۔2022 سے نرسنگ ڈپلومہ ختم کیا جائے گا
جموں //مرکزی وزارت صحت تین سال کا نرسنگ ڈپلومہ کورس یعنی کہ جنرل نرسنگ اور مڈ وائف(GNM)، 2022 سے ختم کرنے پر غور کر رہی ہے، تاکہ نرسنگ قابلیت کے لئے درجہ بڑھایا جائے۔اس طرح سے 12ویں جماعت کے آرٹس اور کامرس کے طلا ب کو تین سالہ نرسنگ ڈپلومہ کورس میں داخلہ کا کوئی موقعہ نہیں ملے گا۔مرکزی سرکا رکے فیصلہ پر ملاجلا رد عمل آیا ہے کیونکہ اس کورس سے ہر سال 1.2 لاکھ نرسیں تیار کی جاتی ہیں ۔ایک بیان میں آرین انسٹیچوٹ آف نرسنگ ،راجپورہ ،چندی گڑھ کے چیر مین ڈاکٹر انشو کٹاریہ نے کہا ہے کہ اس فیصلہ سے مملک میں نرسوں کی قلت ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ادارے میں جی این ایم کی 40 نشستیں اور اے این ایم کورس کی 20 نشستیںہیں ۔انہوں نے کہا کہ سال رواں میں ان کی نشستوں میں12ویں جماعت کے آرٹس اور کامرس طلاب کا داخلہ بند ہونے کی وجہ سے چار گُنا اضافہ ہوا ہے۔جی این ایم تین سالہ ڈپلومہ کورس میں غیر سائنسی مضمون والے طلاب بھی داخلہ لے سکتے تھے جبکہ بی اسی سی نرسنگ کے لئے 12ویں جماعت کے سائنس طلاب ہی داخلہ لے سکتے ہیں۔ تا دم ملک بھی میں 2,902 جی این ایم نرسنگ سکول ہیں۔سال رواں کی 14مارچ کو جاری ایک نوٹفکیشن کے تحت جی این ایم کورس کے لئے آخری داخلہ 2020 میں ہوگا۔ کٹاریہ نے مزید کہا کہ اس کا مطلب ہے کہ غیر سائنسی طلاب کو جی این ایم میں داخلہ نہیں دیا جائے گا جس کی وجہ سے وہ بیرون ممالک جیسے کہ کینیڈا، آسٹریلیا ، نیوزی لینڈ وغیرہ جی این ایم کورس کرنے کے لئے جائیں گے جہاں پر اسکا مشاہرہ بھی اچھا ہے۔
این ایچ اے آئی کے رہنما خطوط کی خلاف ورزی
HRAK, PHDCCI.کی بن ٹول ناکہ پر غیر قانونی وصولیابی کی مذمت
کٹرہ//ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ ایسو سی ایشن کٹرہ (HRAK) اور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری جموں ریجن کی جانب سے یہاں اتوار کے روز ایک ہنگامی میٹنگ کا اہتمام کیا گیا ،جس کی صدارت صدر HRAK اور PHDCCI کے شریک چیئرمین راکیش وزیر نے کی ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ٹول پوسٹ بن پر از خود سسٹم بنا کر ایک عجیب صورتحال بنائی گئی ہے،جہاں پر وہ سر عام وزارت ٹرانسپورٹ و شاہرائوں کے طے رہنما خطوط کی خلاف ورزی کرر ہے ہیں ،اجلاس میں بتایا گیا کہ ٹول پوسٹ بن میں تین سال قبل جاری کردہ پاسوں کی تجدید نہیں کی جا رہی ہے ،جس سے مقامی لوگوں خصوصا ً20 کلو میٹر دائرہ اختیار میں رہائش پذیر کٹرہ کے لوگوں کو کافی پریشانی ہو رہی ہے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ان پاسوں کو متعلقہ ڈپٹی کمشنر نے اس وقت جائز قرار دیا تھا ۔