ڈویژنل کمشنر نے راجوری میں ترقیاتی عمل کا جائزہ لیا | پروجیکٹوں کو مقرر وقت پر مکمل کرنے کے احکامات صادر
راجوری //ڈویژنل کمشنر جموں ڈاکٹر راگیو لینگر نے راجوری ضلع کا دورہ کرتے ہوئے جاری تعمیر اتی و ترقیاتی پروجیکٹوں کا جائزہ لیا ۔اس دوران ڈاک بنگلہ راجوری میں منعقدہ ایک اجلاس کے دوران ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری راجیش شون ،اے ڈی سی سندر بنی ،نوشہرہ ،کوٹرنکہ کے علاوہ ایس ڈی ایم تھنہ منڈی ،پرنسپل گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری کیساتھ ساتھ مختلف محکموں کے اعلیٰ حکام وپولیس آفیسران نے بھی شرکت کی ۔اس دوران ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری نے ضلع میں چل رہے تعمیر اتی عمل و مختلف پروجیکٹوں کے سلسلہ میں مکمل جانکاری فراہم کی ۔اس کے علاوہ آفیسر موصوف نے ضلع میں مرکزی حکومت کی معاونت سے چل رہی مختلف سکیموں کی عمل آوری کے بارے میں جانکاری فراہم کی ۔ڈویژنل کمشنر نے محکمہ تعلیم کے کام کاج کا جائزہ لیتے ہوئے چیف ایجوکیشن آفیسر کو ہدایت جاری کیں کہ وہ ضلع میں خواتین کی تعلیم کو یقینی بنائیں ۔اس کے علاوہ ضلع میں مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کر دہ سکیموں کی عمل آوری کا جائزہ لیتے ہوئے موصوف نے کہاکہ فلاحی سکیموں کے دائرے میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو لایا جائے ۔ڈویژنل کمشنر نے ڈی سی کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ پروجیکٹوں کو جلداز جلد مکمل کرنے کیلئے ٹھیکیدار کی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے ۔آفیسر موصوف نے محکمہ پی ڈبلیو ڈی ،آب رسانی ،بجلی ،سوشل ویلفیئر کیساتھ ساتھ دیگر محکموں کے کام کاج کا بھی جائزہ لیا ۔
مینڈھر انتظامیہ نے قصبہ کا معائینہ کیا | کئی گاڑیاں ضبط ،متعدد کے چالان بھی کئے گئے
جاوید اقبال
مینڈھر //تحصیل انتظامیہ مینڈھر نے مارکیٹ کا معائینہ کرتے ہوئے ماسک کا استعمال نہ کرنے والوں پر جرمانہ بھی عائد کیا گیا جبکہ اس کارروائی کے دوران بغیر کاغذات کے کئی ڈرائیورں کیخلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی ۔تحصیلدار مینڈھر ڈاکٹر وکرم کمار کی قیادت میں شروع کی گئی مہم کے دوران نائب تحصیلدار اور ایس ایچ او مینڈھر بھی موجود تھے ۔آفیسران نے گاڑیوں کے کاغذات کا معائینہ کرتے ہوئے 6گاڑیوں کو موقعہ پر ہی ضبط کرلیا جبکہ کئی گاڑیوں کے چالان بھی کئے گئے ۔انہوں نے ڈرائیوروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ کووڈ کے پھیلا ئو کوکم کرنے کیلئے گاڑیوں میں صرف 50فیصد سواریاں ہی لوڈ کریں جبکہ بغیر ماسک کے ڈرائیوروں اور سواریوں کیخلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
منجا کوٹ میں رہائشی مکان خاکستر
راجوری //راجوری ضلع کی تحصیل منجا کوٹ میںایک رہائشی مکان آگ لگنے کی وجہ سے خاکستر ہو گیا جبکہ اس دوران کسی جانی نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے ۔پولیس نے بتایا کہ تحصیل کے سروالہ گائوںمیں رہائشی محمد شکور کے گھر میں آچانک آگ نمو دار ہوئی جس کی وجہ سے دو کمروں پر مشتمل رہائشی گھر مکمل طورپر خاکستر ہو گیا ۔پولیس نے بتایا کہ اس سلسلہ میں مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں ۔
