سکھ طبقہ کاوفد لیفٹیینٹ گورنر سے ملاقی | کہاتمام طبقات کی جامع ترقی کیلئے حکومت پُرعزم
سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے راج بھون میں ’’یونائیٹڈ کشمیری سکھ پروگریسو فورم‘‘ کے چیئرمین بلدیو سنگھ رینہ کی قیادت میں کشمیر کی سکھ برادری کے وفد سے ملاقات کی۔وفد جس میں مذہبی رہنمائوں ، سول سوسائٹی کے اراکین ، ماہرین تعلیم ، سکھ برادری کے پیشہ ور اَفراد شامل ہیں ،نے لیفٹیننٹ گورنر کو یوٹی میں رہنے والے سکھوں کے مسائل اور مطالبات سے آگاہ کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے وفد کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت معاشرے کے تمام طبقات کی جامع ترقی اور فلاح و بہبود کے لئے پُر عزم ہے ۔ اُنہوں نے وَفد کو یقین دِلایا کہ ان کے تمام جائز مسائل کو جلد اَز جلد حل کیا جائے گا۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر نے کہاکہ سکھ مذہب لوگوں کو اِتحاد کے دھاگے میں باندھتا ہے اور کمیونٹی بے لوث ہو کر اِنسانیت کی خدمت کر رہی ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ آزادی کی جدوجہد میں سکھ برادری کے لوگوں کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے وفد کے پیش کردہ مطالبات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یوٹی اِنتظامیہ اِن کے حل کے لئے فوری اور مناسب کارروائی کرے گی ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ حکومت یوٹی میں پنجابی زبان کے فروغ کے لئے منصوبہ بند طریقے سے کام کر رہی ہے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے کشمیر مائیگرنٹ پورٹل کے حالیہ آغاز کا حوالہ دیتے ہوئے وفد کے اَرکان سے کہا کہ کشمیری مائیگرنٹوں کو جو اَپنی آبائی سرزمین پر واپس آنا چاہتے ہیں، لانے کے لئے ہرممکن مدد فراہم کی جائے گی۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر میں پائیدار اَمن کے قیام کے لئے مربوط نقطہ نظر اَپنائے ہوئے ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پر بات کرتے ہوئے وفد کے اراکین پر زور دیا کہ وہ کمیونٹی کے نوجوانوں کو یوٹی اِنتظامیہ کی جانب سے شروع کی گئی مشن یوتھ کی مختلف سکیموں سے جوڑیں۔اِس موقعہ پر مختلف اَضلاع سے سکھ برادریوں کے کئی نمائندوں نے بھی اَپنے خیالات کا اظہار کیا اور لیفٹیننٹ گورنر کو اَپنے مسائل اور خواہشات سے آگاہ کیا۔اِس قبل وفد نے لیفٹیننٹ گورنر کو 11نکاتی چار ٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا۔
اکڑپارک عشمقام میں معمر شہری کی لاش بر آمد
عارف بلوچ
اننت ناگ // عشمقام میں اکڑ پارک کے نزدیک معمر شخص کی لاش مشتبہ حالت میں بر آمد کی گئی ۔55 سالہ عبدالرحمن بٹ ساکنہ مالا کڈ اکڑکی لاش اکڑ پارک کے نزدیک مشتبہ حالت میں بر آمد کی گئی ۔مہلوک کے گلے پر زخم کے نشان تھے۔اس بیچ واقعہ کی خبر پھیلتے ہی یہاں لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوئی اور نعرہ بازی شروع کی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ بظاہر یہ قتل کا معاملہ ہے لہذا ملوث افراد کو فوری طور گرفتار کیا جائے ۔اس دوران پولیس نے نعش کو تحویل میں لے کر قانونی لوازمات پورے کئے اور معاملے کی باریک بینی سے تحقیقات شروع کی ہے۔
