بی جے پی کی14رکنی الیکشن کمیٹی تشکیل
نرمل سنگھ ، لال سنگھ اور چودھری سکھنندن کو جگہ نہ ملی
نیوزڈیسک
جموں// بلدیاتی اور پنچایتی انتخابات کا بگل بجتے ہی بھارتیہ جنتا پارٹی نے بھی لنگر لنگوٹ کسنے شروع کر دئیے ہیں اور ان انتخابات کے لئے حکمت عملی طے کرنے کی غرض سے 14رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جس میں ریاست کے تینوں خطوں کے چیدہ چیدہ لیڈروں کو شامل کر لیا گیا ہے تاہم ریاستی اسمبلی کے سپیکر ڈاکٹر نرمل سنگھ اور حال ہی میں تنازعات میں آئے باغیانہ تیور اپنانے والے چودھری لال سنگھ کو اس کمیٹی میں جگہ نہیں دی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ پارٹی کی کھلے عام نکتہ چینی کرنے والے دیگر کئی لیڈروں جن میں حلقہ مڑھ سے ممبر اسمبلی چودھری سکھنندن، حلقہ انتخاب آرایس پورہ سے ڈاکٹر گگن بھگت اور چنہنی سے ممبر اسمبلی دینا ناتھ بھگت شامل ہیں، کو اس کمیٹی میں شامل نہیں کیا گیا ہے ۔ جہاں ڈاکٹر گگن بھگت 35-Aکی حمایت کرنے کی وجہ سے سرخیوں میں ہیں وہیں چودھری سکھنندن اور دینا ناتھ بھگت کو بھی پارٹی کی پالیسیوں کی نکتہ چینی کرنے کی وجہ سے باہر رکھا گیا ہے ۔جموں وکشمیر اکائی نے انتخابات سے متعلق معاملات کو دیکھنے کے لئے نئی ریاستی الیکشن کمیٹی کا اعلان کیاہے۔ پارٹی ریاستی صدر راویندر رینہ نے سنیئرلیڈران کے ساتھ صلاح ومشورہ سے بی جے پی سٹیٹ الیکشن کمیٹی تشکیل دی ہے۔ پارٹی ذرائع نے بتایاکہ الیکشن کمیٹی میں پارٹی ریاستی صدر اور ایم ایل اے رویندر رینا ، پارٹی لیجسلیٹو لیڈر اور ایم ایل اے کویندر گپتا، وزیر اعظم دفتر میں مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ، ممبرپارلیمنٹ جگل کشور شرما، راجیہ سبھا ممبر شمشیر سنگھ منہاس، پارٹی کے سابقہ ریاستی صدر اور ایم ایل اے ست شرما،تنظیمی جنرل سیکریٹری اشوک کول، ڈاکٹر نریندر سنگھ، سنیل شرما ایم ایل اے کشتواڑ، نائب صدریودویر سیٹھی، ایم ایل سی صوفی یوسف، ایم ایل سی لیہہ ٹی سیرنگ دورجے، ایم ایل اے ڈاکٹر دویندر منیال اور مہلا مورچہ ریاستی صدر رجنی سیٹھی شامل ہیں۔پارٹی کے سنیئرلیڈران ڈاکٹر نرمل سنگھ ، چوہدری لال سنگھ وغیرہ کو الیکشن کمیٹی میں جگہ نہیں ملی ہے۔
مسلم فیڈریشن کا تعزیتی اجلاس
بنیادی رکن کی وفات پر اظہار افسوس
عظمیٰ نیوز
جموں// مسلم فیڈریشن جموں کا ایک تعزیتی اجلاس زیر صدارت صدر عبدالمجید منعقد ہوا۔ جس میں فیڈریشن کے بنیادی رکن چوہدری بہادر دین کے انتقال پرسخت ریخ و دکھ کا اظہار کیا گیا۔چوہدری بہادر دین گزشتہ روز مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئے۔اجلاس میں تمام ممبران نے مرحوم چوہدری صاحب کیلئے دعائے مغفرت کرتے ہوئے ان کی سماج کے تئیں خدمات کو سراہا ان کی نیک سیرت اور حسن و اخلاق کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم چوہدری صاحب اپنی زندگی میں ہر طبقہ فکر کے ساتھ وابستہ رہے اور سماجی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے رہیں۔