بجلی کی ناقص سپلائی
ہرنی میں احتجاج ،سرنکوٹ۔مینڈھر سڑک دو گھنٹے بند رہی
نیوز ڈیسک
مینڈھر//بجلی کی عدم دسیتا بی پرمینڈھر کے علا قہ ہر نی اور گر د ونو اح کے لو گو ں نے احتجاج کرتے ہوئے مینڈھر۔سرنکوٹ سڑک پر گاڑیوں کی آمدورفت بند کردی ۔مظاہرین نے دو گھنٹو ں تک روڈ کو بند رکھتے ہوئے محکمہ بجلی کے افسران کے خلاف نعرے بازی کی ۔ان کا کہنا تھا کہ اس سے قبل بھی انہوں نے بجلی کی ناقص سپلائی پر سڑک کو بند کر کے احتجاج کیا تھا لیکن متعلقہ محکمہ اور تحصیل انتظامیہ کے کا نو ں جو ں تک نہیں رینگی اور وہ آج پھر سے احتجاج پر مجبور ہوئے ہیں ۔ انہو ں نے کہا کہ یہاں ایک دن بجلی ٹرانسفارمر ٹھیک کرکے نصب کیاجاتاہے اور دوسرے روز وہ پھر سے خراب ہوجاتاہے لیکن پوچھنے والاکوئی نہیں ۔انہوں نے کہاکہ انہیں روزانہ گھپ اندھیرے کاسامنارہتاہے اور حکام کے بجلی کے شعبے میں ریاست کو خود کفیل بنانے کے دعوے سراب ثابت ہوئے ہیں ۔ ان کاکہناہے کہ وہ اس دور جدید میں بھی چمنی ، لالٹین وغیرہ کا استعمال کررہے ہیں کیونکہ شام ڈھلنے کے ساتھ ہی بجلی سپلائی کاٹ دی جاتی ہے اور علاقہ گھپ اندھیرے میں ڈوب جاتاہے ۔مظاہرین نے کہاکہ اگرچہ کئی مرتبہ حکام سے مطالبہ کیاگیاکہ سپلائی میں بہتری لائی جائے لیکن کوئی اقدام نہیں کیاگیا۔انہوں نے کہاکہ شیڈیول مرتب کرکے بجلی سپلائی کی جائے ۔ احتجاج کو دیکھتے ہوئے نا ئب تحصیلدار ہر نی آفتاب حسین شاہ اور نا ئب تحصیلدار مینڈھر تعارف حسین شا ہ مو قعہ پر پہنچے اور انہوں نے مظاہرین کو یقین دلایاکہ دو دنوں کے اندراندر سپلائی میں بہتری کے اقدامات کئے جائیں گے جس پر سڑک کو گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے کھول دیاگیا۔
منجاکوٹ کا وفد خورشید گنائی سے ملاقی
خطہ پیر پنچال کو پہاڑی ترقیاتی کونسل کادرجہ دینے کا مطالبہ
پرویز خان
منجاکوٹ//پیرپنچال پیپلز ویلفیئر فورم کے چیئرمین ایڈووکیٹ استخار علی خان نے ایک وفد کے ہمراہ گورنر کے صلاح کار خورشید احمد گنائی سے ملاقات کرکے انہیں راجوری پونچھ کے عوامی مسائل سے روشنا س کروایا۔ اس موقعہ پر استخار علی نے مانگ کی کہ لداخ کی طرز پر خطہ پیر پنچال کو پہاڑی ترقیاتی کونسل کادرجہ دیاجائے ۔انہوں نے منجاکوٹ میں کالج کے قیام کی مانگ کرتے ہوئے کہاکہ یہ ادارہ نہ ہونے کی وجہ سے طلاب کو مشکلات کاسامناہے ۔ انہوں نے منجاکوٹ کیلئے اے ڈی سی پوسٹ ،دیری ریلیوٹ کو سی ڈی بلاک کادرجہ دینے ، منگلناڑ کونیابت ، پنج گرائیں اور بدھاکنہ کو بھی نیابت کادرجہ دینے کی مانگ کی ۔ انہوں نے کہاکہ سی ڈی بلاک گھمبیر مغلاں میں عملے کی تعیناتی عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے مقامی سکولوں کادرجہ بڑھانے ، پانی کی کمی کو پورا کرنے کیلئے ہینڈ پمپوں کی تنصیب ، سڑکوں کو پایہ تکمیل پہنچانے ، روزگار کے مواقع فراہم کرنے ، پی ایچ سی منجاکوٹ کادرجہ بڑھاکر اسے سی ایچ سی کرنے ،منجاکوٹ کیلئے ہارٹی کلچر و ایگریکلچر ڈیویژن کی منظوری دینے اور کیجول لیبر کے اندراج کی مانگ کی ۔ خورشید گنائی نے مسائل سننے کے بعد یقین دلایاکہ وہ اس پر غور وفکر کریں گے ۔ وفد میں رشید خان ، معروف خان ، انوار حسین شاہ اور افسر خان بھی شامل تھے ۔
انصاف مومنٹ کا لورن میں اجلاس منعقد
پونچھ//جموں وکشمیر انصاف مومنٹ کالورن میں ایک اجلاس منعقد ہوا۔اس موقعہ پر مقامی عوام کے مسائل پر تبادلہ خیال کیاگیا اور مقررین نے اس بات کا الزام عائد کیاکہ اس علاقے کو سیاسی تعصب کاشکار بنایاگیاہے اور یہاں تعمیروترقی نہیں ہوئی ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے حاجی محمدا کرم ، بشیر احمد ، نذیر حسین ، چوہدری غلام دین ،بشیر احمد سیٹھ ، ابراہیم لون ،غلام محمدوغیرہ نے کہاکہ محکمہ جنگلات غریب لوگوں کو پریشان کررہاہے جبکہ محکمہ دیہی ترقی کی طرف سے کاموں کی اجرت واگزار نہیں کی جارہی ۔ انہوں نے کہاکہ نریگا کے تحت سو دن کے روزگار کے دعوے کئے جاتے ہیں مگر انہیں پہلے تو روزگار ہی نہیں ملتا اورپھر اجرتوں کی ادائیگی کیلئے دفاتر کے چکر کاٹنے پڑتے ہیں ۔ انہوں نے الزام عائد کیاکہ محکمہ میں ان سے اجرت کی ادائیگی پر کمیشن طلب کی جاتی ہے جو غریب شخص ادا نہیں کرسکتا۔انہوںنے شکایت کی کہ معذوروں ، بیواﺅں اور جسمانی طورناخیز افراد کو وقت پر پنشن نہیں ملتی اور انہیں بھی دفاتر کے چکر کٹوائے جاتے ہیں ۔اسی طرح سے انہوں نے کہاکہ شیڈیول ٹرائب طلباکو چار سال سے وظیفہ نہ ملاہے جبکہ مقامی لوگوں کو کھانڈ اور راشن بھی وقت پر نہیں دیاجاتا ۔اس موقعہ پر تنظیم کے چیئرمین جاوید اقبال ریشی ، نائب صدر عبدالرشید شاہ پوری ، سیکریٹری محمد رشید ، ضلع سیکریٹری اعجاز احمد کٹاریہ ،بلاک انچارج لورن ولی محمد شیخ اوربلاک صدر لسانہ معروف چوہان بھی موجو دتھے جنہوں نے کہاکہ یہ ایک المیہ ہے کہ آزادی کے ستر سال بعد بھی یہ علاقہ بنیادی سہولیات سے محروم ہے ۔ انہوں نے مانگ کی کہ علاقے کے عوامی مسائل حل کئے جائیں اور لوگوں کو ضروریات زندگی کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے نہیں تو وہ احتجاج کاراستہ اختیا رکریں گے ۔
عارضی ملازمین تنخواہوں سے محروم
حسین محتشم