جموںوکشمیر کی مجموعی سماجی معاشی ترقی کو یقینی بنایا جائیگا: نسیتھ پرمانک
پلوامہ میںترقیاتی منصوبوں کو عوام کے نام وقف کیا
پلوامہ//مرکزی حکومت کے جموںوکشمیر کے عوامی رسائی پروگرام کے ایک حصے کے طور پر مرکزی وزیر مملکت برائے اَمورداخلہ اور امورِنوجوان و کھیل کو د نسیتھ پرمانک نے پلوامہ کا دورہ کیا جس کا مقصد مختلف شراکت داروں کا فیڈ بیک حاصل کرنا ہے اور ان کی ترقیاتی خواہشات اور دیگر خدشات کو سننا ہے۔ضلع ترقیاتی پلوامہ بصیر الحق چودھری نے بذریعہ پاور پوائنٹ پرزنٹیشن ضلع کا جائزہ پیش کیا۔وزیر مملکت نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا اِی ۔ اِفتتاح کیا جن میں کثیر المقصد انڈور سٹیڈیم بجوانی ترال ، آئی ایس ایم بلڈنگ لارے کاکہ پورہ ، سب سینٹر گلشن پورہ ، لائبریری بلاک کم ایڈیشنل کلاس روم، جی ڈی سی ترال ، سنگل سٹوری بلڈنگ لام جوہر پورہ ، اور وئیان ، شلوانی ، واہ پورہ ،پیر تکیا ، ابو تراب سے مختلف سڑکیںا ور اونتی پورہ میں ذبح خانہ وغیرہ شامل ہیں۔مرکزی وزیر نے نوڈل داد سارا نائیبگ روڈ ، گوسو دیری روڈ ، اگلر گجر بستی کنی گام روڈ اور پلوامہ مونگھا ماروڈ کا اِی سنگ بنیاد بھی رکھا۔اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے مرکزی حکومت کی تمام وزارتوں سے کہا کہ وہ جموںوکشمیریوٹی کی مجموعی ترقی کے لئے مل کر کام کریں ۔وزیرمملکت نے کہا کہ مرکزی حکومت نے ترقیاتی سکیموں اور انفرادی فوائد کے پروگراموں کا ایک سلسلہ شروع کیا ہے جس کا مقصد اس جموںوکشمیر یوٹی کے لوگوں کی مجموعی سماجی معاشی ترقی کو یقینی بنانا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ پی ایس یوز جموں و کشمیر کے بے روزگار نوجوانوں کے لئے تربیتی پروگراموں کا سلسلہ بھی چلا رہی ہیں۔اُنہوں نے سبزی کی کاشت کرنے کسانوں ، کھیلوں ، تاجروں کی فیڈریشن پلوامہ ، اِنڈسٹریل ایسو سی ایشن آئی جی سی لاسی پورہ ، زعفران گروئورس ، ورمی کمپوزٹ ، این آر ایل ایم کے مستحقین سے بھی ملاقات کی اوراُنہوں نے وزیر کو اَپنے مسائل ،مطالبات اور شکایات گوش گزار کئے۔وزیر نے وفود کو بغور سنا اور وفود کے ساتھ ہونے والی ملاقات پر خوشی کا اِظہا ر کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کا جموںوکشمیر کی ترقی کے لئے وعدہ بند ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ موجودہ عوامی رسائی پروگرام حکومت کی جانب سے لوگوں کے بنیادی مسائل کو جاننے کے لئے شروع کیا گیا ہے۔اُنہوں نے وفود کو یقین دِلایا کہ اُن کی جانب سے پیش کردہ مطالبات اور شکایات کا نوٹس لیا گیا ہے اور انہیںبروقت ازالے کیا جائے گا۔وزیر نے کہا کہ مرکزی حکومت پہلے ہی مختلف فلیگ شپ پروگراموں پر کام کر رہی ہے جس کا مقصد لوگوں کی سماجی و اقتصادی صورتحال کو ترقی دینا ہے اور کئی نئی سکیمیں بھی پائپ لائن میں ہیں۔
وزیر اعظم کیلئے جموںوکشمیر خصوصی ترجیح: جتیندر سنگھ
ایس کے آئی سی سی میںٹریڈ ، کامرس اور سیاحت کے مختلف شراکت داروں کے ساتھ تبادلہ خیال