وزیر نے الزام لگایا کہ ٹول پوسٹ پر متعدد خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ ٹول پوسٹ پر رقم وصول کرنے والا ٹھیکہ دار بہت ہی طاقت ور بن گیا ہے او راپنے کوطاقت کے بل بوتے پر ڈپٹی کمشنر سے بھی زیادہ اتھارٹی مانتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر اس عمل کو نہیں روکا گیا تو اس سے نقص امن کا خطہ پیدا ہو سکتا ہے ،جس کی ساری ذمہ واری ٹول پوسٹ پر عائد ہوگی۔اجلاس میں NHAI سے کنٹریکٹ فوری طور منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے اور خلاف ورزیاں کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کرنے کا اپیل کی ہے۔اجلاس میں ویریندر کیسر، کلدیپ ڈوبے، اجے کوتوال ،مینا وزیر، نشانت شرما ، روہت دوبے، امت راہی ،وو یک شرما ، موہت دوبے کے علاوہ HRAK اور PHDCCI کے ممبران نے بھی شرکت کی۔
شو سینا ڈوگرہ فرنٹ کا احتجاج
یاسین ملک کے حق میں کانگریس، پی ڈی پی کا بیان غیر آئینی قرار دیا
یوگیش سگوترہ
جموں //شو سینا ڈوگرہ فرنٹ نے اتوار کے روز سینئر کانگریس لیڈر پی سی چاکو اور پیوپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی کی جانب سے ممنوع جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک کے حق میں جاری بیان پر سخت اعترض کیا ہے۔ ایک پریس بیان میں فرنٹ کے صدر اشوک گپتا نے کہا کہ وزیر داخلہ کی بیٹی روبیہ سعید کی اغوا کاری اور ائیر فورس اہلکاروں ،لسہ کول، جج نیل کنٹھ گنجو ،کے قتل میں ملوث یاسین ملک کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے ۔ انہوں نے محبوبہ مفتی کے بیان کو قابل مذمت قرار دیا ، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ دفعہ 370 کو ختم کرنے سے ہمارے رشتے ختم ہوتے ہیں ،شوسینا نے اس بیان کو غداری قرار دیا ،گپتا نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ انہیں کشمیر میں جھنڈا اُٹھانے سے قبل اپنے پارلیمانی حلقہ کی جانب توجہ مرکوز کرنے چاہیے ،جس میں ووٹروں کی کل تعداد 13,97,272 ہے اور پہلے مرحلہ میں فقط 13فیصد ووٹ ڈالے گئے ہیں، جس سے یہ عیاں ہے کہ محبوبہ کو کشمیریوں کی کوئی حمایت حاصل نہیں ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہا گر کسی شخض یا پارٹی کو پاکستان اچھا لگتا ہے تو اسے اپنا بوری ،بسترہ گول کرکے پاکستان کی شہریت اختیار کرنی چاہیے۔
سانبہ میں پنجاب کے2 منشیات سمگلر گرفتار
سانبہ //ضلع پولیس نے دو پنجاب کے منشیات سمگلروں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس بیان کے مطابق جے اینڈ کے پولیس سانبہ نے جموں سے آرہی ایک ٹرک زیر نمبر PB06N-2709 کو گھگوال کے مقام پر روکا اور اسکی تلاشی کے بعد 5کلو گرام 200گرام فکی برآمد کی۔مبینہ ملزمان کی پہچان ہرویندر سنگھ ولد ہربھجن سنگھ وکنہ بھوپور تحصیل درنگلا ،ضلع گور داس پور اور جرنیل سنگھ ولد دیوان چند ساکنہ سئیور خورد ،تحصیل کالانور ضلع گورداس پور ،پنجاب کے طور بیان کی گئی ہے۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ زیر ایف آئی آر نمبر 43/2019 درج کرکے مزید کاروائی شروع کر دی گئی ہے۔