محکمہ مال کے ریکارڈ کی ڈیجٹائزیشن کا پروگرام
ریاست میں 6کروڑ60لاکھ دستاویزات سکین کرنے کا ہدف مقرر
اب تک تقریباً 3کروڑ دستاویزات سکین،مزید کام جاری
نیوز ڈیسک
جموں//فائنانشل کمشنر مال ڈاکٹر پون کوتوال نے ایک میٹنگ کے دوران ڈیجیٹل انڈیا لینڈ ریکارڈس ماڈرنزیشن پروگرام کی عمل آوری کاجائزہ لیا۔اس موقعہ پر انہوں نے کہا کہ اراضی کے ریکارڈاور اس سے منسلک تمام معاملات میں جدید کاری لائی جانی چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ ریاست میں 660 لاکھ دستاویزات سکین کئے جائیں گے جن میں سے 362لاکھ کشمیر جبکہ 298لاکھ جموں میں سکین کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اب تک 29792251دستاویزات سکین کئے جاچکے ہیں جن میں سے 13740767کشمیر جبکہ 16051484 جموں صوبے میں سکین کئے گئے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ بہتر نتائج حاصل کرنے کے لئے مزید تن دہی اور لگن کے ساتھ کام کرنا چاہیئے ۔انہوں نے کہا کہ یہ کام جلد از جلد مکمل کرنے کے لئے افرادی قوت کو متحرک کیا جانا چاہیئے اور اس دوران سکیننگ کے معیار کو بھی برقرار رکھا جانا چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ اس کام کو مکمل کرنے کے لئے لازمی بنیادی ڈھانچہ قائم کیا جائے گاتاکہ ہر ایک ریکارڈ کو ڈیجیٹائز کیا جاسکے۔ڈی سی جموں راکیش کمار ، ڈی سی سانبہ سشماچوہان، ایڈیشنل کمشنر جموں منیشا سرین ، ایڈیشنل کمشنر ایف سی آر سورتھ سنگھ اور کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔اس کے علاوہ کشمیر اور لداخ صوبے کے ساتھ ساتھ رام بن ، ڈوڈہ ،پونچھ اور راجوری کے ضلع ترقیاتی کمشنروں اے ڈی سیز اور اے سی آرز نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔
شاہراہ پر ٹریفک نظام کو منظم بنانے کی ضرورت
ٹریفک احکام کی ایڈ وائزری غلط ثابت :آخون
نیوز ڈیسک
جموں //نیشنل کا نفرنس سنیئر لیڈر اور سابقہ ایم ایل سی حاجی محمد سید آخون نے ٹریفک احکام پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ جموں سرینگر شاہراہ کے بارے میں جاری ایڈوائزری ہر بار غلط ثابت ہو تی ہے جبکہ شاہراہ پر تعینات اہلکاروں کی جانب سے مبینہ طورپر ڈرائیوروں سے رشوت لے کر دونوں جانب سے گاڑیوں کو چھوڑ دیا جاتا ہے ۔یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ٹریفک حکام کی جانب سے سوشل میڈیا اور ذرائع ابلاغ میں شاہراہ پر ٹریفک کی نقل و حمل کے سلسلہ میں جاری کئے جارہے حکم نامے غلط ثابت ہو رہے ہیں کیونکہ جو افراد سرینگر سے جموں کی جانب سفر کرتے ہیں ان کی گاڑیوں کو قاضی گنڈ میں ہی روک دیا جاتا ہے جبکہ اسی طرح جموں سے سرینگر جانے والوں کو نگروٹہ میں ہی کئی گھنٹوں تک روک دیا جاتا جبکہ سیاسی پشت پناہی اور اثر رسوخ رکھنے والوں کو دونوں جانب سے سفر کرنے کےلئے چھوڑ دیا جاتا ہے جس کی وجہ سے نگروٹہ اور قاضی کنڈ میں کئی گھنٹوں تک عام لوگوں اور ان کے کنبوں کو شدید مشکلات کا سامناکر نا پڑتا ہے ۔نیشنل کا نفرنس لیڈر نے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس اور آئی جی ٹریفک سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس معاملہ کو سنجیدگی کےساتھ لے کر شاہراہ پر سفر کرنے والوں کو راحت فراہم کریں جبکہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ اعلیٰ احکام کی جانب سے جاری حکم نامے کو پوری طرح سے لاگو کیا جا ئے ۔
