بٹوال ایسوسی ایشن کا تعزیتی اجلاس
جموں //جموں و کشمیر بٹوال ویلفیئر ایسوسی ایشن کی جانب سے دیچک گائوں میں ایک تعزیتی اجلاس کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران شنکر داس لکھو ترہ کی وفات پر دکھ کا اظہار کیا گیا ۔اس موقعہ پر بولتے ہو ئے اراکین نے کہاکہ آنجہانی نے بٹوال کمیو نٹی کی فلاح وبہبود کیلئے محنت و لگن سے کام کیا ۔اپنے خطاب میں سابقہ ریاستی وزیر اجے کمار سدوترہ نے کہا کہ مرحوم کی وفات سے ایک خلا پیدا ہو گئی ہے جس کو پُر کرنے مشکل ہے ۔انہوں نے کہاکہ آنجہانی نے سماج کے پسماندہ طبقہ کی ترقی کیلئے بہترین کام کیا ہے جبکہ بٹوال ایسوسی ایشن نے لواحقین کیساتھ ہمدرادی کا اظہار بھی کیا ہے ۔اس تعزیتی اجلاس میں نائب سرپنچ رام لعل لکھو ترہ ،ڈاکٹر رومیش کمار کیتھ ،ڈاکٹر وریندر لکھو تراہ ،اوم پرکاش ،دیوی داس ،درشن کمار لکھوترہ و دیگران نے بھی آنجہانی کو خراج عقیدت پیش کیا ۔
پنتھرس پارٹی کے کارکنوں کا احتجاج
جموں //پنتھرس پارٹی کے کارکنوں نے جموں میںمبینہ طور پر پاکستان کے حق میں ہوئی نعرے بازی کیخلاف شدید احتجاج کیا ۔پارٹی کے زونل صدر نیرج گپتا کی قیادت میں پارٹی کارکنوں نے ٹرانسپور ٹ نگر میں معاملہ کیخلاف نعرے بازی کرتے ہوئے پتلا بھی نذر آتش کیا ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے نیرج گپتا نے کہاکہ ملک مخالف عناصر ملک کے اثا ثوں کو استعمال کر نے کے باوجود بھی ہندوستان مخالف نعرے بازی کرتے ہیں اور اس عمل کو کبھی بھی برداشت نہیں کیا جائے گا ۔انہوں نے ریاستی انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ وہ ملک مخالف عناصر کیخلاف سخت سے سخت کاروائی کرے تاکہ آئندہ کیلئے ان کو سبق مل سکے ۔احتجاج کرنے والوں میں جگدیش سنگھ ،امر چند ،دیوندر سنگھ ،اشونی کمار ،رومیش کمار ودیگران بھی موجود تھے ۔
ادہم پور میں ’بیٹی بچائو بیٹی بڑھائو ‘پروگرام کا اہتمام
ادہم پور //پرو گرویسویوتھ سوسائٹی کی جانب سے ضلع ادہم پور کے رام گڑھ اسمبلی حلقہ میں ’بیٹی بچائو بیٹی بڑھائو ‘پر پروگرام کا اہتمام کیا گیا ۔پائلٹ اکیڈمی ہائی سکول میں منعقدہ اس پروگرام میں سابقہ ایگریکلچرل آفیسر چرن داس بطور مہمان خصوصی شامل ہوئے ۔اس تقریب کے دوران مقررین نے لڑکیوں کی تعلیم ،لڑکیوں کے حقوق اور ان کی تعمیرو ترقی کے سلسلہ میں اپنے تاثرات کا اظہار کیا ۔اس موقعہ پر طلباء کیلئے سمپوزیم تعلیم کے عنوان سے بحث و مباحثے کا اہتمام کیا گیا تھا جبکہ مذکورہ عنوان سے منعقدہ مقابلوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر نے والوں میں انعامات اور سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے گئے ۔
بلاور میں کسانوں کیلئے تربیتی پروگروام
کٹھوعہ //کسان تربیتی سنٹر جموں کی طرف سے ضلع کٹھوعہ کے بلاور تحصیل میں کسانوں کی تربیت کیلئے یک روزہ پروگرام کا اہتمام کیا گیا ۔ڈائریکٹر محکمہ زراعت جموں کی ہدایت پر منعقدہ اس تربیتی پروگرام کے دوران 200سے زائد کسانوں نے شرکت کی ۔اس موقعہ پر کسان تربیتی سنٹر جموں کے انفارمیشن آفیسر جے سی رینہ نے کسانوں کو سبزیوں اور فصلوں کی کاشتکاری کے بارے میں جانکاری فراہم کی ۔