میڈیکل الاﺅنس میں اضافے کی مانگ
جموں //آل جموں وکشمیر لو پیڈ ایمپلائز فیڈریشن نے ریاستی انتظامیہ سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ریاستی ملازمین کے میڈیکل الا ونس میں اضافہ کیا جائے ۔یہاں جاری ایک بیان میں فیڈریشن کے صدر عبدالمجید خان نے کہاکہ اس وقت ملازمین کو 3سو روپے میڈیکل الاونس دیا جاتا ہے جو کہ نہ ہونے کے برابر ہے ۔موصوف نے کہاکہ آل جموں وکشمیر لو پیڈ ایمپلائز فیڈریشن کے بینر تلے ایک لمبے عرصہ سے مانگ کی جارہی ہے کہ ملازمین کے میڈیکل الاونس کو 3سو روپے سے بڑھا کر 1000روپے کیا جائے تاہم ابھی تک ریاستی انتظامیہ کی طرف سے مذکورہ مانگ کو سنجیدگی کےساتھ نہیں لیا جارہاہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ ملازمین کو دئیے جارہے میڈیکل الاونس میں اضافہ کیاجائے جبکہ ملازمین کو ساتویں پے کمیشن کے سلسلہ میں بقا یا جات بھی جلداز جلد فراہم کیا جائے ۔
بھاجپا نے رام گڑھ اسمبلی حلقہ کی تعمیر وترقی کو یقینی بنایا گیا :پٹھانیہ
رام گڑھ //بھاجپا کے ترجمان رنبیر سنگھ پٹھانیہ نے کہا ہے کہ پارٹی نے اپنے دور حکومت میں اسمبلی حلقہ ران گڑھ میں عوامی فلاح و بہبود کےلئے بہترین خدمات انجام دیں۔اسمبلی حلقہ میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پارٹی کے دور حکو مت میں رام گڑھ میں 2ڈگری کالج،لڑکیوں کےلئے ہوسٹل ،سڑکوں کی تعمیر ،سپورٹس اسٹیڈیم ،آئی ٹی آئی ،جدید بس اسٹینڈ کے علاوہ دیگر پروجیکٹوں کو مکمل کیا گیا ہے جن سے عوام کو سہولیات فراہم ہو رہی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ جلد ہی اسمبلی حلقہ میں کچھ سکولوں کا درجہ بڑھایا جائے گا تاکہ طلباءکو تعلیم جاری رکھنے میں پریشانی کا سامنا نہ کر نا پڑے ۔بھاجپا لیڈر نے کہاکہ ملکی عوام کی تعمیر وترقی کےلئے پارٹی کی مرکزی حکومت نے کئی ایک اسکیموں کو شروع کیا ہوا ہے جن سے وہ فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔موصوف نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھاجپا کو زمینی سطح پر مزید مضبوط بنانے کےلئے عوامی مسائل کو اجا گر کریں ۔
نیوزی لینڈکی مساجد پر دہشت گردانہ حملوں کی مذمت
جموں//شیعہ فیڈریشن نے نیوزی لینڈ میں دو مساجد پر دہشت گردانہ حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے تئیں عالمی طاقتوں کے رویہ کو افسوسناک قرار دیاہے ۔ یہاں جاری ایک پریس بیان میں فیڈریشن صدر عاشق حسین خان نے کہاکہ ان حملوں نے ایک بار پھر یہ ثابت کردیاہے کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیںہوتا اور نہ ہی دہشت گردوں کی الگ الگ تمیز کی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اسے دہشت گردانہ واقعہ کہنے میں کوئی قباحت نہیںہونی چاہئے اور جو بھی اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں انجام دے اسے دہشت گردی کے زمرے میں لایاجائے ۔انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے عالمی طاقتوں کارویہ افسوسناک ہے اور ان کے سامنے ایسے واقعا ت میں الگ الگ اصطلاحات ہیں ۔ عاشق خان نے کہاکہ ایسے واقعات سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے اور امت مسلمہ کو ایک ہوجاناچاہئے ۔ ان کاکہناتھاکہ اتحاد ہی امت مسلمہ کی طاقت ہے اور اسی سے دشمن طاقتوں کا مقابلہ کیاجاسکتاہے ۔
بھگواتی نگر جموں میں رائل سرکس کا افتتاح
جموں //جموں شہر کے بھگواتی نگر علا قہ میں ’رائل سرکس ‘کا افتتاح کیا گیا ۔اس سرکس کا افتتاح جموں میونسپل کارپوریشن کے مئیر چندر موہن گپتا نے ٹیم جموںکے چیئر میں زروار سنگھ جموال کی موجودگی میں کیا ۔اس موقعہ پر جموں مئیر نے سرکس منتظمین کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح کے پروگراموں سے جہاں مقامی لوگوں کو سیر و تفری فراہم کی جاتی ہے وہائیں بے روز گار نوجوانوں کےلئے روز گار بھی پیدا کیا جاتا ہے ۔اپنے خطاب میں ٹیم جموں کے چیئر مین نے کہاکہ نوجوانوں کےلئے سرکس روز گا ر کا بہترین موقعہ فراہم کرتا ہے ۔اس روئل سرکس میں ملکی و بین اقوامی فنکار اپنے فن کا مظاہرہ کرینگے جبکہ ایک دن میں مجموعی طورپر تین شو منعقد کئے جائینگے جبکہ بچوں کی سیر و تفری کے انتظامات بھی کئے گئے ہیں ۔
