شکتی کے دفتر کیساتھ منسلک کردیا گیا ہے۔
پنڈت ودیا رتن عاصی کے یوم وفات پر محفل موسیقی اور مشاعرہ منعقد
جموں//آنجہانی پنڈت ودیا رتن عاصی کے یوم وفات کے سلسلے میں جموں اینڈ کشمیر اکیڈیمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگویجز نے کے ایل سہگل ہال میں عاصی کی غزلوں پر مبنی ایک موسیقی کا پروگرام منعقد کیا جس میںنامور گلوکارہ ڈاکٹر دیپالی واتل اور شری روی بھان نے روح پرور سنگیت سے محفل کو مسحورکردیا۔ اس دوران راج کمار بہروپیا نے ’’پنڈت ودیا رتن عاصی۔شخصیت اور فن‘‘ کے عنوان سے ایک مدلل مقالہ پیش کیا ۔آئے ہوئے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے سیکریٹری اکادمی جناب منیر الاسلام نے کہا کہ عاصی ہمارے اسلاف کا حصہ ہیں اور ہمیں اپنے اسلاف اور انکی تاریخ کو بہرحال زندہ رکھنا ہے تاکہ ہماری آنے والے نسلیں بھی اپنی تاریخ سے جُڑی رہ سکیں۔بعد میں ایک مشاعرے کا اہتمام بھی کیا گیا جس کی صدارت نامور اردو شاعر جناب احمد شناس نے کی۔ مشاعرے میں کلام پڑھنے والوں میں پرویز ملک، عرفان عارف، ڈاکٹر لیاقت جعفری، عشاق کشتواڑی،امین بانہالی، راحت حسین ، ساغر صحرائی، توصیف تابش، فوزیہ مغل، شام دیپک آرسی، موہن سنگھ اُلفت اور عارف اقبال ملک شامل تھے، جبکہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر لیاقت جعفری نے انجام دیے۔ آخر میں پروگرام کے انچارج ڈاکٹر مرزا فاروق انوار ؔنے تحریک شکرانہ پیش کی۔
بلونت سنگھ منکوٹیا پینتھرس پارٹی کی بنیادی رکنیت سے مستعفی
جموں// پینتھرس پارٹی کے صدر بلونت سنگھ منکوٹیا نے پارٹی کی بنیادی رکنیت سے مستعفی ہوئے ہیں۔ جموں کشمیر نیشنل پینتھرز پارٹی کے ٹکٹ پر دو بار ایم ایل اے رہ چکے بلونت سنگھ منکوٹیہ نے پینتھرس پارٹی سے استعفیٰ دے دیاہے۔جموں کشمیر نیشنل پینتھرز پارٹی کے سابق ایم ایل اے نے سوشل میڈیا کی سائٹ فیس بک پر ایک ویڈیو بیان جاری کیا جس میں انہوں نے پارٹی سے استعفے کا اعلان کیا۔ بلونت سنگھ منکوٹیا نے سوشل میڈیا پر پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہا’’میں بھاری دل سے پینتھرس پارٹی کے سبھی عہدوں اور بنیادی رکنیت سے مستعفی ہورہا ہوں‘‘۔ انہوں نے مزید لکھا کہ اْنہیں یہ فیصلہ مخصوص صورتحال کے پیش نظر لینا پڑا، اور وہ اپنے ساتھیوں سے مشورہ بھی نہیں کرپائے۔ انہوں نے مزیدلکھا انہوں نے کہا کہ یہ میرا ذاتی فیصلہ ہے، اور اگر میں استعفی نہ دیتا تو شاید ایک بڑا مسئلہ بن جاتا۔میں پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بھیم سنگھ سے اپیل کرتا ہوں کہ پارٹی چیئر مین ہرش دیو سنگھ ایک اہل شخص ہیں،وہ دلچسپی بھی رکھتے ہیں۔ پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ میرا ذاتی فیصلہ ہے، اور اگر میں استعفی نہ دیتا تو شاید ایک بڑا مسئلہ بن جاتا۔تاہم انہوں نے مسئلہ کی وضاحت نہیں کی۔انہوں نے پارٹی کے بانی پروفیسر بیم سنگھ سے اپیل کی کہ ڈاکٹر ہرش دیو سنگھ کو مستقل بنیاد پر پارٹی کا سربراہ مقرر کیا جائے۔
خواص حادثہ پر دکھ کا اظہار
کوٹرنکہ//ڈی ڈی سی حلقہ انتخاب موگلہ شمیم اختر نے گزشتہ روز خواص لٹھی میں ایک سڑک حادثہ پر گہرے صدمہ کا اظہار کرتے ہوے کہا کہ سڑکوں کی خستہ حالی کی وجہ سے ایسے حادثہ رونما ہوتے ہیں اور بد قسمتی سے کئی گھروں کے چراغ گل ہو جاتے ہیں ۔موصوفہ نے سڑک حادثہ میں ایک شخص کی موت پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوء لواحقین کو یقین دلایاکہ ہم سب اس درد کی گھڑی میں اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ موصوفہ نے زخمی مسافروں کیلئے جلد صحت یابی کی دعا کی ؛
پینتھرز پارٹی لیڈر سمیت کئی اپنی پارٹی میں شامل
