ترتک کو ڈگری کالج اورتحصیل کادرجہ دینے کامطالبہ
جموں//لیہہ ضلع کے ترتک علاقہ کے لوگوں نے حکومت کی طرف سے نئے ڈگری کالجوں کے قیام کے سلسلے میں قائم کی گئی اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کی طرف سے لیہہ ہیڈکوارٹرسے 210 کلومیٹردورعلاقہ ترتک کیلئے نشاندہی کیے گئے کالج کومنظورشدہ کالجوں کی فہرست میں شامل نہ کرنے پربرہمی کااظہارکیاہے۔یہاں جموں میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میڈیاکوبتایاکہ ترتک بلاک میں ہائرسکینڈری سکولوں سے فارغ ہونے والے طلباء کی کثیراعلیٰ تعلیم کیلئے دربدرہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ ترتک سے90کلومیٹرکی دورپر ڈسکٹ نوبرہ میں ڈگری کالج ہے جہاں تک پہنچنے کیلئے ترتک علاقہ کے طلباء کوکافی زیادہ سفرطے کرناپڑتاہے۔انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت نے ترتک بلاک کیلئے ڈگری کالج کی نشاندہی کی تھی لیکن بعدمیں 28 ڈگری کالجوں کی منظوری کی فہرست میں ترتک ڈگری کالج کانام نہیں آیاجس کی وجہ سے ترتک علاقہ کے لوگوں میں حکومت کے تئیں ناراضگی اورمایوسی پائی جاتی ہے۔اس دوران ترتک کے نوجوانوں نے تحصیل نوبرہ لیہہ کے ان علاقوں کوایل اوسی سے دس کلومیٹردائرہ کے اندرمیں ہیں انہیں ایل اوسی کیٹگری میں لایاجائے اورریزرویشن کافائدہ دیاجائے۔اس دوران ترتک ۔کھاپلوسڑک کوکھولنے ،ترتک ہنوسڑک کی تعمیر اوربلتی طبقہ کے لوگوں کیلئے اسمبلی میں قانون سازیہ نشست قائم کرنے اور ترتک علاقہ کوتحصیل کادرجہ دینے کامطالبہ کیا۔
کٹھوعہ کی بنی وادی میں برفباری سے معمولات زندگی متاثر
حافظ قریشی
کٹھوعہ // ایک بار پھر کٹھوعہ ضلع کی تحصیل بنی میں تازہ برفباری سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پیر کی صبح سے ہی کٹھوعہ ضلع کی تحصیل بنی کے میدانی علاقوں میں ہلکی بار بارشیں اور بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری شروع ہو گئی تھی دیر رات سے میدانی علاقوں میں برفباری شروع ہو گئی جس کے پیش نظرلوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرناپڑرہاہے۔ تازہ بھاری برفباری کے سبب بنی تحصیل کے بنی اور بلاور کے درجنوں سڑکیں ٹریفک کی نقل و حرکت کے لئے بند ہوگئی ہیں اس کے علاوہ بجلی نظام بری طرح سے درہم برہم ہوکر رہ گیا ہے ۔سوموار کی شام سے ہی بنی کے مختلف علاقوں میں بجلی گل ہوگئی تھی۔تازہ برفباری کے پیش نظر پوری بنی وادی سردی کی لپیٹ میں آگئی جس کے پیش نظر بنی کے بازاروں میں مجموعی طور پر ویرانی چھائی رہی ۔ ذرائع کے مطابق منگلوار شام ڈھلنے تک تازہ برفباری جاری ہے ۔بنی کے لوانگ، ڈھگر، ڈوگن ، بھنڈار، رولکا دولکا ، سندرون، کوٹی چنڈھیار، بانجل فتح پور، کے علاوہ تحصیل بلاوار کے لوھائی ملہار، مچھیڑی علاقوں میں کہیں پر تین فٹ اور کہیں پانچ فٹ برفباری ریکارڈ کی گئی ہے ۔
ٹریفک پولیس اورمنی بس ٹرانسپورٹ یونین کااجلاس منعقد
قوانین کی پاسداری کی اہمیت اورمسائل پرتبادلہ خیال کیاگیا
