ڈی ڈی سی چیئرمین ، ممبران سمیت متعدد وفود مشیر بھٹناگر سے ملاقی
جموں// لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر سے سول سیکرٹریٹ میں ضلع ترقیاتی کونسل کے چیئرمین جموں بھارت بھوشن نے ڈی ڈی سی ارکان نے ملاقات کی اور اُنہیں جموںضلع کے مختلف ترقیاتی مسائل اور خدشات سے آگاہ کیا۔چیئرمین اور ممبران نے مشیر موصوف سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے عوامی اہمیت کے حامل کئی مسائل اُٹھائے اور جموں شہر کے تمام منصوبوں کے کام کو تیزی سے انجام دینے کا مطالبہ کیا۔وفد نے ضلع وار اور بلا ک وار ترقیاتی منصوبوں کی تشکیل کے لئے ڈی ڈی سی ممبران کو مناسب اِختیارات دینے کا بھی مطالبہ کیا۔اُنہوں نے اَرکان کے لئے مناسب سیکورٹی اِنتظامات کا بھی مطالبہ کیا۔مشیر موصوف نے وفد کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے اُنہیں یقین دِلایا کہ ان کے تمام جائز مطالبات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔اُنہوں نے اُنہیں بتایا کہ ایل جی اِنتظامیہ نے جموںوکشمیر میں پی آر آئی کومضبوط کیا ہے اور ڈی ڈی سی جموںوکشمیر کی جاری ترقی کی بنیادی ہے۔دریں اثنأ جموں چیمبر آف کامرس اینڈ اِنڈسٹری کے ایک وفد نے بھی مشیر بھٹناگر سے ملاقات کی اور انہیں چیمبر کو درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا ۔ اُنہوں نے دیگر مسائل کے علاوہ کووِڈ کی ممکنہ تیسری لہر سے نمٹنے کے لئے تاجروں کی مکمل ٹیکہ کاری کا مطالبہ کیا۔اِسی طرح آل جموں وکشمیر گورنمنٹ انجینئرنگ ڈرافٹس مین ایسوسی ایشن سینٹرل باڈی کے ایک وفد نے مشیر بھٹناگر سے ملاقات کیا اور محکمہ میں ان کی خدمات سے متعلق کئی مسائل اٹھائے۔ انہوں نے مناسب ترقی اور دیگر سروس فوائد کے لئے بروقت بنیادوں پر ڈی پی سی کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے آئی ٹی آئی کے ووکیشنل انسٹرکٹروں کے ایک وفد نے آئی ٹی آئی کے گزیٹیڈ اور نان گزیٹیڈ اَسامیوں کے لئے بھرتی کے قوانین کو حتمی شکل دینے کی مانگ کی۔اِسی طرح گورودارہ چرن کمل استھان گورونانک صاحب کے ایک وفد نے مشیر موصوف سے ملاقات کی اور مذہبی گوردوارہ کی تعمیر نو کے لئے زمین الاٹ کرنے کا مطالبہ کیا۔نئی بستی نمبلا رام نگر کے مقامی لوگوں کے ایک وفد نے مشیر بھٹناگر کے کئی مسائل اُٹھائے اور اَپنے علاقے میں پی ڈبلیو ڈی روڈ اور اپروچ والز کی دیکھ ریکھ کا مطالبہ کیا۔اِن وفود کے علاوہ جموں ، سانبہ ، کٹھوعہ اور دیگر ملحقہ علاقوں کے کئی اَفراد نے مشیر موصوف سے ملاقات کی اور ان کی شکایات کے ازالے کا مطالبہ کیا۔مشیر موصوف نے اِن وفود کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہیں یقین دِلایا کہ ان کے تمام جائز مطالبات کو وقت پر حل کیا جائے گا۔
مشیرفاروق خان کی عوامی ملاقات | 18اگست کوکنونشن سینٹر جموں میں
