ممتابنرجی کو عمرعبداللہ اور محبوبہ مفتی کی مبارکباد
سرینگر// مغربی بنگال کے اسمبلی چنائو میں شاندار کارکردگی پرپیپلزڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدرعمرعبداللہ نے اتوار کو ترنمول کانگریس کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں نے’’انتشاری اورتقسیمی طاقتوں‘‘کومسترد کیا ہے۔تازہ رجحانات کے مطابق،ممتابنرجی کی قیادت میں ترنمول کانگریس مغربی بنگال میں اقتدارکواپنے پاس رکھنے کوتیار ہیں اور اس کے امیدوار292میں سے200نشتوں پرسبقت حاصل کئے ہوئے ہیں ۔ایک ٹوئٹ میں جموں کشمیرکی سابق وزیراعلیٰ نے کہا،’’ممتابنرجی کو آج کی شاندار کامیابی پر مبارکباد،مغربی بنگال کے لوگوں کوتقسیمی اور انتشاری قوتوں کومسترد کرنے کیلئے مبارک ‘‘۔ادھر کے این ایس کے مطابق سابق وزیر اعلی اور نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے ایک ٹویٹ میں کہاکہ،’’ مغربی بنگال میں قابل ذکر فتح کے لئے ممتا بنرجی اور سب کو دلی مبارکباد۔ بی جے پی اور بڑے پیمانے پر متعصبانہ الیکشن کمیشن نے باورچی خانے کے سنک سمیت ہر چیز کو آپ پر پھینک دیا اور آپ اگلے پانچ سال کے لئے کامیاب ہوگئے۔‘‘
عقلمندبنگالیوں نے نفرت کی سیاست ردکی:غلام احمدمیر
سرینگر//کانگریس نے کہا ہے کہ عقلمند بنگالیوں نے موقع پرستی اور فرقہ پرستی کی سیاست کومسترد کرکے بھاجپا کے لئے واضح لکیر کھینچ لی ہے کہ مستقبل میں کسی بھی جگہ نفرت کی سیاست کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔کے این ایس کے مطابق پردیش کانگریس صدرغلام احمد میر نے اتوار کو کہا کہ بھاجپا خصوصاًوزیراعظم اور وزیرداخلہ نے تمام تر توانائی اور توجہ مغربی بنگال کو حاصل کرنے کیلئے لگائی تھی اور اس کیلئے مغربی بنگال کو میدان جنگ میں تبدیل کیا گیاتھاجبکہ دونوں رہنمائوں نے قومی صحت ایمرجنسی کے احکامات کو بھی نظر انداز کیا ،تاہم مغربی بنگال کی عوام نے اقتدار،پولرائزیشن اور فرقہ پرستی کی سیاست کومکمل طور مسترد کرکے بھاجپا کوآئینہ دکھایا ۔غلام احمد میرنے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی عالمگیر وبا کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے انکی غیر سنجیدہ پالیسی اور ناکامیوں کی قمیت آج 130 کروڑ عوام ادا کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر مرکزی سرکار نے عالمگیر وباء کورونا وائرس کی دوسری لہر سے پہلے احتیاطی تدابیر کے ساتھ ساتھ لوگوں کو طبی سہولیات اور دیگر وسائل کو اپ گریڈ کرنے کے لئے بروقت اقدامات کئے ہوتے تو آج صورتحال بالکل مختلف ہوتی ،لیکن مرکزی سرکار کی مجرمانہ غفلت شعاری ، مختلف محاذوں پر سنگین ترین بدانتظامی اور ناکامیوں کی وجہ سے آج پورا ملک بدترین مشکلات سے دوچار ہوا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ کووِڈ – 19 کی دوسری لہر کی وجہ سے لوگوں کو جس قدر تکالیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ مودی سرکار نے ابتدائی طور صحت کے اعلی ترین ماہرین کی وارننگ اور واضح کردہ رہنما خطوط کی عمل آوری کو نظرانداز کیا کیونکہ وزیراعظم اور اسکی پوری ٹیم کی نظریں مکمل توانائی کے ساتھ مغربی بنگال کے انتخابات پر مرکوز تھیں مگر اتنا کرنے کے باوجود ان کے خواب چکنا چور ہوگئے اور مغربی بنگال کے عقلمند رائے دہندگان نے مودی کی حکمت عملی اور انکی فرقہ پرست سیاست کو مسترد کرکے بی جے پی کو سبق سکھایا۔ کانگریس کے سینئر لیڈر غلام احمد میر نے تامل ناڈو اور کیرالہ کے عوام کو بی جے پی کی نفرت بھری سیاست کو مسترد کرنے پر مبارکباد پیش کی۔
ممتابنرجی زندہ باد:پروفیسرسیف الدین سوز
سرینگر//سابق مرکزی وزیر پروفیسر سیف الدین سوزنے مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس کی جیت پرممتابنرجی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یقینایہ فرقہ وارانہ قوتوں کی شرمناک شکست ہے۔ایک بیان میں سوز نے کہا،’’مغربی بنگال کے اسمبلی انتخابات کے نتائج نے دنیا کو دکھایا ہے کہ جمہوریت اور سیکولرازم ہندوستان کو سماجی اور سیاسی زندگی کی بنیادی اقدار کے طور پر تسلیم کرنا ہوگا۔ممتا بینرجی کے لئے جیت یقینا فرقہ وارانہ قوتوں کے لئے ایک شرم ناک شکست ہے‘‘۔انہوں نے کہا ،’’ پوری دنیا جانتی ہے کہ وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نے الیکشن مہم کے دوران ’’ہر ہر مہادیو اور جے شری رام ‘‘جیسے فرقہ وارانہ نعرے بازی کی تھی۔ممتا بینر جی اور ان کی پارٹی نے دنیا کو دکھایا ہے کہ ہندوستان آنے والے وقت میں سیکولر رہے گا۔یہ بہت بدقسمتی کی بات ہے کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے خود کو ہندوستانی عوام کی نظروں سے گرایا ہے۔ اس لئے یہ کہنا حق بجانب ہوگا کہ ممتا بینرجی زندہ باد ۔‘‘
حکومت زبانی جمع خرچ کے بجائے عملی اقدام کریں:نیشنل کانفرنس
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے جموں وکشمیر اور لداخ میں کورونا وائرس کے تشویشناک حد تک پھیلائو اور مریضوں کی اموات کی شرح میں مسلسل اضافے پر زبردست تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افسوس کی بات ہے مرکزی حکومت اور مقامی انتظامیہ نے گذشتہ سال کورونا وائرس کی پہلی لہر سے کوئی سبق حاصل نہیں کیا اور ایک سال کے دوران شعبہ صحت کو بڑھاوا دینے کیلئے کوئی بھی ٹھوس اقدام نہیں کیا گیا اور حکمران اس وقت ’’آگ لگتے ہی کنواں کھودنے ‘‘ کے مترادف کام میں لگی ہوئی ہے ۔ اگر گذشتہ ایک سال کے دوران کورونا کی دوسری لہر کیلئے تیاریاں کی گئیں ہوتی تو ریاست اور ملک کو موجودہ صورتحال سے دوچار نہیں ہونا پڑتا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ حکومت آئے روز دعوے کررہی ہیں کہ وینٹی لیٹروں، آکسیجن بیڈوں ، ادویات اور ویکسینوں کی کوئی قلت نہیں ہے لیکن زمینی سطح پر ہسپتالوں میں وینٹی لیٹروں کی کمی ہے، مریضوں کیلئے آکسیجن بیڈ دستیاب نہیں ، آکسیجن کی حصولیابی کیلئے تیمارداروں کو زبردست کوفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ ادویات کی کالابازاری عروج پر ہے ۔ ڈاکٹر کمال نے کہا کہ حکومت دعوے کررہی ہیں کہ ویکسین کی کوئی قلت نہیں ہے اگر واقعی ایسا ہے کہ تو طبی مراکز کے بعد Vaccine Out Of Stockکے بورڈ کیوں چسپاں ہیں ؟ڈاکٹر کمال نے حکومت پر زور دیا کہ وہ کاغذی گھوڑے دوڑانے اور زبانی جمع خرچ کی پالیسی کو ترک کرکے عملی طور پر عوام کی راحت رسانی کیلئے اقدامات کریں۔ انہوں نے نئی دلی سے اپیل کی کہ وہ موجودہ تباہ کن صورتحال کے دوران پاکستان کی طرف سے مددکو قبول کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی امداد کی پیشکش صرف ادویات اور دیگر ساز و سامان کی فراہمی ہی نہیں بلکہ دوستی کی پہل سمجھ کر قبول کیا جانا چاہئے۔ کیا پتہ کہ یہی پہل دونوں ممالک کے درمیان دیرپا امن اور مضبوط دوستی کا سبب بن جائے۔
اثر کووِڈ- 19کا | بانڈی پورہ میں فوج کی بھرتی ریلی ملتوی
سری نگر// بانڈی پورہ میں17مئی کو ہونے والی فوج کی بھرتی ریلی کو کورونا وائرس معاملات میںکے تیزی کے ساتھ اضافہ کے پیش نظر ملتوی کیا گیا ہے جبکہ نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا ۔ کے این ایس کے مطابق حکام نے اتوار کو بتایا کہ شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع کے سونر ونی علاقے میں 17 مئی کو ہونے والی فوج کی بھرتی ملتوی کردی گئی ہے۔ عہدیداروں نے یہاں بتایاکہ وادی کشمیر میں کووڈ – 19 کے واقعات میں اضافے کے پیش نظر ، فوج کی بھرتی ریلی جو 17 مئی 2021سے 28 مئی تک منعقد ہونے والی تھی ، ملتوی کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن امیدواروں نے پہلے ہی اس بھرتی ریلی کے لئے اندراج کروایا ہے، ان کا رجسٹریشن نمبر وہی ہوگا اور اس پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ فوجی ذرائع نے بتایاکہ نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا ۔ خیال رہے یہ ریلی2020میں بھی کووڈ کی وجہ سے بھی ملتوی کر دی گئی تھی ۔
کپوارہ کے استادکی برخاستگی کا حکم واپس لینے کا مطالبہ | لیفٹینٹ گورنر کو گمراہ کیا جارہا ہے:بخاری،مشکوک حکم:وانی
سرینگر//اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری اورسول سوسائٹی فورم کے چیئرمین عبدالقیوم وانی نے ایک سرکاری اُستاد کو ملازمت سے برخاست کرنے کو انتہائی افسوس قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ سے ایک غریب کنبہ اِس مشکل گھڑی میں ذریعہ معاش سے محروم ہوگیا۔ ایک بیان میں بخاری نے کہاکہ ایسا لگ رہا ہے کہ نظام کے اندر چند عناصر لیفٹیننٹ گورنر کو اِس حساس معاملہ پر گمراہ کر رہے ہیں جس سے عدم تحفظ کی سطح میں اضافہ اور عوام بالخصوص سرکاری شعبہ میں کام کر رہے ملازمین میں اعلیحدگی پن ، اجنبیت کا احساس بڑھے گا۔ انہوں نے کہاکہ ستم ظریفی یہ ہے کہ ملزم ٹیچر کو اُس کے خلاف لگائے گئے الزامات کا دفاع کرنے کا موقع بھی نہیں دیاگیا۔ بخاری نے کہاکہ حکم نامہ آمرانہ نوعیت کا ہے اور اِس کو جاری کرتے ہوئے دُنیا کی سب سے بڑی جمہوریت میں رہ رہے شہریوں کو حاصل استحقاق کو یکسر نظر انداز کر دیاگیاہے جہاں پر آزاد انہ اور شفاف عدالتی نظام بھی ہے۔ اپنی پارٹی صدر نے کہاکہ اِس حکم سے نہ صرف ملزم ٹیچر کو ایک باعزت ذریعہ معاش کے حقوق سے محروم کیاگیا ہے بلکہ اُس کے کنبہ بشمول چھوٹے بچوں کو بھی بھکمری کے لئے غیر انسانی طریقہ سے چھوڑ دیا گیا ہے ۔بخاری نے لیفٹیننٹ گورنر سے فیصلے پر نظرثانی کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ’’ہماری ملک دُنیا کا سب سے بڑا جمہوری ملک ہے ، اِس طرح کا غافلانہ فیصلہ نہ لیاجائے تو کوئی آسمان نہیں ٹوٹ پڑے گا، ہندوستان اِتنا نازک ملک نہیں کہ ایک غریب اور بے سہارا ٹیچر ، جس کو پہلے ہی قانون نے بری کر دیا ہے ، وہ سیکورٹی کے لئے کسی قسم کا خطرہ ثابت ہوسکتا ہے، لہٰذا میری لیفٹیننٹ گورنر سے مودبانہ اپیل ہے کہ فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے بے سہارا ٹیچر کی نوکری دوبارہ بحال کی جائے ‘‘۔ادھر سول سوسائٹی فورم نے بھی کپوارہ کے استاداور دودیگر ملازمین کونوکری سے برخاست کرنے کاسنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے اس پر برہمی کااظہار کیا ہے۔فورم کے چیئرمین عبدالقیوم وانی نے کہا کہ ادریس احمدنامی استاد اور دودیگر ملازمین کو نوکری سے برخاست کرنے کے حکم نے پورے کشمیرکو جھنجوڑ کررکھدیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے طریقے سے نوکری سے برخاست کرنامشکوک ہے جب تک نہ حقائق کو منظر عام پر لایا جائے اور اس کے بعد عدالتی نظام میں اس کا مقدمہ چلایا جائے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح ملازمین کی اچانک اور بے ترتیب برخاستگی سے وہ ذہنی طور پریشان ہوں گے اور سماج میں بھی انتشار پیدا ہوگا۔عبدالقیوم وانی نے فوری طور اس حک کو واپس لینے کا مطالبہ کیا اور قواعدضوابط کے تحت اس کا جائزہ لینے کا مطالبہ کیا ۔
ڈپٹی کمشنر اننت ناگ کی پابندیوں پرسختی سے عملدرآمد کی تاکید
اننت ناگ//ڈپٹی کمشنر اننت ناگ نے کہا ہے کہ کورونا کے معاملات میں اضافے کوروکنے کیلئے لوگوں کو کمیونٹی سطح میں شامل کرنالازمی ہے۔حکام کی ایک میٹنگ سے خطاب کرت ہوئے انہوں نے پنچایت ہیلتھ کلبوں کے ذریعے لوگوں کو کورونا کی روکتھام کی مہم میں شامل کرنے پرزوردیا اور کہا کہ لوگوں کو ٹیکہ لگانااور پابندیوں پرسختی سے عملدرآمد لازمی ہے۔انہوں نے سب ڈویژنل مجسٹریٹوں پرزوردیا کہ وہ موثر طوران ہیلتھ کلبوں کو کووِڈ- 19 سے پیدا شدہ صورتحال کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار کریں۔انہوں نے گھروں میں الگ تھلگ رکھے گئے افراد کاملاحظہ کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے صحت حکام کو مضافات اور دوردرازعلاقوں میں اکسیجن لگے200بستر وں کی سہولیات مہیا رکھنے کی ہدایت دی تاکہ کومریض نازک نہ ہوں ان کا وہاں علاج کیا جاسکے۔اس میٹنگ میں تمام ایڈیشنل ڈپٹی کمشنروں،سب ضلع مجسٹریٹوں،چیف میڈیکل افسروں ،میڈیکل کالج اننت ناگ کے میڈیکل سپرانٹنڈنٹ،تحصیلداروں ،کے ایس ایس پروبیشنروں،بی ایم اوزاور دیگر متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔اس دوران ضلع میں کورونا پابندیوں کو تاحکم ثانی بڑھایا گیا ہے۔
