محکمہ صحت کا اکھنور میں طبی کیمپ منعقد
جموں //محکمہ صحت کی جانب سے اکھنور کے ماتھور نگری میں ایک طبی کیمپ کا اہتمام کیا گیا جہاں پر امریض قلب کے ماہر ڈاکٹر سشیل شرما کی قیادت میں ڈاکٹروں کی ایک ماہر ٹیم نے مریضوں اور دیوستان کے پوجاریوں کا طبی معائنہ کرنے کے علا وہ ان کو ادویات بھی فراہم کیں ۔اس طبی کیمپ کے دوران متعلقہ محکمہ کی طرف سے مرکزی حکومت کی جانب سے صحت کے سلسلہ میں شروع کی گئی اسکیموں کے بارے میں جانکاری بھی فراہم کی گئی ۔اس طبی کیمپ کے دوران ڈاکٹروں نے مذکورہ علا قہ کے 600سے زائد مریضوں کا چیک آپ کر نے کے علا وہ ان کو ادویات بھی فراہم کیں ۔اس کیمپ کے دوران ڈاکٹر دانیشور کپور ،ڈاکٹر کیول شرما ،ڈاکٹر اکھل گپتا ودیگر ملازمین بھی موجود تھے ۔
گاؤ کدل اوردوسرے واقعات کے مہلوکین کو پیپلز مومنٹ کا خراجِ عقیدت
جموں//جموں کشمیر پیپلز مومنٹ نے گاؤ کدل، کپوارہ، ہندوارہ اور سوپور قتل عام کے مہلوکین کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کہ وہ کشمیر میںپیش آئے انسانیت سوز مظالم کے ذمہ دار قصور واروں کو قرارِ واقعی سزا دلوانے میں اپنا کردار ادا کرے ۔یہاں جاری بیان کے مطابق جموں میں پیپلز مومنٹ کی جانب سے گاؤ کدل قتل عام اور دوسرے مہلوکین کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے منعقد ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر حریت رہنما اور پیپلز مومنٹ کے چیئر مین میر شاہد سلیم نے کہا کہ فورسز نے گزشتہ سات دہائیوں سے، بالخصوص گزشتہ تیس برسوں سے ریاست کشمیر کے چپے چپے کو لہو لہان کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا جنوری کشمیریوں کے لئے ایک خونی ماہ ثابت ہوا ہے ۔ان کاکہناتھاکہ اکیس جنوری 1990کو بسنت باغ میں سکیورٹی فورسز نے نہتے اور معصوم شہریوں پر بندوقوں کے دہانے کھول کر پچاس سے زائد کومار دیا جب کے اڑھائی سو سے زائد کو شدید طور زخمی کر دیااور اس واقعہ کے صرف چار روز بعد 25جنوری1990کو ہندوارہ میں 25لوگوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ اور اسی طرح چھ جنوری کو سوپور جبکہ 27 جنوری کو کپوارہ میں بھی معصوم شہریوں کو قتلِ عام کیا گیا ۔حریت رہنما نے کہاکہ سالہاسال گزر جانے کے بعد بھی ایسے انسانیت سوز مظالم کا ارتکاب کرنے والوںکی نشاندہی کی گئی اور نہ ہی متاثرین کو انصاف فراہم کیا گیا ۔میر شاہد سلیم نے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر ہوئی انسانی حقوق کی بین الاقوامی سطح پر تحقیقات کروانے کے لئے اپنا رول ادا کرے۔ اجلاس سے جن دوسری شخصیات نے خطاب کیا ان میں ایڈووکیٹ جمیل کاظمی، محمد شفیع رفیقی، حاجی محمد اعظم، سید خادم حسین شاہ، عبدالجبار، محمد شریف اور عبدالطیف شامل ہیں۔
عوام کی موثرانداز میں رہنمائی کرنا چاہتا ہوں :وحید جیلانی
