بی ڈی سی چیئرمین اوڑی کی قیادت میں وفدایل جی سے ملاقی
سرینگر//بلاک ڈیولپمنٹ کونسل اوڑی کے چیئرمین کی صدارت میں ایک وفد نے یہاں راج بھون میں لیفٹینٹ گورنر سے ملاقات کی۔وفد میں پی آر آئی نمائندوں سمیت بلاک ڈیولپمنٹ کونسل ممبرشوپیان،بلاک ڈیولپمنٹ کونسل چیرمین شانگس ،یوتھ نمائندے اورکپوارہ کے مذہبی رہنمااورسماجی کارکن شامل تھے۔انہوں نے اپنے متعلقہ علاقوں کی ترقی سے متعلق مسائل لیفٹینٹ گورنر کی نوٹس میں لائے جن میں سڑک رابطوں کی فراہمی،سرحدی سیاحت،موبائل نیٹ ورک، اور دیگرترقیاتی معاملے شامل ہیں ۔لیفٹینٹ گورنر نے ممبران کو یقین دلایا کہ ان کے جائز مسائل کو فوراًحل کیا جائے گااورکہا کہ انتظامیہ سرحدی اور دور افتادہ علاقوں کی ترقی کیلئے توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایسانظام ترتیب دیا ہے جس کی وجہ سے ترقیاتی کام زمینی سطح پرتیار کئے جاتے ہیں اورپھر انہیں اعلیٰ حکام کو آگے روانہ کیاجاتا ہے۔ انہوں نے عوامی نمائندوں پر زوردیاکہ وہ لوگوں کو درپیش مسائل اُجاگر کرنے کیلئے کوششیں جاری رکھیں۔ اس سے قبل سابق ممبرقانون سازکونسل سریندر امباردار نے لیفٹینٹ گورنر سے ملاقات کی اور مختلف عوامی مسائل ان کی نوٹس میں لائے۔انہوں نے کشمیر سے نقل مکانی کرچکے پنڈتوں کے حقوق اور مفادات کاتحفظ کرنے اور ان کی شکایات کے ازالے کیلئے آن لائن پورٹل قائم کرنے کیلئے لیفٹینٹ گورنر کا شکریہ اداکیا۔
صوبائی کمشنرکاسرینگر میں کووِڈ ۔19 ٹیکہ کاری مہم تیز کرنے پر زور | شہرمیںروزانہ25000ٹیکے لگانے کا ہدف
سری نگر//صوبائی کمشنر کشمیر پانڈو رانگ کے پولے نے ڈویژنل کووِڈ ۔19 کنٹرو ل روم کشمیر میںضلع سری نگر میں کووِڈ۔19 ٹیکہ کاری مہم کے حوالے سے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں اِنچارج ڈویژنل کووِڈ۔19 کنٹرول روم کشمیر ( ڈی سی سی آر کے) طاہر احمد ماگر ، ڈپٹی ڈائریکٹر ہیلتھ سکمز ڈاکٹر عبدالرشید ، سی ایم او سری نگر ڈاکٹر جمیل ، ڈپٹی سی ایم او ڈاکٹر نگہت ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر فیملی ویلفیئر ڈاکٹر مسرت ، ایپیڈ یمولوجسٹ کشمیر / ایس ایس او ڈاکٹر طلعت جبین اور مختلف سینئر سطح کے پبلک ہیلتھ سپیشلسٹس ڈی سی سی آر کے نے شرکت کی۔دورانِ میٹنگ صوبائی کمشنر کشمیر نے ضلع سری نگر میں کووِڈ ۔19 کے خلاف جاری ٹیکہ کاری مہم میں حاصل ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے تمام ایل عمر گروپوں کے لئے بالخصوص جہاں ٹیکوں کی کوریج کم ہے ۔کووِڈ ۔19 ٹیکہ کاری مہم کو ضلع سری نگر میں تیز کرنے پر زور دیا۔ اِنچارج ڈی سی سی آر کے نے صوبائی کمشنر کو ضلع سری نگر میں کام کرنے والی ٹیکہ کاری ٹیموں کی حاصل کردہ پیش رفت کے بارے میں جانکاری دی۔اِس موقعہ پر صوبائی کمشنر کشمیر نے ضلع میں موجود ضلعی اَفسران اور ملازمین کو ہدایت دی کہ وہ ضلع سری نگر میں ٹیکہ کاری ٹیموں کو مزید بڑھا دیں اور سی ایم او سری نگر کو مزید 150 ٹیکہ کاری ٹیمیں ضلع سری نگر کے اِن کم کوریج والے علاقوں میں لگانے کی ہدایت دی۔صوبائی کمشنر نے سی ایم او سری نگر کو مزید ہدایت دی کہ وہ اَپنے ضلع کے ان کم کوریج والے علاقوں کی نشاندہی کریں اور ضلع میں مشن موڈ ماڈل پر ٹیکہ کاری مہم کو تیز کریں۔ یہ ٹیکہ کاری ٹیمیں مرکزی حکومت کے اِداروں ، یوٹی گورنمنٹ کے اِداروں ، کوچنگ سینٹروں ، بس سٹینڈوں ، ٹرانسپورٹ یارڈوں ، ریلوے سٹیشن ، شاپنگ کمپلیکس ، بڑی مارکیٹوں،مساجد / زیارت ہوں ، ضلعی عدالتوں ، ہائی کورٹوں ، فروٹ / ویجی ٹیبل منڈیوں ،پارک ،باغات ، کالج اور یونیورسٹیوں میں ٹیکہ کاری مہم کو تیز کریں گی ۔