جموں//ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹرجموں وکشمیرنے ٹریفک پولیس اورمنی بس ٹرانسپورٹ یونین ضلع جموںکے عہدیداران ساتھ ایک میٹنگ کااہتمام کیاجس کی صدارت آئی جی پی ٹریفک الوک کمارنے کی ۔اس دوران میٹنگ میں سٹاف افسرآئی جی پی (ٹریفک) ،ایس ایس پی ٹریفک سٹی جموں، ڈی ڈی پی ٹی ایچ کیو،ایس پی ٹریفک رورل جموں وجے سنگھ صدرآل میٹاڈوریونین ،سورم سنگھ جنرل منیجر آل میٹاڈوریونینزموجودتھے۔میٹاڈوریونین کے عہدیداران کے مختصرتعارف کے بعدشرکاء کوٹریفک منیجمنٹ نظام کی مجموعی پیش رفت اورسدھارکے بارے میں جانکاری دی گئی ۔آئی جی پی نے یونینوں کے عہدیداران کومیٹاڈورڈرائیوروں کی طرف سے قواعدکی پاسداری ،الاٹ کئے گئے روٹوںپرگاڑیاں چلانے ،گاڑیوں کے ڈھانچے میں تبدیلی ، بس سٹاپوں پررکنے اوروردی پہننے کی اہمیت ،میوزک سسٹم اورلائوڈسپیکرکے نقصانات کے بارے میں جانکاری دی۔اس موقعہ پر یونین عہدیداران پرزوردیاگیاکہ وہ گاڑیوں کے ضروری کاغذات مثلاً روٹ پرمٹ ،آرسی ،ڈرائیونگ لائسنس ،انشورنس کور، فٹنس سرٹیفکیٹ وغیرہ ساتھ رکھیں اورٹریفک قواعدکی پاسداری کویقینی بنائیں۔میٹنگ کے دوران میٹاڈوریونین نے ڈرائیوروں کے مسائل بھی اُجاگرکیے۔
سٹیٹ ریسورس سینٹر برائے خواتین کے کیلنڈرکااجرا
جموں/گورنر کے صلاح کار خور شید احمد گنائی نے یہاں سٹیٹ ریسورس سینٹر برائے خواتین محکمہ سماجی بہبود کے کیلنڈرکو جاری کیا ۔اِس موقعہ پر صلاح کار کو سینٹر کی ڈائریکٹر رفعت آرا نے خواتین کی بااختیاری کے حوالے سے عملائے جارہے مختلف پروگراموں اور 21سے 26؍ جنوری 2019تک منعقدہورہے گرل چائیلڈ وِیک تقریبات کے بارے میں جانکاری دی۔سینٹر نے ہر ضلع میں خواتین کی با اِختیار ی کے لئے وَن سٹاپ سینٹر اور مہیلا شکتی کیندر کھولے ہیں۔اِس ہفتے ریاست بھر میں بچیوں کی بہبود اور اُنہیں تعلیم فراہم کرنے کے حوالے سے مختلف تقریبات منعقد ہو رہی ہیں جبکہ سینٹر کی طرف سے ’’ بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو‘‘ موضوع پر فلم بھی سکرین کی جائے گی۔
محکمہ مال آبپاشی کوہلوں اور آبی پناہ گاہوں کے تحفظ کیلئے تیار
جموں/محکمہ مال کے فائنانشل کمشنر جو ریاست کی سنس کمشنر بھی ہیں ، نے کہا ہے کہ 2017-18ء میں اری گیشن سنسس کے لئے محکمہ کے لئے لازمی اقدامات کئے ہیں ۔یہ سنسس آبی وسائل کی مرکزی وزارت کی طرف سے کیا جارہا ہے۔اُنہوںنے کہا کہ سنسس کے اَحسن اِنعقاد کے لئے متعلقین کو ضروری تربیت فراہم کی گئی ہے اور تمام تحاصیل میں رہنما خطوط پر مبنی شیڈول بھی تقسیم کیا گیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر وں کو ہر ایک تحصیل کے لئے موبائیل آلات خریدنے کا اِختیار دیاگیا ہے تاکہ آبی پناہ گاہوں کی عکس بندی کی جاسکے۔ جبکہ مذکورہ وزارت کی طرف سے ایک موبائیل اپلی کیشن اور سافٹ وئیر بھی دستیاب کرایا جارہا ہے۔
محکمہ جنگلات کے کام کاج کا جائزہ
مثبت نتائج حاصل کرنے کیلئے وسائل کامنصفانہ استعمال ناگزیر:وجے کمار