صنعتی ترقی کو فروغ دینے کےلئے کئی اقدامات زیر عمل:سکندن
نیوزڈیسک
جموں//گورنر کے صلاح کار کے سکند ن نے کہا ہے کہ ریاست میں صنعتی ترقی کو فروغ دینے کے لئے کئی اقدامات زیر عمل ہیں۔انہوں نے گریوینس سیل سری نگر میں منعقدہ عوامی دربار کے دوران اِن باتوں کا اظہار کیا۔ عوامی دربار میں متعدد وفود اور افراد نے اپنے مطالبات سامنے رکھے۔پی ایچ ڈی چیمبر س آف کامرس کے ایک وفد نے مشتاق احمد چایہ کی قیادت میں صنعتی شعبے کے فروغ سمیت مختلف منسلک امور کے بارے میں صلاح کار کو اپنے مطالبات پیش کئے ۔کشمیر چیمبر س آف کامرس کے ایک وفد نے ناصر احمد کی قیادت میں صنعت و حرفت محکمہ کو مستحکم کرنے ،وادی میں جنرل منیجرس تعینات کرنے اور باغبانی شعبے کے فروغ سے متعلق اپنے مطالبات سامنے رکھے۔صلاح کار نے وفد کو یقین دلایا کہ ریاست میں باغبانی شعبے کے فروغ کے لئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں گے۔کشمیر یوتھ انٹرپرینور فیڈریشن کے وفد نے بابر چودھری کی سربراہی میں تمام اضلاع میں لینڈ بینک قائم کرنے اور انٹرپرینور شپ کو فروغ دینے کی مانگ کی۔سماجی کارکن شیلا رشید کی سربراہی میں طلباءکے ایک وفد نے بیرون ریاست مختلف کالجوںمیں زیر تعلیم طلباءکی معطلی سمیت اور انہیں درپیش مختلف مشکلات کے ازالے کی مانگ کی۔صلاح کار نے یقین دلایا کہ لیزان افسروں کی مدد سے ان طلباءکی مشکلات کا ازالہ کیا جائے گا۔آلوسہ بانڈی پورہ کے وفد نے علاقے میں سڑکوں ، صحت مراکز اور تعلیمی شعبے میں بہتری کی مانگ کی ۔جے کے پی ڈی سی کے جونیئر انجینئروں کے ایک وفد نے ان کی سلیکشن میں سرعت لانے جبکہ کرافٹ ڈیولپمنٹ انسٹی چیوٹ سری نگر کے طلباءنے اُن کی ڈگریوں کو تسلیم کرنے کی مانگ کی۔اس کے علاوہ دیگر کئی وفود نے اجتماعی اور درجنوں افراد نے انفرادی طور اپنے مطالبات سامنے رکھے۔صلاح کار موصوف نے تمام جائز مطالبات پر ضروری کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
جموں میں دومنشیات اسمگلر گرفتار، بھاری مقدار میں فکی ضبط
نیوز ڈیسک
جموں// جموں کشمیر پولیس نے منشیات مخالف کارروائیوں کو جاری رکھتے ہوئے بدھ کی شام کو آر ایس پورہ میں دو منشیات اسمگلروں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے بھاری مقدار میں فکی ضبط کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق جموں کے مضافات آر یس پورہ کے ٹنڈا روڑ پر بدھ کی شام کو پولیس نے ایک کار میں سفر کرنے والے دو افراد کو روکا اس دوران پولیس نے کار کی تلاشی کرکے 26 کلو فکی اور 1400 نشہ آور گولیاں بر آمد کی۔گرفتار شدہ اسمگلروں کی شناخت سریندر سنگھ اور ہرمیت سنگھ ساکنان سنبل کیمپ کے بطورہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے دونوں اسمگلروں کو گرفتار کرکے ایک کیس درج کیا ہے۔
جنرل منیجرNHIDCL ایل گورنر کے مشیر سے ملاقی
نیوز ڈیسک