انہوں نے کہاکہ کسانوں کو چاہیے کہ وہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے فصلوں اور سبزیوں کی پیدا وار میں اضافہ کریں تاکہ ان کی اقتصادی حالت بہتر ہو سکے ۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کو چاہیے کہ وہ انٹیگریٹیڈ فارمنگ سسٹم کی مدد سے اپنی فصلوں کو اگانے کے طریقہ کار کو بہتر کریں ۔کسان تربیتی سنٹر جموں کے اراکین کی جانب سے کسانوں کو مرکزی حکومت کی جانب سے شروع مختلف اسکیموں کے بارے میں جانکاری فراہم کی ۔مقامی پنچایت کے سرپنچ نے کسانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کردہ سکیموں کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں ۔
کٹھوعہ میں منشیات پر نکڑ ناٹک کا اہتمام
حافظ قریشی
کٹھوعہ //محکمہ ایکسائز کی جانب سے منشیات کے استعمال اور اس کے مضر اثرات کے سلسلہ میں طلباء کو بیدارکرنے کیلئے نکڑ ناٹک کا اہتمام کیا گیا ۔گورنمنٹ ہائر سکینڈری سکول بدحی کٹھوعہ میں منعقدہ اس بیداری پروگرام میں مختلف سکولوں کے 600سے زائد طلباء نے شرکت کی ۔اس بیداری پروگرام کو منعقدکرنے کا اصل مقصد دیہی علا قوں میں نوجوانوں کا منشیات کی جانب بڑھتے ہوئے رجحان کو کم کرنے کیلئے عام لوگوں کیساتھ ساتھ طلباء کو بیدار کرنا تھا ۔ایکسائز کمشنر کی قیادت میں منعقدہ اس بیداری پروگرام میں رفیق نائیک ،ارون کمار ،ریاض احمد ،سنجیو کمار ،امت شرما ودیگران بھی موجود تھے ۔
رہبر تعلیم فورم کودرماندہ مسافروں کی حالت زار پر تشویش
انتظامیہ سے فوری اقدامات کی اپیل ،رضاکار و مذہبی تنظیموں کی سراہنا
جموں // جموں کشمیر رہبر تعلیم ٹیچرز فورم نے کہاہے کہ جموں سرینگر شاہراہ کی خستہ حالت اور اس کے بار بار بند ہونے کے بعد درماندہ مسافروں کی حالت زار قابل رحم ہے ۔گزشتہ ایک ہفتے سے شاہراہ کے مختلف مقامات قاضی گنڈ ،بانہال ،رام بن ،اودہم پور و بس اسٹینڈ جموں میں بزرگ ،بچوں خواتین اور عام مسافر گذشتہ ایک ہفتے سے کھلے آسمان تلے گاڑیوں اور زمین پر رات گذارنے پر مجبور ہو رہے ہیں ۔فورم کاکہناہے کہ دہائیوں سے مختلف حکمرانوں کی طرف سے اس شاہراہ پر توجہ نہ دینے کی وجہ سے اب تک اس شاہراہ نے کئی انسانی جانیں تلف کرنے کے علاوہ کئی ایک کو زندگی بھر کے لئے اپاہج بنا دیا اور ترقی یافتہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے اس دور میں جہاں دنیا چاند پر زندگی بسر کرنے کے لئے سوچ رہا ہے وہیں ریاست جموں کشمیر کے لوگ آج بھی بہتر سڑک رابطہ کے لئے پریشان ہیں جو کہ ایک المیہ ہے۔فورم کاکہناہے کہ سڑک رابطہ بند ہونے پر ہوئی سفر کے کرایہ میں من مرضی کا اضافہ سوچ سے باہر ہے اور اس کی طرف دہائیوں سے کوئی دھیان نہیں دیا جا رہا ہے۔فورم کا مزید کہناہے کہ اگر ہوائی جہاز کا کرایہ مقرر شدہ ہوتاتو شائد جموں کے بس اسٹینڈ و شاہراہ کے دیگر مقامات پر مسافروں کو کھلے آسمان تلے بچوں ،خواتین اور مریضوں کے ہمراہ راتیں نہیں گذارنی پڑتی تاہم بے بسی اور مجبوری کا یہ عالم دیکھ کر انسانیت شرمسار ہوتی دکھائی دے رہی ہے ۔فورم کے مطابق شاہراہ پر واقع علاقے بانہال ،رام بن ،قاضی گنڈ ،اننت ناگ ،و جموں میں مختلف رضاکار و مذہبی تنظمیوں اور صاحب سروت لوگوں کی طرف سے آگے آکر درماندہ مسافروں کے لئے لگائے گئے لنگر اور انہیں راحت پہنچانا قابل تحسین ہے۔