سری نگر//مرکزی وزیر مملکت وزیر اعظم کے دفتر میں ( اپی ایم او ) ، سائنس و ٹیکنالوجی ، اَرتھ سائنسز اور سپیس ٹیکنالوجی ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے جموںوکشمیر کو خصوصی ترجیح دی ہے جس کی وجہ سے کشمیر کی قدیم شان بحال کیا جارہا ہے۔اُنہوں نے اِن باتوں کا اِظہار آج یہاں ایس کے آئی سی سی میں ٹریڈ ، کامرس ، صنعت ، سیاحت ، ہوٹلوں ، ہاوس بوٹ مالکان، شکارہ والا، ٹرنسپورٹ اور دیگر شراکت داروں کے نمائندوں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کیا۔اُنہوں نے کہا کہ جموں وکشمیرکی ترقی کے لئے مرکزی حکومت کے عوامی رَسائی پروگرام کا ایک حصہ ہے۔وزیر موصوف نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی خود جموںوکشمیر سے متعلق معاملات اور مسائل میں گہری دلچسپی لیتے ہیں اور ہر منصوبے کی خود نگرانی کرتے ہیں ۔ڈاکٹرجتندر سنگھ نے مختلف تجارتی اداروں بالخصوص کاروبار، سیاحت ، ہوٹلوں ، ریستورانوں اور دیگر کاروباری اِداروں کے نمائندوں کے مسائل اور شکایات کا جواب دیتے ہوئے انہیں یقین دِلایا کہ تمام جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔اُنہوں نے کہا،’’ آپ کے مسائل میں بہت ساری چیزیں ہیں جو قابل عمل ہیں اور میں آپ کو یقین دِلاتا ہوں کہ ان تمام مسائل کو جلد اَز جلد حل کیا جائے گا۔‘‘اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں موجودہ حکومت فوری اور جواب دہ ہے جو ذمہ دار حکومت کی پہچان اور اہم پیرا میٹر ہے۔ڈاکٹر جتندر سنگھ کہا کہ جموںوکشمیر کو سیاحت کو فروغ دینے کے لئے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں اور اس سلسلے میں فلم سازوں کو خطے کی طرف راغب کرنے کے لئے جے اینڈ کے فلم پالیسی موجود ہے جوکہ یونین ٹرٹیریٹر ی کے سیاحت کو فروغ دینے میں مدد گار ثابت ہوگی ۔ اس کے علاوہ اُنہوں نے کہا کہ کشمیر اگلے برس ہندوستان سے ریل کے ذڑیعے جُڑ جائے گاجو خطے کے سیاحتی شعبے کے ساتھ ساتھ روزگار پیدا کرنے کے لئے گیم چینجز ثابت ہوگا۔نمائندوں میںکشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ اِنڈسٹریز ، ایف سی آئی کے ، کشمیر اِکنامک الائنس ، ریسٹورنٹس اینڈ حج اینڈ عمرہ ایسو سی ایشن ، کاریگروں کی بحالی فورم ، کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچر ر س فیڈ ریشن ، جے اینڈ کے ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹس ایسو سی ایشن ، ہائوس بوٹ اونرس ایسو سی ایشن ، ہوٹیلئرس کلب شامل تھے۔نمائندوں نے اَپنے شعبے سے متعلق اَپنے مسائل وزیر موصوف کے سامنے گوش گزار کئے ۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان ، میئر سرینگر جنید عظیم متو ،صوبائی کمشنر کشمری پانڈورانگ کے پولے اور ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر اعجاز اسد بھی موجود تھے۔اس سے قبل وزیر نے مرکز کے کام کاج کا جائزہ لینے کے لئے یہاں بمنہ میں ایس سی اے ڈی اے ڈیٹا سینٹر کا دورہ کیا ۔ اُن کے ہمراہ منیجنگ ڈائریکٹر کشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمٹیڈ بشارت قیوم ، ضلع ترقیاتی کمشنر اعجاز اسد ، چیف انجینئر ڈسٹری بیوشن اعجاز احمد اور دیگر متعلقین بھی تھے۔اس کے علاوہ انہوں نے ای کسٹمر کیئر سینٹرکا معائینہ کیا جو بجلی کے نظام سے متعلق لوگوں کی شکایات کو دور کرنے کے لئے چوبیس گھنٹے کام کرتا ہے۔وزیر نے کسٹمر کیئر کے عملے سے بھی بات چیت کی اور شکایات کے بارے میںجانکاری حاصل کی۔