ڈی ڈی سی ممبران کا وفد لیفٹیننٹ گورنر سے ملا قی
راجوری //ضلع ترقیاتی کونسل راجوری کے اراکین کا ایک وفد ڈی ڈی سی چیئر مین نسیم لیاقت کی قیادت میں جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے جموں میں ملا قی ہوا ۔اس وفد میں شامل اراکین نے ضلع راجوری میں عوام کو درپیش مسائل کے سلسلہ میں لیفٹیننٹ گورنر موصوف کو تفصیلی جانکاری فراہم کی ۔ وفد نے ایل جی کے سامنے مطالبات کا ایک میمورنڈم بھی پیش کیا جس میں درخواست کی گئی تھی کہ ضلعی ترقیاتی کمشنرز کے تمام اختیارات دیہی ترقی کے ضمن میں ضلع مجسٹریٹ کے سپرد ہونے والے خطوط کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ضلع میں تعینات آفیسران کو بھی جوابدہ بنایا جائے ۔اس کے علاوہ ضلع میں آفیسران اور کونسل اراکین کے مابین بہر تال میل قائم کرنے کیلئے عملی سطح پر اقدامات اٹھانے کی بھی مانگ کی گئی ۔لیفٹیننٹ گورنر نے تمام مسائل کو بغور سنتے ہوئے یقین دلایا کہ عوامی مسائل کیساتھ ساتھ ضلع ترقیاتی کونسلوں کے اراکین کو درپیش مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔
سرنکوٹ قصبہ میں ٹریفک جام سے راہگیر پریشان
بختیار کاظمی
سرنکوٹ//سرنکوٹ قصبہ میں رازانہ کی بنیادوں پر لگنے والے جام کی وجہ سے عام راہگیروں کیساتھ ساتھ دکانداروں کو بھی مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔دکانداروں نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پولیس سٹیشن کے قریب ہی جام لگنا معمول بن گیا ہے جبکہ انتظامیہ کی جانب سے ٹریفک نقل و حرکت کا کوئی معقول بندوبست ہی نہیں کیا گیا ہے جس کی وجہ سے عام لوگوں کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مقامی معززین نے انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رمضان میں ٹریفک انتظامات کو معمول پر لایا جائے تاکہ قصبہ میں آئے صارفین کو دوران خریداری مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
منظور ملک این سی کے صوبائی نائب صدر منتخب
راجوری //نیشنل کانفرنس کے سنیئر لیڈر منظور احمد ملک کو پارٹی کا صوبائی نائب صدر منتخب کرلیا گیا ہے ۔پارٹی کی جانب سے سنیئر لیڈران کو نائب صوبائی صدر منتخب کرنے کیلئے پارٹی صدر داکٹر فاروق عبداللہ کی جانب سے منظوری دی گئی جس کے بعد پارٹی کے صوبائی صدر دویندر سنگھ رانا نے اس سلسلہ میں فیصلہ لیا ۔این سی کے مطابق اس سلسلہ میںنئے منتخب نائب صوبائی صدر کو ہدایت جاری کی گئی ہیں کہ وہ پارٹی کی زمینی سطح پر مضبوطی کیلئے اپی سرگرمیاں شروع کریں ۔
تھنہ منڈی میں مارکیٹ چیکنگ کی گئی
