بلاک جکیاس میں محکمہ دیہی ترقی کی کارکردگی صفر:بی ڈی سی چیئرمین کاالزام | کہامنریگا، پی ایم اے وائی، آواس پلس و دیگر مالی معاونت والی سکیموں سے مستحق افراد کو محروم رکھاگیا
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //مرکزی و یوٹی انتظامیہ مالی معاونت سکیموں کی سو فیصد عمل آوری و مستحق افراد تک پہنچانے کی بار بار کی ہدایات کے باوجود اکثر و بیشتر مقامات پر افسر شاہی اس سے ہٹ کر اپنا حکم چلاتی ہے جس کی وجہ سے مستحق و بے سہارا کنبے ان سکیموں سے محروم رہتے ہیں۔ ان باتوں کا اظہار بلاک کونسل چیئرپرسن جکیاس امینہ بیگم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا۔ انہوں محکمہ دیہی ترقی کی ناقص کارکردگی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلاک جکیاس کی دس پنچائتوں میں کارکردگی صفر ہے اور غریب و مستحق افراد کو مرکزی مالی معاونت والی سکیموں سے محروم رکھا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا 2020-21 کے مالی سال کے دوران بلاک جکیاس کے لئے آواس پلس یوجنا کے تحت اٹھارہ سو مکانات منظور ہوئے تھے لیکن پنچائتی نمائندگان کی طرف سے دی گئی فہرستوں میں محکمہ نے رد و بدل کرکے ابھی تک معاملہ کو دبا کر رکھا ہے۔ بی ڈی سی چیئرمین کے مطابق پی ایم اے وائی کے تحت منظور کردہ چھ سو مکانات میں سے دو سو مکان تعمیر کئے جا چکے ہیں اور باقی چار سو افراد کے اکائونٹ متعلقہ بی ڈی او نے نامعلوم وجوہات کی بناء پر بند رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فنڈس دستیاب ہونے کے باوجود تعمیر ہوئے مکانات کی مکمل رقم کی ادائیگی نہیں کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایچ ایچ ایل اسکیم میں 80 بیت الخلا کو منظوری ملی تھی لیکن بی ڈی او کی نااہلی کی وجہ سے ابھی تک فنڈس واگذار نہیں کی گئی ہیں۔ منریگا کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بلاک جکیاس میں 70 فیصدی جاب کارڈ ہولڈر کو رواں سال کام سے محروم رکھا گیا جو کہ سرکار کی پالیسی کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیس فیصد کام کرنے والوں میں سے صرف بیس فیصد جاب کارڈ ہولڈرس کو اجرتیں دی گئیں اور دس فیصد لوگوں کو اس میں بھی غیر حاضر دکھایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 14 ایف سی کاموں میں بھی محکمہ نے ہیرا پھیری کرکے سینکڑوں مستحق افراد کو کام کرنے کے باوجود رقم کی ادائیگی نہیں کی ہے۔ بی ڈی سی چیئرپرسن نے بی ڈی او کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ اس نے جان بوجھ کر ان اسکیموں کو لاگو کرنے میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ دکھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنچائتی اداروں کو مضبوط بنانے کا دعویٰ کرتی ہے لیکن زمینی حقائق اس بہت مختلف ہیں۔امینہ بیگم نے حکام سے مطالبہ کرتے ہوئے معاملہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرکے قصوروار آفیسران و ملازمین کے خلاف کارروائی کی مانگ کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر محکمہ کے اعلیٰ حکام نے عوام کے ساتھ انصاف نہیں کیا تو وہ دیگر پنچائتی نمائندگان کے ہمراہ لیفٹیننٹ گورنر کے پاس جاکر شکایت درج کریں گے۔