جموں// جنرل منیجر نیشنل ہائی وےز اینڈ انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمٹیڈ( این ایچ آئی ڈی سی ایل) ایم جی وجے کمار نے گورنر کے مشیر کے۔ کے شرما کے ساتھ ملاقات کی اور ریاست میں کارپوریشن کی طرف سے ہاتھ میں لئے گئے پروجیکٹوں کی پیش رفت کے بارے میں روشناس کیا۔ چار گلیاروں والے جموں۔ اکھنور پروجیکٹ کی پیش رفت کے بارے میں تفصیلات دیتے ہوئے جی ایم نے کہا کہ اس پروجیکٹ پر کام سرعت سے جاری ہے۔ پروجیکٹ کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے گا۔انہوں نے مشیر موصوف کو سمتھن پاس۔ اننت ناگ۔ کھنہ بل سڑک، بٹوت۔ کشتواڑ۔ چھاترو۔ سمتھن ٹاپ سڑک، چنینی۔ سدھ مہا دیو سیکشن این ایچ244 سڑک پروجیکٹوں پر جاری کام کے بارے میں جانکاری دی۔مشیر موصوف نے عمل آوری ایجنسی پر زور دیا کہ وہ ان پروجیکٹوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لئے اقدامات کریں تا کہ ریاست کے مختلف خطوں کے رابطوں میں اضافہ کیا جاسکے۔بعد میں مشیر موصوف نے ریاست کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے وفود کے ساتھ بھی ملاقات کی ۔ان وفود نے مشیر کو صحت عامہ، بجلی، مکانات اور تعمیرات عامہ سے متعلق اپنے مطالبات پیش کئے۔مشیر موصوف نے وفود کو یقین دلایا کہ اُن کے مطالبات کو متعلقہ حکام کے ساتھ اُٹھایا جائے گا۔
سانبہ کالج میں سیول ڈیفنس پر کیمپ کا اہتمام
سانبہ //گورنمنٹ ڈگری کالج سانبہ میں ریڈ کراس کی جانب سے سیول ڈیفنس پر ایک کیمپ کا اہتمام کیا گیا ۔کالج کے شعبہ ماحولیات اور این ایس ایس یونٹ کے اشتراک سے منعقدہ ایک کیمپ کا افتتاح کالج پرنسپل ڈاکٹر جی ایس رکھوال نے کیا ۔اس بیداری کیمپ کے دوران طلباءکو کسی بھی قدرتی آفت اور طوفان کے دوران نمٹنے اور احتیاطی تدبیروں کے بارے میں طلباءکو جانکاری فراہم کی گئی ۔اس کیمپ کے دوران طلباءکو آگ کےساتھ نمٹنے کےلئے تربیت بھی فراہم کی گئی جبکہ کسی حادثے کے دوران بچاﺅ کاروائیوں کے سلسلہ میں بھی جانکاری فراہم کی گئی ۔اس بیداری کیمپ میں کالج کے ریڈ کراس یونٹ ،این ایس ایس اور متعلقہ شعبہ کے تین سو سے زائد طلباءنے شرکت کی ۔اس پروگرام میں پی او ریڈ کراس یونٹ ڈاکٹر رام سنگھ ،دلبیر سنگھ ،ایم ایس پٹھانیہ ،پروفیسر پون کمار گپتا ودیگران بھی موجود تھے ۔
جموں مسلم فرنٹ کا اجلاس منعقد
اسمبلی انتخابات ایک سازش کے تحت منسوخ کرنے کا الزام
جموں //جموں مسلم فرنٹ نے الیکشن کمیشن پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ریاست جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات ایک سازش کے تحت نہیں کروائے جارہے ہیں ۔اس سلسلہ میں فرنٹ کا ایک اجلاس چیئر مین سجاع ظفر کی قیادت میں منعقد ہو ا جس میں اراکین کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔فرنٹ اراکین نے کہا کہ اگر ریاست میں پنچایتی ،بلدیاتی اور پارلیمانی انتخابات کےلئے سیکورٹی کے انتظامات کئے جاسکتے ہیں تو اس سے صاف ظاہر ہو تا ہے کہ اسمبلی انتخابات کو ایک سازش کے تحت ملتوی کیا گیا ہے ۔اپنے خطاب میں جموں مسلم فرنٹ کے چیئر مین شجاع ظفر نے چیف جسٹس آف انڈیا سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ ریاست میں جمہوریت کی مضبوطی اور انتخابات کےلئے سنجیدہ نوٹس لیں تاکہ ریاستی عوام کو حق رائے دہندگی و دیگر حقوق دئے جاسکیں ۔اس اجلاس میں فرنٹ صدر قاضی عمران ،جنرل سیکریٹری سجاد شیخ ،حنیف چوہدری ودیگران بھی موجود تھے ۔