جموں//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان 18؍ اگست( بدھ وار) کو صبح ساڑھے 10بجے کنونشن سینٹر کنال روڈ جموں میں لوگوں سے ملاقات کریں گے ۔مزید بتایا گیا ہے کہ وَفود اور اَفراد مذکورہ مقام پر مشیر موصوف سے مل سکتے ہیں۔ایسے تمام اَفراد جو ایل جی شکایتی سیل میں ملنے کے لئے آئیں گے، ان سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ حفظانِ صحت کے رہنما خطوط اور پروٹوکول پر عمل پیرا رہیں اور کووِڈ ۔19 وَبائی بیماری کے پھیلائوکو روکنے کے لئے وَفود تین اَفراد سے زیادہ نہ ہوں۔
مینڈھر سے بم برآمد ہونے کے بعد ایجنسیاں متحرک
سمت بھارگو
راجوری //ضلع پونچھ کے مینڈھر سب ڈویژن میں سے حالیہ دنوں سیکورٹی فورسز کو برآمد بم کے بعد سیکورٹی ایجنسیاں متحر ک ہو کر اس سلسلہ میں مزید لنک کی تحقیقات کرنے میں مصروف ہیں ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ فوج اور پولیس کی جانب سے اس سلسلہ میں ایک تلاشی مہم مشترکہ طورپر شروع کی گئی تھی جس کے دوران کسبلاڑی علاقہ سے فوج نے محمود حسین ولد محمود منشی نامی ایک مقامی شخص کی تلاشی کے ووران آئی ای ڈی برآمد کر کے ملوث افراد کو گرفتار کرلیا تھا ۔سرکاری ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہاکہ کسبلاڑی سے چار بم برآمد ہونا سیکورٹی ایجنسیوں کیلئے ایک تشویش ناک بات ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقعہ ہے کہ اس نوعیت کے بم برآمد ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ آئی ای ڈی برآمد ہونے کے بعدملی ٹینٹوں کے پلان کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے ۔ایک سنیئر آفیسر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ مذکورہ نوعیت کے بم سیکورٹی ایجنسیوں کیلئے تشویش کا باعث ہیں جبکہ اس سلسلہ میں مزید تحقیقاتی عمل جاری رکھا گیا ہے ۔
راجوری کا پُر اسرار قتل کیس حل | مقتول کی بہن اور2مقامی لڑکے گرفتار
سمت بھارگو
راجوری //جموں وکشمیر پولیس نے راجوری میں ہوئے سنسی خیز قتل کیس کو حل کرتے ہوئے واقعہ میں ملوث 3ملزما ن کو گرفتار کرنے کا دعوایٰ کیا ہے ۔پولیس نے بتایا کہ اس واقعہ کی تحقیقات کے دوران مقتول کی بہن اور دو مقامی لڑکوں کو گرفتار کر کے مزید تحقیقاتی عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔راجوری میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی راجوری شیما این قصاب نے بتایا کہ 11اگست کو پولیس نے ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 538/2021پولیس سٹیشن راجوری میں درج کیا گیا تھا ۔انہوں نے بتایا کہ پولیس کو ایک جانکاری ملی تھی کہ چکلی علاقہ میں بچن سنگھ ولد کرم چند کے گھر کچھ افراد نے رات کی تاریکی میں گھس کر انکت بخشی پر تیز دھار والے ہتھیار سے حملہ کر کے قتل کر دیا جس کے بعد پولیس نے ایک کیس درج کر کے تحقیقات شروع کی ۔انہوں نے بتایا کہ تحقیقات کیلئے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی تھی ۔