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // ضلع انتظامیہ کی ہدایت پر نائب تحصیلدار تھنہ منڈی قمر دین نے تھنہ منڈی بازار کا معائینہ کیا۔ چیکنگ کے دوران ان کے ہمراہ خلاف ورزی انسپکٹر ، میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی کے ملازمین ، محکمہ امور صارفین کے ملازمین ، اور مقامی پولیس اہلکار بھی شامل تھے۔اس موقعہ پر نائب تحصیلدار نے تمام دْکانوں کی چیکنگ کی اور دکانداروں کو ہدایت دی کہ سرکار کی طرف سے مقرر کی گئی قیمتوں کے مطابق ہی اشیائے ضروریہ فروخت کریں۔ انھوں نے کہا کہ کسی بھی دکان پر زائد المعیاد ساز و سامان ملنے کی صورت میں کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔ نائب تحصیلدار نے دکانداروں کو سخت ہدایت دی کہ کسی بھی قسم کی غیر قانونیت کو بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا۔ چیکنگ کے دوران انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی وقت اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں کو چیک کیا جائے گا اور جو دکاندار بھی منافع خوری ، کالابازاری ، لوٹ مار یا مومی لفافوں کی خرید و فروخت میں ملوث پایا گیا۔ اس کے خلاف سخت قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی۔مارکیٹ چیکنگ کے دوران سبزی فروشوں اور دوسرے دوکانداروں سے تاکید کی کہ دوکانوں پر تر و تازہ سامان رکھیں اور نرخ ناموں کو آویزاں رکھیں تاکہ صارفین کو بآسانی قیمتوں کے بارے میں جانکاری مل سکے۔انہوں نے کورونا کے پیش نظر لوگوں کو ماسک پہننے ، سماجی دوری بنائے رکھنے اور دیگر احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کو کڑی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
45برس سے زائد عمر کے افراد جلد ویکسین لگوائیں :محکمہ
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // کورونا مہاماری کے بڑھتے ہوئے معاملات پر قابو پانے کیلئے محکمہ صحت نے 45برس سے زائد عمر کے افراد سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ جلداز جلد کووڈ ویکسین لگوائیں تاکہ وائرس کے مزید پھیلائو کو روکاجاسکے ۔محکمہ صحت کے عملے نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ اسے صحتمند اور کووڈ فری بھارت کے لئے ایک اچھی کوشش کہا جا سکتا ہے کیونکہ اس وقت پورے ہندوستان میں کئی کروڑ لوگوں کو ویکسین لگائی جا چکی ہے اور تاحال یہ عمل جاری ہے یہی وجہ ہے کہ آج ہندوستان دنیا کا تیز ترین ویکسی نیشن مہم چلانے والا ملک بن گیا ہے۔انھوں نے 45 سال سے زیادہ عمر والے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ ٹیکہ کاری مہم پر توجہ دیں اور اس کا حصہ بنیںتاکہ وہ خود بھی اور ان کا اہل و عیال بھی اس وباء سے محفوظ رہ سکے۔ دوسری جانب تھنہ منڈی پولیس کرونا سے متعلق بنائے گئے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کر رہی ہے۔ پولیس اہلکار بازار میں برابر گشت کر رہے ہیں۔ پولیس انتظامیہ نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ضرورت اور بغیر ماسک کے کسی بھی صورت گھر سے باہر نہ نکلیں ، سماجی دوری بنائے رکھیں اور بھیڑ بھاڑ والی جگہوں پر جانے سے مکمل گریز کریں ورنہ آپ کے ساتھ سخت کارروائی کی جائے گی۔
بھارتیہ جنتا پارٹی یووا مورچہ پونچھ کا اجلاس منعقد
حسین محتشم