سستی ، جامع صحت اور طبی سہولیات کی فراہمی کے متمنی :مانسکھ مانڈاویہ
منشیات سے خلاصی پانے کے 5مراکز کااِی ۔ اِفتتاح کیا
بارہمولہ// صحت و خاندانی بہبود، کیمیائی اور کھادوں کے مرکزی وزیر مانسکھ مانڈاوِیہ نے مربوط صحت خدمات کو اَپ گریڈ کرنے کے لئے ایک اہم پیش رفت کے تحت ضلع بارہمولہ کے ریجنل اِنسٹی چیوٹ آف ہیلتھ اینڈ فیملی ویلفیئر ( آر آئی ایچ آیف ڈبلیو) دھوبی وَن سے5 ایڈکشن ٹریٹمنٹ فیسلٹی سینٹروں کا اِ ی ۔اِفتتاح کیا۔یہ پانچ ایڈکشن ٹریٹمنٹ فیسلٹی سینٹربڈگام ، بانڈی پورہ ، پلوامہ ، شوپیاں اور کولگام اَضلاع کے لئے ایک ایک وادی بھر میں منشیات کے خاتمے کا موجودہ طریقۂ کار مضبوط کرے گا کیوں کہ وہ منشیات کے عادی اَفراد کو جامع اور مربوط علاج فراہم کریں گے۔مرکزی وزیر نے اِن سینٹروں کا اِی۔ اِفتتاح ضلع ترقیاتی کمشنر بارہمولہ بھوپندر کمار، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر ، چیف میڈیکل آفیسر بارہمولہ مع دیگر متعلقہ اَفسران کی موجودگی میں کیا۔یہ بات واضح ہے کہ مرکزی وزیر صحت اَپنے دو روزہ دورے پر ضلع بارہمولہ میں مرکزی حکومت کے خصوصی عوامی رسائی پروگرام کے ایک حصے کے طور ہیں جس کا مقصد نچلی سطح پر عوامی آراء حاصل کرنا ہے ۔ اِس کے علاوہ نئے ترقیاتی منصوبوں کی ایک سیریز کے ذریعے بنیادی ڈھانچے کو تقویت دینا ہے۔ دریں اَثنا، مرکزی وزیرما نسکھ مانڈاوِیہ نے ایک تقریب کی صدارت کی ۔اُنہوں نے کووِڈ۔19 وایریروں کو ان کی قابل قدر خدمات اَنجام دینے کے لئے مبارک باد دی، جوخدمات اُنہوں نے مشکل حالات میں کووِ ڈ۔19 وَبائی اَمراض کے دوران اَنجام دی ہیں۔مرکزی وزیر نے صحت کے اِداروں میں بنیادی ڈھانچے کو اَپ گریڈ کرنے کے لئے کئے گئے مختلف اقدامات کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کمزور اور پسماندہ طبقات پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہوئی ہے اور لوگوں کو سستی ، جامع صحت اور طبی سہولیات فراہم کرنے کی متمنی ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ آیوشمان بھارت یوجنا کے تحت جموںوکشمیر کے لوگوں کو مفت اور معیار ی صحت سہولیات فراہم کی جارہی ہے اور اسے صحت شعبے کے میں ایک ارتقائی قدم قرار دیا ہے۔
پامپور میںسلینڈر سے گیس کا اخراج | آگ لگنے سے میاں بیوی جھلس گئے
سرینگر//پامپور میں گیس سلینڈر سے گیس کے اخراج کے نتیجہ میں آگ لگنے سے میاں بیوی جھلس گئے۔ کے این ایس کے مطابق جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں اتوار کو معراج الدین بٹ ولد اسد اللہ ساکنہ پامپور کے رہائشی مکان کے باورچی خانہ میں موجود سلینڈر سے گیس کا اخراج ہوا اور آگ نمودار ہوئی۔ آگ لگنے کے ساتھ ہی وہاں افراتفری مچ گئی اور آگ کو بجھانے کی کارروائی شروع کی گئی۔ افراد خانہ نے آگ پر قابو پالیا تاہم باورچی خانہ کو کافی نقصان پہنچا۔ آگ بجھانے کے دوران اسد اللہ بٹ اور اس کی اہلیہ روبینہ بانو جھلس گئے جنہیں فوری طور پر سب ڈسٹرکٹ ہسپتال پامپور لے جایاگیا جہاں سے ڈاکٹروںنے انہیں صدر ہسپتال سرینگر منتقل کیا۔