انہوں نے بتایا کہ ایدیشنل ایس پی ہیڈ کوارٹر راجوری کی قیادت والی ٹیم نے معاملہ کی تفصیلی تحقیقات اور مواصلاتی نظام کے استعمال کیساتھ ساتھ دیگر ڈاٹا جمع کر کے 3افراد کو گرفتار کرلیا ہے جن کی شناخت راجن شرما ولد وجے کمار سکنہ چنگس اور مقتول کی بہن پریا بخشی کے طورپر ہوئی ہے تاہم ایک نوجوان کی شناخت قانونی اعتبار سے خفیہ رکھی گئی ہے ۔ایس ایس پی نے بتایا کہ مقتول کی بہن اور راجن کمار کے درمیانہ تعلقات تھے تاہم مقتول ان تعلقات کیخلاف تھا جس کی وجہ سے دونوں نے سازش کے تحت مقتول کو راستے سے ہٹانے کی کوشش کی ۔انہوں نے بتایا کہ 10اور 11اگست کی درمیانی شب قتل کا کارنامہ انجام دیا گیا جبکہ اس سلسلہ میں مزید تحقیقاتی عمل شروع کر دیا گیا ہے ۔
بڈھا امرناتھ یاترا 2021 | 2دنوں میں 15سو سے زائد یاتریوں نے حاضری دی
عشرت حسین بٹ
منڈی// تحصیل منڈی کے بڈھا امرناتھ مندر میں پیر کو جموں و کشمیر کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے پندرہ سو سے زائد یاتریوں نے حاضری دی۔سرکاری ذرائع کے مطابق پیرکو بڈھا امرناتھ مندر منڈی میں خطہ پیر پنچال سے تعلق رکھنے والے سناتم دھرم سبھا کے 1500سے زائد یاتریوں نے منڈی میں حاضری دے کر اپنی عقیدت کے پھول نچھاور کئے ۔بتایا جاتا ہے کہ ساون کے مہینے کو سناتم دھرم سبھا کے مطابق بہت پاک اور متبرک منا جاتا ہے جس پورے ماہ میں شیو جی کی پوجا کی جاتی ہے اور بڈھا امر ناتھ مندر منڈی کو بھی شیو جی کا ایک پاک جبکہ منا ناجاتا ہے جس کو دیکھتے ہوئے اس ماہ میں اس مندر میں یاتریوں کا آنا جانا لگا رہتا ہے۔ ایڈوکیٹ رونک شرما نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ گزشتہ دو برسوں سے کووڈ کے چلتے اگر چہ منڈی بڈھا امرناتھ مندر میں یاترا نہیں ہوئی مگر ساون کے ماہ کو اہلِ حنود کے ہاں بہت زیادہ فوکیت دی جاتی ہے اور ہندو دھرم کے لوگ اس ماہ میںشیو جی کی پوجا کر کے اپنی عقیدت کا اظہار کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بڈھا امرناتھ منڈی میں پوجا کے دوران کوڈ ایس او پیز کا بھی بہت خیال رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڈھا امرناتھ منڈی ہندو دھرم کا بہت بڑا مرکز ہے جہاں پر کووڈ سے قبل ملک کے مختلف علاقوں سے یاتری حاضری دینے کیلئے آتے ہیں ۔
پہاڑی سے گر کر خاتون لقمہ اجل
عشرت حسین بٹ
منڈی//منڈی تحصیل کے علاقہ بیدار بلنائی میںپیر کو ایک خاتون پہاڑی سے لڑھک کر لقمہ اجل بن گئی ۔پولیس کے مطابق ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے علاقہ بلنائی بیدار میں ایک خاتون جس کی شناخت زرینہ بیگم زوجہ محمد رشیدسکنہ بلنائی کے طور پر ہوئی ہے ،اپنے مال مویشیوں کیلئے گھاس کاٹ رہی تھی کہ اچانک اس کا پاوں پھسل گیا اور وہ پہاڑی سے لڑھک گئی جسے مقامی لوگوں کی مدد سے سب ضلع ہسپتال منڈی لایا گیا جہاں سے ابتدائی علاج کے بعد اسے مزید علاج کیلئے ضلع ہسپتال پونچھ لے جایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسی بعد ازاں قانونی لوازمات کے بعد پولیس نے اسے آخری رسومات کیلئے وارثوں کے حوالے کر دیا۔