پونچھ//ضلع صدر یووا مورچہ بھارتیہ جنتا پارٹی پونچھ نے بی جے پی کے ضلع دفتر پونچھ میں ایک اجلاس منعقد کیاجہاں انہوں نے کرونا وباء کے پھیلائو کو روکنے کے سلسلہ میں وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عوام کو عمل در آمد کرانے کے سلسلہ میں پارٹی کارکنان سے تبادلہ خیال کیا ۔اس دوران تمام جواں کارکنان نے بااتفاق رائے 27 اپریل کو خون کا عطیہ کیمپ لگانے کا بھی فیصلہ کیا۔ انہوں نے تمام جوانوں سے اپیل کی کہ وہ اس کیمپ میں بڑھ چڑھ کر شریک ہوں۔ضلع صدر یووا مورچہ بھارتیہ جنتا پارٹی امن ڈابر نے اس دوران عوام سے اپیل کی کہ وہ عوامی مقامات پر ماسک استعمال کریں اور بھیڑ کا حصہ بننے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ
یوا مورچہ کی جانب سے جلد ہی ایک ہیلپ لائن نمبر بنایا جائے گا تاکہ ضرورت مند ان سے رجوع کر کے بروقت ان کی خدمات حاصل کر سکیں۔
بابا غلام شاہ باد شاہ یونیورسٹی میں تعزیتی اجلاس
راجوری //بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری کے شعبۂ اردومیں ممتاز اردو فکشن نگار مشرف عالم ذوقی کے انتقال پر ایک تعزیتی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں شعبہ اردو کے صدر ڈاکٹر مشتاق احمد وانی نے کہا کہ مشرف عالم ذوقی اکیسویں صدی کے ایک ممتاز فکشن نگار تھے اُن کی وفات سے پوری اردو دنیا میں ایک سناٹا سا چھا گیا ہے ۔انھوں نے سنجیدہ ادب تخلیق کیا ہے ۔اُن کے چاہنے والے پوری دنیا میںموجود ہیں ۔بلاشبہ مشرف عالم ذوقی کے افسانے اور ناول اردو ادب کا عظیم سرمایہ ہیں۔اس موقعے پر ڈاکٹر لیاقت حسین نیر نے بھی اپنے تعزیتی کلمات میں کہا کہ مشرف عالم ذوقی جیسا بڑا ناول نگار وافسانہ نگار پیدا ہونا اب ناممکن ہے ۔اُن کی وفات اردو اور اردو والوں کے لئے ایک بہت بڑا نقصان ہے ۔ڈاکٹر محمد آصف ملک نے کہا کہ ابھی ہم شمس الرحمن فاروقی،پروفیسر ظفر احمد صدیقی ،پروفیسر مظفر حنفی اور پروفیسر مناظر عاشق ہرگانوی کی دائمی جدائی کے غم میں ہی مبتلا تھے کہ مشرف عالم ذوقی جیسے بڑے فکشن نگار داعی ٔ اجل کو لبیک کہہ گئے۔انھوں نے کہا کہ مشرف عالم ذوقی نے ہندوستانی عوام کے اہم مسائل ومعاملات کو اپنے ناولوں اور افسانوں میں فنی عظمتوں کے ساتھ پیش کیا ہے ۔اس تعزیتی اجلاس میں ڈاکٹر نسیم گل صدر شعبۂ اسلامک اسٹیڈیز اور اردو کے ریسرچ اسکالر نے بھی شرکت کی۔آخر پر ڈاکٹر محمد آ صف ملک نے مرحوم کے لئے مغفرت کی دُعا کی ۔
نوشہرہ میں بڑے پیمانے پر کووڈ ٹیسٹ
رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ میں محکمہ صحت کی جانب سے بڑے پیمانے پر کووڈ ٹیسٹنگ مہم شروع کر دی گئی ہے ۔اس مہم کے دوران گزشتہ روز محکمہ ہیلتھ کی جانب سے سب ڈویژن میں 152افراد کے کووڈ ٹیسٹ کئے گئے جن میں کئی افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں ۔اس دوران محکمہ کی جانب سے کووڈ کے پھیلا ئو کوکم کرنے کے سلسلہ میں عمر رسیدہ افراد کو کووڈ ویکسین بھی فراہم کی گئی ۔محکمہ نے لوگوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ سب ڈویژن میں وائرس کے پھیلائو کو کم کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ تعداد میں ویکسین لیں جبکہ اس سلسلہ میں اپنی جانچ بھی کروائیں ۔انہوں نے کہاکہ ہر ایک افراد کو چاہئے کہ وہ عوامی مقاما ت پر ماسک ودیگر احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