چیف سیکرٹری کی صدارت میں جے کے ایس ایل بی سی کی میٹنگ منعقد
جموں//چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم کی صدارت میں اعلیٰ اختیاری کمیٹی کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں زراعت ، مکانات اور چھوٹے اور درمیانہ درجے کی صنعتوں کو بینکوں کے ذریعے قرضہ جات فراہم کرنے سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال ہوا۔بینکرس کمیٹی کی 109ویں میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ گنجائشوں کے باوجود زراعت ،مکانات اور دیگر شعبوں میں قرضہ جات کی فراہمی کم رہی ہے جس کے لئے انہوں نے بینکوں کو ان شعبوں میں بہتری کے لئے قرضہ جات کی فراہمی کے لئے سنجیدہ کوششوں کے احکامات دئیے۔اُنہوں نے فائنانس سیکرٹری اور دیگر سرکاری اہلکاروں اور بینکوں کے نمائندوں پر مبنی ایک کمیٹی تشکیل دینے کے احکامات دئیے جو ان شعبوں میں قرضہ جات کی فراہمی سے متعلق اقدامات تجویز کرے گی۔چیف سیکرٹری نے تمام ضلع بینک لیڈروں کو ڈیٹا کا جائزہ لے کر زرعی شعبے میں خاطر خواہ کارکردگی نہ ہونے پر ایک تفصیلی رپورٹ داخل کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے متعلقین کو پردھان منتری کسان سمان ندھی سکیم کے بارے میں جانکاری دینے کی ہدایت دی تاکہ سکیم کی مؤثر عمل آوری یقینی بن سکے۔میٹنگ میں پرنسپل سیکرٹری ٹرانسپورٹ ، پشو و بھیڑ پالن ڈاکٹر اصغر حسن سامون ، پرنسپل سیکرٹری فائنانس نوین کمار چودھری ،پرنسپل سیکرٹری صنعت و حرفت شالین کابرا، پرنسپل سیکرٹری مکانات دھیرج گپتا، فائنانشل کمشنر مال ڈاکٹر پون کوتوال ، چیف جنرل منیجر نبارڈ پی بالا چندرن ، ریجنل ڈائریکٹر آئی بی آئی تھامس میتھو اور جموں وکشمیر کے سی ای او پرویز احمد کے علاوہ دیگر افسران اور متعلقین نے شرکت کی۔اس سے قبل جموں وکشمیر بینک کے چیئرمین نے چیف سیکرٹری کا خیر مقدم کرتے ہوئے مختلف معاملات پر غور کرنے کے لئے چیف سیکرٹری کا شکریہ ادا کیا۔اُنہوں نے کہاکہ ریاست میں کام کررہے بینکوں نے ترجیحی اور غیر ترجیحی شعبوں کے تحت 2018-19 میں 620993مستفیدین میں 21821.98کروڑ روپے کا قرضہ فراہم کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ترجیحی سیکٹر میں 378257مستفیدین میں 11511.35کرو ڑروپے فراہم کئے گئے ہیں جبکہ غیر ترجیحی سیکٹر میں 242736مستفیدین میں 10310.63کروڑ روپے کا قرضہ فراہم کیا گیا۔
پولیس پبلک سکول میں الوداعی تقریب
جموں //پولیس پبلک سکول جموں میں 12ویں جماعت کے طلباء کیلئے ایک الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔اس تقریب میں طلباء کے علا وہ سٹاف ممبران اور معززین نے بھی شرکت کی ۔تقریب میں سکول پرنسپل بطورمہمان خصوصی شامل ہوئیں جبکہ طلباء کی جانب سے ایک تمدنی پروگرام کااہتمام کیا گیا تھا ۔اس موقعہ پر مقررین نے طلباء کے مستقل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ محنت سے اپنے والدین کا نام روشن کریں ۔
پرائیوٹ سکول ایسو سی ایشن کا اظہار تعزیت
جموں //پرائیوٹ سکول ایسو سی ایشن نے جموں کے جنرل سیکریٹری و کو آر ڈینٹر اجے گپتا کی والدہ کی وفات پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کیساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔یہاں جاری ایک پریس بیان میں مذکورہ تنظیم کے مطابق ’اس سلسلہ میںایسوسی ایشن کا ایک وفدقومی شاہراہ بند ہونے کی وجہ سے اجے گپتا کیساتھ تعزیت کرنے کیلئے ان کی رہائش گاہ ادہم پور نہیں پہنچ سکا ‘اور اس سلسلہ میں مذکورہ وفد کی جانب سے بانہال میں ایک تعزیتی اجلاس کا اہتمام کیا گیا جس میں اراکین نے اجے گپتا کیساتھ ہمدرادی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں وہ لواحقین کیساتھ برابر کے شریک ہیں ۔
