ڈیلی ویجروں کے مطالبات پر غور کیا جائے
پائور ایمپلائز کارڈی نیشن کمیٹی کا مطالبہ
سرینگر// محکمہ بجلی کے ملازمین کی انجمن پائور ایمپلائز کارڈی نیشن کمیٹی نے گورنر انتظامیہ سے ڈیلی ویجروں کے مطالبات کو عملی جامہ پہنانے کی وکالت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملازمین نامساعد موسمی و دگر گوں حالات کے دوران اپنے فرائض کی انجام دہی کیلئے زندگیوں کو بھی قربان کر رہے ہیں۔ سرینگر میں منعقدہ میٹنگ کے دوران بجلی ملازمین بالخصوص ڈیلی ویجروں کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیااور ہڑتالی ڈیلی ویجروں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔پائور ایمپلائز کارڈی نیشن کمیٹی نے ڈیلی ویجروں و نیڈ بیس ملازمین کو یقین دلایا کہ وہ انکے شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں ۔ میٹنگ میں مشتاق احمد نجار،ذوالقرنین بٹ، اعجاز مخدومی،فرید احمد میر،عبدالرحمان سنبلی،وسیم جان،خالد جان،محمد شفیع ڈار،محمد مقبول اور منظور احمد آخون نے بھی شرکت کی۔
بانڈی پورہ میں آگ، بی ایم او دفتر خاکستر
عازم جان
بانڈی پورہ//بانڈی پورہ کے قدیم ہسپتال میں قائم بلاک میڈیکل افسر کا دفترآگ کی ایک ہولناک واردات میں مکمل طور پر خاکستر ہوگیا ۔ فائرسروس کے اہلکاروں کی بروقت کوشش کے باوجود دفتر خاکستر ہوگیا۔بلاک میڈکل افسر بانڈی پورہ ڈاکٹر مسرت اقبال نے کہا کہ ریکارڈ کو بچا لیا گیا ہے البتہ دفتر جن دوکمروں پر مشتمل ہے وہ خاکستر ہوگئے ہیں۔ ڈاکٹر مسرت نے کہا کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی ایم او چیمبر اور کلرک روم میں گیس سلنڈرپھٹ گئے ہیں جس کی وجہ سے زیادہ نقصان ہوا ۔
ڈرین پر سست رفتاری سے کام جاری
مرگنڈ بمنہ علاقے کے لوگ مشکلات سے دوچار
ارشاد احمد
بڈگام// مرگنڈ بڈگام سے بمنہ بائی پاس تک ڈرین کی تعمیر گزشتہ تین ماہ سے جاری ہے جس کے سبب بڈگام بمنہ سڑک پر ٹریفک کی نقل و حمل بند ہے اور عام لوگوں کو مشکلات درپیش ہیں۔مقامی لوگوں کے مطابق سڑک پر گاڑیوں کی نقل و حرکت بند رہنے سے انہیں مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ تین ماہ سے ڈرین پرکام جاری ہے اور کام سست رفتاری سے جاری ہے ۔ لوگوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کام میں سرعت لائی جائے تاکہ سڑک آمدورفت کے قابل بن جائے اور عوام کو درپیش مشکلات سے نجات ملے۔
مسافر گاڑیاںبعد دوپہر ہی سڑکوں سے غائب
ہارون ،گلاب باغ اور دیگر علاقوں کے مسافروں کو مشکلات
سرینگر//سرینگر کے مضافاتی علاقوں ہارون ،نشاط ،شالیمار، گلاب باغ، دارا ہارون اوردیگرعلاقوں کیلئے دوپہر کے بعد مسافر گاڑیوں کا ملنا دشوار بن جاتا ہے اور مسافروں کو طرح طرح کے مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ ان علاقوں کے مسافروں کی شکایت ہے کہ جہانگیر چوک سے ہارون سوموسروس دوپہر کے بعد ہی سڑکوں سے غائب ہوجاتی ہے ۔ ہارون کے علاوہ لالچوک سے نشاط شالیمار کیلئے بھی سومو اور دیگر چھوٹی مسافر گاڑیاں بھی مشکل سے ملتی ہیں۔گلاب باغ براہ راستہ نوہٹہ ، دارا ہارون اور دیگر مضافاتی علاقوں کو جانے والی گاڑیاں چار بجے کے بعد نہیں ملتی ہیں ۔ مسافروں نے ٹرانسپورٹ محکمہ کے افسران سے اپیل کی کہ سومو سروس کو شام دیر گئے تک دستیاب رکھنے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔سی این آئی
منشیات مخالف مہم
بارہمولہ اور پلوامہ میں3 افراد گرفتار
سر ینگر / / بارہمولہ پولیس نے ایک شہری کو گرفتارکرکے اس کے قبضے سے نشیلی ادویات برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس بیان کے مطابق ڈی وائی ایس پی ہیڈکوارٹر سجاد بخاری کی نگرانی میں بارہمولہ تھانہ کی ایک پولیس پارٹی نے ناکہ چیکنگ کے دوران ایک مشتبہ شخص افتخار احمد ملک ساکن اچھ بل سوپور سے456نشیلی ٹکیاں برآمد کرلیں۔مذکورہ شہری کو گرفتار کر کے تھانہ منتقل کر دیا گیا اور کیس درج کر کے مزید تفتیش شروع کی گئی۔ادھر پولیس نے پلوامہ میں فاروق احمد میر ساکن آری ہل کو گرفتار کیا ہے۔پولیس بیان کے مطابق مذکورہ شہری نے اپنے رہائشی مکان میں بھاری مقدار میں نشہ آور اشیاء کو ذخیرہ کیا تھا۔ پلوامہ تھانے کی ایک پارٹی نے مخصوص مقام پر چھاپہ مارا اور مذکورہ مقام سے 18 کلو گرام بھنگ پتری برآمد کی۔ اسی مناسبت سے ایف آئی آر نمبر 321/2021 کے تحت کیس درج کیاگیا۔ایک اور واقع میں پلوامہ پولیس نے پرچھو میوہ منڈی میں تلاشی لی ۔ تلاشی کے دوران ایک گاڑی زیر رجسٹریشن نمبرPB03AC-6284سے 3 کلو گرام فکی برآمد کی ۔ملزم ڈرائیور کی شناخت نریندر کمار ولد موہن لال ساکن ہریانہ کے طور پر ہوئی ہے،جسے موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔ واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی ضبط کی گئی اورایف آئی آر نمبر 320/2021 کے تحت پلوامہ تھانہ میں کیس درج کیا گیا۔
وانگت کنگن میں عمارتی لکڑی ضبط
غلام نبی رینہ
کنگن//کنگن پولیس نے ونی آرم وانگت کنگن میں بھاری مقدار میں عمارتی لکڑی ضبط کی ہے ۔ ایس ڈی پی او کنگن سیدیاسر قادری کی نگرانی میں ایس ایچ او کنگن ترک ظہور نے ونی آرم وانگت میں ایک مصدقہ اطلاعات موصول ہونے کے بعد ایک چھاپہ مار کاروائی کے دوران غلام محمد خان ساکن ونی آرم وانگت کنگن کے قبضے سے بھاری مقدار میں عمارتی لکڑی ضبط کی ۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایف آئی آر نمبر 139/2021زیر دفعہ 379 آئی پی سی ایکٹ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ۔
مرحوم غلام حسن بیتاب کی برسی پر تقریب
کشمیر فوک آرٹسٹس ایسوسی ایشن کا خراج عقیدت
سرینگر// سرکردہ شاعراور ڈراما نویس غلام حسن بیتاب کی پہلی برسی پر کشمیر فوک آرٹسٹس ایسوسی ایشن کے اہتمام سے ایک تعزیتی تقریب منعقد ہوئی۔ مجلس کی صدارت ایسوسی ایشن کے چیئرمین شاہجہاں بھگت نے کی جبکہ معروف ادیب گلشن بدرنی بحیثیت مہمان خصوصی موجود تھے ۔غلام حسن بیتاب گزشتہ سال نومبرمیں انتقال کر گئے۔ تقریب میں مرحوم کی ادبی زندگی اور ان کے کارناموں کو سراہا گیا۔فوک آرٹسٹس ایسوسی ایشن کی طرف سے غلام حسن بیتاب ایوارڈ تھیٹر ورکر گلشن بدرنی کو دیا گیا۔مرحوم کے فرزند نعیم حسن بیتاب نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔
سکمزمیں نیم طبی عملہ کی تقرری
کامیاب امیدواروں کی فہرست جاری کرنے کا مطالبہ
سرینگر//سکمز صورہ میں نیم طبی عملہ کی مختلف اسامیوں کیلئے لئے گئے انٹرویو کے نتائج ابھی سامنے نہیں آئے ہیں۔ انٹرویو میں حصہ لینے والے اُمید واروں کا کہنا ہے کہ تحریری امتحانات اور انٹرویو مکمل ہونے کے باوجود بھی کامیاب امیدواروں کی فہرست جاری نہیں کی گئی ہے جس کی وجہ سے وہ ذہنی کوفت کا شکار ہیں۔ ڈائریکٹر سکمز ڈاکٹر اے جی آہنگر نے اس سلسلے میںکشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ فہرست جاری کرنے میں ابھی مزید وقت لگ سکتا ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ میں رواں سال کے ابتدائی ایام میں نیم طبی عملہ کی اسامیوں کو پر کرنے کیلئے انٹر ویو منعقد کئے گئے تھے۔ مذکورہ امید واروں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اس سلسلے میں مداخلت کی اپیل کی ۔
گاندربل میں پولیس نے ماسک تقسیم کئے
رہنما خطوط کی خلاف ورزی کیلئے 1706 افرادپر جرمانہ عائد
سرینگر//پولیس نے گاندربل میں عام لوگوں میں فیس ماسک تقسیم کئے اورکووڈ رہنما خطوط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ضلع میں 1706افرادپر جرمانہ عائد کیا۔یہ مہم ایس ایس پی گاندربل نکھل بورکر کی ہدایت پر شروع کی گئی تھی۔ مہم کے دوران پولیس نے پورے ضلع میں عام لوگوں میں چہرے کے ماسک تقسیم کئے۔پولس نے ایک ہفتے کے اندررہنما خطوط کی خلاف ورزی کرنے پر ضلع میں 1706 افراد پر خلاف ورزی کرنے کی پاداش میں جرمانہ عائد کیا۔
اپنی ٹریڈ یونین جموں کا الطاف بخاری سے اظہار تعزیت
جموں//اپنی ٹریڈ یونین صدر اعجاز کاظمی نے اپنی رہائش گاہ دلپتیاں محلہ میں پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری کے والد اور معروف تاجر وصنعتکار سید محمد اقبال بخاری کے ایصال ِ ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا۔ اس دوران مرحوم کی جنت نشینی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔ اس دعائیہ مجلس میں امام پیر مٹھا جموں مولیٰ علی بادشاہ، اپنی ٹریڈ یونین نائب صدر شیخ عبدالطیف، شوکت بھٹی، شجا کاظمی، حیدر علی، حسن کاظمی، عاشق علی، سہیل میر ودیگران نے شرکت کی۔
خالد راٹھور کا اظہار ِتعزیت
سرینگر//اپنی پارٹی یوتھ صوبائی صدر کشمیر خالد راٹھور نے جمعرات کے روز یوتھ زونل صدر دیوسر جاوید ایتو کی نانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے ۔ایک بیان میں راٹھور نے کہاکہ مرحومہ ایک نیک سیرت اور مہمان نواز خاتون تھیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا کرے اور مرحومہ کو جنت الفردوس میں جگہ دے۔