مرکزی حکومت نے بھارت کو کنگال کر دیا :محبوبہ | کہا’’ طالبان کی چھوڑو اپنی ملک کی سُن لو ‘‘
جموں//یو این آئی//پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی صدر و سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت نے پچھلے سات سال کے دوران سب کچھ بیچ کر ملک کو کنگال کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ٹی وی پر بڑا شور مچایا جا رہا ہے کہ طالبان عورتوں پر مظالم ڈھا رہا ہے لیکن اس کو نظرانداز کیا جاتا ہے کہ اس ملک میں تو ہر 15 منٹ میں ایک ’ریپ‘ہوتا ہے ۔محبوبہ مفتی نے اتوار کو پی ڈی پی یوتھ ونگ کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا’ان لوگوں (بی جے پی والوں) نے 7برسوں کے اندر 70سال سے تعمیر کردہ ملکی ڈھانچہ تباہ و برباد کر دیا، سب کچھ بیچ ڈالا، جموں کے دکاندار پریشان ہیں کہ ریلائنس والے آ رہے ہیں۔ ان لوگوں نے تو پورے ملک کو کنگال کر دیا ہے ‘۔انہوں نے کہا کہ اب جموں کے لوگ بھی سمجھ گئے ہیں کہ دفعہ 370 ہماری حفاظت کرتا تھا،یہ ہماری شناخت، زمین اور نوکریوں کو تحفظ فراہم کرتا تھا، یہ دفعہ 370 سنہ 1947 میں نہیں بلکہ مہاراجہ ہری سنگھ کے وقت بھی لاگو تھا‘۔محبوبہ مفتی نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی میٹنگ کے دوران اُن سے کہا کہ آپ نے جموں و کشمیر کو اپنے ووٹوں اور کرسی کے لئے تباہ و برباد کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اتر پردیش کے انتخابات نزدیک آنے کے ساتھ ہی اب ملک میں افغانستان اور طالبان پر زیادہ سے زیادہ بحث ہو گی۔انہوں نے کہا’لوگوں کو ڈرایا جائے گا کہ’ہمارے ہندو بھائیوں بچوطالبان آرہا ہے، آپ کو خطرہ ہے‘۔محبوبہ مفتی نے کہاکہ ’’طالبان کی چھوڑو اپنی ملک کی سن لو، ہمارے ملک میں کیا ہو رہا ہے ،وہ دیکھ لو۔ کسان زائد از 10ماہ سے سراپا احتجاج ہے‘۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ ٹی وی پر بڑا شور مچایا جا رہا ہے کہ طالبان عورتوں پر مظالم ڈھا رہا ہے ۔ان کا کہنا تھا’کہا جاتا ہے طالبان نے عورتوں پر بڑا ظلم کیا، ارے کیا آپ بھول گئے کہ ہمارے ہاں 15 منٹ میں ایک ریپ ہوتا ہے اور اس کے بعد متاثرہ لڑکی کو رات کی تاریکی میں جلایا جاتا ہے‘۔
جموںوکشمیر کے موجوہ ناگفتہ بہہ حالات المیہ: کمال
سرینگر//نیشنل کانفرنس کے معاون جنرل سیکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر کا ہر طبقہ خصوصاً تعلیم یافتہ نوجوان ناگفتہ بہہ حالات سے دوچار ہیں۔ شیر کشمیر بھون جموں میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے خطا ب کرتے ہوئے مصطفی کمال نے کہاکہ نیشنل کانفرنس ہمیشہ امن وامان اور لوگوں کو ہر سطح پر راحت پہچانے کے اصولوں پر قائم و دائم رہی ہے اور ساتھ ساتھ جموںوکشمیر کے تہذیب و تمدن خصوصاً بھائی چارے کی علم کو فروزاں رکھنے پر چٹان کی طرح آج بھی قائم ہے ۔ انہوںنے کہاکہ جموں وکشمیرکا ہر طبقہ اس وقت ناگفتہ بہہ حالات سے دوچار ہے اور ہمارے نوجوان خصوصاً تعلیم یافتہ نوجوان بے روزگاری کی وجہ سے غیر یقینیت اور مایوسی کی زندگی گزار رہے ہیںجو ہم سب کیلئے ایک المیہ اور انتظامیہ کیلئے ایک بڑا چلنج ہے ۔انہوںنے کہاکہ دوسری طرف لوگوں کو 5اگست2019سے ہر سطح پر بنیادی آئینی اور جمہوری حقوق سے محروم کر دیا گیا اور سابق ریاست کا خصوصی درجہ غیر آئینی طور پر چھین لیا گیا جن پر آج بھی تینوں خطوں کے عوام سراپا احتجاج ہے اور خصوصی درجے کی بحالی کیلئے ہم قانونی جنگ میں مصروف ہیں۔ ڈاکٹر کمال نے کہا کہ افسوس اس بات کا ہے کہ عوام کو اب مذہبی آزادی کے ساتھ ساتھ آزادی صحافت سے بھی محروم کر دیا گیا ہے۔انہوںنے کہا کہ پر یس کی آزادی سلب ہے، ہماری مقدس زیارت گاہوں اور مساجد مقفل رکھی گئی ہیںا ور نماز جمعہ بھی خصوصاً درگاہ حضرت بل ، زیارت پیر دستگیر صاحب خانیار، نقشبند صاحب کے ساتھ ساتھ تاریخی جامع مسجد بھی مقفل رکھی گئی ہیں۔
سینٹرل یونیورسٹی کشمیر میں مختلف مضامین میںداخلے | انٹرنس امتحان کے آخری روز سینکڑوں طلاب شریک
سری نگر//سینٹرل یونیورسٹی کشمیر میں مختلف مضامین میں داخلہ کیلئے شروع کئے گئے سہ روزہ انٹرنس امتحانات کے آخری روز بھی سینکڑوں طلاب نے حصہ لیا۔ کے این ایس کے مطابق ضلع گاندربل میں واقع سینٹرل یونیورسٹی کشمیر میں مختلف کورسز میں داخلہ کے لیے جمعہ سے شروع ہونے والے سہ روزہ انٹرنس امتحانات کے آخری دن بھی سینکڑوں طلاب نے شر کت کی۔سینٹرل یونیورسٹی کشمیر نے رواں سال نئی پہل کے تحت مختلف کورسیز میں داخلہ کے لیے الگ سے انٹر نس امتحان لینے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد جمعہ کو مناسب انتظامات کے ساتھ اس سہ روزہ انٹرنس امتحانات کا آغاز کیا گیا۔انٹرنس امتحانات کووِڈ – 19 سے بچائو کے لیے جاری کردہ رہنما خطوط پر عمل آوری کی کے تحت لئے گئے ۔ امتحانات کے پہلے دن گرین کیمپس، تولہ مولہ کیمپس، نونر کیمپس، گاندربل میں سائنس اور آرٹس بلاک میں قائم کیے گئے۔ مختلف امتحانی مراکز پر سینکڑوں امیدواروں نے مختلف کورسز میں داخلہ کے لئے امتحانات میں شرکت کی۔اس موقعہ پر یونورسٹی کے پی آر او نے کہا کہ یہ سارے داخلہ امتحانات اگرچہ گریجویٹ، انڈر گریجویٹ اور ڈپلوما کورسز کیلئے لئے گئے تھے۔ تاہم اس بار ہم نے کشمیر کے علاوہ بیرون ریاستوں میں بھی امتحانی مراکز کا انتظام کیا ہے تاکہ مختلف ریاستوں کے طلاب کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
موبائل نیٹ ورک کی عدم دستیابی | ڈکسم کوکرناگ میں بچے آن لائن کلاسوں سے محروم
سرینگر// ڈکسم کوکرناگ میں موبائل نیٹ ورک نہ ہونے کے نتیجے میں جہاں عام لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا ہے ،وہیں طلبہ بھی آن لائن کلاسوں سے محروم ہورہے ہیں۔ اس کے علاوہ یہاں سیر پر آنے والے سیلانیوں کو بھی مشکلات کاسامنا کرنا پڑتا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق اگر کسی کو فون کرنا ہوتا ہے تو اسے دیسو جانا پڑتا ہے جو ڈکسم سے تین کلو میٹر دور ہے۔ لوگو ں نے بتایا کہ کووڈ 19 کے پیش نظر بچوں کو آن لائن تعلیم دی جارہی ہے تاہم اس بستی کے بچے اس سے بھی محروم ہیں کیونکہ انٹرنیٹ سہولیات دستیاب نہیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ اس سلسلے میں کئی بار متعلقہ حکام سے مداخلت کی اپیل کی گئی لیکن انہوں نے کوئی کارراوئی نہیں کی۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس علاقہ کی طرف توجہ دیکر موبائل نیٹ ورک کیلئے اقدامات کریں۔
