گول میں صحافیوں کا تعزیتی اجلاس
شجاعت بخاری کے حق میں ایصال و ثواب کیلئے دعاکی،لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار
گول//ریاست جموںو کشمیر کے نامور صحافیوں میں شمار اور رائزنگ کشمیر، بلند کشمیر، سنگرماہ و کشمیر پرچم کے مدیر اعلیٰ شجاعت بخاری کی شہادت پر جہاں پوری ریاست کے صحافتی برادری اس غم میں نڈھال ہے اور جموںو سرینگر کے صوبائی سطح پر تعزیتی اجلاسوں کا انعقاد ہو رہا ہے وہیں خطہ چناب میں بھی شجاعت بخاری کی شہادت پر صحافتی برادری میں کافی بے چینی پائی جارہی ہے ۔ اس سلسلے میں ضلع رام بن کے گول سب ڈویژن سے تعلق رکھنے والے صحافیوںنے ایک تعزیتی اجلاس زیر صدارت حافظ عبدالطیف ملک منعقد ہوا جس میں محمد شفیع میر، زاہد بشیر ، شبیر وانی ، جاوید لوہار اور امتیاز وانی نے شرکت کی اجلاس میں شہید شجاعت بخاری کے حق میں ایصال و ثواب کے لئے دعا کی اور مانگ کی کہ ان کے قاتلوں کو ننگا کیا جائے اور انہیں سخت سی سخت سزا دی جائے ۔ اس موقعہ پر تعزیتی اجلاس میں جہاںشجاعت بخاری کے حق میں ایصال وثواب کے لئے دعا کی وہیں ان کے اہل خا نہ کے ساتھ ہمدردی کی اور اللہ تبارک و تعالیٰ سے دعا کی کہ شہید شجاعت بخاری کو جنت الفردوس میں اعلیٰ سے اعلیٰ مقام عطا کرے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔
ریاسی میں نوجوان کی پُر اسرار موت
زاہد ملک
ریاسی //ریاسی سے ایک نوجوان کے پُر اسرار موت کی اطلاع ہے۔اطلاعات کے مطابق ٹی۔5ٹنل گران موڑ میں کام کر رہا راج کمار ولد شیر سنگھ ساکنہ تحصیل نومال ٹھکر کوٹاچانک بے ہوش ہوگیا ۔اُسے فوری طور ضلع ہسپتال ریاسی منتقل کیا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اُسے مُردہ قرار دیا ۔ پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد نعش اُسکے قانونی ورثہ کو آخری رسومات کے لئے سپرد کی گئی۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ زیر دفعہ174 پولیس اسٹیشن ریاسی میں درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔
مستقبل قریب میں کانگریس ایک طاقت بن کر ابھرے گی:سروڑی
کشتواڑٖ//ریاست میں کانگریس کا ایک خاص کردار قرار دیتے ہوئے جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر و ایم ایل اے اندروال غلام محمد سروڑی نے یہاں اپنے ایک بیان میں کہا کہ کانگریس مستقبل قریب میں ایک خاص طاقت بن کر ابھرے گی۔واضح رہے سروڑی نے ان باتوں کا اظہار یہاں ٹھاٹھری ، کاہراہ، بھلیسہ، بھونجوا، درابشالہ، سرتھل، ٹھاکرائی، مغلمیدان ، چھاترو میں پارٹی کارکنان سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے پارٹی کارکنان سے کہا کہ عوامی خدمات کیلئے مشن کو آگے بڑھایا جائے۔وہیں پارٹی کارکنان نے سروڑی سے اپنے علاقہ کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے ایم ایل اے اندروال کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ پارٹی کا ہر کارکن اور ہر لیڈر یکجہ ہو کر کام کرے گا ۔اس دوران سروڑی نے کہا کہ کانگریس ایک خاص طاقت ہے اور ہر سطح پر مضبوط ہوگی ۔انہوں نے پارٹی کارکنان سے کہا کہ عوام تک پہنچا جائے اور ان کے مسائل میں ان کی مدد کی جائے ۔موصوف نے کہا کہ پارٹی کی کاوشوں کو مزید فروغ دیا جائے ۔یہاں وسطر، چھنگم، پرنا، پسرکوٹ،نیدگام، لون پوورہ، کلموسی، سنگپورہ، بٹواری، اڈیل، چھاترو، مہجار، ملوار، تگوڑ، پھگسو، ٹھاٹھری، انڈلو کاہراہ، چیرہ، جکیاس، اور دیگر علاقہ جات سے سینکڑوں کارکنان کا پارٹی میں خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کانگریس مستقبل قریب میں ایک اہم طاقت بن کر ابھرے گی ۔وہیں سروڑی نے کہا کہ پی ڈی پی اور بھاجپا کی منقسم سیاست ریاست جموں و کشمیر کی ترقی میں ایک رکاوٹ بنی ہے۔جس کا انہوں نے 2014 کے بعد کی پالیسیوں کی جانب اشارہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ صرف کانگریس ہی حالات پر قابو پا سکتی ہے اور ترقی کا ایک نیا دور شروع کر سکتی ہے ۔اس موقعہ پر رہبر تعلیم اساتذہ کا ایک وفد بھی سروڑی سے ملاقی ہوا اور کہا کہ اساتذہ کی تنخواہ کو مرکزی بجٹ سے ڈی لنک کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ اساتذہ کی مشکلات کا ازالہ ہو سکے ۔جس پر سروڑی نے کہا کہ وہ اساتذہ کے مسائل کے ازالہ کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔
رام سو سے مشتبہ حالات میں نعش برآمد
ایم ایم پرویز
رام بن //رام سو سے ایک مقامی شخض کی نعش مشتبہ حالات میں بر آمد ہوئی ہے۔ پولیس بیان کے مطابق رام سو پولیس اسٹیشن کے دائرہ اختیار موضع پلواس،ساربگنی کے نزدیک ایک گہری کھائی سے ایک مقامی شخض کی نعش مشتبہ حالات میں بر آمد ہوئی ہے۔ نعش کی شناخت غلام حسن ولد محمد شعبان ساکنہ ہگوان تحصیل کھڑی ضلع رام بن کے بطور کی گئی ہے۔مقامی لوگوں ،جنھوں نے نعش کو کھائی میں دیکھ کر پولیس کو مطلع کیانے کہا ہے کہ متوفی پلواس ساربگنی کی پہاڑی سے نیچے گر گیا تھا ۔پولیس نے قانونی لوازمات پُر کنے کے بعد نعش وارثوں کو آخری رسومات ادا کرنے کے لئے سونپی۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ زیر دفعہ 174سی آر پی سی درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی ،تاکہ متوفی کے موت کی صیح وجہ معلوم ہو سکے۔