راشن آئی ڈی میں ہیرا پھیری کرنے کا الزام
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے بھاٹی دھار علاقہ کے رہائشی ایک شخص نے محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ اس کی راشن کارڈ آئی ڈی کسی دوسرے شخص کو جاری کر دی گئی ہے جس کی وجہ سے وہ گزشتہ آٹھ ماہ سے راشن سے محروم ہے تاہم اس سلسلہ میں محکمہ سے رجوع کرنے کے باوجود بھی محکمہ کی جانب سے کوئی تعاون نہیں کیا جارہا ہے ۔متاثرہ شخص نے بتایا کہ اس کا راشن کارڈ زیر آئی ڈی نمبر 011000992187اس کے پاس موجود ہے اور اس کے راشن کارڈ میں تین افراد درج ہیں تاہم متعلقہ ڈیلر اور محکمہ کی آپسی ملی بھگت سے مذکورہ راشن کورڈ کسی دورسرے شخص کو جاری کردیا گیا ہے ۔متاثرہ کنبہ نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ اس کو گزشتہ آٹھ ماہ کا راش فراہم کروانے کیساتھ ساتھ اس کا کارڈ درست کرنے کی ہدایت جاری کی جائیں ۔
سنئی میں ٹریفک حکام کی کارروائی
بختیار کاظمی
سرنکوٹ//لوگوں کی شکایت کے بعد سرنکوٹ کے سنئی علاقہ میں ٹریفک حکام نے کارروائی کرتے ہوئے قاعدہ کیخلاف کرایہ وصول کرنے والے ڈرائیورں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی ۔اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر کی ہدایت پر محکمہ کے انسپکٹر ظہور احمد کی قیادت میں ٹیم نے اچانک سنئی گائوں میں چھاپہ مار کر غیر قانونی طورپر کرایہ وصول کرنے والے ڈرائیوروں کے چالان کئے تاہم اس دوران کارروائی کے بارے میں سنتے ہی کئی ڈرائیور گاڑیوں سمیت سڑکوں سے غائب ہوگئے ۔غور طلب ہے کہ مذکورہ علاقہ میں غریب عوام سے دوگنا کرایہ وصول کیا جارہا تھا جس کو لے کر مکینوں نے متعلقہ حکام سے شکایت کی تھی ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ڈرائیوروں کی جانب سے دوگنا کرایہ وصول کیا جارہا ہے جبکہ ان کو غیر ضروری طورپر ہراساں بھی کیا جارہا ہے ۔متعلقہ حکام نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ قاعدہ کیخلاف کرایہ وصول کرنے والے ڈرائیوروں کی جانکاری حکام کو فراہم کی جائے تاکہ اس سلسلہ میں کارروائی عمل میں لائی جاسکے ۔
سڑک حادثے میں 1لقمہ اجل
پرویز خان
منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ کے گھمبیر مغلاں علاقہ میں ہوئے ایک سڑک حادثے میں 1شخص لقمہ اجل بن گیا ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ تحصیل گھمبیر مغلاں علاقہ میں ایک ٹاٹا موبائل گاڑی زیر نمبرJK11B-8948.ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہو کر حادثے کا شکار ہوگئی جس کی وجہ سے محمد خلیل ولد محمد نظیر سکنہ کوٹلی کالابن لقمہ اجل بن گیا ۔مکینوں نے بتایا کہ گھمبیر مغلاں سے گالا کی جانب جارہی مذکورہ ٹا ٹا موبائل حادثے کا شکار ہوگئی جس کی وجہ سے کنڈیکٹر سیٹ پر بیٹھا ہوا شخص لقمہ اجل بن گیا تاہم گاڑی کا ڈرائیور مو قعہ سے فرار ہوگیا ہے ۔پولیس نے اس سلسلہ میں منجا کوٹ پولیس سٹیشن میں ایک معاملہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کردی ہے ۔
