بغیر کاغذات چلنے والی گاڑیوں کیخلاف پولیس کارروئی
جاوید اقبال
مینڈھر //جموں وکشمیر پولیس نے مینڈھر سب ڈویژن کی مختلف رابطہ سڑکوں پر بغیر کاغذات چلنے والی گاڑیاں کیخلاف کارروائی شروع کر دی ہے ۔گزشتہ دو دنوں کے دوران ایس ڈی پی او کی قیادت میں شروع کر دہ کارروائی کے دوران درجنوں چھوٹی بڑی گاڑیاں ضبط کی گئی ہیں ۔پولیس نے بتایا کہ گزشتہ کئی دنوں سے پولیس کو بغیر ضروری لورزامات کے گاڑیاں چلنے کی شکایت موصول ہو رہی تھی جبکہ مذکورہ گاڑیوں میں اور لوڈنگ کی جارہی تھی تاہم قاعدہ کی خلاف ورزی کو دیکھتے ہوئے پولیس نے بغیر کاغذات کے چلنے والی گاڑیوں کیخلاف کارروائی شروع کر دی ہے ۔اس دوران کئی درجن گاڑیاں ضبط کر دی گئی ہیں جن میں موٹر سائیکلوں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود ہے ۔اس دوران پولیس کی جانب سے انسپکٹر شال لال کی قیادت میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو کہ مینڈھر قصبہ میں ماسک کا استعمال کیساتھ ساتھ گاڑیوں کے کاغذات کا معائینہ بھی کیاجارہا ہے جبکہ اس دوران جرمانہ کرنے کیساتھ ساتھ گاڑیاں ضبط بھی کی جارہی ہیں ۔
نوشہرہ میں ایک شخص کی لاش برآمد
رمیش کیسر
نوشہرہ //نوشہرہ سب ڈویژن کے ہاجنہ گائوں میں ایک عمر رسیدہ شخص کی لاش اپنے گھر میں لٹکی ہوئی ملی۔مرحوم کی شناخت محمد شبیر ولد محمد دین سکنہ کراگ کوٹرنکہ کے طور پر ہوئی ہے ۔پولیس نے بتایا کہ مذکورہ شخص ان دنوں نوشہرہ میں ہی رہائش پذ یر تھا ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ شخص کی لاش گھر میں ہی لٹکی ہوئی ملی تاہم اس سلسلہ میں ملی اطلاعات کے بعد پولیس کی ایک ٹیم ایس ایچ او پنکج شرما کی قیادت میں موقعہ پر پہنچی جبکہ لاش کو اپنی تحویل لے کر نوشہرہ ہسپتال منتقل کیاگیا تاکہ اس کا معائینہ کیاجاسکے ۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔
منڈی میں رمضان کے دوران بجلی نظام مکمل مفلوج
سحری اور افطاری کے وقت صارفین موم بتی استعمال کرنے پر مجبور
عشرت حسین بٹ
منڈی//ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی میں بجلی کا نظام مفلوج ہونے کی وجہ سے صارفین کو رمضان کے دوران شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔منڈی کے دور دراز علاقہ جات میں بسے لوگوں کو سحری اور افطاری کے وقت چمنی اور موم بتی کا استعمال کرنا پڑتا ہے۔صارفین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ رمضان کے شروع سے ہی تحصیل منڈی میں بجلی نظام کافی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔اگر چہ دن میں کبھی کبھار بجلی آتی ہے مگر ماہ رمضان کے چلتے لوگوں کو سحری اور افطار کے وقت بجلی نہ ہونے کی وجہ سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے تحصیل کے سرحدی علاقہ ساوجیاں کی عوام نے اس حوالے سے انتظامیہ اور محکمہ بجلی کے خلاف جم کر احتجاج کیا گیا۔ اس دوران بشیر احمد بانڈے نامی ایک پنچایتی نمائیدے نے کہا کہ ان کے علاقہ میں گزشتہ کافی دنوں سے بجلی کے آنے جانے کا کوئی بھی وقت مقرر نہیں ہے ان کا کہنا تھا کہ آجکل ماہ رمضان چل رہا جس میں عوام کو بجلی کا ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا نہ ہی سحری کے وقت بجلی ہوتی ہے اور نہ ہی روزہ افطاری کے وقت بجلی ہوتی ہے جس کی وجہ سے عوام کو چمنی اور موم بتی کااستعمال کرنا پڑتا ہے ان کا کہنا تھا کہ دن میں اگر چہ کبھی کبھار بجلی آتی ہے مگر رات کو بجلی کا نہ ہونا عوام کیلئے کافی مشکلات کا سبب ہے ۔منڈی کی عوام نے ضلع انتظامیہ اور محکمہ بجلی کے اعلی آفسران سے اپیل کی ہے کہ ماہ رمضان میں عوام کو بہتر طریقے اور سحری افطاری کے وقت بجلی پہنچایں تاکہ وہ اس متبرک مہینے میں مشکلات سے دوچار نہ ہوں۔
منجا کوٹ میں دکانوں کا معائینہ کیا گیا