پونچھ// محکمہ دیہی ترقی میں کام کررہے عارضی ملازمین پچھلے کئی کئی ماہ سے تنخواہوں سے محروم ہیں جس کی وجہ سے انہیںمالی مشکلات کاسامناہے ۔ان ملازمین نے کہا کہ وہ 28سال سے محکمہ میں درجہ چہارم کی پوسٹ پر کام کررہے ہیں اور روزانہ محنت اور لگن سے اپنی ڈیوٹی سرانجام دیتے ہیں لیکن نہ جانے پچھلے چار پانچ ماہ سے کیوں ان کی تنخواہیں واگزار نہیں کی جارہی ۔انہوں نے کہا کہ وہ بہت کم محنتانے پر کام کرتے ہیں اوراگر وہ محنتانہ بھی ان کو بر وقت ادا نہ کیا جائے تو یہ بہت بڑی ناانصافی ہے ۔انہوں نے کہا کہ تنخواہیں فراہم نہ ہونے کی وجہ سے ان کے گھروں کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیاہے۔انہوں نے ریاستی گورنر سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تنخواہیں واگزار کی جائیں اورانہیں مستقل ملازمت کے دائرے میں لایاجائے۔
۔15اگست انتظامات کا جائزہ لیاگیا
کوٹرنکہ //ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوٹرنکہ شفیق احمد چوہدری نے تمام محکمہ جات کی ایک میٹنگ طلب کرکے پندرہ اگست کے سلسلے میں کئے جارہے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ اس موقعہ پر موصوف نے پولیس و سیکورٹی فورسز کو الرٹ رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ دیگر محکمہ جات بھی اپنی اپنی ذمہ داری خوش اسلوبی سے نبھائیں ۔ انہوں نے کہاکہ پندرہ اگست کی تقاریب احسن طریقہ سے منائی جائیں اور اس حوالے سے تمام تر اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے محکمہ صحت کو طبی خدمات کی فراہمی کی ہدایت دی ۔ میٹنگ میں مقامی معززین بھی موجو دتھے ۔
منجاکوٹ میں رہائشی مکان منہدم
پرویز خان
منجاکوٹ//منجاکوٹ کے دبروٹ علاقے میں ایک رہائشی مکان بارشوں کی وجہ سے منہدم ہوگیاہے تاہم اس دوران کوئی انسانی جانی نقصان نہیں ہوا۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ گزشتہ شب تیز اور موسلادھار بارشیں ہوئیں جس کی وجہ سے دبروٹ میں شاہ محمد ولد سائیں اللہ دین کا رہائشی مکان منہدم ہوگیا ۔انہوں نے بتایاکہ مکان گرنے سے حادثہ بھی ہوسکتاتھاتاہم پہلے ہی اہل خانہ اور مویشیوں کو باہر نکال لیاگیا ۔مقامی لوگوں نے مانگ کی ہے کہ متاثرہ شخص کے نقصان کا تخمینہ لگاکر اسے امداد فراہم کی جائے تاکہ وہ پھر سے مکان تعمیر کرسکے ۔
ڈی سی پونچھ نے سوچھ سرویکشن کی تیاریوں کاجائزہ لیا
نیوز ڈیسک
پونچھ//ڈپٹی کمشنر پونچھ نے سوچھ سروکشن گرین – 2018کی تیاریوں کاجائزہ لینے کےلئے میٹنگ کاانعقادکیا۔سوچھ بھارت مشن کی عمل میں سب سے اول رہنے والی ریاستوں اور اضلاع کو 2 اکتوبر 2018 کو انعام دیا جائے گا۔ڈی سی پونچھ نے گاو¿ں میں صفائی کی بہتری کے لئے عوام کی شمولیت کی حوصلہ افزائی کے لئے اسکولوں، صحت اداروں اور بازار سمیت دیگر مقامات پرصفائی ستھرائی یقینی بنانے کےلئے متعلقہ ایجنسیوں اور ان کے کارکنوں کو ہدایت کی ۔ڈی سی نے او ڈی ایف مہم کے انعقاد اوراجتماعی وباہمی کوششوں پر زور دیا۔ انہوں نے آر ڈی ڈی کے اہلکاروں کو مشن موڈ میں کام کرنے اور ان کی ذمہ داریوں کو مکمل نبھانے اور ٹیم کے طورپرچلنے کےلئے زوردیا۔دریں اثنا، ڈی ڈی سی نے عام لوگوں کو خاص طور پر صفائی کی اہمیت کے بارے میں طلباءکو بتایا اوربیداری پروگراموں کو منظم کرنے پربھی زوردیا۔اجلاس میں ایس ڈی ایم مینڈھر،ڈسٹرکٹ پنچایت آفیسر،چیف ایگریکلچر آفیسر،چیف میڈیکل آفیسر،چیف ایجوکیشن آفیسر اور ڈسٹرکٹ سوشل ویلفئر آفیسر اور دیگر ضلع افسران شامل تھے۔
۔8سال سے مفرور ملزم گرفتار
نیوز ڈیسک
راجوری //راجوری پولیس نے پچھلے آٹھ سال سے مفرور ملزم کو گرفتار کرنے کادعویٰ کیاہے ۔اس کی شناخت محمد اعظم ولد عبدالرشید ساکن سیم سمت تھنہ منڈی کے طور پر ہوئی ہے ۔پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف پولیس تھانہ منجاکوٹ میں ایف آئی آر زیرنمبر102/2011زیر دفعات 341/323کا کیس درج تھا ۔ملزم کی گرفتاری ایس ایچ او راجوری طاہر خان کی قیادت والی ایک ٹیم نے کی ۔
۔18گرام براﺅن شوگر برآمد، تین گرفتار
راجوری//راجوری پولیس نے سندر بنی سے براﺅن شوگر سمیت تین افراد کو گرفتار کیاہے ۔پولیس کے مطابق اے ایس آئی سدرشن شرماکی قیادت میں آئی ٹی آئی کمپلیکس سندربنی میں معمول کاناکہ لگاہواتھا جس دوران گزشتہ شام ساڑھے سات بجے راجوری سے سندر بنی جارہی ماروتی 800زیر نمبرJK02P 6331جسے راہل شرما ولد گوتم شرما ساکن شانت نگر کالونی جانی پور چلارہاتھا،کو روک کو اس کی تلاشی لی گئی جس بیچ راہل کمار کی تحویل سے پانچ گرام براﺅن شوگر، پانچ گرام شوگر موہت بابا ولد شام لعل ساکن جانی پور کے قبضہ سے اور آٹھ گرام براﺅن شوگر پرویز احمد ولد عبدالعزیز ساکن سیری خواجہ پونچھ کی تحویل سے برآمد ہوئی ۔اس طرح سے اٹھارہ گرام براﺅن شوگر برآمد ہوئی ۔اس سلسلے میں پولیس تھانہ سندربنی میں ایف آئی آر زیر نمبر82/2018زیر دفعات 8/21/22/29کاکیس درج کیاگیاہے ۔
ڈپٹی کمشنرکادشمی اکھاڑہ مندرکادورہ
بڈھاامرناتھ یاتراکے انتظامات کاجائزہ لیا
پونچھ// ڈپٹی کمشنرپونچھ نے اپنی ٹیم کے ساتھ دشمی اکھاڑہ مندر اور بڈھاامرناتھ یاترا کے انتظامات کا جائزہ لیا۔افسران کی ٹیم نے دشمی اکھاڑہ ٹیم کے چیرمین بسنت رام اور ادیگرممبران سے بات چیت کی۔اس کے بعد، دشنمی اکھاڑ پونچھ کے بیس کیمپ میں آئے عقیدتمند وںجو کہ دور دراز سے تشریف لائے ہیں ۔انہوں نے یہاں سے 30 کلومیٹر دور واقع واقع بابا بدھا امراناتھ کادورہ کیا۔ڈی سی نے مختلف سائٹس پر بجلی کے علاوہ، حفظان صحت، رہائش، طبی، نقل و حمل، ٹریفک مینجمنٹ، وغیرہ اوردیگر متعلقہ محکموں کی تیاریوں کاجائزہ لیااورانہوں نے متعلقہ محکموں سے تیاریوں کو یقینی بنانے کے لئے اور دو دن کے اندر کارروائی کی مفصل رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت دی۔