پلوامہ میںامام و خطیب کے ہاتھوں میڈیکل شاپ کا افتتاح
سرینگر// قصبہ پلوامہ کے لاجورہ علاقے میں نیو لائف کیئر کمسٹس اینڈ ڈرگسٹس نامی میڈیکل شاپ کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کا افتتاح اتوار کو امام و خطیب عبدالسلام بٹ نے کیا۔ اس موقع پر ایک دعائے مجلس کا انعقاد بھی ہوا۔ تقریب پر علاقے کے معروف ساجی کارکن ڈاکٹر روئف رفیق میڈیکل شاپ کے مالک نثار احمد، فاروق احمد، عبدل رشید، مشتاق احمد، شبیر احمد کے علاوہ دیگر افراد موجود تھے۔ افتتاحی تقریب کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے سماجی کارکن و ماہر ماحولیات ڈاکٹر روئف رفیق نے بتایا کہ لاجورہ اور گردنواح کے لوگوں کو دوائیاں حاصل کرنے میں اب آسانی ہوگی۔ میڈیکل شاپ کے مالک نثار احمد نے بتایا کہ ہماری دکان پر ہر قسم کی دوائیں دستیاب رہیں گی۔
خصوصی حیثیت کیلئے لڑائی جاری رہے گی: پی ڈی پی | حبہ کدل حلقے میں پہلا آوٹ ریچ پروگرام
خصوصی حیثیت کیلئے لڑائی جاری رہے گی: پی ڈی پی | حبہ کدل حلقے میں پہلا آوٹ ریچ پروگرام
سرینگر //پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے اتوار کو اپنا پہلا عوامی آؤٹ ریچ پروگرام حبہ کدل حلقہ کے منور آباد میں منعقد کیا جس دوران لیڈران نے کہا کہ خصوصی حیثیت کو واپس لانے کیلئے لڑائی جاری رہے گی ۔آؤٹ ریچ پروگرام کی قیادت پی ڈی پی کے ضلع صدر سرینگر حاجی پرویز اور پارٹی کے سنٹرل کشمیر کے یوتھ کوآرڈینیٹر عارف لائیگرونے کی ۔اس دوران دیگر کئی رہنماؤں نے پروگرام میں شرکت کی۔حاجی پرویز نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی خصوصی حیثیت اور 35 اے کی بحالی کیلئے اپنی لڑائی جاری رکھے گی۔لائیگرو نے پی ڈی پی صدور محبوبہ مفتی کے الیکشن نہ لڑنے کے فیصلے کو ذاتی قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ پورے اعتماد کے ساتھ الیکشن لڑیں گے۔ انہوں نے حبہ کدل حلقہ کے لوگوں پر زور دیا کہ وہ انتخابات میں حصہ لیں اور انہیں یقین دلایا کہ خصوصی حیثیت واپس لانے کے لیے لڑائی ہر سطح پر لڑی جائے گی۔پی ڈی پی رہنماؤں نے خونریزی کی مذمت کی اور کہا کہ بات چیت ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بات چیت کرتے رہے ہیں اور یہ تمام مسائل کے حل کا واحد راستہ ہے۔یوتھ کوارڈینیٹر نے کہا کہ پی ڈی پی کبھی بھی عوام کے ساتھ غداری نہیں کرے گی اور لوگوں کی امنگوں کی نمائندگی کرے گی۔ انہوں نے لوگوں سے کہا کہ اتحاد میں طاقت ہے اور سازش کرنے والوں کو مناسب جواب دیا جانا چاہیے۔اس موقع پر پی ڈی پی کے ضلعی صدر سرینگر حاجی پرویز ،حمید کوشین ، ڈاکٹر علی محمد بٹ ، قیوم بٹ ، محمد شفیع ، غلام نبی بٹ، علی محمد بٹ بشیر احمد، عادل احمد، فیاض رشی و دیگر موجود تھے
خصوصی حیثیت کیلئے لڑائی جاری رہے گی: پی ڈی پی | حبہ کدل حلقے میں پہلا آوٹ ریچ پروگرام