RCWAمعذور بچوں کو کھیلوں کا سامان فراہم کیا
جموں //ریجنل سی آر پی ایف فیملی ویلفیئر ایسوسی ایشن (RCWA)کی جانب سے معذور بچوں کو کھیلوں کا ساز و سامان فراہم کیا گیا ۔اس سلسلہ میں ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے معذور بچوں کےلئے قائم کردہ ’جموں ریڈ کراس ہوم فار ہینڈی کیپڈ ‘کا دورہ کیا ۔ڈی آئی جی جی سی بن تالاب کی قیادت میں کئے گئے دورے کے دوران اراکین نے معذور بچوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کو کھیلوں کا ساز و سامان فراہم کرتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ وہ آئندہ بھی ان بچوں کی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولیات فراہم کرنے کےلئے اقدمات اٹھائیں گے ۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ معذور بچوں کےلئے قائم کر دہ سنٹر کو 1976میں قائم کیا گیا تھا جہاں پر پسماندہ طبقہ کے معذور بچوں کو بنیادی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔
سیکرٹری جنگلات و ماحولیات کی قومی ورکشاپ میں شرکت
نیوز ڈیسک
نئی دلّی//کمشنر سیکرٹری جنگلات و ماحولیات منوج کمار دویدی نے نئی دلی میں ماحولیاتی تبدیلی کا جائزہ لینے اور اس کے مختلف پہلوﺅں کو اُجاگر کرنے سے متعلق دو روزہ قومی ورکشاپ میں شرکت کی۔سائنس اورٹیکنالوجی کی مرکزی وزارت نے رسمی طور ورکشاپ کے دوران اس تبدیلی سے پیدا شدہ خطرات کو اُجاگر کیاجس کے مطابق آسام میں اس کا اِنڈکس 0.72، میوزرم میں 0.71 اور جموں وکشمیر میں 0.62ہے ۔ڈی ایس ٹی سیکرٹری آشتوش شرما نے مختلف ریاستوں اور مرکزی زیر اِنتظام والے علاقوں کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جانا چاہیئے اور جامع پالیسی مرتب کرنے کے ساتھ ساتھ نچلی سطح پر مقامی لوگوں کو شامل کیا جانا چاہیئے۔کمشنر سیکرٹری ایم کے دِویدی نے کہا کہ خطرات سے متعلق تجزیہ افسروں ، پالیسی سازوں ، ماہرین اور فنڈنگ ایجنسیوں کو اس مسئلے سے مو¿ثر طریقے پر نمٹنے کا ایک بہترین موقعہ فراہم ہوگا۔اس سے پہلے کاڈی نیٹر سٹیٹ کلائمیٹ چینج سینٹر جموں وکشمیر ماجد فاروق نے ریاست سے متعلق خطرات کے تجزیہ کو پیش کیا۔
گورنر شکایتی سیل نے 53816شکایات کا نپٹار ا کیا
جموں//جموں وکشمیر گورنرس گریوینس سیل کو 20جون 2018ءسے اب تک 54225شکایات موصو ل ہوئیں جن میں سے 53816 شکایات کے لئے متعلقہ محکموں کو نپٹارے کے لئے بھیج دیا گیا ۔ اس کے علاوہ 409شکایات اس وقت زیرِعمل ہے۔علاوہ ازیں گورنر کے ہدایات کے مطابق گورنر کے تمام مشیر لگاتار سری نگر اور جموںمیں عوامی درباروں کا انعقاد کر کے لوگوں اور وفود کے مسائل کے بارے میں جانکاری حاصل کر کے انہیں موقعہ پر ہی حل کرنے کے اقدامات کرتے ہیں۔
چنینی میونسپل کمیٹی کے چیئرمین کیول شرما سے ملاقی
جموں//چنینی میونسپل کمیٹی کے چیئرمین مانک گُپتا نے اپنے کونسلروں کے ہمراہ گورنر کے مشیر کیول کمار شرما کے ساتھ ملاقات کی اور چنینی میونسپل حدود کی ترقی اور کمیٹی کی کارکردگی سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔وفد نے کمیٹی کے کئی معاملات مشیر موصوف کے سامنے پیش کئے جن میں سالڈ ویسٹ کے نپٹارے کے لئے ہاپر مشین فراہم کرنے، زیر تعمیر کمیونٹی ہال کی تعمیر کے لئے بقایا رقومات کی واگذاری، علاقہ میں تعلیمی بنیادی ڈھانچے میں بہتری لانے کے علاوہ پارلنگ سہولیت تعمیر کرنے کے لئے اراضی کی فراہمی اور علاقہ میں مجوزہ سرکیولر روڈ پر کام شروع کرنے جیسے معاملات شامل تھے۔مشیر موصوف نے سالڈ ویسٹ منیجمنٹ پروگرام اور کمیٹی کی کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل کمیٹی چنینی کی طرف سے پیش کئے گئے مطالبات پر غور کیا جائے گا۔جموں بس سٹینڈ میں حالیہ دہماکے میں زخمی ہوئے افراد کا وفد بھی مشیر موصوف سے ملاقی ہوا اور ان زخمیوں کے لئے علاج معالجہ کی مفت سہولیات کا مطالبہ کیا جب تک یہ زخمی افراد پوری طور سے صحت یاب نہ ہوں۔مشیر موصوف نے وفد کو یقین دلایا کہ گورنر انتظامیہ ان زخمی افراد کو تمام ضروری طبی امداد اور دیگر سہولیات فراہم کرے گی۔