صوبائی کمشنر اِن ٹیموں کے لئے یومیہ 25,000 ویکسی نیشن کا ہدف مقرر کیا ہے کیوں کہ ٹیموں کی تعداد اَضلاع میں موجودہ 75 سے 225 ٹیموں میں بڑھا دی گئی ہے تاکہ اہل مستحقین کی صد فیصد ٹیکہ کاری ہدف حاصل کیا جاسکے۔ اُنہوں نے ضلع کی سی اے بی مانیٹرنگ ٹیموں پر مزید زور دیا کہ وہ ضلع میں سی اے بی کی مانیٹرنگ کو مزید مضبوط بنائیں۔اُنہوں نے سی اے بی مانیٹرنگ ٹیموں کو ہدایت دی کہ وہ ضلع میں کووِڈ مناسب طرزِ عمل ( سی اے بی ) کی خلاف ورزی کرنے پر لوگوں کو بھاری جرمانے عائد کریں۔مزید برآں ، اُنہوں نے میٹنگ میں موجود محکمہ صحت کے تمام متعلقین کو ہدایت دی کہ وہ ضلع میں کووِڈ مناسب طرزِ عمل ( سی اے بی ) اور ٹیکہ کاری پر آئی اِی سی کی سرگرمیوں کو تیز کریں۔دریں اثنأ ، میٹنگ میں موجود تمام اَفسران اور ملازمین سے کہا گیا کہ وہ یومیہ بنیادوں پر کووِڈ ٹیکہ کاری اور سی اے بی مانیٹرنگ کے بارے میں روزانہ کامیابیوں کی رِپورٹ صوبائی اِنتظامیہ کشمیر کے دفتر میں پیش کریں۔
قبائلی ریسرچ اِنسٹی چیوٹ کی 30 فیلو شپس کو منظوری
سری نگر//قبائلی ریسرچ اِنسٹی چیوٹ جے اینڈ کے نے 12 مختلف شعبوں میں سال 2021-22 ء کے لئے 30 فیلو شپز کی منظوری دی ہے تاکہ ایکشن ریسرچ ، سٹیڈیز اور جموںوکشمیر میں قبائلی طبقے کی سماجی و اِقتصادی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لئے منصوبہ مرتب کئے جاسکیں۔ پروگرام کا مقصد نوجوان سکالروں، محققین اور پروفیشنلوں کو پروجیکٹ اور پالیسی کی تشکیل میں شامل کرنا ہے تاکہ کمیونٹی کے مطالبات کے مطابق محکمانہ اِقدامات کی مدد کی جاسکے۔سیکرٹری قبائلی اَمور محکمہ اور ڈائریکٹر ٹی آر آئی ڈاکٹر شاہد اِقبال چودھری نے کہا کہ محکمہ نے مختلف شعبوں میں فیلو شپ کی منظور دی ہے جو کہ ترقیاتی منصوبہ کی بنیادہے جس کا مقصد قبائلی فلاح و بہبود ہے اور اِس سکیم کے تحت مختلف منصوبوں پر عمل درآمد کے نتائج کا تجزیہ بھی ہوگا۔جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ نے حال ہی میں ایک ورکنگ گروپ تشکیل دیا جس کی سربراہی سیکرٹری قبائلی اَمور ڈیپارٹمنٹ نے کی اور چیئرمین ڈائریکٹر آر کائیوز اینڈ آر کیالوجی ، سیکرٹری جے کے اے اے سی ایل ، ڈائریکٹر لائبریریز اینڈ ریسرچ ، ڈائریکٹر قبائلی اَمور اور جموں یونیورسٹی کے شعبوں کے سربراہ ، کے یو،بی جی ایس بی یو اور سینٹرل بطور ممبرہیں۔ ورکنگ گروپ کو جموںوکشمیر میں ٹی آر آئی قائم کرنے کا کام سونپا گیا ہے ۔پیشہ ورانہ فیلو شپ کا نوٹیفکیشن قبائلی علوم میں انسٹی چیوٹ آف ایکسی لینس کے قیام کی طرف پہلا قدم ہے۔فیلو شپ کو 12 شعبوں میں منظوری دی گئی ہے جن میں ہیلتھ اینڈ نیوٹرین ، ریموٹ سنسنگ اینڈ جی آئی ایس، بھیڑ و پشوپالن اور ڈیرنگ ، پبلک ہیلتھ اینڈ سینی ٹیشن ، ریسرچ اینڈ پالیسی ، لٹریچر ، کلچر ، ویب ڈیزائننگ ، آئی ٹی اینڈ ڈیجیٹائزیشن، ایف آر اے کی عمل آوری ،خواتین کو بااِختیار بنانے اور قبائلی نوجوانوں کے لئے معاش سکیمیں شامل ہیں۔میڈیسن اور پبلک ہیلتھ میں گریجویٹس قبائلی صحت کا جامع سروے کریں گے اور مختلف سکریننگ کیمپ منعقد کریں گے۔ریموٹ سینسنگ اور GIS میں قبائلی دیہات ، ہائی لینڈ چراگاہوں کی رہائش ، نقل مکانی کے راستے ، ٹرانزٹ سہولیات اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی مکمل نقشہ سازی کی جائے گی جو کہ علاقے کی ترقی کے اِقدامات کے لئے مؤثر وسائل کی منصوبہ بندی میں محکمہ کی مدد کرے گی۔ لائیو سٹاک ہسبنڈری اور ڈیری فیلوشپ کا مقصد 100 دودھ والے دیہات کی ترقی ، گاؤں کے مخصوص ڈی پی آر بنانا ، قبائلی نوجوانوں کی ہنرمندی، پیکنگ اور مارکیٹنگ کے منصوبے اور مویشیوں کی مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن کو نشانہ بنانا ہے۔ریسرچ اور پالیسی میں فیلوشپ قبائلی فلاح و بہبود ، بین الصوبائی ہم آہنگی اور لوکل ائیریا ڈیولپمنٹ کے لئے سیکٹر پالیسی تشکیل دینے پر توجہ مرکوز کرے گی اور قبائلی امور محکمے کے ذریعے مالی اعانت فراہم کرنے کے لئے ماڈلوں پر کام کرنے کا بھی منصوبہ بنایا گیا ہے۔
پونچھ میںدریا سے عمر رسیدہ شخص کی لاش برآمد | راجوری میںخاتون دریائی ریلے میں بہہ گئی
سمت بھارگو
پونچھ+راجوری //سرحدی ضلع پونچھ میں ایک عمر رسیدہ شخص کی لاش دریا سے برآمد ہوئی ۔ادھرسرحدی ضلع راجوری کے اندروٹھ علاقہ میں ایک خاتون دریائی ریلے میں بہہ گئی۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ سرنکوٹ سب ڈویژن کے پوٹھہ علاقہ میں ایک مقامی دریا سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی ہے جبکہ مذکورہ شخص کی شناخت محمد تاج و الد باغ حسین سکنہ پوٹھہ کے طور پر ہوئی ہے ۔جموں وکشمیر پولیس نے بتایا کہ مذکورہ شخص کی لاش اتوار کی بعد دوپہر ایک مقامی نالے سے باز یا ب ہوئی ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ واقعہ کی پولیس کو اطلاع موصول ہونے کے بعد لاش کو اپنی تحویل میں لے کر طبی معائینہ کیلئے منتقل کیا گیا جبکہ اس سلسلہ میں مزید تحقیقات بھی کی جارہی ہے ۔اس دوران سرحدی ضلع راجوری کے اندروٹھ علاقہ میں ایک خاتون دریائی ریلے میں بہہ گئی ۔خاتون کی شناخت 32سالہ رخسانہ کوثر زوجہ محمد شبیر سکنہ رانی بدتیر گائوں کے طور پرہوئی ہے ۔جموں وکشمیر پولیس نے بتایا کہ مذکورہ خاتون اتوار کی شام دریا عبور کررہی تھی تاہم اس دوران وہ ایک دریائی ریلے میں بہہ گئی ۔انہوں نے بتایا کہ خاتون دریا میں بہہ کر لاپتہ ہوگئی ہے جبکہ اس کی تلاش جاری ہے ۔انہوں نے بتایا کہ جموں وکشمیر پولیس کیساتھ ساتھ مقامی لوگوں کی جانب سے خاتون کی تلاش جاری رکھی گئی ہے ۔
خانیار حملے میں پولیس سب انسپکٹر کی ہلاکت پرسیاسی رہنمابرہم | کافی دکھی ہوں:محبوبہ مفتی،انتہائی افسوسناک:عمرعبداللہ،بربریت:کانگریس،بے حس خونریزی :الطاف بخاری
سرینگر//پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی ، نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبد اللہ اور اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری سمیت دیگر کئی سیاسی جماعتوں و لیڈران نے خانیار میں سب انسپکٹر ارشد احمد کی ہلاکت کی پرزور مذمت کرتے ہوئے واقعہ کو انتہائی افسوسناک قرار دیا ۔پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے ٹویٹر پر اپنی ایک ٹویٹ میںلکھا کہ خانیار سرینگر میں پولیس کے سب انسپکٹر کی ہلاکت کی خبر سننے سے کافی دکھی ہوئی ہوں اور اللہ تعالیٰ سے دعا کرتی ہوں کہ مرحوم کو جنت میں جگہ دیں اور لواحقین کو یہ صدمہ عظیم برداشت کرنے کی توفیق بخشے ۔ ادھر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے بھی اپنے تعزیتی پیغام میں لکھا کہ سرینگر کے خانیار علاقے میں جنگجو یانہ حملے میںپولیس آفیسر ارشد احمد کی ہلاکت انتہائی افسوس ناک واقعہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میںوہ غم زدہ خاندان کے ساتھ ہے اور مرحوم پولیس آفیسر کی جنت نشینی کیلئے دعاگو ہے ۔ ادھر اپنی پارٹی کے صدر بخاری نے کہاکہ ’’ خانیار واقعہ بے حس خونریزی میں ایک اضافہ ہے جس نے ایک اور کشمیری خاندان کو تشدد کا شکار بنا یا‘‘۔ انہوں نے کہاکہ اِس طرح تشدد کے سنگین واقعات نے صرف جموں وکشمیر کی صورتحال مزید خراب کی ہے اور غم زدہ خاندانوں کو اذیتوں سے دوچار کیا ہے۔ انہوںنے واقعے کو انتہائی افسوس ناک قرار دیا اور مطالبہ کیاکہ اِس کے ذمہ داران کی فوری طورشناخت کر کے اُنہیں انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیاجائے۔ انہوں نے مزید کہا’’اپنی پارٹی اِس واقعہ کی پرزور مذمت کرتی ہے جس کے نتیجے میں ایک پولیس افسر کی جان چلی گئی، کسی بھی مہذب معاشرے میں تشددکسی بھی صورت میں قابل ِ قبول نہیں اور اِس کی ہر ایک کو مذمت کرنی چاہئے ‘‘۔ جموں وکشمیر میں سیاسی جماعتوں سے انتخابی فایدے کے لئے جذبات کو اُکسانے سے باز رہنے کی اپیل کرتے ہوئے بخاری نے کہاکہ سیاسی ایجنڈے کی تکمیل کے لئے معصوم لوگوں کی جانوں کو داؤ پر نہ لگایاجائے۔ بخاری نے مزید کہا، ’’یہ ستم ظریفی ہے کہ بعض سیاسی طاقتیں، ایسے غیر انسانی سانحات سے خوشی حاصل کر رہی ہیں اور رائے عامہ کو اس انداز میں متحرک کرنے کی کوشش کر رہی ہیں جو اُن کی انتخابی سیاست کے مطابق ہو لیکن ان سے میری گذارش رہے گی کہ خدا را اپنے حقیرسیاسی وانتخابی مفاد کے لیے لوگوں کی جان کو خطرے میں نہ ڈالیں‘‘۔جموں کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی نے اتوار کو خانیارمیں پولیس سب انسپکٹر کی ہلاکت پربرہمی کااظہار کرتے ہوئے اِسے غیرانسانی اوربدقسمتی سے تعبیر کیا۔ایک بیان میں پارٹی نے سب انسپکٹرارشداحمد کی ہلاکت میں ملوثین کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اس واقعہ کوبربریت قراردیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسے واقعات سے لوگوں میں مزیدخوف پیداہوگااوران کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔پارٹی نے جموں کشمیر کی حفاظتی صورتحال پرافسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ خراب ہوتی حفاظتی صورتحال نے ایک اورقیمتی زندگی کو چھین لیا۔پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کے یوتھ کارڈنیٹروسطی کشمیرعارف لائیگرو نے بھی خانیارمیں پولیس افسر کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے اِسے بربریت سے تعبیرکیا ہے۔انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ایسی ہلاکتوں سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ارشد پروبیشن پرتھااوراُس نے کونسا گناہ کیاتھاجس کی بنا پراُسے مارا گیا۔پی ڈی پی رہنمانے ہلاکتوں کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے بامعنی مذاکرات پر زوردیا۔
سیوشاردامشن کے اہتمام سے بارہمولہ کانفرنس | کشمیریونیورسٹی میں شاردااسٹیڈی سینٹر کے قیا م کی تجویزپیش کروں گی:درخشاں اندرابی
سرینگر//شاردانہ صرف مشہوریاترامقام ہے بلکہ یہ ہمارے درخشان ماضی کی علامت ہے جس کی وجہ سے پورے کشمیرکوشارداپیٹھ کانام دیاگیاتھا ،جس کامطلب سیکھنے کی جگہ ہے اوراب ہمیں شاردا تیرتھااورشارداپیٹھاکوبحال کرنے کیلئے ٹھوس اقدام کرنے کی ضرورت ہے۔