ڈی سی کپوارہ کا ضلع اسپتال کادورہ
کپوارہ//ڈپٹی کمشنر کپوارہ امام الدین نے اتوار کو کووِڈ اسپتال کپوارہ کادورہ کیا اور وہاں ویکسین کی سپلائی اور کووِڈ مریضوں کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے اسپتال کے مختلف وارڈوں کا معائنہ کیااورملازمین کی حاضری کی بھی جانچ کی ۔اس دوران ڈاکٹروں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہیں بتایا گیا کہ ضلع میں کورونا ویکسین کاوافراسٹاک موجود ہے اور طبی اور نیم طبی عملہ مریضوں کی بہتر طور سے نگہداشت کررہا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے ڈاکٹروں پرزوردیا کہ وہ تندہی اورلگن کے ساتھ کام کرے تاکہ کووِڈ مریض جلد سے جلدصحت یاب ہو۔مابعدڈپٹی کمشنر نے کپوارہ قصبے کے مختلف بازاروں کا معائنہ کیا اور لاک ڈائون کی عمل آوری کا جائزہ لیا۔اس دوران سول سوسائٹی کپوارہ نے بھی ضلع کمشنر کپوارہ سے ملاقات کی اور کورونالاک ڈائون کی مکمل عمل آوری میں انتظامیہ کو مکمل تعاون دینے کا یقین دلایا۔
عوا می مجلس عمل کا احدوز ہوٹل کے مالک سے اظہار تعزیت
سرینگر// عوامی مجلس عمل نے تنظیم کے انتہائی ہمدرد ، میرواعظ خاندان کے دیرینہ محب اور شہر سرینگر کے سرکردہ تاجر و ہوٹلیئر خواجہ غلام حسن احدوز (مالک احدوز ہوٹل) کی شریک حیات کی وفات پر گہرے صدمے کا اظہارکیا ہے۔بیان میں غلام حسن احدوز کی اہلیہ کو غریب پرور خاتون قرار دیتے ہوئے خراج عقیدت ادا کیا گیا ۔تنظیم کی جملہ قیادت خاص طور پر سربراہِ تنظیم میرواعظ محمد عمر فاروق کی طرف سے اس سانحہ پر غلام حسن کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا گیااور اللہ تبارک و تعالیٰ سے سوگوار خاندان کیلئے صبر جمیل اور مرحومہ کی مغفرت کیلئے دعاکی گئی۔
آرینزکالج کے اہتمام سے قانونی امداد اورجانکاری کیمپ کا انعقاد
سرینگر//معاشرے کے کمزور طبقوں کے حقوق کے بارے میں آگاہی پھیلانے کے لئے ، مفت قانونی امداد اور آر ٹی آئی فائل کرنے کی اہمیت اور طریقہ کار کو حاصل کرنے کے لئے آرینز لاء کالج راج پورہ پٹیالہ میں ایک کیمپ کا انعقاد کیاگیا۔ کیمپ آرینزگروپ کے ڈائریکٹر پروفیسر بی ایس سدھو کی سربراہی میں منعقدکیا گیا۔ گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر انشو کٹاریہ نے کہا کہ اس پروگرام کا حصہ ہونے کی وجہ سے طلباء کو عملی علم سے آشنا کیا گیا جو کہ نو عمر وکلاء کے لئے ضروری ہے۔ انہوں نے عام لوگوں سے بات چیت کی جس کی مدد سے اس موضوع کے بارے میں تنقیدی سوچ پیدا کرنے کے لئے کیس اسٹڈیز کا تجزیہ کرنے میں مدد ملی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس پلیٹ فارم نے انہیں اپنے اعتماد کی سطح کو بڑھانے کا موقع فراہم کیا۔ سنسکرتی رانا فیکلٹی آرینزکالج نے آئین ہند کے دفعہ 39 اے کے بارے میں بات کی جو معاشرے کے غریب اور کمزور طبقوں کو مفت قانونی امداد فراہم کرتی ہے اور سب کے لئے انصاف کو یقینی بناتی ہے۔