پرویز خان
منجا کوٹ //تحصیلدار منجا کوٹ نے دیگر آفیسران کے ہمراہ رمضان کے چلتے مارکیٹ چیکنگ کی ۔اس دوران قاعدہ کیخلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا ۔آفیسران نے مہم کے دوران دکانوں پر فروخت کی جارہی سبزیوں ،پھلوں ودیگر ضرور ی اشیاء کا معائینہ کرتے ہوئے قاعدہ کی خلاف ورزی کرنے والوں پر 22سو روپے جرمانہ بھی عائد کیا ۔تحصیلدار نے دکانداروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ رمضان ماہ کے دوران تازہ پھیل اور سبزیاں فروخت کریں جبکہ ناجائز منافع خوری ودیگر غیر قانونی کام کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
مغل شاہراہ پر ٹریفک بحال کرنے کی اپیل
؎بختیار کاظمی
سرنکوٹ//خطہ پیر پنچال کی عوام نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ خطہ کو وادی کیساتھ جوڑنے والی مغل شاہراہ کو جلد ازجلد ٹریفک کیلئے بحال کیا جائے ۔انہوں نے کہاکہ انتظامیہ کی جانب سے شاہراہ سے برف ہٹا دی گئی ہے تاہم اس کے باوجود بھی نامعلوم وجوہات کی بنیاد پر ٹریفک کیلئے بحال نہیں کی جارہی ہے ۔سرینگر میں خطہ کے پھنسے ہوئے لوگوں نے بتایا کہ کئی مریضوں کا علاج معالجہ وادی کے مختلف علاقوں میں قائم کر دہ ہسپتالوں میں چل رہا ہے تاہم شاہراہ کے بند ہونے کی وجہ سے مریضوں کو جموں سرینگر شاہراہ کے ذریعہ وادی جانا پڑرہا ہے جو کہ ایک مشکل عمل ہے ۔انہوں نے کہاکہ جموں سرینگر شاہراہ بھی کئی دنوں تک بند رہتی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو دوران سفر شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔خطہ کے مکینوں نے بتایا کہ مغل شاہراہ کی بحالی کیلئے تعینات میکینکل شعبہ کی جانب سے کئی دنوں سے برف ہٹائی گئی ہے لیکن ابھی تک ٹریفک کی بحالی کیلئے کوئی حکم نامہ جاری نہیں کیا گیا ہے ۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ شاہراہ کو جلدازجلد ٹریفک کیلئے بحال کیا جائے ۔
تھنہ منڈی میں بھیڑیں نامعلوم بیماری کا شکار
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // قصبہ تھنہ منڈی کے عظمت آباد علاقے میں نامعلوم بیماری کے باعث بڑی تعداد میں بھیڑ بکریاں مر رہی ہیں لیکن محکمہ شپ ہسبنڈری کی طرف سے ابھی تک اس حوالے سے کوئی معقول انتظام نہیں کیا گیا۔ مقامی سرپنچ طالب حسین نے بتایا کہ متعلقہ محکمہ کی عدم توجہی اور غفلت شعاری کی وجہ سے آئے دن غریب لوگوں کا نقصان ہو رہا ہے لیکن کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔انہوں نے محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ مویشیوں میں پھیل رہی بیماری کے سلسلہ میں اطلاع فراہم کرنے کے باوجود اس طرف کوئی دھیان ہی نہیں دیاجارہاہے ۔ نوجوان لیڈر اور سماجی کارکن ارشد خان نے روزنامہ کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ متعدد بار کہنے کے باوجود محکمہ کے کسی بھی ملازم نے اس جانب توجہ نہیں دی جسکی وجہ سے غریب لوگوں کا نقصان ہو رہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ منہال کے شپ سینٹر میں عملے کی عدم موجودگی بھی ایسے نقصانات کی اصل ذمہ دار ہے۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کو متحرک کیا جائے تاکہ بیماری پر قابو پا کر لوگوں کا نقصان بچایا جاسکے ۔
پونچھ قصبہ میں سڑکیں انتہائی خستہ ،راہگیر مشکل میں مبتلا
حسین محتشم