ان باتوں کا اظہار بھاجپا کی ترجمان اعلیٰ اورمرکزی وزارت اقلیتی امور کی وقف ترقیاتی کونسل کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشان اندرابی نے بارہ مولہ میں ’سیوشاردامشن‘کے اہتمام سے’شارداتہذیب کی کھوج‘ عنوان سے منعقدہ ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر اندرابی نے ایک بیان کے مطابق سیوشاردامشن کی شارداتہذیب سے متعلق ایسے سمیناراورپروگرام منعقد کرنے کیلئے سراہنا کی اور کہا کہ یہ خوشی کا مقام ہے کہ ہم کشمیرمیں ایسے سمینارکے انعقاد کیلئے ماحول تیار کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں جن میں مقامی لوگ بھی شریک ہورہے ہیں ۔ ڈاکٹر درخشان اندرابی نے کہاکہ وہ کشمیریونیورسٹی میں شاردااسٹیڈیزسینٹرکے قیام کی تجویز پیش کریں گی جہاں ہمارے کھوئے رابطوں کودوبارہ تحقیق سے قائم کیاجائے گا۔کانفرنس میں پاکستانی زیرانتظام کشمیرکے محققوں اورتمدنی کارکنوں نے ورچولی حصہ لیا۔معروف قلمکارخواجہ عبدالغنی جنہوں نے اردومیں شارداکمپلکس پرتحقیقی کبات تحریر کی ہے،نے بھی اپنی آراء پیش کی۔ اپنے کلیدی خطبے میں سیوشاردامشن کے کنوینررویندرپنڈتا نے کہا کہ شارداتہذیب کبھی رنگارنگ تھی اوراس کاذکرپورے جنوبی اور وسطی ایشیاء کے تاریخی کتابوں میں ملتا ہے ۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اُس پار کشمیرکے شاردا گائوں تک اِس پار کے کشمیر سے ایک رابطہ بنایا جائے تاکہ ہم اپنے تہذیبی جڑوں کے قابل فخر مقام تک جانے میں کامیاب ہوں۔اس موقعہ پر ایس ایس پی بارہ مولہ رئیس محمدبٹ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنریارعلی خان بھی موجودتھے۔
عوامی نیشنل کانفرنس کاایجنڈا مسئلہ کشمیر کا حل: مظفر شاہ
سرینگر // عوامی نیشنل کانفرنس کے سینئر نائب صدر مظفر شاہ نے کہا ہے کہ بھاجپا اور اُس کی درپردہ جماعتوں کو جموں وکشمیر میں حکومت بنانے کے سوچنے کا بھی موقع نہیں دیںگے۔ کے این ایس کے مطابق کپوارہ میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے مظفر شاہ نے کہاکہ جموںوکشمیر میں امن کیلئے عوامی نیشنل کانفرنس کا ایجنڈا خون خرابے کے بغیر بہتر انتظامیہ اور بھارت و پاکستان کے درمیان مسئلہ کشمیر کے تمام خطوں کے فریقوں کو اعتماد میں لینا ہے جو اہمیت کا حامل ہے۔انہوںنے کہاکہ جموں و کشمیر میںتب ہی حالات میں بہتری آئے گی جب بھارت کے آئین میں موجود دفعہ370اور 35Aکو بحال کیا جائے۔ مظفر شاہ نے کہاکہ حکمران بی جے پی کو اس بات کا ادراک ہے کہ 5اگست 2019کے تباہ کن فیصلوں کے کیا نتائج سامنے آئے ہیں۔ مظفر شاہ نے کہاکہ خطہ اور مذہب سے مبرا لوگوں کو جموںوکشمیر کو یونین ٹیریٹری میں تقسیم کرنا قبول نہیں ہے۔ نامہ نگاروں کی طرف سے اسمبلی انتخابات کے بارے پوچھے گئے سوال کے جواب میں مظفر شاہ نے واضح طور پر کہاکہ ریاستی درجہ کی بحالی ایک اہم عنصر ہے اور PAGDکا جموںوکشمیر کے غیر قانونی طور پر چھینے گئے آئینی حقوق کی بحالی کیلئے جدوجہد کرنے کا فیصلہ سب سے برتر ہے۔ انہوںنے کہاکہ بھاجپا اور اس کی درپردہ جماعتوں کو جموںوکشمیر کے لوگ کرارا جواب دینے کیلئے تیار ہیں جنہوںنے عوام کو سیاسی، سماجی اور معاشی طور پر پشت بہ دیوار کردیاہے۔
کئی روز کی بارشوں سے شہر کے متعدد علاقوں کی سڑکیں زیرآب
نیوز ڈیسک
