چرار شریف میں17برس کی لڑکی کی خودکشی کی کوشش
بڈگام//ارشاداحمد//چرار شریف میں سنیچروارکو 17 سالہ لڑکی نے گھر میں پھانسی دے کر اپنی زندگی ختم کرنے کی کوشش کی۔پولیس کے اعلی حکام نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ 17 سالہ لڑکی (نام مخفی) نے اپنے آپ کو کمرے میں بند کرکے گلے میں پھندہ ڈال کر زندگی کا خاتمہ کرنے کی کوشش کی ،تاہم گھر والوں کی بروقت کارروائی سے اُسے فوری طور نیچے اُتار کر سب ڈسٹرکٹ ہسپتال چرار شریف پہنچایا گیا ، جہاں سے ڈاکٹروں نے اُسے تشویشناک حالت میں ایس ایم ایچ ایس اسپتال سری نگر منتقل کردیا ،جہاں ابھی تک اس کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
ستھرن کھاگ کے جنگل میں پرانے مارٹر شیل کوناکارہ بنایاگیا
سرینگر// کھاگ بڈگام میں سنیچروار کو سیکورٹی فورسز نے پرانے مارٹر شل بر آمد کر کے اُسے ناکارہ بنایا ۔ سی این آئی کے مطابق سیکورٹی فورسز کو ایک اطلاع ملی کہ کھاک کے ستھرن جنگلات میں ایک پُر انا مارٹر شیل پڑا ہوا ہے جس کے بعد جمو ں کشمیر پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز اہلکار وہاں پہنچ گئے ۔ معلوم ہوا ہے کہ پولیس نے مارٹر شیل کو وہاں سے اٹھا کر ایک محفوظ مقام پر پہنچا دیا جس کے بعد وہاں اُسے ناکارہ بنایا گیا ۔ پولیس کے ایک سینئر آفیسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کچھ لوگوںنے جنگلات میںمارٹر شیل دیکھا تھا جس کے بعد انہوںنے پولیس کو مطلع کیا اور پولیس کی ٹیم وہاں پہنچ گئی جنہوںنے اس مارٹر شل کو ناکارہ بنایا ۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ 8دنوں میں یہ دوسرا واقعہ ہے اس سے قبل 10جولائی کو بڈگام کے حابر لاسی پورہ جنگلات میںشیل کی بر آمد گی کے بعد اسکو ناکارہ بنایا گیا تھا ۔
دیہی ترقیاتی کاموں کی تیزترعمل آوری کے منصوبہ بندی اور تخمینہ ناگزیر
سیکریٹری دیہی ترقی وپنچایتی راج کا دورہ اننت ناگ
اننت ناگ //سیکرٹری دیہی ترقی و پنچایتی راج رفعت عارف نے کہا کہ دیہی علاقوں کی ترقی کیلئے کاموں کی تیز تر عمل آوری کے علاوہ پیچیدہ منصوبہ بندی اور تخمینہ بھی ناگزیر ہے ۔ ان باتوں کا اظہار رفعت عارف نے اننت ناگ میں آر ڈی ڈی کے ترقیاتی اور اجرت روز گار کے کاموں کا جائیزہ لینے کیلئے منعقدہ ایک میٹنگ کی صدارت کے دوران کیا ۔ میٹنگ میں وائس چیئرمین ضلع ترقیاتی کونسل شیخ جاوید ، ضلع ترقیاتی کونسل کے ممبران ، اے سی پی عدیل سلیم ، ایگزیکٹو انجینئران آر ای ڈبلیو ، بلاک ڈیولپمنٹ آفیسرز اور محکمہ کے دیگر متعلقہ افسراں نے شرکت کی ۔ رفعت عارف نے منریگا کے تحت محنت مزدوری کرنے اور بروقت ادائیگی کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے کام دیہی عوام کیلئے روز گار کا ذریعہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ معاشرتی سطح پر کام کرنے والوں کو ترجیحی دی جانی چاہئیے اور کاموں کے معیار کو برقرار رکھا جانا چاہئیے ۔ انہوں نے آر ڈی ڈی کو دیہات میں ترقی کا انجن قرار دیتے ہوئے کہا کہ دیہی عوام کی مجموعی ترقی اور فلاح و بہبود کیلئے جاری منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے بی ڈی اوز کو عوامی آرزوؤں اور شکایات کو فوری طور پر حل کرنے کے علاوہ سوشل آڈٹ گرام سبھاؤں میں باقاعدگی سے شرکت کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے فیلڈ کارکنوں کو ہدایت دی کہ وہ جاری کاموں کے معیار کی نگرانی کیلئے مقامات پر باقاعدہ موجودگی کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے متعلقہ افراد سے سالڈ ویسٹ منیجمنٹ اور دیہی صفائی کو مستحکم بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کو کہا ۔ رفعت نے منصوبے مرتب کرتے ہوئے منتخب نمائندوں ( سرپنچوں ، بی ڈی سی چئیر پرسن ، ڈی ڈی سی وغیرہ ) کو بورڈ میں لینے کا مطالبہ کیا اور بی ڈی اوز سے بھی قریبی ہم آہنگی برقرار رکھنے پر زور دیا ۔ میٹنگ میں منریگا ، پی ایم اے وائی اور دیگر سکیموں پر موضوع بحث کی گئی جس کے نفاذ کے عمل کو آسانی سے انجام دینے کیلئے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اے سی پی نے ضلع میں محکمہ کے ترقیاتی اور اجرت روز گار کے منصوبوں اور کاموں کا ایک جائیزہ دیا ۔ عوامی نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے رفعت نے ان کے مسائل اور خدشات کو حل کرنے کیلئے متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھانے کی یقین دہانی کرائی ۔
اسلامی اصولوں کی آبیاری کریں: مولانا قانونگو
خانقاہ معلی میں مفت طبی کیمپ
سرینگر// شاہ ہمدانؒ کے عرس پر خانقاہِ معلی میں بعد معمولات تا نماز عصر ایک سیرتی تقریب میں انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمد قانونگو نے اپنے خطاب میں کہاکہ آنجنابؒ نے کشمیر میں دین اسلام کی ترویج کے ساتھ ساتھ محبت اور انسانیت کا درس دیا اور حسن سلوک سے دعوت اسلام دے کر اخلاقی تعلیمات سے اہل کشمیر کو منور کیا۔ اس میں مبالغہ آمیزی نہیں ہے کہ حضرت شاہ ہمدانؒ کی خدمات اور انعامات پورے اقوام عالم میں ہماری منفرد شناخت ہے۔ غیر مسلموں کے ساتھ بطور ہمسائیگی بہتر سلوک کرنے کی ہدایت دی۔ یہی وجہ ہے کہ حضرت شاہ ہمدانؒ کی عقیدت کشمیر میں بلا مذہب و ملت سب کے دلوں میں موجود ہے اور حضرت شاہ ہمدان ؒ کا سب سے بڑا پیغام یہ ہے کہ اہل کشمیر کو ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہئے ۔ اگر شاہ ہمدانؒ کشمیر میں جبری قبول اسلام کرواتے تو کشمیر میں کوئی غیر مسلم نظر نہیں آتا۔ لہذا حضرت شاہ ہمدانؒ کے عرس پر خراج عقیدت یہی ہے کہ ہم انؒ کی نوازشات کی آبیاری کریں بلکہ ان میں ہمیشگی کا دوام بخشنے کاتہیہ کرینگے اور کشمیر کو بحیثیت اسلامی ریاست اور اس کے اصولوں کو حفاظت کرنے کا عہدکریں۔ ادھرجی آر بیگ میموریل ٹرسٹ کی جانب سے عرس شاہ ہمدان ؒ پر خانقاہ معلی سرینگر میں آستان عالیہ کے احاطے میں ایک مفتی طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں سکمز اور گورنمٹ میڈیکل کالج کے کئی ڈاکٹروں نے 300سے زائد مریضوں کا علاج و معالجہ کیا جبکہ مریضوں میں مفت ادویات بھی تقسیم کی گئیں ۔اس کیمپ میں مہمان خصوصی محمد سلیم بیگ سابق ڈائریکٹر جنرل ٹورازم ،چیئرمین انٹیک جے این کے چپٹر موجودرہے ۔ کیمپ میںٹرسٹ کے چیئرمین کے علاوہ متعدد دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔
