مرکزی وزیر برائے دیہی ترقی کا دورہ پونچھ ،تعمیر اتی عمل کا جائزہ لیا | بڈھا امرناتھ میں سیاحتی عمارت ولورن میں پنچایت گھر کاافتتاح کیا
عشرت حسین بٹ
منڈی// مرکزی وزیر براے پنچایتی راج وزیر کپل موریشور پاٹل نے سرحدی ضلع پونچھ کا دورہ کرتے ہوئے منڈی تحصیل میں متعدد تعمیر ات کا افتتاح کرنے کیساتھ ساتھ دیگر تعمیر اتی عمل کا بھی جائزہ لیا ۔ منڈی میں وزیر موصوف نے بڈھا امرناتھ منڈی میں محکمہ سیاحت کی جانب سے تعمیر کردہ ٹرسٹ ارائیول سنٹر کا افتتاح کیا ۔ اس موقہ پران کے ہمراہ جموں پونچھ ممبر پارلیمنٹ جوگل کشور شرما ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندرجیت ، بلاک ترقیاتی کونسل ممبر منڈی ، عطیقہ جان ،بلاک ترقیاتی کونسل لورن چوہدری ریاض احمد ناز ، بی جے پی ضلع صدر و دیگر پارٹی کارکنان کے علاوہ منڈی بلاک منڈی کے تمام سرپنچوں اور سماجی کارکنان بھی شامل رہے۔منڈی پہنچنے پر بی جے پی کارکنان نے منڈل پردھان حاجی محمد اشرف کی سربراہی میں شال پہنا کر استقبال کیا ۔ اس دوران انہوں نے بڈھا امرناتھ میں سیاحتی مرکز کا افتتاح کیا۔ انہوں نے ورکران اور آفیسران کے ساتھ مختصر میٹنگ کی جس میں منڈی کے حوالے سے وزیر موصوف کو اہم جانکاری فراہم کی گئی ۔بعد ازاں انہوں نے ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوے کہاکہ وزیر اعظم کی جانب سے جموں وکشمیر کی ترقی اور خوشحالی کی خاطر ہر ممکن کوششیں کی جارہی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مذکورہ دورے عوامی مسائل کا جائزہ لینے کیلئے کا فی اہمیت کے حامل ہیں ۔اس کے بعد موصوف نے لورن میںتعمیر ایک پنچائیت گھر کا افتتاح کیا اور وہیں پر ایک عوامی تقریب سے خطاب کر کے سرکار کی طرف سے جموں و کشمیر میں کیے جا رہے ترقیاتی کاموں کو عوام کے سامنے رکھا ۔اس دوران ڈی ڈی سی ممبر لورن ریاض ناز اور ایم پی جوگل کشور نے بھی خطاب کر کے عوامی مشکلات کو وزیر کے سامنے رکھا۔
ٹنگمرگ سڑک کی تعمیر کا جائزہ لیا گیا
عشرت بٹ
منڈی //تحصیل منڈی کے دورے کے دوران مرکزی وزیر کپل موریشور پاٹل نے لورن ٹنگمرگ سڑک کا دورہ کر کے سڑک کی تعمیر کے حوالے سے زمینی سطح پر جانکاری حاصل کر کے سڑک کی تعمیر کو جلد مکمل کرنے کی عوام کو یقین دہانی کروائی ۔غور طلب ہے کہ لورن ٹنگمرگ سڑک کی تعمیر گزشتہ دو برس سے رکی پڑی ہے اور سڑک کی تعمیر کا کام 2015 میں شروع کیا گیا تھا اور سرکار کی جانب سے سڑک کی تعمیر 2017 میں مکمل کرنی تھی مگر ابھی تک محکمہ گریف نے سڑک کی محض 13 کلو میٹر تک ہی تعمیر کیا ہے جس کا جائزہ لیتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ انہیں اس سڑک کی تعمیر کے حوالے سے پتہ نہ تھا مگر آج انہوں نے از خود اس سڑک کی تعمیر کا معاینہ کیا اور سڑک کی رکی پڑی تعمیر کو جلد شروع کرنے کی یقین دہانی کروائی ۔ان کا کہنا تھا کہ سڑک کی تعمیرکیلئے رقومات کی واگزاری کا معاملہ ہے اور وہ مرکزی وزیر مملکت سے اس معاملے کے حوالے سے بات کریں گے اور بہت جلد سڑک کی رکی پڑی تعمیرکودوبارہ شروع کروایا جائے گا ۔
اساتذہ پر حملہ ، ماحول کو خراب کرنے کی سازش