سرینگر//کئی روز سے وقفے وقفے سے بارش کی وجہ سے شہر کے بیشتر علاقوں کی رابطہ اور ذیلی سڑکیں زیرآب آگئیں جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو عبورومرور میں مشکلات کا سامناہے۔پائین شہر سرینگر کے علاقہ عید گاہ سے ملحقہ پالپورہ نور باغ، فردوس کالونی، فیصل کالونی سمیت دیگر علاقوں میں ناقص ڈرینج سسٹم کی وجہ سے پچھلے چند روز سے جاری بارشوں کے جمع پانی سے رابطہ سڑکیں زیر آب آگئی ہیں۔مقامی آبادی کے مطابق موسم گرما کے چند گنے چنے دن باقی رہ گئے ہیں جبکہ ابھی تک اندرونی رابطہ، ذیلی سڑکوں پر میکڈیم نہیں بچھایا گیا جس کے نتیجے میں سڑکوں پر بڑے بڑے گڈھے بن گئے ہیں جن کے سبب سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل ہوگئیں جبکہ ناقص نکاسی آب نے رہی سہی کسر پوری کی۔رئیس احمد ڈار نامی شہری نے بتایا کہ حالیہ دنوں بارشیں ہونے سے پالپورہ نور باغ رابط سڑک زیر آب آگئی جس کے نتیجے میں پیدل چلنے والوں کو گندے پانی سے گزرنا پڑ رہا ہے ہم گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ متعلقہ اداروں کو ہدایت دے کرسڑک کو قابل استعمال بنایا جائے۔ادھر راج باغ اور اس سے ملحقہ کرسو راج باغ کی اندرونی رابطہ سڑکیں بھی چند روز سے جاری مسلسل بارشوں کے نتیجے میں زیر آب آگئیں جس کی وجہ سے مقامی آبادی کو عبور و مرور میں مشکلات کا سامنا ہے۔
مینڈھر میںاے ٹی ایم میںچوری کی ناکام کوشش
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر قصبہ میں سٹیٹ بینک آف انڈیا کی جانب سے نصب کر دہ اے ٹی ایم میں سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب چوری کی ایک ناکام کوشش کی گئی ۔جموں وکشمیر پولیس نے بتایا کہ قصبہ میں نصب اے ٹی ایم میں سے پیسے چوری کرنے کیلئے چوروں نے مشین کو توڑنے کی کوشش کی تاہم قصبہ میں تعینات پولیس اہلکار موقعہ پر پہنچ گئے جس کے دوران چور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔ایس ایچ او مینڈھر نے بتایا کہ چوروں نے اے ٹی ایم سے چوری کرنے کی کوشش کی تاہم پولیس اہلکاروں کی بر وقت کارروائی کے بعد چور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے شک کی بنیاد پر دو افراد کو حراست میں بھی لیا ہوا ہے جبکہ اس سلسلہ میں مزید تحقیقات کی جارہی ہیں ۔
کولگام میں بھتہ خوروں کاگروہ بے نقاب | خاتون سے زبردستی روپیہ چھیننے والے3گرفتار
کولگام//کولگام پولیس نے لوگوں سے جبری طور روپیہ پیسہ اینٹھنے والے گروہ کو بے نقاب کرکے تین افراد کو گرفتار کیا ہے۔ایک بیان کے مطابق پولیس کو 11اور12ستمبر کی درمیانی رات کو مخصوص اطلاع ملی کہ راحیل احمد شاہ،عادل احمد بٹ اورعامراحمد شیخ ساکنان چرٹ قاضی گنڈمسماۃ شہزادی زوجہ نثاراحمدشاہ ساکن چرٹ کے گھرمیں زبردستی داخل ہوئے اورا س سے 26000روپے چھین لئے۔پولیس نے ایف آئی آر219/2021درج کرکے تفتیش شروع کی۔قاضی گنڈ تھانے کے تھانیدار کی قیادت میں ایس ڈی پی اور قاجی گنڈ نے ایک ٹیم تشکیل دی،تاکہ ملزموں کو گرفتار کیاجائے۔پولیس نے کافی کوششوں کے بعداورتحقیقات کے تمام ذرائع استعمال کرکے ملزموں کوگرفتار کیااور چھینی گئی رقم کے8000روپے برآمد کئے ۔کیس کی تحقیقات جاری ہے اور مزیدبرآمدگیوں کاامکان ہے۔
یونائٹیڈ لیکچرر فریٹرنٹی کرناہ کی تقریب | نومنتخب عہدیداروں کی حلف برداری
نمائندہ عظمیٰ
کرناہ // یونائٹیڈ لیکچرر فریٹرنٹی کرناہ کی جانب سے نومنتخب صدر ، نائب صدر اور جنرل سکریٹری کی حلف برداری کے سلسلے میں ایک تقریب ہائر سکینڈری سکول کنڈی کرناہ میں منعقد ہوئی جس میں علاقے سے تعلق رکھنے والی تمام اساتذہ کی انجمنوں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ تقریب میں پروفیسر پرویز احمد خان نے مہمان خصوصی کے فرائض انجام دئے جبکہ شیح شبیر احمد اور سینئر لیکچرر فرید احمدنے مہمان ذی وقار کی حیثیت سے موجود تھے ۔اس موقع پر نو منتخب صدر محمد عرفان مغل ، نائب صدر اشفاق احمد اور جنرل سیکریٹری رضوان احمد میر کو انجمن کے تمام عہدیداروں کی موجودگی میں حلف دلایا گیا ۔