محکمہ کسانوں کے مفادات کے تحفظ کیلئے پُرعزم : ناظم زراعت
سرینگر // بیجوں ، کھادوں ، کیڑے مار ادویات وغیرہ) کی دستیابی کو یقینی بنانے اور مختلف زرعی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لئے ڈائریکٹر زراعت کشمیر چوہدری محمد اقبال نے ضلع سرینگر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران ناظم زراعت نے کہا کہ خاص اوقات کے لئے خصوصی نقطہ نظر کی ضرورت ہے۔انہوں نے افسران اور فیلڈ افسران سے ان آزمائشی اوقات میں زیادہ پیشہ ور اور مربوط انداز میں کام کرنے کو کہا۔ انہوں نے کاویڈ پروٹوکول پر عمل کرتے ہوئے متعلقہ افسران اور عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ کاشتکاروں تک پہونچیں اور ان کے مسائل حل کریں تاکہ ان کے مفادات کا تحفظ بہترین ممکنہ انداز میں کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ سال 2022 تک کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنے کے ہدف کا تعاقب کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا ، "ہمیں موجودہ صورتحال کو ایک چیلنج کے طور پر لینا ہے اور اس پر قابو پانے کے لئے ہمیں زیادہ عزم ، لگن اور ایک ٹیم کی حیثیت سے کام کرنا ہوگا۔" ڈائریکٹر زراعت نے مختلف زراعت کی تنصیبات ، سبزیوں کے توسیع والے علاقوں ، غیر ملکی سبزیوں کے کھیتوں ، پانی ذخیرہ کرنے والے ڈھانچے ، ہائی ٹیک پولی ہاؤسز وغیرہ کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ تمام کاموں اور پروگراموں کی مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنائیں تاکہ کاشتکاروں کا بروقت فائدہ ہو سکے۔ڈائریکٹر زراعت کے ہمراہ چیف ایگریکلچر آفیسر سرینگر چوہدری محمد یونس ، سب ڈویڑنل ایگریکلچر آفیسر سری نگر جاوید اقبال لون اور دیگر سینئر افسران اور ضلعی سری نگر کے عہدیدار موجود تھے۔
اصحابِ بدرؓ کوخراج عقیدت | حقانی ٹرسٹ کے اہتمام سے آن لائن کانفرنس
سرینگر// حقانی میموریل ٹرسٹ نے غزوہ بدر کی یاد میں اور اصحابِ بدرؓ کو گلہائے عقیدت نچھاور کرنے کی نسبت سے آن لائن کانفرنس کا اہتمام کیا جس میں کئی علماء نے شرکت کی۔ عالم دین مولانا شوکت حسین کینگ نے کانفرنس کی صدارت کی۔ ٹرسٹ کے سرپرست اعلیٰ سید حمید اللہ حقانی نے شرکاء کا استقبال کرتے ہوئے کہا کہ غزوہ بدر کو چودہ سو سال گذر چکے ہیں لیکن آج بھی مسلمانوں کے ایمان کو تازہ کر دیتی ہے۔ مولانا کینگ نے گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ 13 سال تک کفار مکہ نے حضرت محمدؐاور آپ کے صحابہؓ پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑے لیکن قدرت کو کچھ اور ہی منظور تھا۔اللہ کی خاص فتح ونصرت سے 313 مسلمانوں نے کفار کے ایک بڑے لشکر کو شکست سے دوچار کرکے فتح حاصل کی ۔