خواتین کی بااختیاری
شیر کشمیر یونیورسٹی میں قومی کانفرنس کا آغاز
جموں //سکاسٹ یونیورسٹی جموں میں ’خواتین کی بااختیاری ‘کے سلسلہ میں قومی کانفرنس کا افتتاح کر دیا گیا ہے ۔سوسائٹی فار انٹیگریٹیڈ ڈیولپمنٹ آف ایگرکلچر،ویٹرنری اینڈ ایکولوجی سائنسز اور سکاسٹ یونیورسٹی کشمیر کے اشتراک سے منعقد کی جانے والی کانفرنس میں سماج اور خواتین کے رول پر روشنی ڈالی جائے گی ۔اس قومی کانفرنس میں ملک بھر سے 300سے زائد سائنسدان ،اسکالر مذکورہ عنوان پر اپنے خیالات کا اظہار کرنے کیلئے شرکت کر رہے ہیں 12نشستوں پر مشتمل اس کانفرنس کے دوران اراکین کی جانب سے خواتین کے حقوق ،ان کی اقتصادی وسماجی حالت بہتر بنانے ودیگر مسائل پر روشنی ڈالی جائے گی۔اس کانفرنس میںڈاکٹر این ایس راٹھور بطور مہمان خصوصی شامل ہیں جبکہ ان کے علا وہ سکاسٹ یونیورسٹی جموں کے وائس چانسلر پردیپ کے شرما ،سنٹرل یونیورسٹی جموں کے وائس چانسلر بھی شرکت کر رہے ہیں ۔اپنے خطاب میں ڈاکٹر این ایس راٹھور نے کہا کہ خواتین کی فلاح و بہبود اور ان کی اقتصادی حالت بہتر بنانے کیلئے ،ان کو سماج میں برابری دینے کے علاوہ ،ایجوکیشن ،صحت ،ان کی اقتصادی حالت بہتر بنانے کیساتھ ساتھ سیاسی میدان میں ان کو منفرد مقام دینا اشد ضروری ہے ۔اس قومی کانفرنس میں یونیورسٹی کے تمام شعبوں کے ایچ او ڈی ،فیکلٹی ممبران اور طلباء بھی شرکت کر رہے ہیں ۔
جموں وکشمیر ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا اجلاس
جموں //جموں وکشمیر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا اجلاس ریاستی صدر بابو حسین ملک کی قیادت میں منعقد ہوا ۔اس اجلاس میں کمیٹی کے متعدد اراکین نے شرکت کر کے ملازمین کو درپیش مسائل اور ان کے مطالبات پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔اجلاس میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے اراکین نے ریاستی انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ متعدد محکموں میں کئی اسامیاں خالی پڑی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے ملازمین پر کام کو شدید دبائو ہے جبکہ کئی ایک محکموں میں ملازمین گزشتہ 20برسوں سے ایک ہی عہدے پر اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں لیکن انتظامیہ کی طرف سے ان کی ترقی کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا جارہا ہے ۔اراکین نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ جوائنٹ جنرل اکائونٹ اینڈ ٹریجری ملازمین کو انصاف فراہم کرنے میں پوری طرح سے ناکام ہوچکے ہیں ۔جموں وکشمیر جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے نیشنل ہیلتھ مشن ملازمین کی جانب سے کی جارہی ہڑتال اور ان کی مانگوں کی حمایت کر تے ہوئے ایس آر او 333میں ترمیم ،تنخواہ میں آرہے مسائل کو حل کرنے ،پنشن ودیگر مانگوں پر تفصیلی غور کیا ۔
لوگوں کی راحت رسانی کیلئے موثر لائحہ عمل کی ضرورت:کیول کمار شرما