نومنتخب عہدیداروں نے حلف لیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنا کام ایمانداری اور تندہی سے انجام دیں گے اوراساتذہ کی فلاح وبہبود کیلئے اپنی کوشش جاری رکھیں گے ۔مہمان خصوصی پرویز احمد خان نے اس دوران اساتذہ کو یک جٹ ہوکر کام کرنے پر زور دیا ۔تقریب کے دروان استاد محمد خالد خواجہ ، صحافی اشفاق سعید ،ٹیچر زجوائنٹ ایکشن کمیٹی کے صدر ٹنگڈار افتخار احمد قریشی ، صدر چھمکوٹ ماجد اعوان اور فزیکل ایجوکیشن افسر جمشید احمد میرکے علاوہ دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔
جنوبی کشمیر میں سینکڑوں کنال اراضی پر پھیلی بھنگ تباہ
سرینگر// جنوبی کشمیر میں بھنگ کے خلاف اپنی مہم جاری رکھتے ہوئے محکمہ مال اور پولیس نے سینکڑوں کنال اراضی پر پھیلی بھنگ کو تباہ کردیا ہے جبکہ اس مہم میں درجنوں ٹریکٹر ، مشینوں کے ساتھ ساتھ محکمہ کا عملہ اور مقامی لوگوں نے اپنا تعاون پیش کیا ہے ۔جنوبی کشمیر کے تمام اضلاع میں پولیس و محکمہ مال کے افسران نے ایکسائز محکمہ کے ساتھ مل کر بھنگ کی کاشت کو تبا ہ کرنے کی کارورائیاں تیز کردی ہے اور اس مہم میں ابھی تک سینکڑوں کنال پر پھیلی بھنگ کو تباہ کرتے ہوئے کروڑوں روپے کی منشیات کو ضائع کیا گیا ہے ۔ لوگوں نے کہا کہ اس طرح زرعی اراضی کو بھنگ کی کاشت کیلئے استعمال کرنے والوں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنی چاہئے تاکہ اس عمل پر مکمل کنٹرول ہوجائے۔ اس دوران محکمہ ایکسائز نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی بھی جگہ اسطرح زرعی اراضی پر بھنگ کی کاشت نظر آئے تو محکمہ کو فوری طور اطلاع کریں اور بھنگ کے خلاف جنگ میں محکمہ کو اپنا تعاون پیش کریں ۔
تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی | آریانز گروپ کے چیئرمین کو اعزاز سے نوازا گیا
سرینگر//تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی دکھانے پر فیڈریشن آف پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن پنجاب نے آریانز گروپ آف کالج کے چیرمین کو اعزاز اسے نوازا۔اس سلسلے میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں تعلیمی میدان میںبہترین کارکردگی کیلئے ہریانہ کے گورنر بندارو دتاتریہ نے چیئرمین آریانز گروپ ڈاکٹر انشو کٹاریہ کو اعزاز اسے نوازا ۔ اس موقع پر سنت بلبیر سنگھ سیچوال ، معروف ماحولیات اور سماجی کارکن، پدم شری ایوارڈ یافتہ ڈاکٹر سرجیت سنگھ پٹار ، پنجابی زبان کے مشہور ادیب اور شاعر،ستنام سنگھ سندھو ، چانسلر ، چندی گڑھ یونیورسٹی ، سرپرست ، جے اے کے اور ڈاکٹر جگجیت سنگھ ، صدر ، ایف اے پی اور صدر ، جے اے بھی موجود تھے۔جگجیت سنگھ نے کہا کہ ڈاکٹر کٹاریہ پنجاب کے غیر امدادی کالجوں کے وجود کیلئے 25 سال سے مسلسل کام کر رہے ہیں۔ صرف یہی نہیں ، تھوڑے عرصے میں اس نے آریانزگروپ آف کالجز قائم کیا جو پنجاب اور چندی گڑھ کے بہترین کالجوں میں سے ایک ہے۔ یہ اعزاز حاصل کرنے اور فیڈریشن کا شکریہ ادا کرنے کے بعد ڈاکٹر کٹاریہ نے کہا کہ آریانز گروپ خطے میں معیاری تعلیم کیلئے پرعزم ہے۔ یہ اعزاز حاصل کرنا ان کے لیے باعث فخر ہے۔
ندی نالوں میں مچھلیوں کی پیداروار بڑھانے کا سلسلہ جاری