فورم کاکہناہے کہ رام بن سے آگے دوکانوں پر راشن و گیس ختم ہونے کی وجہ سے رضاکاروں کو اب لنگر چلانا بھی مشکل ہو رہا ہے ،سوشل میڈیا پر دیکھے جا رہے یہ منظر قابل رحم ہیں، ایسی صورت حال اور ناگہانی آفات کے دوران راحت پہنچانے کے لئے سرکار اور انتظامیہ سے عوام کو امیدیں وابستہ ہوتی ہیں اورایسے میں سرکار کو محترک رہنے کی ضرورت ہوتی ہے لیکن عوام کوحالات کے رحم و کرم پر چھوڑ کر انسانیت کے ساتھ ظلم کیاگیاہے۔ فورم کاکہناہے کہ شاہراہ پر رام بن اور بانہال کے درمیانی سیکٹر میں فورلین کی کھدائی کا کام منصوبہ بند طریقے سے انجام نہ دیے جانے کی وجہ سے ان مقامات پر پہاڑیوں سے پسیوں کے گر آنے کا سلسلہ ختم ہو نے کا نام نہیں لے رہی ہیں اور مسافر جان جوکھم میں ڈال کر ان مقامات کو عبور کرتے ہیں ۔ جموں کشمیر رہبر تعلیم ٹیچرز فورم اپنے چیئرمین فاروق احمد تانترے کی قیادت میں ان تمام رضاکار و مذہبی تنظمیوں کے علاوہ دیگران کا شکریہ ادا کرتی ہے جو اس مشکل وقت میں درماندہ مسافروں کی مدد کر رہے ہیں اور گونر انتظامیہ سے اپیل کرتی ہے کہ درماندہ مسافروں کو اپنی اپنی منزلوں تک پہنچانے کے لئے فوری اقدامات اٹھائیں جائیں تاکہ انہیں مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔
سدرہ میں تعزیتی اجلاس
مفتی بشیرالدین کی رحلت پردکھ کا اظہار
جموں// سدرہ میں علمائے اکرام کاایک تعزیتی اجلاس منعقدہواجس میں مفتی نذیرقادری ،مولاناقاری شبیراحمدنوری ،مولاناعبدالغنی ، مولانالیاقت علی نعیمی ،مولانامزمل حسین ،حافظ دین محمدحافظ عنایت اللہ ، پیرزادہ محمدامین شاہ ،عادل شاہ ودیگران نے شرکت کی۔اس دوران مقررین نے ریاست جموں کشمیر کے مفتی اعظم اور علمی شخصیت مفتی اعظم جموں کشمیر علامہ مولانا مفتی بشیر الدین فاروقی کی وفات پرگہرے رنج ودُکھ کااظہارکیااوراللہ تعالیٰ سے مرحوم کی مغفرت کی دعااورقرآن خوانی کی گئی۔مقررین نے کہاکہ مرحوم مغفور بشیر الدین احمد اہلسنت و الجماعت کی ایک بہت بڑی شخصیت تھے، انہوں نے اپنی پوری زندگی اہلسنت والجماعت کی بقاء اور دین اسلام کی خاطر اپنی پوری زندگی وقف کی،مولانا کے خاندان کوریاست جموں کشمیر میں دینی خدمات کو انجام دیتے ہوئے ایک صدی گزر چکی ہے ۔مفتی نذیراحمدقادری ،قاری شبیراحمدنوری ، مولاناعبدالغنی ودیگرعلماء اکرام نے کہاکہ مولانا مفتی بشیر الدین احمد کی وفات سے ریاست میں ایک بہت بڑا خلا پیدا ہوا ہے جس کا پورا ہونامشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن ہے۔مقررین نے مرحوم مغفور کے اہل خانہ بالخصوص مفتی اعظم موصوف کے فرزندان مفتی ناصر الاسلام اور مفتی فرید احمد کے ساتھ گہری ہمدردی اورتعزیت کااظہارکیا۔شرکاء نے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور اللہ رب العزت سے دعا گو ہیں کہ اللہ رب العزت مرحوم مغفور مفتی اعظم بشیر الدین احمد کو اپنی جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور درجات کوبلند عطا فرمائے ۔
خورشید گنائی کاسرینگر میںدربار آج
جموں//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی سرینگر میں عوامی شکایات سُننے کے لئے14 فروری جمعرات کو گورنر گریوینس سیل چرچ لین میں موجود رہیں گے۔جن وفود نے اپنے مسائل مشیر موصوف کی نوٹس میں لانے کے لئے گورنر گریوینس سیل میں رجسٹریشن کرائی ہے، اُن سے کہا گیا ہے کہ وہ مشیر موصوف سے صُبح11 بجے سے سہ پہر تین بجے تک ملاقات کرسکتے ہیں۔