انہوں نے ہمیشہ آپسی رواداری اور بھائی چارے کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہا آج مسلم فیڈریشن اپنے ایک دیرینہ اور بنیادی رکن سے محروم ہو ئی ہے یہ خلا پورا نہیں ہو سکتا۔لیکن ان کی یادیں ہمیشہ ہمارے دلوں میں قائم رہینگی۔فیڈریشن صدر نے کہا مسلم فیڈریشن چوہدری بہادر دین مرحوم کے اہل و عیال اور تمام لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے یکہجہتی کا اظہار کرتی ہے۔تعزیتی جلسے میں شرکت کرنے والوں میں ماسٹر اکرم خان،محمد حسین ملک،سلیم خان،پرویز احمد ملک،شیخ تنویر احمد،رفیق خان،سکندر خان،چوہدری جماعت علی،مولانا عبدالمجید،فاروق احمد، محمد اکرم اور اسلم خان کے علاوہ دیگران شامل تھے۔
مینڈھر کے نوجوانوں کی گرفتاری
فریڈ موئو منٹ چراغپا، فوری رہائی کا مطالبہ
عظمیٰ نیوز
جموں//جموں کشمیر فریڈم موومنٹ نے ضلع پونچھ کی تحصیل مینڈھر کے نوجوانوں کی بلاوجہ گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہو ئے انتظامیہ پرزور دیا ہے کہ وہ گرفتار نوجوانوں کو فوراً رہا کرئے۔وادی کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوںانسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں نوٹس لیں۔ یہاں جاری ایک پریس ریلیز جموں کشمیرفریڈم موومنٹ کے چیئرمین محمدشریف سرتاج نے کہا ہے کہ ہندستان کی سپریم کورٹ کے ذریعے ریاست جموں کشمیر کے پُشتنی باشندوں کی اسٹیٹ سبجیکٹ حیثیت کو کالعدم قرار دئے جانے کے لئے آئین ہند میں درج دفعہ 35-Aکو منسوخ کرنے کی تیاریوں سے پوری ریاست جموں کشمیر میں پیدا شدہ خطر ناک صورتحال کے خلاف یہ نوجوان بھی پوری ریاستی عوام کے ساتھ ایک احتجاجی جلوس میں شامل تھے۔ جس طرح پوری ریاست میں مودی سرکار کی طرف سے ریاست جموں کشمیر پر اپنی تہذیبی، سیاسی اور معاشی جارحیت کو عملانے کے خلاف اپنا زور دار صدائے احتجاج بلند کرنے کے لئے ریاست کی مظلوم قوم کے ہر طبقے سے وابستہ ذی عزت شہریوں اور انجمنوں کو مودی سرکار کی اس عوام دشمن پالیسی کے خلاف سراپا احتجاج تھے ۔ایسے حالات میں نوجوانوں کی تشویش لازمی ہے ،جن کا مستقبل تاریک کر نے کا پلان آر ایس ایس نے بنا رکھا ہے۔انہوں نے مینڈھر کے نوجوانوں کی بلاجواز گرفتاریوں کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے گرفتارنوجوانوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
گورنر ،مشیروں اور چیف سیکرٹری کی جنم اشٹمی پر مبارک باد
جموں//گورنر ستیہ پال ملک ،مشیر بی بی وِیاس، کے وِجے کمار اور خورشید احمد گنائی کے ریاست کے چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے ریاستی عوام کو جنم اشٹمی کی مبارک باد دی ہے۔گورنرنے ریاستی عوام کو جنم اشٹمی کی مبارک باد دیتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ یہ تہوار ریاست میں امن، رواداری ترقی اور خوشحالی کا باعث بنے گا۔مبارک بادی کے اپنے پیغام میں گورنر نے کہا کہ شری مد بھگود گیتا میں درج شری کرشن کا پیغام انسانیت کو یہ درس دیتا ہے کہ لوگ ایک دوسرے کے حقوق بے لوث ہو کر ادا کریں۔ اُنہوں نے کہاکہ ان تعلیمات میں سماج کی وحدت کا سبق مضمر ہے ۔جنم اشٹمی کے موقعہ پر گورنر نے ریاست کے لوگوں کی خوشحالی کے لئے پراتھنا کی ہے۔اپنے الگ الگ بیانات میں مشیروں اور چیف سیکرٹر ی نے اُمید ظاہر کی ہے کہ یہ تہوار ریاست میں امن ، بھائی چارے اور خوشحالی کی نوید لے کر آئے گا۔اُنہوں نے کہا ہے کہ ریاست میں تمام تہوار آپسی رواداری کے ماحول میں منائے جاتے ہیں۔اُنہوں نے ریاستی عوام کی خوشحالی کے لئے دعا کی ہے۔