جموں/گورنر کے صلاح کار کے۔ وِجے کمار نے یہاں ایک میٹنگ میں محکمہ جنگلات کی منسلک وِنگوں کی ریشنلائزیشن اور تشکیل نو کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے محکمہ کے کام کاج میں بہتر ی لاکر اس سے مستحکم کرنے پر زور دیا۔میٹنگ میں اِنسانی وسائل کے اِستعمال ، ملازمین کے کیئر یر اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ کمشنر سیکرٹری فارسٹ منوج کمار دویدی ، چیئرمین پولیوشن کنٹرول بورڈ روی کمار کیسر، چیف کنزرویٹر فارسٹ پی کے سنگھ، چیف وائیلڈ لائف وارڈن سریش کمار ، منیجنگ ڈائریکٹر سٹیٹ فارسٹ کارپوریشن واسو یادو ، ڈائریکٹر ایس ایف آر آئی او پی شرما ، ڈائریکٹر سوشل فارسٹری نیلو گیرا ، ڈائریکٹر فارسٹ پروٹیکشن فورس آصف محمود ، ڈائریکٹر فائنانس فارسٹ ڈیپارٹمنٹ آر ایس بالی ، سپیشل سیکرٹری ٹیکنیکل فارسٹ ڈیپارٹمنٹ رومیش کمار اور دیگر دوسرے سینئر افسروں نے میٹنگ میں شرکت کی۔صلاح کار نے مثبت نتائج حاصل کرنے کے لئے دستیاب اِنسانی وسائل کو بہتر ڈھنگ سے اِستعمال میں لانے اور ملازمین کی صلاحیت سازی میں اضافہ کرنے پر زور دیا۔محکمہ کے کام کاج کو مزید بہتربنانے کے لئے صلاح کار نے افسران سے تجاویز حاصل کیںجنہوں نے محکموں کے کام کاج اور جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کے بارے میں صلاح کار کو جانکار ی دی۔صلاح کار نے جنگلات و ماحولیات اور دیگر وِنگوں کے افسران کو قریبی تال میل کے ساتھ قائم کر کے محکمہ کے کام کاج میں بہتری لانے پر زور دیا ۔ایک علاحد ہ میٹنگ میں صلاح کار نے ریاست میں زرعی شعبے کی بہتری کے لئے اختراعی اقدامات کرنے پر زور دیا۔میٹنگ میں سیکرٹری زراعت اور دیگر متعلقین نے شرکت کی۔
جی پی ایس نظام اور پینک بٹن سے لیس گاڑیوں کاہی اندراج ہوگا:سامون
جموں //ریاستی حکومت ایک ایسا منصوبہ تیار کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جس کی رو سے اس سال یکم اپریل سے صرف اُن پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کو رجسٹر کیا جائے گا جو جی پی ایس نظام اور پینک بٹن سے لیس ہوں ۔ یہ فیصلہ یہاں پرنسپل سیکرٹری ٹرانسپورٹ محکمہ ڈاکٹر اصغر حسن سامون کی صدارت میں منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران لیا گیا ۔ ڈاکٹر سامون نے مسافر گاڑیوں کی آواہ جاہی پر نظر رکھنے کیلئے جی پی ایس نصب کرنے اور ایک راڈار سرولینس نظام قایم کرنے کا عمل شروع کرنے کی ہدایات دیں ۔ اس سلسلے میں ٹرانسپورٹ کمشنر کے دفتر میں قایم کئے جانے والا سافٹ وئیر سنٹر فار ڈیولپنگ ایڈوانسڈ کمپیوٹنگ کی طرف سے تیار کیا جائے گا اور سرکھشا مترا نامی اس سافٹ وئیر کی بدولت گاڑیوں کی نقل و حمل اور دیگر عداد و شمار کے بارے میں صحیح جانکاری حاصل کرنے میں مدد ملے گی ۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ اس جی پی ایس نظام میں تمام ڈرائیوروں کے فوٹو گرافس ، نام ، عمر ، پتہ اور ٹیلی فون نمبر گاڑی میں ایک مخصوص جگہ پتر اجاگر ہو گا ۔ میٹنگ کے دوران ڈاکٹر سامون نے ہدایات دیں کہ ڈرائیونگ لائیسنس کو سپیڈ پوسٹ کے ذریعے سے گھروں تک پہنچانے کی سہولیات مزید ضلعوں تک بڑھائی جانی چاہئیے ۔ ایس آر ٹی سی اور سٹیٹ موٹر گیراجز کے ورکشاپس کی جدید کاری کے تعلق سے انہوں نے ہدایات دیں کہ جموں اور سرینگر میں ریجنل ورکشاپس کو بڑھاوا دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جانے چاہئیں ۔ انہوں نے کہا کہ ڈرائیونگ قوانین اور دیگر پہلوؤں کے بارے میں ٹرانسپورٹروں ، ڈرائیوروں ، کنڈیکٹروں اور طلاب میں بیداری پیدا کرنے کیلئے پروگراموں کا انعقاد کیا جانا چاہئیے ۔ میٹنگ میں ایم ڈی ایس آر ٹی سی ڈاکٹر منموہن سنگھ ، آر ٹی او جموں ڈاکٹر راج کے تھاپا اور متعلقہ محکموں کے کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔
جموں سنٹرل کواپریٹو بنک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ
نوین چودھری نے بنک کو مزید نفع بخش بنانے کیلئے امورات کا جائزہ لیا
جموں //پرنسپل سیکرٹری خزانہ نوین کے چودھری نے جموں سنٹرل کواپریٹو بنک سے کہا ہے کہ وہ این پی ایز کی ریکوری کا عمل تیز کریں ۔ انہوں نے اس حوالے سے ریاست کے اُن سرکاری ملازمین کی نشاندہی کرنے کیلئے تعاون کا یقین دلایا جو اس بنک کے قرضے واپس ادا نہیں کر رہے ہیں ۔ اس موقعہ پر بتایا گیا کہ ریاستی حکومت کے 368 ملازمین اس بنک کے مقروض ہیں اور ان کی فہرست متعلقہ حکام کوع پہلے ہی بھیج دی گئی ہے تا کہ سروس قوانین کے مطابق اُن کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے ۔ بنک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی ایک میٹنگ کی بحثیت چئیر مین کی حثیت سے صدارت کرتے ہوئے نوین کمار چودھری نے بنک کی آڈٹ کمیٹی کی طرف سے پیش کی گئی کئی سفارشات کو منظوری دی جس میں ڈسٹرکٹ آفیسر کے دفتر کو رد کرنا اور غیر فعال شاخوں کو نزدیکی فعال اور متحرک شاخوں کے ساتھ ضم کرنا بھی شامل ہے تا کہ اخراجات میں کمی لائی جا سکے ۔ اس وقت جموں صوبے کے مختلف علاقوں میں اس بنک کی 89 شاخیں کام کر رہی ہیں ۔ چئیر مین نے بنک کو ہدایت دی کہ وہ این پی ایز کی ریکوری اور مقروض افراد سے قرضے کی وصولیابی کے حوالے سے ایک جامع رپورٹ تیار کریں ۔ اس موقعہ پر مزید کہا گیا کہ بنک کی ون ٹایم سیٹلمنٹ ونڈو 31 مارچ 2019 تک کھلی رہے گی ۔ چئیر مین نے یکمشت سیٹلمنٹ والے لون کیسوں کو حل کرنے کیلئے ایک ماہ کی حد کا تعین کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بنا کسی سیکورٹی کے قرضوں کی واگذاری کی ذمہ داری بھی اس عمل میں واضح کی جانی چاہئیے ۔ انہوں نے بنک کے کاروبار میں مزید بہتری لانے اور مالی نظم و ضبط برقرار رکھنے کیلئے بنک انتظامیہ کو کئی ہدایات دیں ۔ بورڈ ڈائریکٹرز ، ڈی سی جموں رومیش کمار ، سیکرٹری امدادِ باہمی عبدالمجید بٹ ، ڈائریکٹر ایگریکلچر ایچ کے راجدھان ، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سیما شیکھر کھجوریہ اور کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔
ڈاکٹر جتندر سنگھ اورسی پی آئی لیڈرگورنر سے ملاقی
جموں/جموں/ وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات کی۔اُنہوں نے ریاست کی تیز ترتعمیر و ترقی اور ریاست کی داخلی اور اندرونی سلامتی سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔علاوہ ازیں سی پی آئی کے سینئر لیڈر اتل کمار انجن نے یہاں راج بھون میں گورنر ستیہ پال ملک سے ملاقات کی۔اُنہوںنے عوامی بہبود اور سماج کے کمزور طبقوں کی بہبود سے متعلق مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