خصوصی حیثیت کیلئے لڑائی جاری رہے گی: پی ڈی پی | حبہ کدل حلقے میں پہلا آوٹ ریچ پروگرام
سرینگر //پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے اتوار کو اپنا پہلا عوامی آؤٹ ریچ پروگرام حبہ کدل حلقہ کے منور آباد میں منعقد کیا جس دوران لیڈران نے کہا کہ خصوصی حیثیت کو واپس لانے کیلئے لڑائی جاری رہے گی ۔آؤٹ ریچ پروگرام کی قیادت پی ڈی پی کے ضلع صدر سرینگر حاجی پرویز اور پارٹی کے سنٹرل کشمیر کے یوتھ کوآرڈینیٹر عارف لائیگرونے کی ۔اس دوران دیگر کئی رہنماؤں نے پروگرام میں شرکت کی۔حاجی پرویز نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی خصوصی حیثیت اور 35 اے کی بحالی کیلئے اپنی لڑائی جاری رکھے گی۔لائیگرو نے پی ڈی پی صدور محبوبہ مفتی کے الیکشن نہ لڑنے کے فیصلے کو ذاتی قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ پورے اعتماد کے ساتھ الیکشن لڑیں گے۔ انہوں نے حبہ کدل حلقہ کے لوگوں پر زور دیا کہ وہ انتخابات میں حصہ لیں اور انہیں یقین دلایا کہ خصوصی حیثیت واپس لانے کے لیے لڑائی ہر سطح پر لڑی جائے گی۔پی ڈی پی رہنماؤں نے خونریزی کی مذمت کی اور کہا کہ بات چیت ہی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بات چیت کرتے رہے ہیں اور یہ تمام مسائل کے حل کا واحد راستہ ہے۔یوتھ کوارڈینیٹر نے کہا کہ پی ڈی پی کبھی بھی عوام کے ساتھ غداری نہیں کرے گی اور لوگوں کی امنگوں کی نمائندگی کرے گی۔ انہوں نے لوگوں سے کہا کہ اتحاد میں طاقت ہے اور سازش کرنے والوں کو مناسب جواب دیا جانا چاہیے۔اس موقع پر پی ڈی پی کے ضلعی صدر سرینگر حاجی پرویز ،حمید کوشین ، ڈاکٹر علی محمد بٹ ، قیوم بٹ ، محمد شفیع ، غلام نبی بٹ، علی محمد بٹ بشیر احمد، عادل احمد، فیاض رشی و دیگر موجود تھے
این سی لیڈر پی سی میں شامل
سرینگر //نیشنل کانفرنس کے تجربہ کار رہنما نذیر الدین احمد بابا اتوار کو جموں و کشمیر پیپلز کانفرنس میں شامل ہوئے۔ وہ گزشتہ 45 برسوں سے این سی سے وابستہ تھے۔ بابا کی 1975 سے این سی کے ساتھ وابستگی تھی اور موصوف بلاک صدر یوتھ جے کے این سی 1978 ، زون سرینگر ڈسٹرکٹ صدر 1983 ، 1986 ہلکا سیکرٹری ، بلاک جوائنٹ سیکرٹری ، زون سرینگر زون سیکرٹری کے عہدوں پر اپنے فرائض انجام دے چکے ہیں۔ پارٹی ترجمان کے مطابق ، پی سی کی سینئر قیادت نے بابا کا پارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم کیا جنہوں نے ان کی شمولیت کو سرینگر میں پارٹی کی مضبوطی کی طرف ایک بڑا قدم قرار دیا۔ اس سے پارٹی نہ صرف ان کے بے پناہ تجربے سے مستفید ہو گی بلکہ اس کاروان کو ساحل تک پہنچانے کے لیے اس کی قابل سرپرستی کی ضرورت ہے۔
تاریگامی کا اظہار تعزیت
سرینگر //سی پی آئی ایم کے رہنما محمد یوسف تاریگامی نے ہاکورہ اننت ناگ کے عادل حسین خان کے بے وقت انتقال پر گہرے صدمے اور دکھ کا اظہار کیا ہے جنہوں نے مختصر علالت کے بعد گزشتہ روز سکمز ، سرینگر میں آخری سانس لی۔ متوفی غلام نبی ملک ، سیکریٹری سی پی آئی ایم جموں و کشمیر کا پوتا تھا۔ سی پی آئی ایم رہنما نے سوگوار خاندان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