پونچھ//قصبہ پونچھ میں پولیس تھانہ کے قریب کی سڑک انتہائی خستہ حالی کی شکار ہوئی ہے جس کے نتیجے میں مسافروں اور مقامی آبادی کو طرح طرح کے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑک کی فوری طور مرمت کی جائے بصورت دیگرعلاقے کی آبادی سڑکوں نکلنے پر مجبور ہوگی۔پونچھ کو جموں سے جوڑنے والی قومی شاہرا انتہائی خستہ حال ہوئی ہے جس کے نتیجے میں مقامی آ بادی کو طرح طرح کے مشکلات سے دوچار ہو نا پڑ رہا ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا اگر چہ انہوں نے اس حوالے سے بار ہا حکام کو آگاہ بھی کیا تاہم تاحال کوئی بھی کاروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔انہوں نے بتایا خستہ حال سڑک، عوام کی مشکلات میں اضافہ کر رہی ہے۔واضح رہے کہ کافی عرصہ سے مرمت نہ ہونے کے سبب سڑک خستہ حالی کا شکار ہوگئی ہے جس کی وجہ سے عوام پریشان ہیں۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جہاں بارش کے موسم میں سڑک پر بنے گڈھوں میں پانی اور کیچڑ جمع ہونے سے عبور میں پریشانیاں ہورہی ہیں، وہیـ خشک موسم میں گردوغبار کی وجہ سانس لینا دشوار ہو جاتا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ سڑک کی خستہ حالی سے ان کی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچتا ہے اور کسی بھی ایمرجنسی کے دوران بیمار کو ہسپتال لے جانے میں عوام پریشان ہوتی ہے۔انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع پونچھ کے صدر مقام پر قومی شاہراہ کی خستہ حالت ہے اور سڑک کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر سے مذکورہ رابطہ سڑک کی مرمت اور میگڈم بچھانے کا مطالبہ کیا۔
کورونا وائرس کی لہر مزید تیز
پونچھ میں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا رجحان ختم
حسین محتشم
پونچھ //ملک بھر کی طرح جموں و کشمیر میں بھی کورونا وباء میں ایک بار پھر تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے کورونا وائرس کی اس لہر نے انتہائی شدت اختیار کرلی ہے۔جموں کشمیر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے ، تاہم عوام کی طرف سے اسے سنجیدہ نہیں لیا جارہا اورلاپرواہی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔ محکمہ صحت کی طرف سے مقرر کرد ہ ایس او پیز کی کھلم کھلا خلاف ورزی جاری ہے۔ضلع پونچھ میں توشہریوں نے جیسے ایس او پیز ہوا میں اڑا دئیے۔ بازاروں،گاڑیوں ، بینکوں ،پارکوںاور دیگر عوامی مقامات پر ایس او پیز پر عملدرآمد نہ ہونے کے برابر ہے۔ کورونا وائرس کے بڑھتے کیسوں کے پیش نظر حکومت نے تعلیمی اداروں کی بندش کا فیصلہ کیا ہے،ضلع انتظامیہ کی طر ف سے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائیاں جاری ہیں تاہم کارروائیوں کے بعد صورتحال جوں کی توں نظر آ رہی ہے۔پونچھ کی پارکوں میں بیٹھے لوگ اپنا طرز عمل بدلنے پر تیا ر نہیں بازاروں میں تل دھرنے کی جگہ نہیں نہ سماجی فاصلہ ہے نہ کوئی ماسک پہن رہا ہے جس کے باعث مہلوک وباء کے پھیلاو کا اندیشہ بڑھتا جارہا ہے۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے سماجی کارکن محمد امین نے کہا ہمیں کو کورونا وائرس سے بچائو کے حوالے سے ایس او پیز پر سنجیدگی سے عمل درآمد کرنا چاہیے جس سے نہ صرف ہم اپنی بلکہ اپنے پیاروں اور ارد گرد لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے میں اپنا کردار ادا کرسکیں گے۔
ڈاک بنگلہ پونچھ میں تاجروں کا اجلاس | بیوپار منڈ ل کی تشکیل نو پر تبادلہ خیال کیا گیا
حسین محتشم
پونچھ//پونچھ کے تاجروں کا ایک اہم اجلاس ڈاک بنگلہ پونچھ کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا۔اس اجلاس میں دکانداروں اوردیگر کاروباریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقعہ پر دکانداروں کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس دوران دکانداروں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے پندرہ برسوں سے بیوپار منڈل پونچھ کے انتخابات نہیں ہوئے ہیں جس کی وجہ سے دکانداروں کو درپش مسائل اعلیٰ حکام تک پہنچانے میں پریشانیاں آ رہی ہیں ۔ پنٹو سنگھ نے کہا کہ بیوپار منڈل کی باڈی نہ ہونے کی وجہ سے تاجروں کو کئی طرح کی مشکلات سے دوچارہونا پر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بازار میں صفائی کا معاملہ، آتش زدگی کے دوران آگ پر قابو ڈالنے کا معاملہ ہو یا پھر دیگر معاملات ہوں ان کے حل کے لئے کاروباریون کی ایک کمیٹی ہو لازمی ہے اس دوران دیگر مسائل پر بھی غور کیا گیا۔کشمیر عظمی سے بات کرتے ہوئے سابق صدر بیوپار منڈل ستیش ساسن نے کہا کہ سبھی دکاندار چاہتے ہیں کہ بیوپار منڈل کی نئی باڈی تشکیل دی جائے اس کے لئے ضروری ہے کہ تمام دکاندار موجود رہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اجلاس میں چونکہ سبھی دکاندار موجود نہ تھے اس لئے تمام شرکاء نے با اتفاق رائے فیصلہ کیا کہ ایک اور اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں تمام کاروباریوں کو شامل کیا جائے گا تاکہ سبھی دکانداروں کی رضا مندی کے ساتھ ایک اچھی کمیٹی تشکیل دی جا سکے۔
بجلی او ر پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کا مطالبہ
حسین محتشم
پونچھ// سابق ایم ایل اے پونچھ و صوبائی صدر یوتھ نیشنل کانفرنس جموں اعجاز جان نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رمضان ماہ میں صارفین کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کیلئے پانی و بجلی کی معیاری سپلائی فراہم کی جائے ۔موصوف نے کہاکہ پونچھ کی تحصیل منڈی کی عوام کی طرف سے شکایات موصول ہوئی ہے کہ بہت سارے مقامات پر پینے کا صاف پانی عوام کو دستیاب ہی نہیں ہے جبکہ بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ چل رہا ہے اس دوران فرزندان توحید روزہ رکھتے ہیں اور خصوصی عبادات انجام دیتے ہیں اس لئے ضروری ہے کہ ان کو بنیادی سہولیات فراہم ہوں ۔انہوں نے کہاکہ جموں کشمیر کی انتظامیہ کی جانب سے ماہ رمضان سے قبل یقین دہانی کے با وجود عوام کو بنیادی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے بہت ساری مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر جموں و کشمیر سے اپیل کی ہے ان تمام عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے اولین فرصت میں ضلع پونچھ خاص کر دور دراز علاقہ جات میں ماہ رمضان المبارک میں پانی بجلی کی دستیابی کو یقینی بنا نے کے سلسلہ میں ٹھوس اقدامات اٹھانے کی اپیل کی تاکہ اس مقدس مہینے میں عوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
BGSBU میں ثقافتی ورثے کا عالمی دن منایا گیا
راجوری //بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری کے منتظمین نے ثقافتی ورثے کا عالمی دن منا نے کیلئے ایک آن لائن پروگرام کا اہتمام کیا۔شرکا نے منعقدہ پر وگرام کے دوران کہاکہ قدیم ورثے کو بچانے کیلئے طلباء اور لوگوں کو بیدار کرنا اشد ضروری ہے ۔پروگرام کے دوران یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر اکبر مسعود نے منتظمین کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ کووڈ کے دور میں اس نوعیت کے آن لائن پروگرام منعقد کرنے سے عام لوگوں کیساتھ ساتھ طلباء کو بھی فائدہ پہنچ سکتاہے ۔انہوں نے کہاکہ ثقافتی ورثے کا عالمی دن منانے کا مقصد محض ایک رسم کی ادائیگی نہیں ہے بلکہ اپنے ورثے کے سلسلہ میں لوگو ں کو جانکاری فراہم کرنا ہے ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے کشمیر یونیورسٹی کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر شاہنوار مختا ر نے جموں وکشمیر کی ثقافت کے سلسلہ میں تفصیلی خطاب کیا ۔انہوں نے کہاکہ صدیوں سے جموں وکشمیر میں مختلف ثقافتیں ہیں ۔انہوں نے نوجوانوں کو تلقین کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنی ثقافت کو بچانے کیلئے آپسی اشتراک سے کام کریں ۔ان کے علاوہ یونیورسٹی کے ڈین سکول آف مینجمنٹ ودیگران نے بھی موضوع کے اعتبار سے خطاب کئے ۔