سرکردہ تاجر محمد اقبال وانی کی رحلت پر بانہال کی تاجر برادری مغموم
محمد تسکین
بانہال// بانہال کے سرکردہ تاجر دینی اور سماجی کارکن محمد اقبال وانی ساکنہ نوگام بانہال کی اچانک وفات پر صدر بیوپار منڈل بانہال نصیر احمد وانی اور دیگر تاجر برادری کی اپنی تعزیت اور سوگوار کنبے سے اپنی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ ایک بیان میں صدر بیوپار منڈل بانہال نصیر احمد وانی نے بتایا کہ بانہال کی پوری تاجر برادری اور دکاندار حضرات سنئیر ساتھی محمد اقبال وانی کی رحلت سے صدمے میں ہے اور پوری برداری لواحقین کے ساتھ دکھ کی اس گھڑی میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے دعا مانگی گئی ۔اس کے علاؤہ سماج کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بشمول بار ایسوسی ایشن بانہال نے مرحوم کے صاحبزادے ایڈوکیٹ عاصم اقبال ، مرحوم کے برادر ڈاکٹر حمیداللہ وانی اور ان کے برادر نسبتی فیض النبی وانی اور وانی خاندان سے ہمدردی اور اپنے رنج کا اظہار کیا ہے۔ اس کے علاؤہ برطانیہ میں مقیم بانہال کے ڈاکٹر انور بٹ نے بھی مرحوم کی رحلت پر اپنے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ وانی خاندان سے اپنی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کیلئے مغفرت کی دعا کی ہے۔ واضح رہے کہ محمد اقبال وانی کووڈانیس کی وجہ سے سی ڈی ہسپتال سرینگر میں جمعرات کی شام فوت ہوئے تھے اور وفات کے بعد ان کا کووڈانیس ٹیسٹ منفی آیا تھا۔
ریٹائرڈ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور این سی ضلع سیکریٹری اپنی پارٹی میں شامل
جموں//ریٹائرڈ میڈیکل سرنٹنڈنٹ سنیتا پوری اور ضلع سیکریٹری نیشنل کانفرنس راندھیر سنگھ راجپوریہ نے گاندھی نگر پارٹی دفتر پر منعقدہ تقریب کے دوران سنیئرلیڈران کی موجودگی میں اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔ تقریب میں نائب صدر غلام حسن میر، جنرل سیکریٹری وجے بقایہ، جنرل سیکریٹری وکرم ملہوترہ، صوبائی صدر جموں منجیت سنگھ، صوبائی صدر خواتین ونگ جموں نمرتہ شرما، ایس سی ریاستی کارڈی نیٹر بودھ راج بھگت، جے اینڈ کے ٹریڈ یونین صدر اعجاز کاظمی، صوبائی سیکریٹری ڈاکٹر روہت گپتا، صوبائی صدر جموں یوتھ ونگ گورو کپور اور ضلع صدر جموں رورل اے پشپ دیو اُپل وغیرہ بھی موجود تھے۔پارٹی میں شمولیت پر خیر مقدم کرتے ہوئے غلام حسن میر نے کہاکہ جموں کے دانشور طبقہ کی شمولیت اِس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ لوگ یہ بات تسلیم کر چکے ہیں کہ اب جذباتی اور تفرقہ انگیز سیاست کی کوئی جگہ نہیں۔ اب لوگ صداقت پر مبنی سیاست چاہتے ہیں اور وہ خطہ کی مذہب وعلاقہ کی بنیاد پر تقسیم اور جذباتی نعرؤں سے تنگ آچکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اپنی پارٹی اتحاد کی سیاست پر یقین رکھتی ہے ۔
وجے منگوترہ ضلع صدر ایس سی ونگ جموں اربن تعینات