بختیار کاظمی
سرنکوٹ//آل انڈیا ہیو من رائٹس ایسوسی ایشن نے وادی میں اساتذہ پر ہوئے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ جموں وکشمیر میں امن وامان کے ماحول کو خراب کر نے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔ایسوسی ایشن کے پبلسٹی آفیسر عبدالحفیظ کوہلی نے کہاکہ بے گناہ لوگوں پر جارحیت کرنا انسانیت کے خلاف ہے۔ انھوں نے ظلمانہ قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دو دن میں پانچ بے گناہ لوگوں کو موت کے گھاٹ اتارا گیا جس سے عوام میں تشویش کی لہر دوڑ پڑی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت مجرموں کو پکڑنے اور شرپسندوں کو ٹھکانے لگانے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔موصوف نے ڈی ڈی سی ممبروں سے اپیل کی کہ وہ ایسے گنڈوں کے خلاف آوازبلند کرین تاکہ جموں وکشمیر میں امن و امان کی صورتحال کو خراب ہونے سے بچایا جاسکے ۔
ملوث افراد کے خلا ف سخت کارروائی مطالبہ
حسین محتشم
پونچھ//کہکشاں کلچر آرگنائزیشن نے کشمیر میں ہوئے بے گناہ اساتذہ کے قتل کی مذمت کی ہے۔ آرگنائزیشن کے چیئرمین شیخ سجاد پونچھی نے عیدگاہ سرینگر کے سکول کے باہر ہوئے اس دل دو سانحہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس سانحہ میں مرنے والے تمام اساتذہ کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا وادی کشمیر میں نامعلوم افراد کے ہاتھوں بے گناہ لوگوں کے بہیمانہ قتل عام پر اب قدغن لگنا چاہیے۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے اپیل کی کہ وہ اس سلسلہ میں کڑے اقدامات اٹھائیں اور فوری اس بات کا پتہ لگایا جائے کہ اس قتل عام میں کون لوگ ملوث ہیں اور ان کی پہچان کر کے انہیں جلد سے جلد گرفتار کر کے ان کو کیفر کردار تک پہنچایاجائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ عمل وحشیانہ، بھیانک اور انتہائی قابل مذمت ہے جس کی وجہ سے جموں کشمیر کے لوگوں کے دل رنجور ہیں۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امن کو برقرار رکھیں اور اجتماعی طور پر اندر اور باہر دشمن کو شکست دینے کیلئے اکٹھے ہوں۔
نوشہرہ میں کینڈل مارچ کی گئی
رمیش کیسر
نوشہرہ //گزشتہ دنوں وادی میں دو ٹیچروں کے ہوئے قتل کے سلسلہ میں نوشہرہ میں ٹیچر فورم اراکین و معززین نے کینڈل مار چ کرتے ہوئے مہلوک ٹیچروں کو شاندار خراج عقیدت پیش کی ۔فورم اراکین نے جموں وکشمیر انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ بے گناہ ٹیچروں کے قتل میں ملوث افراد کو جلدازجلد گرفتار کر کے ان کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے کہاکہ سرکاری ملازمین کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں ۔اس دوران فورم اراکین نے ا جموں وکشمیر لیفٹیننٹ گورنر کیلئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو ایک یاداشت پیش کر کے اپنے غم و غصہ کا اظہار کیا ۔
سوئیاں سڑک 2پلوں کی تعمیر کے بعد بھی قابل آمد ورفت نہیں
وسیع سرحدی علاقہ کی عوام کی آمدو رفت مشکل ،انتظامیہ خاموش