جموں انجینئرنگ کالج میں دو روزہ کانفرنس کا افتتاح
انجینئرنگ شعبہ میں جدت لانا سماج کی ترقی کےلئے کلیدی اہمیت کا حامل :سیکریٹری اعلیٰ تعلیم
نیوز ڈیسک
جموں// سیکرٹری اعلیٰ تعلیم طلعت پرویز روحیلا نے گورنمنٹ کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جموں اور انڈین انسٹی چیوٹ آف ٹیکنالوجی کھرگ پور کے مشترکہ اہتمام سے جی سی ای ٹی جموں میں منعقدہ دو روزہ نیشنل کانفرنس کا افتتاح کیا۔کانفرنس کا مقصد اُبھرتے ہوئے انجینئروں کی اختراعی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری موصوف نے کہا کہ انجینئرنگ کے شعبوں میں جدت لانا سماج کی ترقی کے لئے کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ سماجوں نے اس سمت میں ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔انہوں نے طلاب علموں سے تلقین کی کہ وہ اختراعی اپروچ اپنائیں۔ سیکرٹری موصوف نے طالب علموں سے کہا کہ مستقبل کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے جدید سوچ اپنائیں۔جی سی ای ٹی جموں کی پرنسپل ڈاکٹر سمیرو شرما نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ دور میں سائنسی نوعیت کی اختراعیت کو اپنانا ترقی کے لئے لازمی ہے۔اس موقعہ پر آئی آئی ٹی کھرگ پور کے پروفیسر ایس ایس پاٹھک ، پاور گرڈ کارپوریشن آف انڈیا کے چیف جنرل منیجر آر ،وی ایس کشواہا اور چناب ویلی پاور پروجیکٹ کے منیجنگ ڈائریکٹر ایم ایس بابو نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ جی سی ای ٹی کی پرنسپل نے مہمانوں کو مومینٹوز پیش کئے۔بعد میں سیکرٹری اعلیٰ تعلیم نے کانفرنس میں قائم کئے گئے مختلف سٹالوں کا معائنہ کیا۔
کل ریاستی گوجری ادبی و ثقافتی پروگرام19 مارچ کو
نیوز ڈیسک
جموں//ریاستی کلچرل اکادمی کی جانب سے 19مارچ 2019 کو یک روزہ کل ریاستی گوجری ادبی و ثقافتی پروگرام کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں ریاست کے اطراف و اکناف سے گوجری زبان کے دانشور اور ادیب مدعوکئے گئے ہیں۔اس سلسلے میں ریاستی کلچرل اکادمی کے سیکریٹری ڈاکٹرعزیزحاجنی نے کہاہے کہ اس ایک روزہ ثقافتی پروگرام میں گوجری ادیب اور دانشور اپنی زبان کے تئیں اپنے خیالات کا ظہار کریں گے اور اس کے علاوہ گوجری لوک موسیقی اور گوجری ڈانس بھی پیش کیا جاے گا جس میں حصہ لینے کے لیے وادی بھر سے فنکار حصہ لے رہے ہیں ۔انہوں نے عوام الناس سے استدعا ہے کہ وہ اس شاندار اور پر وقار پروگرام میں شامل ہو کر لطف اندوز ہوں اور ماں بولی کا حق ادا کریں۔پروگرام کے بارے میں گوجری شعبہ کے سربراہ ڈاکٹرشاہنوازنے کہاکہ 19 مارچ 2019 کوصبح 10بجے کے ایل سہگل ہال کلچرل اکیڈمی میںگوجری ادبی وثقافتی پروگرام گوجری زبان وادب کی ترقی کے لیے کوششوں کاحصہ ہے۔ ڈاکٹر شاہنواز نے کہ گوجری شعبہ مستقبل قریب میں ایک عظیم الشان کل ریاستی سطح کی گوجری کانفرنس کا انعقاد کر رہا ہے جس میں سے تمام گوجری ادبا اور دانشور حصہ لے رہے ہیں ۔ ڈاکٹر شاہنواز نے اپنے بیان میں مزید انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ گوجری حضرت میاں نظام الدین لاروی رحمت اللہ علیہ کی روحانی زندگی پر دو روزہ کل ریاستی سیمینار کا انعقاد بھی کرنے جا رہا ہے جس میں ریاست میں بولی جانے والی تمام زبانوں کے اسکالرز اپنے مقالات پیش کریں گے ۔