جموں//اپنی پارٹی نے وجے منگوترہ کو ضلع صدر ایس سی ونگ جموں اربن تعینات کیا ہے۔ اُن کی تقرری پارٹی صوبائی صدر جموں منجیت سنگھ اور ایس سی ریاستی کارڈی نیٹر بودھ راج بھگت کی سفارش پر پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری کی منظوری کے بعد عمل میں لائی گئی۔ اپنی پارٹی سنیئر نائب صدر غلام حسن میرنے منگوترہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ وہ درج فہرست ذاتوں کے مسائل ومشکلات کو اُجاگر کرنے اور اُن کی بہتری کیلئے کام کریں گے۔ صوبائی صدر منجیت سنگھ جموں نے کہاکہ پارٹی کا بنیادی ایجنڈہ سماج کے سبھی طبقہ جات کیلئے یکساں کام کرنا ہے۔ انہوں نے اِس عہدہ پر تعیناتی کیلئے منگوترہ کو مبارک باد پیش کی۔
سنجیو ورما کا دورہ پرمنڈل ، بائیو ڈائیورسٹی پارک ، واٹر کنزرویشن کی دیگر سرگرمیوں کا معائینہ کیا
سانبہ//کمشنر سیکرٹری جنگلات و ماحولیات سنجیو ورما نے نے بائیو ڈائیورسٹی پارک کی ترقی اور مندر کے علاقے کے آس پاس جنگلات اور پانی کے تحفظ کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے سلسلے میں پرمنڈل علاقے کا دورہ کیا تا کہ مجموعی طور پر جمالیاتس اور پانی کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے ۔ کمشنر سیکرٹری کے ہمراہ پرنسپل چیف کنزرویٹر جنگلات ڈاکٹر موہت گیرا ، چیف کنزرویٹر جنگلات جموںکے رومیش کمار ، ڈی ایف او سانبہ سوم دت کھجوریہ ، اے سی آر سانبہ جتیندر مشرا ، بی ڈی سی چئیر مین پرمنڈل اور ڈی ای ای آر ایس ، ایری گیشن اینڈ فلڈ کنٹرول ، مقامی سرپنچ اور دیگر متعلقہ افسران بھی تھے ۔ کمشنر سیکرٹری نے قدیم شو مندر میں آنے والے یاتریوں کی دلچسپی کیلئے پرمنڈل جنگلات کے کمپارٹمنٹ 35 ڈی میں واقع بائیو ڈائیورسٹی پارک کو ترقی دینے پر زور دیا ۔کمشنر سیکرٹری کو بتایا گیا کہ ایک نکشترا ون کا قیام عمل میں لانے کی تجویز ہے جس میں 27 نکشترا کے درخت لگائے جائیں گے اس کے ساتھ ایک ہربل پارک قائم کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر نے انہیں بتایا کہ علاقے میں قدرتی اور ثقافتی ورثے کو بڑھاوا دینے کے علاوہ جہاں آنے والے برزگ شہریوں اور بچوں میں بیداری پیدا کرنے کیلئے پرمنڈل علاقے میں ایک بال ون قائم کرنے کی بھی تجویز ہے ۔
کوٹ بلوال جیل میں قتل کے ملزم کی پراسرار موت
جموں// تھانہ گھروٹا کے تحت آنے والی کو ٹ بلوال سنٹرل جیل میں ایک قیدی پراسرار حالات میں فوت ہوگیا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ سنی سنگھ (27) ولد پربھو سنگھ ، سکنہ بشناہ پر آر پی سی کی دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا اور اسے سنٹرل جیل کوٹ بلوال میں رکھا گیا تھا۔پولیس ذرائع نے بتایا "اس نے عہدیداروں سے چکر آنے کی شکایت کی تھی اور بعد میں اس کی موت ہوگئی۔"ان کی میت کو قانونی رسمی کارروائیوں کے لئے بخشی نگر کے جی ایم سی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ تاہم ہلاک ہونے والے قیدی کے لواحقین نے ان دعوؤں کومسترد کیا ہے۔
تالاب تلوسے جعلی کرنسی کیساتھ 4 افراد گرفتار