۔7 محرم الحرام کی مناسبت سے جلوس اور مجالس کا انعقاد
حسین محتشم
پونچھ// امام بارگاہ پونچھ میں سات محرم الحرام کی مناسبت سے جلوس اور مجلس کا انعقاد کیا گیا، عزاداروں کی کثیر تعداد نے فرزند امام حسنؑ حضرت قاسم کی یاد میں سینا کوبی کی۔اس دوران مرکزی جامع مسجد علی سے شبیہ عَلم و شبیہ تابوت حضرت قاسم ؑ جلوس بر آمد ہوا جو امام بارگ پونچھ میں اختتام پذیر ہوا جس کے بعد مجلس منعقد ہوئی، جلوس عزا کے دوران عزاداروں نے آل نبی کی یاد میں سینہ کوبی کی۔جلوس عزا کے بعد مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے مولاناتصدیق حسین زید پوری نے فضائل ومصائب شہدائے کربلا بیان کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید میں ارشاد خدا وندی ہے کہ’’ کیا تم نے یہ سوچا ہے کہ ہم نے تمھیں یوںہی بھیجا ہیـ‘‘۔انھوں نے کہا کہ یہ آیت اشارہ کر رہی کہ انسان اپنی خلقت کے بارے میں غور وفکر کریں۔انہوں نے کہا لیکن افسوس انسان سب کچھ معدیت کو ہی سب کچھ سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں سمجھنا ہوگا کہ یہ زندگی کیوں عطا کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ غور کرے کی بات ہے کہ کیا مکان، کھانا لباس یہ سب زندگی کے لئے ہے یا زندگی ان چیزوں کے لئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہلال و حرام اللہ نے بنائے ہیں، حرام چیز جسم کو اگر طاقت ور بنا بھی لے روح کو بیمار کر دیتی ہے اور جس کی روح رجس کی شکار ہو وہ آئمہ کے قریب نہیں جا سکتے کیونکہ اللہ نے اعلان کر دیا ہ ہے کہ آئمہ ؑ کے نذدیک رجس نہیں آسکتا۔ انہوں نے کہا حلال وحرام انسان کے فائدہ کے لئے۔انہوں نے کہا کہ انسان کو پیدا کرنے کا ایک کا مقصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ نے ہم پر ایک نجس جانور کا حق ہے رکھا اگر آپ کے آپ اتنا ہی پانی ہے کہ جس سے آپ وضو کر سکتے ہیں لیکن ایک نجس جانور پیاس سے تڑپ رہا ہے اگر وہ پانی نہ پئے تو مر جائے گا اس موقع پر شریت حکم کرتی ہے کہ آپ جانور کو پانی پلائیں اور مٹی پر تیمم کر کے نماز ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ جانوروں کے لئے اتنا احتیاط ہیں ۔انسان کا انسان پر بڑے حقوق ہیں۔مجلس عزا کے دورا کشمیر مرثیہبھی پڑھا گیا اور نوجوانوں نے ماتم و نوحہ بھی کیا۔ ساتویں محرم الحرام کے پر ضلع پونچھ کی تحصل منڈی میں بھی ایتوار کو بعد نماز مغربین کوڈ19کے رہنما خطوط پر عمل در آمد کرتے ہوئے احاطہ امام بارگاہ عالیہ میں ہی جلوس عزا بیاد گار حضرت قاسم علیہ السلام نکالاگیا اس دوران بھی نواجوانوں ، بچوں، بزرگوں نے نوحہ و ماتم کر کے شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا۔جلوس عزا کے بعد امام بارگاہ عالیہ میں ہی مجلس عزا منعقد کی گئی جہاں مولانا مہدی زیدی نے فضائل ومصائب اہل بیت بیان کیے۔پیر کے روز ضلع پونچھ کی بانڈی چچیاں، سنئی پنیالی، گورسائی اور دیگر مقامات پر بھی شہدا کربلا کی یاد میں جلوعزا بیاد گار حضرت قاسم ابن الحسنؑ بر آمد ہوئے اور عزادارں نے ماتم اور گریہ زاری کی اور اپنے اپنے انداز میں