جموں//جموں وکشمیر نیشنل پینتھرز پارٹی سنیئرلیڈر سمیت متعدد سیاسی کارکنان نے گاندھی نگر جموں میں منعقدہ تقریب کے دوران اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ پروگرام کا اہتمام شنکرسنگھ چب نے پارٹی دفتر پر کیاتھا جس میں سابقہ وزیر اور سنیئرلیڈر محمد دلاور میر، جنرل سیکریٹری وجے بقایہ، صوبائی صدر منجیت سنگھ ، خواتین ونگ صوبائی صدر نمرتہ شرما، ریاستی کارڈی نیٹر ایس سی بودھ راج بھگت بھی موجود تھے۔ جموں وکشمیر نیشنل پینتھرز پارٹی جنرل سیکریٹری سردارزور آور سنگھ نے پارٹی کے ترقیاتی ایجنڈے پر اعتمادظاہر کرتے ہوئے دیگر لیڈران کے ہمراہ سنیئرلیڈران کی موجودگی میں اپنی پارٹی کا دامن تھاما۔ سابقہ وزیراور سنیئرلیڈر محمد دلاور میر نے نئے ساتھیوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے اُمیدظاہر کی کہ وہ اپنے علاقہ کے اندر پارٹی کیڈر کو مضبوط کرنے ککے لئے کام کریں گے۔ دیگر شامل ہونے والوں میں مدن لال شرما، راجندر کھجوریہ،سردار سوجن سنگھ، سردار گگن دیپ سنگھ، گورو بھگت، سردار ارجن سنگھ، سردارسکھمیت سنگھ، سردارگرچرن سنگھ، سندیپ چاڑک، شبم چاڑک، سردارمنمیت سنگھ، سردار جسبیر سنگھ وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ اس دوران سابقہ ایم ایل اے فقیر ناتھ، اعجاز کاظمی، سلیم چوہدری، گورو کپور، ابہے بقایہ، سوہل کھجوریہ، شیتل کھجوریہ، گوہر رشید وانی، اشرف چوہدری اور ڈاکٹر روہت گپتا بھی موجود تھے۔
نیل رام بن کے نوجوان عار ف خان کاکمال | ریسلنگ کی دنیا میں نام کمایا،کہلائے بادشاہ خان
نیوز ڈیسک
بانہال //جموں و کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں ہنر کی کوئی کمی نہیں ہے، یہاں کے نوجوان اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ ہر میدان میں کر رہے ہیں۔ پہاڑی ضلع رام بن کے دور دراز علاقہ سے تعلق رکھنے والا ایک نوجوان عارف خان ریسلنگ کی دنیا میں اپنا مقام پیدا کر رہا ہے۔ بادشاہ خان کے نام سے مشہوریہ نوجوان جموں و کشمیر سے پہلا ایسا نوجوان ہے جس نے عالمی شہرت یافتہ ڈبلیو ڈبلیو ای کیلئے اپنا نام درج کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ضلع رام بن کے دور دراز علاقہ نیل رامسو سے تعلق رکھنے والے عارف اب بادشاہ خان کے نام سے جلوہ گر ہیں۔غریب خاندان سے تعلق رکھنے والے بادشاہ خان کے والد سی آر پی ایف میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں ، وہیں انکا ہونہار فرزند ریسلنگ کی دنیا میں والدین، علاقے اور جموں و کشمیر کا نام سرخرو کر رہا ہے۔ریسلنگ کی دنیا میں قدم رکھنے کیلئے ’دی گریٹ کھلی‘ سے متاثر ہوئے اس نوجوان عارف خان کی بچپن سے ہی اس میدان میں دلچسپی تھی۔ والدین نے بھی اپنے بچے کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے محنت مشقت کی کمائی سے گریٹ کھلی کی اکیڈمی میں روانہ کر دیا جہاں اس نے ٹریننگ کے دوران صبر و تحمل کے ساتھ ہر فن سیکھا۔ اور آج اپنی سخت جانفشانی اور محنت سے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور کئی ٹورنامنٹ میں حصہ بھی لیا۔بادشاہ خان نے ایک نجی نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کڑی محنت اور لگن سے اس فن میں مہارت حاصل کی ہے۔کورونا وبا کے دوران کھیل و دیگر تقاریب پر پابندیوں کی وجہ سے وہ گزشتہ کچھ ماہ قبل اپنے آبائی گاؤں واپس
آئے اور نوجوانوں کے درمیان کافی مقبول بھی ہوئے، تاہم ابھی ریسلنگ کی سرگرمیاں دوبارہ بحال ہونے پر وہ جموں و کشمیر سے واحد ریسلر کے طور پر ملک کی نمائندگی کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔نوجوانوں کے اندر کھیل کود سمیت مختلف شعبہ زندگی میں اپنے ہنر کو آزمانے اور دکھانے کیلئے بادشاہ خان بھی ایک مشعل راہ بن کر سامنے آئے ہیں۔ محنت لگن و یکسوئی کے ساتھ کسی بھی خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جاسکتا ہے اور حوصلہ ہو تو کامیابی ضرور ملتی ہے۔اپنے کام کے تئیں ایمانداری برت کر نوجوان ہر شعبے میں اپنا لوہا منوا سکتے ہیں۔ بادشاہ خان کے مطابق اگر آپکے پاس باڈی اور ہنر ہے تو ریسلنگ نوجوانوں کیلئے بہترین مستقبل بنانے کیلئے اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔بادشاہ خان نے کہا کہ نوجوان اپنے ہنر کا مظاہرہ کرنے اور خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے زندگی کے ہر شعبے میں آگے آنا چاہیے ہیں۔ سماج اور سسٹم کی بھی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس طرح کے ہنر کی حوصلہ افزائی کرے اور ان لوگوں کو ٹریننگ دی جائے۔ اسکے علاؤہ ریسلنگ کیلئے توانا جسم ہونا لازمی ہے اسلئے ان ریسلرز کو تمام طرح کی سہولت بہم پہنچانے کیلئے حکومت کو بھی پہک کرںی چاہیے تاکہ بادشاہ خان جیسے نوجوان ملک کا نام مزید روشن کرے۔