روبوٹک سرجری سہولیات
کشمیر میں جلد جدید ترین انتظامات فراہم ہونگے
سرینگر //گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر میں شعبہ سرجری کی جانب سے روبوٹک سرجری پر منعقد کئے گئے 3روزانہ سمینار کا اختتام اس اُمید کے ساتھ کیا گیا ہے کہ کشمیر میں بھی روبوٹک سرجری کی سہولیات فراہم کی جائیں گی کیونکہ روبوٹک سرجری کے ضرورت مند مریضوں کو بیرون ریاستوں کا سفر کرنا پڑتا ہے۔ سہ روزہ سمینار میں سکمز صورہ، جی ایم سی اننت ناگ ، بارہمولہ اور وادی کے دیگر 130اداروں سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹروں نے حصہ لیا ۔مختلف شعبہ جات کے نمائندوں نے روبوٹک سرجری کی جانکاری حاصل کی اور اُمید ظاہر کی ہے کہ ربوٹک سرجری کی سہولیات جلد ی میڈیکل کالج سرینگر میں دستیاب ہوگی۔ ورکشاپ کی اختتامی تقریب پرپروفیسر ایم ایس کھورو، پرنسپل جی ایم سی سرینگر ڈاکٹر سامعہ رشید ، شعبہ سرجری کے سربرہ اور پروگرام کے آرگنائزنگ سیکریٹری ڈاکٹر مفتی محمود، شعبہ میڈیسن کے سربراہ ڈاکٹر تنویر مسعود، پروفیسر سلیم اقبال اور ماہر اطفال ڈاکٹر ظفر سلیم کھانڈے بھی موجود تھے۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر ایم ایس کھورو نے میڈیکل سائنسز میں جدید آلات کے استعمال پر زور دیا ۔ پرنسپل جی ایم سی سرینگر پروفیسر سامعہ رشید نے حاضرین کو بتایا کہ فورتھ جنریشن روبوٹک سرجری جلد جی ایم سی سرینگر پہنچ جائے گی۔ اس موقع پر پروفیسر مفتی محمود نے وادی میں مریضوں کیلئے ایسے آلات کی ضرورت پر زور دیا ۔ اس موقع پر ایجوکیشن یوٹیوب چینل بھی شروع کیا گیا جس کی دیکھ ریکھ شعبہ مڈیسن کررہا ہے۔ چینل کے ذریعے موجود اور آنے والے ڈاکٹروں کو تربیت اور جانکاری فراہم کرنے میں اہم رول ادا کرے گی۔
نتیش کمار بھرتی بورڈ کے ساتھ منسلک
سرینگر// سرکار نے انتظامیہ میں تقرریاں اور تبادلے عمل میں لائے۔ایک سرکاری حکم نامہ میں کہا گیا کہ انتظامیہ کے مفاد میں پرائیوٹ سیکریٹری(ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ کیڈر) نتیش کمار جو کہ محکمہ داخلہ میں اپنی تقرری کا انتظار کر رہے تھے کو جموں کشمیر سروس سلیکشن بورڈ کے چیئرمین ساتھ فوری طور پر منسلک کیا گیا۔
کووِڈ- 19گائیڈ لائنزکی خلاف ورزیاں
ساڑھے 7لاکھ روپے جرمانہ وصول
سرینگر//کورونا وائرس کی ودسری لہر کاتوڑ کرنے کیلئے پولیس کی کووِڈ گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مہم وادی بھر میں جاری ہے اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران6508افراد سے7لاکھ61ہزار220 روپے جرمانہ وصول کیا گیا جبکہ ایک ایف آئی آر بھی درج کیاگیا۔پولیس نے ایک بیان میں عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونارہنماخطوط کی ہرصورت میں پاسداری کرتے ہوئے لازمی طور ماسک پہنے اور سماجی دوریوں کا لحاظ رکھیں اور صفائی ستھرائی پردھیان دیں۔