اعجاز احمد ککرو نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ جنگ بدر ہی سے اسلام کا عروج شروع ہوا کیونکہ اس جنگ کی عظیم فتح نے یہ واضح کر دیا تھا کہ اب مسلمان ایک ایسی زندہ قوم اور ایسی عظیم قوت بن گئے ہیں کہ جن کا مٹانا لوہے کے چنے چبانے کے مترادف ہے۔ تنظیم المدارس جموں و کشمیر کے جنرل سکریٹری مولانا محمد اشرف نے کہا کہ امر واقعہ ہے کہ جنگ بدر اسلام کے فلسفہ جہادکا نقطہ آغاز ہے، یہ وہ اولین معرکہ ہے جس میں شہادت کے مرتبے پر فائز ہونے والے جنت میں داخل ہونے میں بھی پہل کرنے والے ہیں۔
نیشنل کانفرنس کا عمران نبی سے اظہار تعزیت
نیوز ڈیسک
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی کے سابق لیڈر مرحوم غلام نبی ڈار ( کولگام) کی ہمشیرہ (اہلیہ غلام حسن زرگر ساکن کولگام) کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس سانحہ ارتحال پر مرحومہ کے جملہ سوگواران خصوصاًمرحومہ کے برادرزادہ پارٹی ترجمان عمران نبی ڈار کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے اور مرحومہ کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ ،جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی، سینئر لیڈران سکینہ ایتو، ایڈوکیٹ عبدالمجید لارمی ، الطاف احمد کلو، تنویر صادق، سلمان علی ساگر، سارا حیات شاہ، احسان پردیسی، مدثر شہمیری اور دیگر لیڈران نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
گرو تیغ بہادرر جی کا یوم پیدائش ,کپوارہ میں مضمون نویسی اور مباحثہ کا انعقاد
کپوارہ// محکمہ تعلیم کپوارہ کی کلچرل ونگ کے تعاون سے ضلع انتظامیہ نے گرو تیغ بہادر جی کے 400 ویں یوم پیدائش کے موقع پر مختلف سرگرمیاں انجام دیں۔اس موقع پر کلچرل ایجوکیشن ونگ کے زیر اہتمام آن لائن مضمون نویسی اور مباحثے کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلع کے مختلف اسکولوں کے طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اسی طرح ضلع کے مختلف ہائر سیکنڈری اسکولوں میں بھی آن لائن کلاسز کا انعقاد کیا گیا جس میں گرو تیغ بہادور کی تعلیمات اور قربانیوں کو اجاگر کیا گیا۔دریں اثنا ، گرو تیغ بہادور جی کے پندرہ روزہ پروگرام کے موقع پر ضلع میں آن لائن پروگرام جاری رکھے جائیں گے۔
انجمن علماء و ائمہ مساجد کی تعزیت
سرینگر// انجمن علماء وائمہ مساجدجموں وکشمیر کے ایک وفد نے انجمن کے امیر حافظ عبد الرحمن اشرفی کی قیادت میں زنگلپورہ میں مولانا بلال احمد اور مولانا طارق احمد کے والد کی نماز جنازہ میں شرکت کی اس موقع پر وفد نے علماء وائمہ مساجد کی طرف غمزدہ خاندان اور خاص طور پر دونوں علماء کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں انجمن لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔وفد میں صدر ضلع کولگام مفتی شبیر احمد رحیمی،مفتی مشتاق احمد قاسمی مہتمم مدرسہ مفتاح مدارس پاریون،صدر امور مکاتب مولانا قاری طارق احمد مہتمم جامعہ شمس العلوم کیلم، حافظ کلیم اللہ امام ہابلش ،حافظ محمد ایوب مہتمم مدرسہ عبداللہ ابن مکتوم زنگلپورہ وغیرہ نے شرکت کی ۔