جموں//پولیس نے تالاب تلوسے جعلی کرنسی بنانے اوراس کی گردش کے الزام میں چار افراد کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ انہیں ایک پان شاپ کے مالک کی شکایت موصول ہوئی ہے جس میں اس نے دعویٰ کیا ہے کہ موٹرسائیکل پر سوار دو لڑکے اس کی دکان پر آئے اور 500 روپے ہندوستانی کرنسی کے جعلی نوٹ کے خلاف سگریٹ کا پیکٹ خریدا اور پوچھنے پربھاگ گئے۔شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے انچارج پولیس پوسٹ تالاب تلو کے تحت پولیس نے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی۔ تفتیشی ٹیم نے مختلف سراغوںکو مربوط کیا اور آخر کار سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر تکنیکی امداد کی مدد سے دونوں ملزموں یعنی سچن کمار ولد اشوک کمار ساکر سری رکولان گھومہاسن اور روہت شرما ولد کلدیپ راج سکنہ طلاب ٹیلو کو گرفتار کرلیا۔مسلسل پوچھ گچھ کے دوران پولیس نے بتایا کہ ملزمان نے دو دیگر افراد کے نام ظاہر کیے جن میں وپن پنڈتا ولد مرحوم بنسی لال پنڈتا ساکن اوم نگر ادھئی والا حال حضوری باغ جموں اورزوڈیک سٹوڈیو کے مالک راجیش گنجوساکن آنند نگرشامل ہیں۔پولیس نے دونوں ملزموں کوگرفتار کرلیا ہے اور انکشاف پر انیگن نگر بوہری کے گھر اور دکانوں سے 12000 روپے مالیت کے نقلی نوٹ ، ترازو ، رنگین ٹیپ ، چادریں ، کمپیوٹر ، کینچی ، پرنٹر اور واٹر مارک ڈاک ٹکٹ برآمد ہوئے ہیں۔
باہو قلعے سے ایک شخص سے 1 کلو گانجا ، 31 بوتل ناجائز شراب برآمد
جموں //پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ باہو قلعہ سے ایک بین ریاستی منشیات فروش کو گرفتار کیا گیا ہے اور اس کے قبضہ سے 1 کلو گانجا اور 32 بوتل ناجائز شراب برآمد ہوئی ہے۔ایس ایچ او تھانہ باہو فورٹ انسپکٹر دیپک پٹھانیا کی سربراہی میں ایک پولیس پارٹی نے پی ایس آئی آدرش ٹھاکر کی مدد سے ، چنی پْلی ، تریکوٹا نگر کے قریب ناکہ ڈیوٹی پر ملزم راجیش کمار عرف نگر عرف بٹھو ولد داس رام سکنہ گاؤں ڈھنڈے خورد کو گرفتار کیا۔ چیکنگ کے دوران پولیس نے بتایا کہ اس کے پاس سے 1 کلو گانجہ اور 32 بوتلیں غیر قانونی شراب برآمد ہوئی ہیں۔
جموں میں بینک فراڈ کیس میں ایک شخص کے خلاف مقدمہ درج
جموں // کٹھوعہ ڈسٹرکٹ کے رہائشی کیخلاف اپنے آپ کوبینک آفیسر کی حیثیت سے ایک شخص کو ٹھگنے کے مبینہ الزام میںمقدمہ درج کیا گیا۔ایجنسی کے ترجمان نے بتایا کہ جموں کرائم برانچ کی جانب سے بہار کے رہائشی دلن یادو کے خلاف قانون کے متعلقہ دفعات کے تحت ایک مقدمہ درج کیا گیا ۔کٹھوعہ کے علاقے مہان پور کے اونکر چندر شرما سے موصولہ شکایت کے مطابق ، دو بینک کھاتوں سے اس کی رقم کسی کے بعد دھوکہ دہی کے ساتھ واپس لے لی گئی ، اس نے خود کو ایک بینک آفیسر کے طور پر متعارف کرایا ، اس کو فون کیا اور اس کے اے ٹی ایم نمبروں کے بارے میں دریافت کیا۔ترجمان نے بتایا ، "شکایت کنندہ کو اس کے اے ٹی ایم نمبروں سے متعلق تفتیش کے بہانے بدنام زمانہ جعل ساز نے آمادہ کیا اور اس کے دو کھاتوں کے اے ٹی ایم اور پن کی تفصیلات حاصل کرنے کے بعد رقم واپس لے لی گئی اور اسے دھوکہ دیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ ملزم پر انفارمیشن ٹکنالوجی ایکٹ اور ہندوستانی تعزیراتی ضابطہ کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