پیپرماشی میں6 ماہ کا سرٹیفیکیٹ کورس
اورکرافٹ ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ میں معاہدہNCPUL
سرینگر//ہنرمندی کے فروغ کے سیکریٹری اور ڈائریکٹر کرافٹ ڈیولپمنٹ انسٹی چیوٹ سرینگر،ناظم ضیاخان اور ڈائریکٹر نیشنل کونسل فار پرموشن آف اردو لنگویج نئی دہلی پروفیسر عقیل احمدنے یہاں ایک معیاری عملیاتی طریقہ کار پر دستخط کئے تاکہ جموں کشمیرمیں نیشنل کونسل فار پرموشن آف اردو لنگویج کے پیپرماشی کے سرٹیفیکیٹ کورس کی عمل آور ی کوحتمی شکل دی جائے۔ اس اسکیم سے نہ صرف اردوزبان کو فروغ حاصل ہوگا بلکہ ملک میں ہنرمندوں کی فوج تیار ہوگی اور مرکزی حکومت کے ہنرمندی کے فروغ کے مشن کے مقصد کوحاصل کیاجائے۔اس موقعہ پراین سی پی یوایل کے ریسرچ افسرایس ایم خرم ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر این سی پی یوایل شمع کوثر،کرافٹ ڈیولپمنٹ انسٹی ٹیوٹ سرینگر کے فیکلٹی ممبران اوردیگر موجودتھے۔معیاری عملیاتی طریقہ کارپر دستخط دستکاریوں،بیداری میں اضافہ،علم،ہنراور مقامی نوجوانوں کوروزگار کے ذریعے اردوزبان کوفروغ دینے کاایک قدم ہے۔این سی پی یو ایل اسکیم کے تحت تین مقامات پر پیپرماشی میںچھ ماہ کا سرٹیفیکیٹ کورس شروع کرنے میںمعیاری عملیاتی طریقہ کاراہم ہے۔
گلمرگ میں مردہ ریچھ پایا گیا
ٹنگمرگ //مشتاق الحسن//گلمرگ میں ایک مردہ ریچھ کوپایا گیا۔سیاحتی مقام گلمرگ میں ایک مردہ ریچھ کو ذبح خانہ کے نزدیک پایاگیاجسے محکمہ جنگلی حیات نے اپنی تحویل میں لیا۔ادھر ٹنگمرگ کے لوگوں نے محکمہ جنگلی حیات کاکنٹرول روم ٹنگمرگ سے سوپور منتقل کرنے پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے اِسے ٹنگمرگ میں ہی رکھنے کا چیف وائلڈ لائف وارڈن سے مطالبہ کیا۔
کھونچی پورہ ٹنگمرگ میں آگ
رہاشی مکان خاکستر
مشتاق الحسن
ٹنگمرگ//کھونچی پورہ ٹنگمرگ میں سنیچر وار سہ پہر کو غلام احمد چوپان داماد عبدالاحد چوپان کے ایک منزلہ رہاشی مکان میں اچانک آگ نمودار ہوگئی جس نے مکان کو آناً فاناًاپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اگرچہ فائرسروس کو فوری طور مطلع کیا گیا تاہم فائرسروس کے پہنچنے تک رہائشی مکان مال اسباب سمیت خاکستر ہوگیا تھا۔معلوم ہوا ہے کہ اس مکان میں غلام احمد چوپان اور اس کے دو بیٹے الگ الگ رہائیش پذیر تھے اور اس طرح تینوں کنبے کھلے آسمان کے نیچے آگئے۔ادھر اپنی پارٹی کے سینئر لیڈر غلام حسن میر نے انتظامیہ سے متاثرین کے حق میں فوری طور امدادفراہم کرنے کا مطالبہ کیا ۔
تھیٹر آرٹسٹ لطیف عاشق
وہاب کلچرل سوسائٹی کا خراج عقیدت
سرینگر//وہاب کلچرل سوسائٹی حاجن کی طرف سے بدھ کو حاجن میں نامور تھیٹر آرٹسٹ مرحوم لطیف عاشق کی یاد میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب کی پہلی نشست کی صدارت ادبی مرکز کمراز کے صدر محمد امین بٹ نے کی جبکہ سب ڈویژنل مجسٹریٹ سوناواری ڈاکٹر بشیر احمد نے تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔معروف شاعر ثناء اللہ نیاز اور عبدالاحد حاجنی بھی ایوان صدارت میں موجود رہے۔سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر ریاض الحسن نے مہمانوں کا استقبال کیا جبکہ حلقہ ادب سوناواری کے صدر شاکر شفیع نے لطیف عاشق کی زندگی اور ادبی کارناموں پر مفصل روشنی ڈالی۔اسکے علاوہ ڈاکٹر عادل محی الدین نے عاشق مرحوم کی ڈراما نگاری پر ایک مقالہ پڑھا۔ ایوان صدارت میں موجود سبھی حضرات نے لطیف عاشق کو خراج عقیدت پیش کیا۔محمد امین بٹ نے عاشق کے ساتھ گزارے لمحات کو یاد کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ نشست میں تھیٹر اداکار نذیر جاوید کو کشمیری تھیٹر کے تئیں انکی خدمات کے صلہ میں ’’خلعت فردوسی ‘‘2021 پیش کیا گیا۔اسکے علاوہ اس سال MBBS کیلئے منتخب ہوئے حاجن کے چند نوجوانوں کی بھی عزت افزائی کی گئی۔دوسری نشست میں ایک مشاعرہ پیش کیا گیا جس کی صدارت حلقہ ادب سوناواری کے صدر شاکر شفیع نے کی جبکہ ڈاکٹر ریاض الحسن، ماسٹر عبد الحمید اور نذیر جاوید بھی ایوان صدارت میں موجود رہے۔مشاعرہ میں جن شعرا نے شرکت کی ان میں مسرور مظفر،نذیر بابا،،جاوید حاجنی ،منظور احمد منظور، مہتاب منظور ، مولوی ریاض اور شمیم رشید شامل ہیں۔
مظفر ایرج کے ایصال ثواب کیلئے تقریب
مختلف تنظیموں اور شخصیات کا خراج تحسین
سرینگر//نامور ادیب محمد مظفر نقشبندی المعروف مظفر ایرج کے ایصال ثواب کی تقریب نوگام سری نگر میں منعقد ہوئی جس میں سماج کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد ،تنظیموں اور شخصیات نے شرکت کی۔ موجودہ کووڈ صورت حال کے پیش نظر ایس او پیز کا لحاظ رکھتے ہوئے مرحوم کی دینی اور ادبی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ نامور سماجی شخصیت اعجاز احمد ککرو نے انکے حب رسولؐ کے بارے میںکہا کہ حب رسول اللہ ؐ کی پیاس میں مرحوم ماہانہ مجالس کا انعقاد و اہتمام کیا کرتے تھے۔ زیارت سید یعقوب صاحب سونہ وار کے امام محمد حسین قادری نے مرحوم کی دینی خدمات کو بہترین پیرائے میں ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم خود ایک انجمن تھے ۔حقانی میموریل ٹرسٹ کے جنرل سکریٹری بشیر احمدڈار نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں اردو ادب میں ایک خلا پیدا ہوا ہے ۔ سابق ٹریڈ یونین لیڈر اشتیاق قادری اور اسلامک ایجوکیشن ٹرسٹ کے سید مشتاق بخاری بھی تقریب میں شامل تھے۔ مجلس میں مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی گئی۔
شوپیان کی معروف شخصیت حکیم ملک احد اللہ انتقال کر گئے
شوپیان // ضلع شوپیان کی معروف شخصیت اور پچھلے 60سال سے ایور ویدک طرز علاج کے ماہر حکیم ملک احد اللہ مختصر علالت کے بعد اس دار فانی سے رحلت کر گئے ہیں۔انکا شمارضلع کی معروف شخصیات میں ہوتا تھا جنہوں نے ایورویدک طرز علاج کو زندہ رکھ کر ہزاروں کی تعداد میں مریضوں کو صحتیاب کیا۔انکی رحلت سے ضلع میں ایورویدک طرز علاج کا سنہری باب بھی ختم ہوگیا ہے۔انکی نماز جنازہ میں سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی اور انکے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔کووڈ کی وجہ سے کوئی اجتماعی فاتحہ خوانی نہیں ہوگی۔