پرنسپل سیکرٹری صنعت وحرفت نے سیکاپ اودہمپور کا دورہ کیا
اودہمپور//پرنسپل سیکرٹری صنعت و حرفت نوین کمار چودھری نے یہاں اودہمپور کے بٹل بالیاں میں صنعتی بستی کا دورہ کیا۔دورے کے دوران انہوں نے افسروں اور علاقہ کے صنعتکاروں کے ساتھ بات چیت کی۔ انہوں نے وہاں جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار کا بھی جائیزہ لیا۔اس موقعہ پر مختلف یونٹ ہولڈروں کے مالکان اور معزز شہریوں کے وفود نے پرنسپل سیکرٹری کے ساتھ ملاقات کی اور اپنے مطالبات پیش کئے۔اس موقعہ پر ڈائر یکٹر انڈسٹریز و کامرس جموں انو ملہوترہ، ایم ڈی سیکاپ اتل شرما، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر گرویندر جیت سنگھ، جنرل منیجر ڈی آئی سی سوم چند شرما، اے سی آر وقار گری، جی ایم سی سیکاپ راجیش پانڈو اور صنعت محکمہ اور سیکاپ کے ضلع افسران بھی موجود تھے۔
یوتھ شرنارتھی ایکشن کمیٹی کی حقوق انسانی کمیشن کا دفتر گاڈی گڑھ منتقل کرنے کی ستائش
جموں//جے اینڈ کے یوتھ شرنارتھی ایکشن کمیٹی ،پی او کے کے 1947میں بے گھر ہوئے لوگوں اور اکھل بھارتیہ برشٹاچار نرمولن سنگھرش سمتی کے ایک مشترکہ وفد نے مقامی لوگوں کی جانب سے ریاستی حقوق انسانی کمیشن جموں و کشمیر کا سب آفس رفیوجی بستی اپر گاڈی گڑھ منتقل کرنے کی ستائش کی ہے۔ایک بیان کے مطابق مشترکہ وفد نے زیر قیادت پنڈت آر سی شرما نے جنگ بہادر ،چندر موہن گپتا(ایڈوکیٹ)، ونود ستھو ڈی ایس پی اور دفتر کے پورے عملہ کا اپنا سب آفس رفیوجی بستی میں کھولنے کا خیر مقدم کیا۔شرما نے دیگر ممبران پریتم شرما ، ڈاکٹر ایم ایل شرما ،اندر پرکاش کھجوریہ، سورن لعل،مس وینا بخشی کے ہمراہ جنگ بہادر ، چندر موہن گپتا(ایڈوکیٹ)، ونود ستھو ڈی ایس پی کو پھولوں کا گلدستہ بطور خیر مقدم پیش کیا۔اس موقعہ پر شرما نے ریاستی حقوق انسانی کمیشن کی جانب سے سرعت سے انصاف فراہم کرنے کی ستائش کی ۔ اس دوران عملہ کی کمی کا مدعا بھی زیر بحث آیا ،جس کے لئے سرکار سے کمیشن کو مناسب عملہ بھیجنے کی اپیل کی گئی۔وفد نے کمیشن کوپوری حمایت دینے کا یقین دلایا ۔ممبران نے کمیشن کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
کانگریس کی ڈیلی ویجروں ،کیجول اور نیڈ بیسڈ ورکروں کے مسائل حل نہ کرنے پر تشویش
جموں // کانگریس کا ڈیلی ویجروں ،کیجول اور نیڈ بیسڈ ورکروں کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہنے پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ایک بیان میں کانگریس کے سابقہ ایم ایل سی و ترجمان اعلیٰ رویندر شرما نے یومیہ اجرتوں ، کیجول ورکروں ، نیڈ بیسڈ ورکروں اور سی پی ورکروں کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہنے پر سرکا رکی نکتہ چینی کی ہے۔ وقت کی سرکاروں کی جانب سے یہ مسائل حل کرنے میں ناکام رہنے پر انہوں نے کہا کہ یہ طبقہ سخت مشکلات میں مبتلا ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ بدقمستی کی بات ہے کہ معلقہ محکمے انکی خدمات باقاعدگی سے استعمال کرتے ہیں اور انہیں تمام قسم کی ذمہ واریاں اور فرائض سونپے جاتے ہیںلیکن مہینوں کچھ ادا نہیں کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سرکار کی جانب سے انہیں باقاعدہ بنناے کی یقین دہانی کے بعد ان کا استحصال کیا جا تاہے۔