مشکوک نقل و حرکت کے بعد پولیس کی تلاشی مہم
سمت بھارگو
راجوری //راجوری ضلع کے بال جرالاں گائوں میں مشکوک نقل و حرکت کی اطلاع ملنے کے بعد جموں وکشمیر پولیس کی جانب سے گائوں میں تلاشی مہم شروع کی گئی ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بال جرالاں گائوں کے مکینوں نے بتایا کہ انہوں نے 3افراد کو گائوں میں مشکوک حالت میں دیکھا جوکہ جنگلات کے قریب تھے جس کے بعد انہوں نے پولیس کو اس سلسلہ میں جانکاری فراہم کی ۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں جانکاری موصول ہونے کیساتھ ہی پولیس کی ایک ٹیم موقعہ پر پہنچی اور علاقہ میں تلاشی مہم شروع کر دی گئی ۔انہوں نے بتایا کہ سنیچر کی شام سے شروع کی گئی تلاشی مہم اتوار کی صبح بھی جاری تھی ۔
پہاڑی سے گر کرشہر ی لقمہ اجل
راجوری //راجوری کے کنڈی علاقہ میں ایک 45سالہ شہری پہاڑی سے گر کر لقمہ اجل بن گیا ۔مرنے والے کی شناخت حاکم دین ولد بشاہ سکنہ کنڈی کے طورپر ہوئی ہے ۔پولیس نے اس سلسلہ میں جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہاکہ 4دن قبل مذکورہ شہری ڈھوک میں اپنے مال مویشیوں کے ساتھ تھا تاہم اس دوران وہ ایک پہاڑی سے پھسل کر گہری کھائی میں جا گرا جس کی و جہ سے وہ شدید زخمی ہو گیا ۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ شہری کو اہل خانہ نے ہسپتال منتقل کیا جہاں سے اس کو گور نمنٹ میڈیکل کالج جموں ریفر کیا گیا جہاں پر اس کا اتوار کو انتقال ہو گیا۔
ڈرائیوروں کی لوٹ کھسوٹ سے مسافر پریشان
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی //سب ڈویژن کی مختلف رابطہ سڑکوں پر ڈرائیوروں کی جانب سے کی جارہی لوٹ کھسوٹ عروج پر ہے تاہم ابھی تک متعلقہ انتظامیہ کی جانب سے کوئی عملی کارروائی نہیں کی گئی ۔مسافروں نے بتایا کہ ڈرائیوروں کی جانب سے کووڈ کا فائدہ اٹھانے کی کوششیں کی جارہی ہیں لیکن انتظامیہ سے اپیلیں کرنے کے باوجود بھی کوئی عملی کارروائی نہیں کی جارہی ہے ۔غور طلب ہے کہ لاک ڈاؤن سے قبل جس علاقہ کا بس کرایہ بیس روپے ہوا کرتا تھا اب وہاں دوگناہ، کہیں جگہوں پر تین گناہ کرایہ وصولا جا رہا ہے۔بے بس عوام بے یار و مددگار انتظامیہ کی جانب انصاف کیلئے نظریں لگائے ہوئے ہیں لیکن اس سلسلے میں انہیں ابھی تک مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملا۔ اس سلسلے میں سول سوسائٹی تھنہ منڈی کا ایک وفد تحصیلدار تھنہ منڈی محمود ریاض خان سے ملاقی ہوا جس میں انہوں نے کرایہ سے متعلق آفیسر موصوف کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف کورونا کی وبا کے سبب غریب عوام کا جینا دوبھر ہو کر رہ گیا ہے اور بمشکل دو وقت کا کھانا نصیب ہو رہا ہے دوسری جانب ڈرائیوروں نے کھلے عام لوٹ مچائی ہوئی ہے اور ہر روٹ پر من مرضی کا کرایہ مقرر کیا گیا ہے۔اْنہوں نے کہا کہ تھنہ منڈی سے شوپیان تک ایک ہزار روپیہ وصولا جارہا ہے جبکہ تھنہ منڈی سے راجوری تک ایک سو روپیہ کرایہ لیا جارہا ہے۔ وفد نے تحصیل انتظامیہ اور ٹریفک حکام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو اِن لوٹ کھسوٹ کرنے والوں سے بچایا جائے۔اس اس سلسلے میں آر ٹی او راجوری کا کہنا ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر کڑی نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔ انھوں نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ جلد ہی اس سلسلے میں مکمل لائحہ مرتب کیا جائے اور تمام روٹوں کے لیے کرایہ طے کر دیا جائے گا جس سے عوام کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
دراج کی کمسن دوسرے روز بھی لاپتہ
محمد بشارت
کوٹرنکہ //سب ڈویژن کوٹرنکہ کی پنچایت دراج کی لاپتہ کمسن کی تلاشی دوسرے روز بھی جاری رہی تاہم آخری اطلاع ملنے کے بعد بھی کوئی سراغ نہیں مل سکا ۔غور طلب ہے کہ گزشتہ دونوں مذکورہ لڑکی گھر سے باہر نکلی تھی تاہم اس کے بعد اس کی کوئی جانکاری موصول نہیں ہوئی تاہم اہل خانہ نے بتایا کہ اس کو چیتے نے پکڑ لیا ہے جس کے بعد پولیس و دیگر سیکورٹی فورسز اور عام لوگوں کی جانب سے تلاشی مہم شروع کی گئی ہے لیکن اخری اطلاع موصول ہونے تک مذکورہ لڑکی بازیاب نہیں ہوئی تھی ۔
کوٹلی کالابن میں بجلی محکمہ کا پہیہ پوری طرح سے جام
لکڑی کے کھمبوں و سبز درختوں کے بغیر ترسیلی لائنیں مکمل نہیں ،صارفین پریشان
پرویز خان
منجا کوٹ //تحصیل منجا کوٹ کے دور افتادہ علا قہ کوٹلی کالابن میں محکمہ بجلی کی ناقص کارکر دگی کی وجہ سے صارفین کو معیاری سہولیات ہی دستیاب نہیں ہیں جبکہ محکمہ پوری سنجیدگی کیساتھ ماہانہ بل لوگوں کے گھر میں بھیج رہا ہے ۔صارفین نے محکمہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ بجلی کی ترسیلی لائنیں گھروں تک پہنچانے کیلئے درجنوں لکڑی کے کھمبوں اور سبز درختوں کا استعمال کیا گیا ہے جو کہ ان کیلئے خطرہ بھی بن چکے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت کی جانب سے صارفین کو بجلی کی معیاری سپلائی فراہم کرنے کیلئے کئی سکیمیں شروع کی ہوئی ہیں لیکن اس کے باوجود بھی پسماندہ دیہات میں متعلقہ محکمہ اور مقامی انتظامیہ عوا م کو معیاری سہولیات فراہم کرنے میں سنجیدہ نہیں ہیں ۔غور طلب ہے کہ کوٹلی اور کالابن کے متعدد محلہ جات میں بجلی سپلائی نظام پوری طرح سے غیر معیاری ہے لیکن متعلقہ محکمہ اور انتظامیہ صارفین کو جدید دور میں بھی بہتر نظام فراہم ہی نہیں کر سکا ۔صارفین نے محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ ملازمین بغیر میٹر کی جانچ کئے ان کے گھروں میں حالیہ کئی عرصہ سے فرضی بل بھیج رہے ہیں جبکہ کئی مرتبہ میٹر ریڈنگ کا مطالبہ کرنے کے باوجود بھی ضلع انتظامیہ ملازمین و محکمہ کو دہدایت جاری کرنے میں ناکام رہا ہے ۔مکینوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ دیہات میں بجلی کی معیاری سپلائی کیلئے متعلقہ محکمہ کو ہدایت جاری کی جائیں ۔