جموں//گورنر کے مشیر کیول کمار شرما نے لوگوں کی راحت رسانی کے لئے موثر لائحہ عمل اپنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے تا کہ خراب موسمی حالات کے نتیجہ میں لوگوں کو دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اخیالات کا اظہار مشیر موصوف نے کمشنر سیکرٹری جنگلات ایم کے دویدی، سیکرٹری پی ڈی ڈی ہردیش کمار، کمشنر سیکرٹری تعمیرات عامہ خورشید شاہ سیکرٹری پی ایچ ای فاروق شاہ اور محکمہ کے متعلقہ افسران کیساتھ منعقدہ میٹنگ میں کیا۔مشیر موصوف نے زور دے کر کہا کہ لوگوں کو ضروریات کی تمام اشیاء فراہم کرائی جانی چاہئیں اور اس کے علاوہ سڑکوں اور گلی کوچوں سے برف ہٹانے کے عمل میں تیزی لائی جانی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں بارش اور برف کی وجہ سے پانی جمع ہوا ہے، کی نکاسی کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جانے چاہئیں۔مشیر کو بتایا گیا کہ شہروں اور قصبوں میں سڑکوں سے برف ہٹانے کا کام پہلے ہی شروع کیا گیا ہے اور رابطہ سہولیات کو بحال کیا جارہا ہے۔انہیں مزید بتایا گیا کہ بجلی اور پینے کے پانی کی بلا خلل سپلائی کو یقینی بنانے کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔اس سے قبل کرگل خود مختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کے سی ای سی فیروز احمد خان نے دیگر کئی کونسلروں کے ہمراہ کیول کمار شرما کے ساتھ ملاقات کی۔اس موقعہ پر چیف ایگزیکٹو کونسلر نے کرگل کے ترقیاتی پروجیکٹوں اور کیپکس بجٹ2018-19 سے جڑے کئی معاملات پر مشیر کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔مشیر نے انہیں یقین دلایا کہ اُن کی نوٹس میں لائے گئے معاملات پر مناسب غور کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے پہلے ہی مرکزی اور ریاستی سکیموں کے تحت کئی پروجیکٹ شروع کئے ہیں۔
وِجے کمارنے جموں میںہفتہ وار عوامی دربار میں لوگوں کے مطالبات سنے
جموں//گورنر کے صلاح کار کے ۔ وِجے کمار نے کنونشن سینٹر جموں میں ہفتہ وار عوامی دربار میں لوگوں کے مطالبات سنے ۔ اس عوامی دربار میں 18وفود کے علاوہ 22 افراد نے انفرادی طور پر مشیر موصوف کے سامنے اپنے مطالبات رکھ کر انہیں پورا کرنے کی مانگ کی۔جے کے کارپ پروٹیکشن اینڈ کمیکلز ایسو سی ایشن نے صنعتی یونٹوں کو قابل کار بنانے اور ریاستی پولیوشن کنٹرول بورڈ سے متعلق معاملات سامنے رکھے۔آیورویدک ڈاکٹروں کے وفد نے آیورویدک ڈاکٹروں کی اسامیوں کے قیام کی مانگ کی۔ایس آر او 384 کے تحت کام کر رہے کنٹریکچول ڈاکٹروں نے جے کے پی ایس سی کی طرف سے اُنہیں دھیان میں رکھنے کی مانگ کی جبکہ ایسٹیٹس کے ذریعے ہوٹل مالکان کی کاڈی نیشن کی کمیٹی کے ممبران نے نئے نرخوں کی عمل آوری کی مانگ کی۔شہیدی چوک کے باشندوں نے علاقے میں غیر قانونی طور زمین پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے ،کرسچن مائنارٹی ویلفیئر ایسوسی ایشن جموں نے مذکورہ طبقے کی بہبود اور نشہ خوری کے خاتمے کے لئے اقدامات کرنے ، ریٹائرڈ پولیس اہلکاروں نے ان کے مطالبات پر غور کرنے جبکہ این ایچ ایم کے تحت کام کرنے والے کنٹریکچول ورکروں نے اپنی تنخواہیں واگزار کرنے کی مانگ کی ۔ اننت ناگ ضلع کے رہبر کھیل اُمید واروں نے عمر کی حد میں رعایت فراہم کرنے جبکہ رہبر جنگلات ایسو سی ایشن نے رہبر جنگلات پالیسی کو رہبر زراعت کی طرز پر تشکیل دینے کی مانگ کی۔اس کے علاوہ کئی افراد نے انفرادی طور اپنی شکایات مشیر کے سامنے رکھیں۔صلاح کار نے تمام مطالبات پر ضروری کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔اُنہوں نے کئی معاملات کے حق میں موقعہ پر احکامات صادر کئے۔