انہوں نے گورنر انتظامیہ سے ان ملازموںکو باقاعدہ بنانے تک باقاعدگی سے اجرت ادا کرنے کو کہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس فراموش طبقہ کو ہر قسم کی ہمدردی دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی ان طبقوں کے جائز مسائل حل کرنے کے لئے انکی حمیات جاری رکھے گی اور افگر موجودہ سرکار انکے ساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی تو کانگریس انکے لئے احتجاج کرے گی۔
ڈمپل نے ایم اے ایم سٹیڈیم کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا
جموں //جموں ویسٹ اسمبلی مومنٹ کے صدر سنیل ڈمپل نے بدھ کے روز ایم اے ایم اسٹیڈیم کا دورہ کرنے کے بعد ذرائع ابلاغ سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر سپورٹس کونسل کا جموں خطہ کے نوجوانوں کی بھلائی کیلئے کوئی ٹھوس پالیسی نہیں ہے، نہ ہی نئے سٹیڈیموں کی کو ئی تعمیر ہوئی ہے اور نہ ہی سرمائی دارالخلافہ میں کوئی کھیل کا میدان ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ گذشتہ پانچ برسوں کے دوران دونوں مرکزی اور ریاستی بی جے پی سرکاریں جموں خطہ کے نوجوانوں کو روز گار فراہم کرنے میں ناکام رہی ہیں۔انہوں نے گورنر ستیہ پال ملک سے ایم اے ایم اسٹیڈیم کو ماضی کے کاموں کے لئے بحال کرنے کا مطالبہ کیا جب اس اسٹیڈیم کا استعمال تاریخی پروگراموں اور یوم جمہوریہ کی تقریب منانے کے لئے کیا جاتا تھا ۔انہوں نے اسٹیڈیم کی تعمیر میں سست روی سے کام کرنے کی نکتہ چینی کی اور گورنر انتظامیہ سے اس میں سرعت لانے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے جے اینڈ کے سپورٹس کونسل کو الاٹ کئے گئے فنڈز کی سی بی آئی تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا۔
ویشنو دیوی یونیورسٹی نے عالمی یوم کرہ ارض منایا
جموں //ماحولیاتی بیداری پیدا کرنے کیلئے شری ماتا ویشنو دیوی یونیورسٹی کی برادری نے یونیورسٹی میں عالمی یوم کرہ ارض منایا ۔اس موقعہ پر منعقدہ پروگرام میں یوینورسٹی کے ایڈیشنل پرنسپل او پی شرما ، چیف کنزرویٹر آف فارسٹس، ڈائریکٹر ماحولیا ت جسے عام طور سے ودیا رتھی کے نام سے جانا جاتا ہے ،کو جانوروں کے اقسام بطور ماحولیاتی تبادلے کی اہمیت پر لیکچر دینے کے لئے مدعو کیا گیا تھا۔سال رواں کے لئے یوم کرہ ارض کا موضوع 'Protect Our Species' ۔ اپنے خطاب میں انہوں نے جانوروں اور انسانوں کے درمیان علامتی رشوں کی حوصلہ افزائی کی گئی۔گذشتہ سال کیلئے موضوع 'End Plastic Pollution' تھا اور یونیورسٹی نے طلاب اور فیکلٹی ممبروں کو سبز کلچر کو محفوظ رکھنے کیلئے ضروری چیزیں کرنے کی حوصلہ افزائی کی۔یونیورسٹی کے طلاب کی پروگرام میں شرکت کی سراہنا کی گئی ،پروگرام کا اختتام سینئر فیکلٹی ڈاکٹر پریتی شرما کی جانب سے شکریہ کا ووٹ پیش کرنے کے ساتھ کیا گیا ۔