شہداء کربلا سے محبت کا اظہار کیا۔اس دوران انتظامیہ کی جانب سے حضرت امام حسینؑ اور ان کے رفقاء کے نام پر نذرونیاز کا بھی اہتمام کیا گی۔
سیزنل سکولوں میں تعینات اساتذہ کا وفد ڈی سی سے ملاقی
حسین محتشم
ڈوڈہ //محکمہ تعلیم میں کام کر رہے سیزنل اساتذہ نے باقاعدہ طور پر مستقل بنانے و سکولوں میں بنیادی ڈھانچہ فراہم کرنے کا حکام سے مطالبہ کیا ہے۔زون سرنکوٹ کے اساتذہ کے ایک وفد نے پیر کے روز ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور چیف ایجوکیشن افسر پونچھ سے ملاقات کی جہاں انہوں نے کہا کہ وہ پچھلے کئی برسوں سے ضلع کے پہاڑی علاقوں میں گوجر بکروال طبقہ سے وابستہ بچوں کو سال میں صرف چھ ماہ پڑھاتے ہیں اور باقی چھ ماہ بیکار رہتے ہیں۔ اعجاز احمد ٹیچر کی قیادت میں اساتذہ نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان قلیل سی رقم پر بطور سیزنل ٹیچر اپنی خدمات انجام دیتے ہیں لیکن وہ تنخواہ بھی وقت پر ادا نہیں کی جاتی ہے جس
کے نتیجے میں انہیں مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیزنل اسکولوں میں زیر تعلیم سینکڑوں بچے کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کرتے ہیں اور بنیادی ڈھانچہ کا فقدان ہے۔انہوں نے ماہانہ مشاہرے میں اضافہ کرنے، بچوں کو مڈے میل، وردی، کتابیں و بیگ فراہم کرنے کا اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا۔سیزنل ٹیچر نے الزام لگایا کہ اب ان کے ساتھ ایک اور نا انصافی کی جا رہی ہے ۔انھوں نے کہا کہ سکینڈ ٹیچر کی جو نئی فہرستیں بنائی جا رہیں ہیں ان میں میرٹ کا کوئی بھی لحاظ نہیں رکھا جا رہا ہے۔انھوں نے سیکنڈ ٹیچرس کی فہرست میرٹ پر بنانے بنانے کا مطالبہ کیا ۔افسران سے ملاقات ہونے والے وفد میں محمد اشرف، جاوید اقبال، محمد شفیق اور محمد فاروق شامل تھے ۔
مختلف زونوں کے رہبر کھیل اساتذہ کی صفائی مہم
حسین محتشم
پونچھ//ڈائریکٹر یوتھ سروسز اور سپورٹس کی طرف سے جاری کردہ ہدایت نامہ کو مدنظر رکھتے ہوئے پونچھ میں قدرتی آبی ذخائر کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے رہبر کھیل اساتذہ کی مہم جاری ہے ۔ چوہدری محمدقاسم ضلع سپورٹس افسر پونچھ کی سربراہی میں پرویز ملک آفریدی رہبر کھیل اساتذہ ایسوسی ایشن کے ترجمان نے اپنے ساتھیوں رہبر کھیل اساتذہ کے ساتھ پونچھ کے مختلف علاقوں میں صفائی مہم شروع کی۔ اس دوران انھوں نے ساتھرہ بلاک میں منڈی پونچھ پر واقع تاریخی چشمے جہاں ہر روز سینکڑوں افراد میٹھا اور ٹھنڈا پانی پیتے ہیں کے ارد گرد صفائی کی اور دوسروں کو بھی اس قدرتی چشمے کی حفاظت کرنے کی اپیل کی ۔