کے وِجے کمار اور پولیس سربراہ گورنر سے ملاقی
سری نگر//گورنر کے مشیر کے وِجے کمار نے آج یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کر کے اپنے ماتحت محکموں کی کارکردگی کے بارے میں اُنہیں جانکاری دی۔ریاست میں امن و قانون کی صورتحال کی مؤثر برقراری اور لوگوں کے اعتماد کو بنائے رکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے گورنر نے کے وِجے کمار کے ساتھ پولیس محکمہ کی اندرونی اِنتظامیہ اور پنچایتی اِنتخابات سے جُڑے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ گورنر نے زور دے کر کہا کہ کھیل سرگرمیاں نوجوانوں کی مجموعی ترقی کے لئے لازمی ہے ۔ انہوں نے کے وجے کمار سے تلقین کی کہ وہ ریاست میں کھیل ڈھانچے کو فروغ دینے کے علاوہ نوجوان کھلاڑیوں کو مناسب پلیٹ فارم مہیا کرنے کے اقدامات کریںتا کہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرسکیں۔گورنر نے کہا کہ پولیس اہلکاروں اور ان کے کنبے کے افراد کی فلاح و بہبود کی جانب خاص توجہ دی جانی چاہیئے۔اُنہوں نے پولیس اہلکاروں کو فراہم کی جانے والی اقامتی سہولیات کے بار ے میں مشیر موصوف کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں پولیس اہلکاروں کو درپیش مشکلات حل کئے جانے چاہئیں۔دریں اثناء ریاستی پولیس کے سربراہ ڈاکٹر ایس پی وید نے آج یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک کے ساتھ ملاقات کی ۔ ڈی جی پی نے گورنر کو ریاست کی اندرونی سلامتی صورتحال اور پولیس کی جانب سے اپنے اہلکاروں کے لئے عملائی جارہی مختلف سکیموں کے بارے میں جانکاری دی۔اُنہوں نے سالانہ شری امرناتھ جی یاترا کے انعقاد میں ریاستی پولیس کے رول کے بارے میں بھی گورنر کو بتایا۔تبادلہ خیال کے دوران گورنر نے عوام کے لئے امن و قانون کی صورتحال کو برقرار رکھنا امن اور سلامتی کے لئے لازمی قرار دیا۔ اُنہوں نے زور دے کر کہا کہ اس مقصد کے لئے ریاست میں تمام سیکورٹی ایجنسیوں کو قریبی تال میل کے ساتھ کام کرنا چاہیئے ۔
نیشنل سکالرشپ پورٹل
رجسٹریشن کیلئے 30؍ستمبر تک کھلا رہے گا
سری نگر//سماجی بہبود محکمہ کے سیکرٹری فاروق احمد لون کے مطابق اقلیتی امور کی مرکزی وزارت کے پری میٹرک ، پوسٹ میٹرک اور میرٹ کم مینز وظائف حاصل کر نے کے لئے نیشنل سکالر شپ پورٹل 30؍ستمبر تک کھلا رہے گا۔جن تعلیمی اداروں نے اس پورٹل پر ابھی تک رجسٹریشن نہیں کی ہے ان سے کہا گیا ہے کہ وہ یہ عمل فوری طور مکمل کریںتاکہ ان کے طالب علم مستفید ہوں۔سیکرٹری موصوف نے ریاست کے طالب علموں سے کہا ہے کہ وہ سکالر شپ سکیم سے پورا پورا فائدہ حاصل کریں۔