جاوید اقبال
مینڈھر //تحصیل بالا کوٹ کے سرحدی علاقوں کو آپس میں جوڑنے کیلئے سوئیاں سڑک پر انتظامیہ کی جانب سے دو پل تعمیر کر لئے گئے ہیں لیکن اس کے بعد بھی پروجیکٹ کو مکمل نہیں کیا جارہا ہے ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ سڑک نا قابل استعمال ہے تاہم اس کو قابل آمد ورفت بنانے کیلئے کئی مرتبہ متعلقہ حکام سے رابطہ بھی کیا گیا لیکن اس کے باوجود کوئی دھیان نہیں دیا جارہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ لگ بھگ 7کلو میٹر سڑک میں ’زندہ پیر ‘پل اور سدوالا پل کے نام سے دو پل تعمیر کئے گئے ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ سڑک کی تعمیر محکمہ تعمیرات عامہ کی جانب سے کئی برس قبل شروع کی گئی تھی تاہم سڑک ابھی تک مکمل نہیں ہو سکی لیکن عوامی مشکل کو دیکھتے ہوئے متعلقہ محکمہ کی جانب سے سڑک پر ’زندہ پیر ‘نامی ایک پل کی تعمیر شروع کی تھی جو کہ پوری طرح سے مکمل نہیں ہو سکا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ٹھیکیدار نے پل کی تعمیر کے بعد اس کے کناروں کو یوں ہی چھوڑ دیا ہے جو کہ مسافروں و ٹرانسپورٹروں کیلئے ایک خطرہ بن گیا ہے ۔غور طلب ہے کہ سوئیاں سڑک ایک وسیع سرحدی علاقوں کو جموں مینڈھر سڑک کیساتھ ساتھ سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر و دیگر علاقوں کیساتھ جوڑتی ہے ۔روزانہ کی بنیادوں پر مذکورہ سڑک سے سینکڑوں افراد سفر کرتے ہیں لیکن متعلقہ محکمہ کی جانب سے معیاری کام ہی نہیں کیا گیا ہے ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ سڑک کو جلداز جلد قابل استعمال بنایا جاسکے ۔
تحصیلدار مینڈھر نے چارج سنبھال لیا
جاوید اقبال
مینڈھر //تحصیل مینڈھر میں تعینات نئے تحصیلدار نے اپنے عہد ے کا چارج سنبھال لیا ۔گزشتہ روز تحصیلدار مینڈھر گورو شرما نے دیگر ملازمین و آفیسران کی موجود گی میں اپنے عہدے کا چار ج سنبھال لیا ۔غور طلب ہے کہ گزشتہ دنوں میں جموں وکشمیر یوٹی انتظامیہ کی جانب سے مختلف ضلع ہیڈ کوارٹر و تحصیلوں میں تعینات آفیسران کو تبدیل کر کے نئے جگہوں پر تعینات کیا گیا تھا جس کے تحت سابقہ تحصیلدار مینڈھر کو تبدیل کو کے کٹھوعہ میں تعینات کیا گیا ہے جبکہ مذکورہ ضلع میں سے ہی تحصیلدار گورو شرما کو تبدیل کر کے مینڈھر سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر پر تعینات کر دیا گیا ہے ۔اس دوران کئی عوامی وفود نے بھی آفیسر موصوف سے ملا قاتیں کر کے امید ظاہر کی کہ ان کی آمد سے عوام کو فائدہ ملے گا ۔تحصیلدار موصوف نے یقین دہانی کرواتے ہوئے کہاکہ عوامی مسائل کو ترجیح بنیادون پر حل کیا جائے گا ۔
مینڈھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں | پولیس نے کارروائی کرکے درجن سے زائدچالان کئے
جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر میں جموں وکشمیر پولیس کی جانب سے ٹریفک قوانین کیخلاف ورزیوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک درجن سے زائد گاڑیوں کے چالان جبکہ 5گاڑیاں ضبط بھی کر لی ۔جموں وکشمیر پولیس نے ایس ایچ او مینڈھر کی قیادت میں سب ڈویژن کی مختلف رابطہ سڑکوں پر ناکے لگا کر مسافر و دیگر گاڑیوں کے کاغذات کا معائینہ کیا جس کے دوران قاعدہ کے خلاف گاڑیاں چلانے والوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے پانچ گاڑیاں ضبط کرلی ۔اسی طرح کاغذات و دیگر لورزامات کی کمی کے سلسلہ میں کی گئی کارروائی کے دوران 1درجن گاڑیوں کے چالان بھی کئے گئے ۔پولیس نے ڈرائیوروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ گاڑیوں کے مکمل کاغذات کے بعد ہی سڑکوں پر چلیں جبکہ اور لوڈنگ وقاعدہ کے خلاف کام کرنے والوں پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
پوٹھہ ۔بیلہ رابطہ پل 7برسوں بعد بھی مرمت کا منتظر | متعدد دیہات کے طلباء و عام لوگ دریا پیدل عبور کر نے پر مجبور
بختیار کاظمی
سرنکوٹ//سرنکوٹ کے لوہر پوٹھہ تا بیلہ رابطہ پل گزشتہ 7برسوں سے مرمت کا منتظر ہے جس کی وجہ سے عام لوگ بالخصوص سکولوں و کالجوں میں جانے والے طلباء پیدل دریا عبور کرنے پر مجبور ہیں ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ایک وسیع علاقہ کو آپس میں جوڑنے والا پل 2014میں آئے تباہ کن سیلاب کی وجہ سے تباہ ہو گیا تھا جس کے بعد گزشتہ سات برسوں سے لوگ پیدل ہی دریا عبور کررہے ہیں جبکہ پل کی مرمت کے سلسلہ میں کئی مرتبہ متعلقہ محکمہ و ضلع انتظامیہ سے بھی رابطہ قائم کیا گیا ہے لیکن ابھی تک کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جاسکا ہے ۔غور طلب ہے کہ 7برس قبل جموں وکشمیر کے دیگر حصوں کی ہی طرح سرحدی ضلع پونچھ میں بھی شدید بارشوں کی وجہ سے سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی تھی جس کے دوران کلر کٹل ،بیلہ و دیگر ملحقہ علاقوں کا سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر سے رابطہ ہی منقطع ہو گیا تھا ۔مکینوں نے بتایا کہ پل دریا میں بہہ جانے کی وجہ سے گزشتہ کئی برسوں سے دریا پیدل ہی عبور کرنے پر مجبور ہیں جبکہ مذکورہ علاقہ کے بچوں کی ایک بڑی تعداد دریا کے اُس پار قائم کر دہ تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں جبکہ بارشوں میں ان بچوں کی تعلیم بُری طرح سے متاثر ہو جاتی ہے ۔انہوں نے متعلقہ محکمہ و ضلع انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پل کی بحالی کیلئے سات برسوں سے صر ف یقین دہانیاں ہی کروائی جارہی ہیں جبکہ نہ تو متعلقہ محکمہ اور نہ ہی ضلع انتظامیہ پونچھ رابطہ پل کی بحالی کیلئے سنجیدہ ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ پل کی جلداز جلد مرمت کر کے عام لوگوں کی مشکل کو حل کیا جائے ۔
بھاجپا کارکنوں کا وفد اے ڈی سی سے ملا قی