سرینگر //کشمیر کے معروف فنکار اور سماجی کارکن وحید جیلانی نے کہا ہے کہ وہ ریاست کی ایک مین اسٹریم سیاسی پارٹی میں شمولیت کے بعد عوام کی مضبوطی کیساتھ رہنمائی کرنا چاہتے ہیں ۔یہاں جاری ایک بیان میںانہوںنے مرکزی اور ریاست کی سابقہ مخلو ط حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ پی ڈی پی او ر بھاجپا نے عوام بالخصوص ریاستی تہذیب و تمدن کیساتھ وابستہ افراد کیساتھ کھلواڑ کیا ہے ۔یا د رہے کہ وحید جیلانی کی نیشنل کا نفرنس میں شمولیت کے بعد ان کو پارٹی کا کلچرل اور میڈیا امور کا انچارج نامزد کیا گیا ہے اور یہ ریاست کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہو ا ہے کہ کسی سیاسی پارٹی نے مذکورہ عہدے پر کسی بھی فرد کو تعینات کیا ہے ۔اس سلسلہ میں بولتے ہوئے وحید جیلانی نے کہاکہ انہوں نیشنل کانفرنس میں شمولیت اس لئے کی ہے کہ مذکورہ پارٹی کی طرف سے فنکاروں کیساتھ دوستانہ رویہ ہے ۔انہوں نے مزیدکہا کہ پارٹی صدر کوریاستی تہذیب و تمدن کیساتھ گہری دلچسپی ہے ۔انہوں نے کہاکہ وہ اقتدار کیلئے نہیں بلکہ ریاستی عوام کی ترقی اور ان کو بنیادی سہولیات فراہم کروانے کیلئے سیاست میں آئے ہیں ۔موصوف نے کہاکہ اگر پارٹی قیادت کہتی ہے تووہ انتخابات میں حصہ لینگے ۔اس دوران کئی ایک ادبی تنظیموں نے وحید جیلانی کو پارٹی کی جانب سے مذکورہ عہدے پر تعینات کرنے کے عمل کی تعریف کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا شکریہ ادا کیا ہے ۔
کانگریس لیڈر نے بلاور میں عوامی مسائل کا جائزہ لیا
کٹھوعہ //کانگریس سنیئر لیڈر اور سابقہ ریاستی وزیر ڈاکٹر منوہر لعل شرما نے بلاور کی پنچایت کشن پور میں عوامی مسائل کا جائزہ لیا ۔اس موقعہ پر مذکورہ پنچایت میں منعقدہ اجلاس کے دوران مقامی لوگوں نے عوام کو درپیش مسائل کے بارے میں تفصیلی جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہاکہ مقامی لوگوں کو پینے کے صاف پانی ،بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی ،سکولوں میں طلباء کو بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑرہاہے ۔اجلاس کے دوران مقامی لوگوں نے بھاجپا لیڈر اور سابقہ ممبراسمبلی کی کارکردگی پر نا خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ گزشتہ 4برسوں کے دوران اقتدار میں آنے والی پارٹیوں کے کسی بھی لیڈر نے علا قہ کا دورہ نہیں کیا جبکہ اس علا قہ میں کسی بھی تعمیراتی پروجیکٹ کو شروع نہیں کیا گیا ہے ۔عوامی مسائل کو سننے کے بعد کانگریس لیڈر نے پی ڈی پی اور بھاجپا کی سابقہ حکومت کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ان دونوں سیاسی پارٹیوں نے عوامی جذبات کیساتھ کھلواڑ کیا جس کی وجہ سے اس وقت عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہوچکے ہیں ۔انہوں نے مقامی لوگوں اور پارٹی کارکنوں سے اپیل کر تے ہوئے کہا کہ وہ بھاجپا کی ناکامی اور عوام کش پالیسیوں کے سلسلہ میں عام لوگوں کوبیدار کرنے کا کام شروع کریں تاکہ آئندہ انتخابات میں بھاجپا لیڈران کو ان کے وعدوں و ناکامیاں یاد دلائی جاسکیں ۔