انہوں نے اپنے ساتھوں سے درخواست کی کہ وہ جوش و جذبہ سے کام کریں اور اس سلسلہ کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔انہوں نے کہا کہ اس مہم کا مقصد قدرتی چشموں کا تحفظ کر نا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ پانی کو محفوظ کرنے کے لئے اپنے چشموں اور تالابوں کو صاف کرنا بہت ضروری ہے۔اس موقعہ پر سرنکوٹ زون کے شبیر احمد ، اعجازاحمد ، سجادحسین ، مختار احمد، زون ساتھرہ کے گنیت ، سجاد ، وقار ، عادل ، مقصود اور زون منڈی تنویر ، یونس موجود رہے۔
این ایچ ایم ملازم کی رحلت پراظہار تعزیت
کنبے کو ایکس گریشیا ریلیف اور نوکری فراہم کرنے کا مطالبہ
محمد تسکین
بانہال//ایمرجنسی ہسپتال بانہال میں این ایچ ایم کے تحت MMPHWکی حیثیت سے تعینات عارضی ملازم شبیر احمد بٹ ساکنہ لامبر بانہال اتوار کی شام رحلت کر گئے ہیں۔ وہ42برس کے تھے ۔ شبیر احمد بٹ سماجی تنظیم سوشل ویلفیئر ایسوسی ایشن بانہال کے ایگزیکٹو ممبر فاروق احمد بٹ کے چھوٹے بھائی تھے ۔ شبیر احمد بٹ کی رحلت پر کئی سماجی ، سیاسی اور دینی انجمنوں نے رنج و غم۔کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کیلئے اللہ سے مغفرت کی دعا کی یے ۔ اس سلسلے میں سوشل ویلفیئر ایسوسی ایشن بانہال اور میڈیکل ایمپلائز فیڈریشن نے بانہال ہسپتال میں الگ الگ تعزیتی نشستوں کا انعقاد کیا ۔ سوشل ویلفیئر ایسوسی ایشن بانہال نے مرحوم کی جنت نشینی اور بٹ خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی اللہ تعالی سے دعا کی یے۔ انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مہلوک کے پسماندگان کے حق میں معاوضہ ادا کیا جائے۔میڈیکل ایمپلائز فیڈریشن ضلع رابن کی طرف سے بانہال سب ڈسٹرکٹ ہسپتال میں ایک تعزیتی اجلاس منعقد ہوا ۔اس تعزیتی اجلاس میں مرحوم کیلئے مغفرت کی دعا کی گئی اور پسماندگان کو اس صدمے سے ابھرنے کی دعا کی گئی ۔میڈیکل ایمپلائز فیڈریشن رامبن کے ضلع صدر رام بن محمد اختر ملک نے محکمہ صحت کے اعلی حکام سے اپیل کی کہ وہ مرحوم شبیر احمد بٹ کے لواحقین کے حق میں ایکسگریشیا ریلیف واگذار کریں اور مرحوم کی اہلیہ کو این ۔ایچ۔ایم کے تحت کسی معقول پوسٹ پر تعینات کیا جائے تاکہ ان کی زندگی کو دشواریوں کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
اپنی پارٹی ضلع اکائی ڈوڈہ کا اعلان
جموں//اپنی پارٹی نے ضلع اکائی ڈوڈہ کا اعلان کیا ہے۔ پارٹی صوبائی صدر منجیت سنگھ نے صدر سید الطاف بخاری کی منظوری ملنے کے بعد کمیٹی عہدیداران کے ناموں کا اعلان کیا جن کی سفارش ضلع صدر ڈوڈہ رحمت اللہ نے کی تھی۔ ضلع کمیٹی ڈوڈہ کے عہدیداروں میں ضلع صدر اصغر حسین کھانڈے، سنیئر نائب صدر سہیل ملک، نائب صدر محمد صادق، محمد طیعب بیگ، محمد شعبان اور سجاد حسین، جنرل سیکریٹری میں سرجیت سنگھ منہاس اور وریندر کمار شرما، سیکریٹری چوہدری محمد اسرائیل، پبلسٹی سیکرٹری فرید احمد زرگر اور آرگنائزر شاہ نواز خان شامل ہیں۔