کوٹرنکہ //بھاجپا کارکنوں کا ایک وفد ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوٹرنکہ سے ملا قی ہوا ۔وفد میں شامل اراکین نے سب ڈویژن کے دیہات میں عوام کو درپیش مسائل کے سلسلہ میں آفیسر موصوف کیساتھ تفصیلی بات چیت کی ۔اراکین نے بتایا کہ کووڈ کی آڑ میں ٹیمپو ڈرائیوروں کی جانب سے مسافروں سے مسلسل اضافی کرایہ وصول کیا جارہا ہے جبکہ قاعدہ کے تحت کرایہ وصول کرنے کیلئے بولے جانے پر مسافروں کیساتھ سخت نوعیت کی بد تمیزی کی جاتی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسرراجوری کی جانب سے جاری کردہ ریٹ لسٹ پر کوئی عمل ہی نہیں کیا جارہا ہے ۔اس کے علاوہ دریا ئے انس سے نکالی جارہی ریت بجری اور اس عمل میں مشینری کے استعمال کیساتھ ساتھ دیگر کئی مسائل کی جانب آفیسر موصوف کی توجہ مبذول کروائی ۔آفیسر موصوف نے وفد کی جانب سے اجاگر کئے گئے مسائل کو بغور سننے کے بعد یقین دلایا کہ اس سلسلہ میں عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔
بدھل میں بیداری کیمپ کا انعقاد
محمد بشارت
کوٹرنکہ //بلاک پروگرام منیجر بدھل کی جانب سے ایک بیداری پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران ضلع ترقیاتی کونسل چیئر مین بدھل شازیہ اختر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔پروگرام میں پنچایتی اراکین ،علاقہ کے معززین و خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ منتظمین نے جے کے آر ایل ایم پروگرام ک مناسبت سے تفصیلی جانکاری فراہم کرتے ہوئے اس کی اہمیت کے سلسلہ میں بھی مکینوں کو آگاہ کیا ۔منتظمین نے مرکزی حکومت کی سکیم کے سلسلہ میں مکمل جانکاری فراہم کرتے ہوئے عوام سے تلقین کی کہ ان نوعیت کی سکیموں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھایا جائے ۔اس دوران ضلع ترقیاتی کونسل چیئر مین نے بھی سکیم کے سلسلہ میں اپنے خیالات کا اظہار کیا جبکہ انہوں نے اس سلسلہ میں اپنی ہر ممکن حمایت کی یقین دہانی بھی کروائی ۔
پونچھ میں’ میراتھن‘ کااہتمام کیا گیا
حسین پونچھ
پونچھ//ضلع لیگل سروسز اتھارٹی پونچھ نیشنل لیگل سروسز اتھارٹی کی ہدایت پر محکمہ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹ پونچھ کے اشتراک سے پونچھ میں ’فٹ انڈیا مہم‘ آزادی کا امرت مہااتسو کے تحت ہاف میراتھن دوڑ کا انعقاد کیا گیا۔ اس دوران چیئرمین ڈی ایل ایس اے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج پونچھ اشوک کمار شون،چیئرمین ٹی ایل ایس سی مدن لال ، سیکرٹری ڈی ایل ایس اے وجاہت حسین کاظمی ، سرفراز نواز سب جج خصوصی موبائل مجسٹریٹ، شفیق احمد ٹریفک جج پونچھ، ڈی وائی ایس او پونچھ محمد قاسم اور ایس ایچ او پونچھ سریشور سنگھ نے ڈسٹرکٹ کورٹ کمپلیکس پونچھ سے ہاف میرتھن میر شریک تائیکوانڈو ، ہاکی ، کرکٹ ، باکسنگ ، والی بال کے نوجوان کھلاڑیوں کو ہرجھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ دوڑ کورٹ کمپلیکس سے شروع ہوئی اور مختلف راستوں سے گزرتے ہوئے سپورٹس سٹیڈیم پونچھ میں اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اشوک کمار شون سیشن جج پونچھ نے کہا کہ جسمانی فٹنس انسانی شخصیت کی مجموعی نشوونما میں بہت اہم کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کی جنہوں نے اس میراتھن میں حصہ لیا۔انہوں نے کہا اس میراتھن کا بنیادی مقصد عوام کو صحت مند رہنے کا پیغام دینا ہے۔ وجاہت حسین کاظمی سیکرٹری ڈی ایل ایس اے پونچھ نے کہا کہ اس میراتھن کے انعقاد کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو جسمانی تندرستی کی طرف راغب کرنا ہے تاکہ وہ کبھی بھی منشیات کے استعمال میں مبتلا نہ ہوکر کوئی بھی معاشرتی مخالف واقعہ انجام نہ دیں۔ انہوں نے تمام کھلاڑیوں کو اس میراتھن میں شرکت کرنے پر مبارکباد بھی دی۔ اس موقع پر افتخار احمد بزمی ایڈووکیٹ ، سلیم شیخ ایڈووکیٹ ، محمد طارق پی ای ایم ، امریش کمار پی ای ایم ، راجندر سنگھ تائیکوانڈو کوچ ، متیندر پال سنگھ پی ای ٹی ہاکی کوچ ، مشتاق احمد باکسنگ کوچ ، پرویز ملک اور نوجوان کھلاڑیوں کی بڑی تعداد موجود رہی۔
نوجوانوں نے’اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی
حسین محتشم
پونچھ// سابق ایم ایل اے حویلی منڈی اور جموں کشمیر اپنی پارٹی کے ضلع صدرشاہ محمد تانترے کی قیادت میں بڑی تعداد میں نوجوانوں نے اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔اس موقع پر شاہ محمد تنترے نے تمام نوجوانوں کا ہار پہنا کر اپنی پارٹی میں استقبال کیا۔اس سلسلہ میں ایک مختصر سا اجلاس منعقد کیا گیا جس کی صدارت حافظ محمد شاہ بخاری نے کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اپنی پارٹی سنیئر لیڈر الحاج بشیر احمد خاکی نے کہا کہ اپنے مختصر دور میں تانترے نے پونچھ سے ذات پات اور علاقائی سیاست کاخاتمہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دور میں اتنے کام ہوئے جو تیس سال میں نہ ہوسکے تھے۔تانترے نے ہارٹی میں میں شامل ہونے والوں کا استقبال کرتے ہوئے انھیں مشورہ دیا کہ وہ اپنی پارٹی کو مضبوط بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں۔انہوں نے مرکزی سرکار کو مشورہ دیا کہ وہ منسٹروں کی ٹیم کے دوروں کی بیکار مشق کے یہاں ریاست کا درجہ بحال کریں اور فوری طور اسمبلی الیکشن کروائے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پنچایتوں میں پانچ لاکھ تک کے کام ٹینڈر مقامی نوجوانوں کے ذریعہ کروائے جائیں۔
ہائر سکینڈری سکول منڈی میں کووڈ جانچ کیمپ کا انعقاد
عشرت حسین بٹ
منڈی // بوائز ہائر سکینڈری سکول منڈی میں محکمہ صحت کی جانب سے کوڈ جانچ کیمپ کا اہتمام کیاگیا جس دوران سکول کے بیس اساتذہ اور35طلباء کی کوڈ جانچ کیلئے نمونے حاصل کئے گئے ۔سکول پرنسپل نے بتایا کہ گزشتہ چند روز سے کرونا وائرس جانچ کا سلسلہ جاری تھا جس کی وجہ سے سکولوں میں بہت ہی کم بچے حاضر ہوتے ہیںلیکن اس کے باوجود ان کی التجا پر بلاک میڈیکل آفیسر منڈی نصرت النساء بھٹی نے کوڈ جانچ ٹیم کو سکول میں بھیجا تاکہ بچوں کے نمونے حاصل کر نے کا کی جانچ کروائی جاسکے ۔موصوف نے بتایا کہ اس عمل کے دوران عملے کے سبھی اراکین و پینتیس کے قریب طلباء نے اپنی کوڈ جانچ کروائی ۔ان کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت کے ملازمین کی جانب سے طلباء اور اساتذہ کی RTPC کوڈ جانچ کی گئی جن کی رپورٹ تین روز کے بعد دستیاب ہوگی ۔انہوں نے تمام والدین کے نام اپنے پیغام میں کہاکہ وہ اٹھارہ برس سے زائد عمر کے اپنی بچوں کو سکول بھیجیں جبکہ اکو ویکسین لگانے کیساتھ ساتھ کووڈ کی جانچ بھی کروائیں ۔