سرینگر//محکمہ فشریز کی جانب سے جموں کشمیر کے ندی نالوںمیں مچھلیوں کے بیج ڈالنے کاکام مسلسل جاری ہے تاکہ اس سے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم ہوسکے ۔ اس ضمن میں جنوبی ضلع اننت ناگ کے نالہ برنگی میں مچھلیوں کے بیج ڈالے گئے ۔ اب تک وادی اور جموں کے دریائوں میں کروڑوں انڈے ڈال دئے گئے ہیں۔ معلوم ہواہے کہ پرنسپل سیکریٹری زراعت نے ضلع اننت ناگ میں مختلف سکیموں کے تحت ماہی گیری کو بڑھاوادینے کی ہدایت کی تھی ۔ اس ضمن میں آج جوائنٹ ڈائریکٹر فشریز ایم ایم بزاز اور دیگر متعلقہ افسران نے نالہ برنگی میں مچھلیوںکے بیج ڈالے ۔
ڈی آئی پی آر کا سمینہٰ قاضی کی والدہ کے اِنتقال پر اِظہارِ تعزیت
سری نگر//محکمہ اِطلاعات و تعلقات عامہ ( ڈی آئی پی آر) نے محکمہ کی ملازمہ سمینہٰ قاضی کی والدہ کے اِنتقال پر گہرے دُکھ کا اِظہار کیا ہے۔اِس سلسلے میں آج محکمہ کے اَفسران اور ملازمین کی ایک تعزیتی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں شرکأ نے سمینہٰ قاضی کے ساتھ ہمدردی کا اِظہار کیا ۔میٹنگ میں مرحومہ کی روح کے اَبدی اور دائمی سکون اور سوگوار کنبے کو یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی ہمت کے لئے بھی دعا کی ۔
آئی سی ڈی ایس کارکنوں کی برطرفی ناجائز | فوری طور بحال کیا جائے:خورشید عالم
سرینگر// پیپلز کانفرنس کے سینئر لیڈر محمد خورشید عالم نے محکمہ سماجی بہبود کی انٹی گریٹڈ چائلڈ ڈیولپمنٹ سروسز( آ ئی سی ڈی ایس) اسکیم میں کام کررہے 918 ہیلپرٹو سپروائزروں کو بر طرف کرنے کے حکومتی اقدام کی مذمت کی ہے۔خورشید عالم نے ایک بیان میں اس طرح کی کارروائی کو ناجائز اور شدید انتقامی گیری سے تعبیرکرتے ہوئے حکومت سے اس انتہائی اقدام کے بارے میں سوال اٹھایا ہے جس میں 900 سے زائد خاندانوں کا ذریعہ معاش چھین لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیرکا بیورو کیسی طبقہ بد انتظامی کے غیر یقینی ، غیر فطری اور خوفناک انتشار میں ڈوب گیا ہے اور عام آدمی موجودہ حکومت کی طرف سے طاقت کے بے جا استعمال کا خمیازہ بھگت رہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ برطرف کئے گئے ملازمین پچھلے ڈیڑھ برس سے کوویڈ وبائی امراض کے خلاف لڑائی میں سب سے آگے رہے ہیں اور ان کو بر طرف کرنے کی کوئی حقیقی وجہ نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آئی سی ڈی ایس میں 918 کارکنوں کی خدمات ختم کرنے سے نہ صرف ان کی روزی روٹی چھین لی گئی ہے بلکہ ان کے خاندان ، بچے اور ان کے بیمار والدین بھی پریشانی میں مبتلا ہو گئے ہیں۔عالم نے اس فیصلے کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنرسے گزارش کی کہ وہ ان ہیلپروں کی برطرفی کے معاملے پرنظر ثانی کر کے ان کی فوری بحالی کے اقدامات کریں۔
جموں و کشمیر ٹیچرس جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے نو منتحب عہدیداروںنے حلف لیا
سرینگر//جموں و کشمیر ٹیچرس جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے نومنتخب چیئر مین ،پرصدر و جنرل سیکریٹری کی رسم حلف برداری سرینگرمیں منعقد ہوئی جس میںنومنتخب چیرمین سلیم ساگر، صدر ونود شرما و جنرل سیکریٹری نجم جعفری نے حلف لیا اور تنظیم کو فعال و کارگر بنانے کا عہد کیا۔ ریاستی سطح کی اس اعلی تقریب میں میں جموں وکشمیر کے اطراف سے آئے ہوئے مندوبین نے شرکت کی۔ اس اعلی سطحی تقریب میں ایجیک کے صدر محمد رفیق راتھر نے صدر محفل کے فرائض انجام دئے ۔ تنظیم کے نومنتخب چیئرمین سلیم ساگر نے حلف لینے کے بعد اس بات کا عہد کیا کہ وہ اپنے فرض منصبی کو ایمانداری اور تندہی سے انجام دیں گے اور تنظیم کے آئین کے مطابق امور انجام دیں گے۔