۔2سرپنچوں کی آپسی لڑائی | حامیوں کا نوشہرہ سیری سڑک پر احتجاج
رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ کے سیری بلاک میں تعمیر اتی کام کے سلسلہ میں دو سرپنچوں کی آپسی لڑائی کے بعد دونوں کے حامیوں نے نوشہرہ سیری سڑک کو ٹریفک کیلئے بند کرتے ہوئے شدید احتجاج کیا ۔سرپنچ ڈھینگ رمیش چوہدری اور سرپنچ گگرو ٹ کے مابین گزشتہ دنوں تعمیر اتی پروجیکٹ کے سلسلہ میں لڑائی ہوئی تھی جس کے دوران ان کو چوٹیں بھی آئی تھی ۔اس سلسلہ میں گزشتہ روز دونوں سرپنچوں کے حامیوں نے احتجاج کرتے ہوئے ایک دوسرے کیخلاف نعرے بازی کی ۔احتجاج کی خبر موصول ہوتے ہی ایس ایچ او نوشہرہ پولیس کے ہمراہ موقعہ پر پہنچے اور انہوں نے لوگوں کو یقین دلایا کہ اس سلسلہ میں کیس درج ہیں جبکہ اس کی تحقیقات میں تعاون کیا جائے جس کے بعد لوگوں نے احتجاج ختم کر دیا ۔
کلال گائوں میں مواصلاتی سروس دستیاب نہیں
رمیش کیسر
نوشہرہ //سب ڈویژن نوشہرہ کے کلال گائوں میں مواصلاتی سروس دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔مقامی لوگوں نے مواصلاتی کمپنیوں و مقامی انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ حکام کی غیر سنجیدگی کی وجہ سے اس جدید دور میں بھی عوام کو سہولیات دستیاب نہیں ہیں ۔انہوں نے کہاکہ کلال گائوں میں ڈیڑھ برس قبل مواصلاتی کمپنی جیو کی جانب سے ایک موبائل ٹاور نصب کیا گیا تھا لیکن اس کے بعد ابھی تک اس کو چلایا ہی نہیں گیا جس کی وجہ سے صارفین اپنے رشتہ داروں کے رابطہ میں آنے کیلئے کئی کلو میٹر دور جانے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ ٹاور نصب کرتے وقت ان کو امید تھی کہ سرحدی علاقہ میں معیاری مواصلاتی سروس دستیاب کی جائے گی لیکن ابھی تک ایسانہیں کیاجاسکا ۔انہو ں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں مواصلاتی سروس فراہم کرنے کیلئے ٹاور کو چالایا جائے ۔
منجا کوٹ میں بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی جاری
پرویز خان
منجا کوٹ //سرحدی ضلع راجوری کی منجا کوٹ تحصیل میں محکمہ بجلی کی جانب سے غیر اعلانیہ کٹوتی کی جارہی ہے جس کی وجہ سے صارفین کیساتھ ساتھ بجلی سے وابستہ کاروبار کررہے بے روز گار نوجوانوں کو شدید مشکلات درپیش ہیں ۔صارفین نے محکمہ کے اعلیٰ آفیسران پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ملازمین کی ڈیوٹی کو یقینی بنایا ہی نہیں جارہا ہے جبکہ ملازمین صرف دیہات میں بجلی کے بل فراہم کرنے کیلئے ہی آتھے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ بجلی کے بھاری بل ادا کرنے کے باوجود بھی ان کا معقول سپلائی فراہم نہیں کی جارہی ہے ۔غور طلب ہے کہ تحصیل کے اکثر دیہات میں بجلی کی انتہائی ناقص سپلائی فراہم کی جارہی ہے جبکہ محکمہ کے ملازمین و فیلڈ آفیسران انتہائی غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کررہے ہیں ۔صارفین نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ بجلی کی معیاری سپلائی کیلئے محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں ۔